Tag: صنعتی پیداوار

  • پاکستانی صنعتوں کی پیداوار میں کمی آ گئی

    پاکستانی صنعتوں کی پیداوار میں کمی آ گئی

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 8 ماہ میں پاکستان کی بڑی صنعتی پیداوار میں 1.9 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا فروری بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی دیکھی گئی، فروری میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 3.51 فی صد کمی ہوئی۔

    جنوری کے مقابلے میں فروری میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.9 فی صد کمی ہوئی، چینی کی پیداوار میں 12.62 فی صد، کھاد 1.63 فی صد، سیمنٹ کی پیداوار میں 6.43 فی صد کمی آئی، لوہے اور فولاد کی صنعتوں کی پیداوار میں 11.7 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔


    الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے بڑا قدم، چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں 22 روپے فی یونٹ تک زبردست کمی


    دوسری طرف تمباکو کی پیداوار میں 19.8 فی صد اور ٹیکسٹائل کی پیداوار میں 1.78 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ملبوسات کی پیداوار میں 8.6 اور آٹو موبائل میں 43.3 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا فروری پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 4.56 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کی صنعتی پیداوار، جس میں مینوفیکچرنگ، کان کنی، اور بجلی جیسے شعبے شامل ہیں، میں عام طور پر اوسطاً 4.58 فی صد نمو ریکارڈ کی جاتی ہے۔ تاہم، حالیہ اعداد و شمار اس شعبے میں سست روی کی نشان دہی کرتے ہیں، 2025 کے اوائل میں صنعتی پیداوار میں کمی ہوئی اور 2024 کے مالی سال کے پہلے 9 مہینوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

    پاکستان میں اہم صنعتی شعبوں میں مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل، آٹوموٹیو، کان کنی، بجلی اور گیس، تعمیر، اور فوڈ پروسیسنگ شامل ہیں۔

  • کرونا وائرس: چین کی صنعتی پیداوار میں ریکارڈ کمی

    کرونا وائرس: چین کی صنعتی پیداوار میں ریکارڈ کمی

    بیجنگ: کرونا وائرس نے چین سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، کرونا وائرس کے باعث چین کی صنعتی پیداوار میں 30 برسوں بعد ریکارڈ کمی دیکھی گئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کے باعث چین کی صنعتی پیداوار میں گزشتہ 30 برسوں میں پہلی بار 13.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔ رواں سال جنوری اور فروری میں چین کی برآمدات 17.2 فیصد کم ہوئی ہیں جبکہ امریکا کے ساتھ تجارت سکڑ کر 40 فیصد تک رہ گئی ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق 30 سال قبل جنوری 1990 میں چین کی صنعتی پیداوار میں 21.1 فیصد کمی آئی تھی۔

    کرونا وائرس کے عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات ماہرین کے اندازوں سے کہیں زیادہ ہیں۔ چین نے حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے ملازمین کو فیکٹریوں اور دفاتر میں آنے سے روک دیا تھا جس کے باعث صنعتی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ خریداروں کو بھی باہر نکلنے کے بجائے گھروں تک محدود رہنے کا کہا گیا تھا۔

    چین کے قومی ادارہ برائے اعداد و شمار کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

    دوسری جانب چین میں فیکٹریز اور صنعتیں بند کیے جانے کے بعد فضائی و ماحولیاتی آلودگی میں بھی واضح کمی دیکھی گئی، چین اس وقت دنیا میں کاربن اور دیگر زہریلی گیسوں کا اخراج کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔

    ماہرین کے مطابق چین میں کاروبار معطل ہونے سے دنیا بھر کی فضائی آلودگی میں کمی دیکھی گئی ہے۔

    دوسری جانب چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 226 ہوچکی ہے۔ چین میں وائرس سے نمٹنے کے لیے بنائے تمام عارضی اسپتال بند کردیے گئے ہیں۔

  • صنعتی پیداوار یقینی بنانے کے لیے قیمتوں کے نظام کو مناسب اور مربوط بنایا جا رہا ہے، مشیرتجارت

    صنعتی پیداوار یقینی بنانے کے لیے قیمتوں کے نظام کو مناسب اور مربوط بنایا جا رہا ہے، مشیرتجارت

    لاہور: وزیراعظم پاکستان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ ملک میں صنعتی پیداوار بڑھانے کے لیے محصولات کے نطام کو موثر اور مناسب بنایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی مسابقت یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ چین نے ایک ارب ڈالر مالیت کی پاکستانی مصنوعات درآمد کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے جس کے لیے چینی اور چاول کے برآمدی اہداف مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ سوتی دھاگا چین برآمد کیا جا رہا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کے مشیر تجارت نے کہا کہ چین اپنے صنعتی یونٹ بھی پاکستان منتقل کررہا ہے۔

    چین کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدہ ہو چکا: مشیر تجارت

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 21 جون کو مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدہ ہوچکا، چینی کمپنی پاکستان میں ٹیکسٹائل کی مصنوعات تیار کرے گی۔ ایک چینی کمپنی ٹرک کے ٹائر کا پلانٹ لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    عبد الرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ آزادانہ تجارتی معاہدے کے معاملات جلد مکمل ہو جائیں گے، 15 جولائی کو چینی وزیر تجارت سے مذکرات کے لیے چین جاؤں گا۔