فیصل آباد کے صنعتی علاقے میں شدید بارش کے بعد فیکٹری میں کمرے کی چھت گرنے سے تین مزدور جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے صنعتی علاقے فیڈمک میں واقع فیکٹری میں کمرے کی چھت گرنے سے تین مزدور جاں بحق ہوگئے، بارش کا پانی جمع ہونے سے کچے کمرے کی چھت مسمار ہوئی۔
ریسکیو عملے نے بتایا فیڈمک میں واقع سیمنٹ کی چھتیں بنانے کی فیکٹری میں علی الصبح بارش کا پانی کھڑا ہونے سے کچے کمرے کی چھت گر گئی، کمرے میں موجود 4 مزدور ملبے کے نیچے دب گئے۔
ریسکیو عملے نے متاثرین کو نکالا تو 3 مزدور جاں بحق ہو چکے تھے جبکہ ساہیوال کا رہائشی مزدور رشید زخمی ہوا جسے الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو عملے کا مزید کہنا ہے کہ جاں بحق مزدوروں کی لاشیں پولیس کے حوالے کر دی گئیں جن میں رضوان جنوبی وزیرستان جبکہ واصف اور مصور کوٹ ادو کے رہائشی تھے۔