Tag: صوفیہ کیف

  • سی ایم ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانا قابل افسوس ہے: اجمل وزیر

    سی ایم ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانا قابل افسوس ہے: اجمل وزیر

    پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے پی میں پشتو گلوکارہ کے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے عمل کو قابل افسوس قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اجمل وزیر نے پشتو گلوکارہ صوفیہ کیف کی ٹک ٹاک ویڈیو پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سستی شہرت کے لیے اس طرح کی ویڈیوز بنائی جاتی ہیں، یہ قابل افسوس ہے، سی ایم ہاؤس کے لان میں نجی ٹی وی نے پروگرام کی اجازت لی تھی۔

    مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بنائی گئی ویڈیو کو متنازعہ بنا کر پیش کرنا پیشہ ورانہ خیانت ہے، صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ ہاٶس کو پبلک پراپرٹی سمجھتے ہوئے اس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشروط سرگرمیوں کی اجازت دی تھی۔

    پشتو گلوکارہ کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو وائرل

    ان کا کہنا تھا کہ سی ایم ہاؤس کے اندر نجی چینل کے نئے پشتو چینل کی لانچنگ کا پروگرام تھا، وزیر اعلیٰ خود یہاں مقیم نہیں ہیں، پروگرام میں بہت سے اداکاروں نے لائیو پرفارمنس کی ہے، ہال میں پریس کانفرنس ہوتی ہے، دیگر پروگرام بھی ہوتے ہیں۔

    اجمل وزیر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ لان سے پیوست ہال شریک فن کار اپنی تیاری کے لیے استعمال کر رہے تھے، کسی ایک فن کار کا ہال میں تیاری کے موقع پر ویڈیو کو بہ طور اسکینڈل پیش کرنا غیر اخلاقی ہے۔ سیاحت و ثقافت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو متنازعہ نہ بنایا جائے، پشتو چینل کی لانچنگ کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے لان کو استعمال کرنے کی اجازت لی گئی تھی، تقریب میں حکومتی شخصیات، سینئر صحافیوں، فن کاروں اور سول سوسائٹی سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگ شریک ہوئے.

  • پشتو گلوکارہ کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو وائرل

    پشتو گلوکارہ کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو وائرل

    پشاور: نامور پشتو گلوکارہ صوفیہ کیف کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق حریم شاہ کے بعد معروف پشتو گلوکارہ صوفیہ کیف کی وزیراعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخواہ میں ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہوگئی۔ صوفیہ کیف کی جانب سے ٹک ٹاک پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے عملے نے گلوکارہ کا استقبال بھی کیا۔

    پشتو گلوکارہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں نجی ٹی وی کی تقریب میں گئی تھیں، تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس کے لان میں منعقد ہوئی تھی تاہم صوفیہ کیف کی جو ویڈیو وائرل ہوئی ہیں وہ جرگہ ہال کی ہیں جو لان سے متصل ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں وزارت خارجہ کے اہم ترین کمیٹی روم میں خاتون کی ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ویڈیو حریم شاہ نے وزارت خارجہ کے اہم بورڈ روم میں صدارتی چیئر پر بیٹھ کر بنائی تھی۔

    وزیراعظم ہاؤس کا وزارت خارجہ میں خاتون کی ٹک ٹاک ویڈیو کا نوٹس

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم آفس نے وزارت خارجہ میں خاتون کے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا نوٹس لیا تھا۔

    بعدازاں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کے اندر کسی متعلقہ شخص نے نہیں روکا، حکمرانوں سے ملنا ہمارا حق ہے۔