Tag: صوبائی وزیر اطلاعات

  • صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا ایم کیو ایم کو الیکشن لڑنے کا چیلنج

    صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا ایم کیو ایم کو الیکشن لڑنے کا چیلنج

    صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے ایم کیو ایم پر نفرت کی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان پر نفرت کی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنی مردہ سیاست جگانے کیلیے نفرت کی سیاست کرینگے تو اجازت نہیں دینگے۔

    سندھ کے وزیر اطلاعات نے ایم کیو ایم کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس مینڈیٹ ہے تو میں ابھی استعفیٰ دیتا ہوں اور وہ بھی دیں۔ دوبارہ الیکشن کرا لیتے ہیں، پتہ چل جائے گا کہ کس کے پاس مینڈیٹ ہے۔ ہر الیکشن میں پی پی کو پہلے سے زیادہ سیٹیں اور ووٹ ملے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم خود ہی شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات سے بھاگی تھی۔ وہ اب دوبارہ الیکشن لڑ لے، عوام کی سپورٹ ایم کیو ایم کے ساتھ ہے تو عوام فیصلہ کرینگے۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے چند دنوں سے سندھ حکومت کیخلاف مہم شروع کی گئی ہے اور ڈمپرز حادثات کو جواز بنا کر نفرت انگیز بیانات دیے جا رہے ہیں۔ ایم کیو ایم نے الزام لگایا کہ کراچی کا امن خراب ہو رہا ہے جب کہ وہ خود ماضی میں بد امنی کی سب سے بڑی ذمہ دار تھی۔ اب پھر وہ بھائی کو بھائی سے لڑانے کی کوشش کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کی ترقی کا حب کراچی کو سمجھا جاتا ہے۔ ہم کسی صورت کراچی میں بدامنی نہیں ہونے دیں گے۔ ایم کیو ایم کے دوستوں سے گزارش ہے کہ آپ کو احتجاج کرنا ہے تو وہ آپ کا آئینی حق ہے، لیکن تنقید برائے تنقید کی سیاست نہ کریں۔اس وقت پاکستان کیخلاف بیرونی سازشیں ہو رہی ہیں اور ہم سب نے ہی مل کر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

    پریس کانفرنس میں سندھ کے وزیر اطلاعات میں صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی اور صوبے بھر میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات بھی بتائیں اور چیلنج دیا کہ صحت کے حوالے سے جو پی پی نےکام کیے ہیں، اگر ایم کیو ایم سمیت کسی بھی سیاسی جماعت نے صحت کے لیے کوئی ایک کام کیا ہے تو بتائے۔

  • حالات کیسے بھی ہوں عوام کو ریلیف دیا جائے گا، شرجیل میمن

    حالات کیسے بھی ہوں عوام کو ریلیف دیا جائے گا، شرجیل میمن

    کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حالات کیسے بھی ہوں لوگوں کو ریلیف دیا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کو میڈیکل سہولیات فراہم کی ہیں، یونٹس گھر گھر اور محلے محلے بھیج کر علاج کر رہے ہیں، ملک میں اس وقت مہنگائی کا ایک طوفان چل رہا ہے۔

    شرجیل میمن نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا ہے، سندھ حکومت سوچ رہی ہے کس طرح عوام کو ریلیف فراہم کریں، عوام کو بنیادی طبی سہولیات اسپتال اور گھر پر مہیا کیا جارہا ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران بھی سندھ نے ریلیف کے کام کیے،  حالات کیسے بھی ہوں لوگوں کو ریلیف دیا جائےگا، سندھ بھر میں 21 لاکھ افراد کو گھر بنا کر دے رہے ہیں، خواتین کو  بھی مالکانہ حقوق فراہم کر رہے ہیں۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ خواتین کو امپاور کرنے کیلئے کہیں بھی کام نہیں ہورہا، صرف تنقید کی جاتی ہے، تنقید کرنے والوں کا مقصد صرف سیاست چمکانا ہے۔

    شرجیل میمن نے بتایا کہ تھرپارکر سے کوئلہ نکالا جارہا ہے جو بجلی بحران حل کر سکتا ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سستی بجلی کیلئے تھر سے کوئلہ نکال رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت نے اچھا کام کیا ہے تو اس کو سراہنا چاہیے، ہمارا جینا اور مرنا اسی ملک میں ہے، ہمیں بہت سی چیزیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

    شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ مسائل کو حل کرنے کیلئے سب کو ایک قوم بننا پڑےگا، بلاول بھٹو پورے پاکستان کو متحد ہونے کا نعرہ دے رہے ہیں، پوری دنیا میں پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر کرنا چاہیے۔

  • کراچی روشنیوں کا شہر نہیں رہا، کچرے کے انبار لگے ہیں: شوکت یوسفزئی

    کراچی روشنیوں کا شہر نہیں رہا، کچرے کے انبار لگے ہیں: شوکت یوسفزئی

    کراچی: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ کراچی روشنی کا شہر نہیں رہا، کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ سندھ کے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت اپنا بجٹ کہاں استعمال کر رہی ہے؟

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کراچی کے دورے کے موقع پر کہا کہ گندم اور آٹے کا بحران نہیں، صرف مافیا سرگرم تھا اس کو روکا ہے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ سندھ میں گندم کا بحران ان کی نالائقی ہے، کراچی روشنیوں کا شہر نہیں رہا، کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ سندھ کے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت اپنا بجٹ کہاں استعمال کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور مشکلات ہیں گھبرانا نہیں ہے۔ سیاسی مخالفین کے لیے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی فکر ہے تو یہاں آئیں باہر جا کر باتیں نہ کریں۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے دنیا کو بتایا بھارت کشیدگی پیدا کر رہا ہے، پاکستان امن چاہتا ہے کسی کی جنگ میں حصہ نہیں لے گا۔

    گزشتہ روز شوکت یوسفزئی نے آٹے کے بحران سے متعلق کہا تھا کہ ملک میں آٹے کا بحران ایک سازش کا حصہ ہے، ذخیرہ اندوز ملک میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنا چاہتے تھے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کی سازش ناکام بنا دی ہے، ذخیرہ اندوز مصنوعی بحران سے عوام میں بے چینی پھیلانا چاہتے تھے۔

  • حالات انتہائی خطرناک ہیں یہ عام جنگ نہیں ہوگی: شوکت یوسفزئی

    حالات انتہائی خطرناک ہیں یہ عام جنگ نہیں ہوگی: شوکت یوسفزئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کی توجہ اس خطے کی طرف ہے، حالات انتہائی خطرناک ہیں یہ عام جنگ نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ خطے کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ پوری دنیا کی توجہ اس خطے کی طرف ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ آگ کو بجھائے، حالات انتہائی خطرناک ہیں یہ عام جنگ نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم کی پوری کوشش ہے آگ بجھے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کا انتخاب مشاورت کے بعد کیا گیا۔ دیوانی مقدمات میں ترمیم لوگوں کی بہتری کے لیے ہے، وکلا برداری کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔

    شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ سپر فائن آٹا پنجاب سے آتا ہے اس لیے اس کی قیمت زیادہ ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان پہلے لیڈر ہیں جو کشمیر، اسلام اور مسلمانوں سے دہشت گردوں کا لیبل ہٹانے کے لیے سرگرم ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کی کوششوں کی وجہ سے دنیا نے تسلیم کیا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف بھارت کا مسئلہ نہیں ہے اور اس کو اب حل ہونا چاہیئے۔

  • نیب 50 کروڑ سے نیچے کسی پر ہاتھ نہیں ڈال سکے گی یہ تاثر غلط ہے: فیاض الحسن چوہان

    نیب 50 کروڑ سے نیچے کسی پر ہاتھ نہیں ڈال سکے گی یہ تاثر غلط ہے: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے نیب 50 کروڑ سے کم کی کرپشن پر کسی پر ہاتھ نہیں ڈال سکے گی اور 90 دن کا ریمانڈ نہیں لے سکے گی یہ تاثر غلط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی ہم نے ڈوبتی معیشت کو سہارا دیا، وزیر اعظم عمران خان نے دیوالیہ ہوتی معیشت کو سنبھالا۔

    انہوں نے کہا کہ مراد سعید اور شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس نے ہر چیز کلیئر کردی، نیب 50 کروڑ سے نیچے کسی پر ہاتھ نہیں ڈال سکے گی یہ تاثر غلط ہے۔ آرڈیننس سے نیب 90 دن کا ریمانڈ نہیں لے سکے گی یہ بھی جھوٹ ہے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اب پرائیویٹ ادارہ یا شخص نیب دائرے میں نہیں آئے گا یہ بھی جھوٹ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو وزیر اعظم کی ہر بات پر تنقید کرتے ہیں، مریم اورنگزیب نے بھی ہر حال میں عمران خان کی مخالفت کرنی ہے۔ عمران خان جو بھی بات کریں انہوں نے مخالفت ہی کرنی ہے۔

  • فنڈز کی مانیٹرنگ کے لیے چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے: شوکت یوسفزئی

    فنڈز کی مانیٹرنگ کے لیے چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے: شوکت یوسفزئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے، 5 رکنی کمیشن فنڈ اکٹھا کرنے سے متعلق مانیٹرنگ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام غریب افراد کے لیے ہے، قدرتی آفات کے بعد بحالی و مدد احساس پروگرام میں شامل ہے۔

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ احساس پروگرام میں 134 منصوبے شامل ہیں۔ منصوبوں میں وفاق، صوبائی حکومت اور دیگر فریقین معاونت کریں گے، احساس پروگرام کے تحت ڈیجیٹل پیمنٹ کا طریقہ اپنایا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 120 لنگر خانے ملک بھر میں کام کر رہے ہیں، 80 ہزار افراد کو بلا سود قرض فراہم کیے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر نے بتایا کہ بارشوں کے باعث 34 فیصد فصلوں کو نقصان پہنچا، 25 ہزار ٹن گندم خیبر پختونخوا پہنچ چکی ہے۔ صوبے کو 4.65 ملین ٹن گندم درکار ہوتی ہے۔ 3.46 ملین ٹن شارٹ فال ہے جو مختلف ذرائع سے پورا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چیریٹی کمیشن سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں قائم کر دیا گیا ہے، 5 رکنی کمیشن فنڈ اکٹھا کرنے سے متعلق مانیٹرنگ کرے گا۔

    شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بونیر میں ریسکیو 1122 کے دفاتر کی منظوری دی گئی۔ ضم شدہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے انصاف روزگار اسکیم شروع کی جارہی ہے۔ پختونخوا میں ڈینگی کا دیگر صوبوں کے مقابلے میں زور کم رہا۔ کابینہ اجلاس میں کہا گیا صوبے میں ڈینگی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

  • مشکلات کے باوجود حکومت کی ایک سالہ کارکردگی لائق تحسین ہے‘ اسلم اقبال

    مشکلات کے باوجود حکومت کی ایک سالہ کارکردگی لائق تحسین ہے‘ اسلم اقبال

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پرعمل پیرا ہے اور کرپشن کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بھی بارآور ثابت ہو رہے ہیں-

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو جب اقتدار ملا تو ملک شدید معاشی بحران سے دوچار تھا- سابق حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن نے قومی معیشت کا جنازہ نکال دیا تھا-

    انہوں نے کہا کہ حکومت کا وفاق اور پنجاب میں پہلا سال چیلنجز سے بھرپور تھا، مشکلات کے باوجود حکومت کی کارکردگی لائق تحسین رہی ہے-

    میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ہم نے ایک سال میں عوام کی فلاح کے لیے ایسے کام کیے جو سابق حکمران برسوں میں نہ کرسکے-

    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اہم شعبوں میں حقیقی ترقی کی طرف سفر شروع کردیا گیا ہے، عوام کو شوبازیوں کی بجائے صحیح معنوں میں سہولتیں مل رہی ہیں-

    انہوں نے کہا کہ حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پرعمل پیرا ہے اور کرپشن کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بھی بارآور ثابت ہو رہے ہیں-

    میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صوبے میں میرٹ کو فروغ دیا گیا ہے اور اقربا پروری کا خاتمہ کردیا گیا ہے- وسائل من مانے منصوبوں کی بجائے عوامی فلاح پر خرچ ہورہے ہیں، تعلیم ، صحت اورسماجی شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے-

    وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ عمران خان اور ان کی ٹیم ملکی وسائل کی بچت یقینی بنا رہی ہے اور بچائے گئے وسائل بھی عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر صرف کیے جا رہے ہیں-

  • فضل الرحمان جیل جائیں اور مشاورت کرلیں حکومت کیسے گرانی ہے، شوکت یوسفزئی

    فضل الرحمان جیل جائیں اور مشاورت کرلیں حکومت کیسے گرانی ہے، شوکت یوسفزئی

    پشاور: صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ فضل الرحمان کو شوق ہے تو وہ بھی جیل جائیں، جیل میں مشاورت کرلیں حکومت کیسے گرانی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کابینہ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتے ہیں ملک تباہ کردیا، شرم ان لوگوں کو نہیں آتی ہے، ن لیگ اور پی پی ایک دوسرے کو سچ کہتی تھیں کہ آپ چور ہیں۔

    شوکت یوسفزئی ہے کہا کہ جن کیسز میں یہ جیل گئے یہ کیس ہم نے نہیں بنائے، کرپشن کے خلاف ہیں، احتساب کا عمل جاری رہے گا، کرپشن کے خلاف کمیشن بننا چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ 15 روز میں شاپنگ بیگز مارکیٹ سے ہٹانے کی منظوری دے دی گئی ہے، 15 روز بعد پلاسٹک شاپنگ بیگز پر کارروائی ہوگی، کسی کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی۔

    مزید پڑھیں: قوم نوافل ادا کرے کہ بڑے مگرمچھ گرفتار ہو رہے ہیں: شوکت یوسفزئی

    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر مختلف ممالک میں مختلف ہے، ریٹائرمنٹ کی عمر 63 سال کرنے کی منظوری دی گئی ہے، پاکستان میں ہر سال 10 ہزار لوگ ریٹائر ہوتے ہیں، ریٹائرمنٹ کی عمر زیادہ کرنے سے ہر سال کئی ملین بچت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ کابینہ میٹنگ میں میر علی بازار کے متاثرہ دکانداروں کے لیے خصوصی پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ قوم نوافل ادا کرے کہ بڑے بڑے مگرمچھ گرفتار ہورہے ہیں، آصف زرداری کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، قوم کو سمجھ آچکی ہے اپوزیشن تحریک کیوں کررہی تھی۔

  • خیبرپختونخوا میں پلاسٹک شاپنگ بیگ پر پابندی عائد

    خیبرپختونخوا میں پلاسٹک شاپنگ بیگ پر پابندی عائد

    پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی نے صوبہ بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کو صاف رکھنے کے لیے وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے منفرد اقدام کرتے ہوئے صوبہ بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے استعمال اور فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔

    شوکت یوسف زئی کے مطابق تمام ڈی سیز کو دفعہ 144 لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ قانون بناچکے ہیں اب عمل درآمد ہوگا، پابندی کا مقصد شہر کو صاف رکھنا ہے۔

    وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ پلاسٹک شاپنگ بیگ کی فروخت پر کم سے کم 50 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 50 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

    شوکت یوسف زئی نے کہا کہ جرمانے کی ادائیگی کے باوجود دوبارہ خلاف ورزی پر دو سال قید کی سزا بھی بھگتنی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: پلاسٹک بیگز کی فروخت کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا

    واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں بھی پشاور میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے اندر قائم تمام شاپنگ مالز کو سات دنوں کے اندر اور میڈیکل اسٹوروں کو پندرہ دنوں میں موجودہ اسٹاک ختم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    ڈپٹی کمشنر پشاور کا کہنا تھا کہ پلاسٹک شاپنگ بیگ کے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی بڑھتی جارہی ہے، سیوریج کے نالے بند ہوکر گندہ پانی باہر سڑکوں اور گلیوں میں آجاتا ہے جو نہ صرف شہر کی خوبصورتی پر اثر انداز ہوتا ہے بلکہ مختلف بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہوتا ہے۔

  • پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس: شوکت یوسف زئی کی گرفتاری کا حکم واپس

    پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس: شوکت یوسف زئی کی گرفتاری کا حکم واپس

    اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سرکاری چینل اور پارلیمنٹ ہاؤس حملہ کیس میں نامزد تحریک انصاف کے صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی جج کوثر عباس کے روبرو پیش ہوئے۔

    خیبرپختونخواہ کے وزیراطلاعات نے عدالت کو آئندہ سماعت پر پیشی کی یقین دہانی کراتے ہوئے استدعا کی کہ پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کی یقین دہانی پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی۔

    مزید پڑھیں: پی ٹی وی اورپارلیمنٹ حملہ کیس، وزیراطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 2014 میں ہونے والے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں غیر حاضری پر  صوبائی وزیر سمیت تحریک انصاف کے 26 کارکنان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    ایک روز قبل ہونے والی سماعت پر عدالت نے پولیس کو صوبائی وزیر کی پیشی کو ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔

    دوسری جانب عدالت نے شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین ، اسد عمر اور شفقت محمود نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جس کے بعد عدالت نے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں تھیں۔

    واضح رہے کہ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ مل کر 126 دن کا دھرنا دیا تھا، دھرنے کے دوران پی ٹی وی کے دفتر اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس: صدرپاکستان کی جانب سےبریت کی درخواست دائر

    بعد ازاں عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں پر 2014 کے دھرنے کے دوران 4 مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں پی ٹی وی کے دفتر، پارلیمنٹ اور ایس ایس پی تشدد سمیت لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ شامل تھا۔

    سنہ 2014 میں تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران عمران خان اور تحریکِ انصاف کے رہنماء عارف علوی کی مبینہ ٹیلیفونک گفتگو منظرِ عام پر آ ئی تھی ‘ جس میں عمران خان مبینہ طور پر حملہ کرنے کا کہہ رہے تھے۔