Tag: صومالیہ

  • صومالیہ میں ملٹری ہیلی کاپٹر کریش کر گیا، متعدد ہلاک

    صومالیہ میں ملٹری ہیلی کاپٹر کریش کر گیا، متعدد ہلاک

    صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں آدن اَدی انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر افریقی یونین کے ایک ملٹری ہیلی کاپٹر حادثے میں 5 اہلکار ہلاک اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملٹری ہیلی کاپٹر نے بالی ڈوگل ایئرفیلڈ سے پرواز بھری تھی اور لینڈنگ سے کچھ لمحے قبل انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کریش کرگیا۔

    رپورٹس کے مطابق اس دوران زوردار دھماکے ہوئے اور شدید آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ جس کے باعث قریبی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں، زخمیوں میں پائلٹ، معاون پائلٹ اور ایک انجینیئر شامل ہیں۔

    صومالیہ کے بدقسمت ہیلی کاپٹر میں 8 افراد موجود تھے جن میں 5 ہلاک ہوگئے جب کہ تین زخمیوں کو شدید جلنے کے زخم اور دیگر چوٹیں آئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    صومالی فوج کے ترجمان کے مطابق حادثے کے باعث ہیلی کاپٹر میں موجود گولہ بارود پھٹ گیا تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ گولہ بارود کس قسم کا اور کتنا تھا۔

    اس سے قبل بھارتی شہر دھرادون سے کیدارناتھ جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا حادثے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریاست اتراکھنڈ اتراکھنڈ کے دارالحکومت دھرادون سے کیدارناتھ گپت کاشی جانے والا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا، ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت 7 افراد سوار تھے جو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    سری لنکا میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 افسران ہلاک

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے گھنے جنگل سے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ڈھونڈ لیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہوا، ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق اتراکھنڈ، اترپردیش، مہاراشٹر اور گجرات سے تھا۔

  • صومالیہ نے ٹرمپ کا منصوبہ مسترد کر دیا

    صومالیہ نے ٹرمپ کا منصوبہ مسترد کر دیا

    موغادیشو: صومالیہ نے امریکا کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہل غزہ کو اپنے ہاں آباد کرنے کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق افریقی ملک صومالیہ کے وزیر خارجہ نے جمعہ کو کہا کہ صومالیہ کسی بھی ایسی تجویز کو مسترد کرتا ہے جس سے فلسطینی عوام کے ان کی آبائی سرزمین پر پرامن طریقے سے رہنے کے حق کو نقصان پہنچے۔

    احمد معلم فقی کا کہنا تھا کہ صومالیہ کسی ایسے منصوبے کو مسترد کرتا ہے جس میں اس کی سرزمین کو دوسری آبادیوں کی آباد کاری کے لیے استعمال ہو۔

    صومالیہ اور اس کے الگ ہونے والے علاقے صومالی لینڈ کے وزرائے خارجہ نے جعمہ کو کہا انھیں امریکا یا اسرائیل کی طرف سے ایسی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی ہے جس میں غزہ کی آبادی کی ان کے ہاں منتقلی کی تجویزدی گئی ہو، وزرائے خارجہ نے کہا کہ موغادیشو نے واضح طور پر اس طرح کے کسی بھی اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔


    امریکا اور اسرائیل کی نئی چال، فلسطینیوں کو افریقا میں بسانے کی تیاری


    واضح رہے کہ متعدد امریکی اور اسرائیلی حکام نے یہ انکشاف کیا تھا کہ امریکا اور اسرائیل نے 3 مشرقی افریقی ممالک کے حکام سے رابطہ کیا ہے تاکہ ان سے غزہ کے فلسطینیوں کو ان کے ہاں آباد کرنے کے لیے بات کی جائے۔

    ایسوسی ایٹڈ پریس نے امریکی اور اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ ان کی حکومتوں نے سوڈان، صومالیہ اور صومالی لینڈ کے حکام سے رابطہ کیا ہے۔ تاہم روئٹرز کے مطابق صومالی وزیر خارجہ احمد معلم فقی نے ایسی کسی بھی تجویز کو یکسر مسترد کیا، جب کہ صومالی لینڈ کے وزیر خارجہ عبد الرحمن ظاہر ادان نے کہا ہے کہ مجھے اس حوالے سے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی فلسطینیوں کے حوالے سے کسی سے کوئی بات چیت ہوئی ہے۔

    خیال رہے کہ ٹرمپ نے غزہ کے فلسطینیوں کی بے دخلی کا منصوبہ پیش کیا تھا جس پر عرب اور بین الاقوامی سطح پر بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی۔ حالیہ دنوں امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے اس منصوبے سے دست برداری اختیار کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ غزہ کے فلسطینیوں کو کوئی بھی غزہ چھوڑنے پر مجبور نہیں کرے گا۔

  • صومالیہ کے ساحل پر خودکش حملے میں 32 ہلاک، متعدد زخمی

    صومالیہ کے ساحل پر خودکش حملے میں 32 ہلاک، متعدد زخمی

    صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ساحلی تفریحی مقام پر خودکش حملے کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خودکش حملے میں ساحل پر موجود 32 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ ہلاکتوں کے بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 5 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جبکہ چھٹے نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، القاعدہ سے منسلک مسلح گروپ الشباب نے ساحل پر حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔

    دوسری جانب بھارت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 250 سے تجاوز کرگئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی پھیلا دی، مختلف حادثات میں ڈھائی سو افراد سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کیرالہ کے 2 گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے، صوبہ بھر میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا جب کہ 225 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

  • صومالیہ میں نماز پڑھتے ہوئے فوجیوں پر فائرنگ، 5 ہلاک

    صومالیہ میں نماز پڑھتے ہوئے فوجیوں پر فائرنگ، 5 ہلاک

    افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں 10 فروری کے روز ایک فوجی اڈے کو دہشت گردوں نے ٹارگٹ کیا، جس کے باعث کم از کم پانچ فوجی جان سے گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یو اے ای کی وزارت دفاع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس کی مسلح افواج کے تین ارکان اور ایک بحرینی افسر اس حملے میں مارے گئے ہیں، وہ لوگ صومالی مسلح افواج کو تربیت دینے کے لیے وہاں موجود تھے۔

    متحدہ عرب امارات کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں کچھ فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہے اور صورتحال کا تعین کرنے کے لیے صومالی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ جبکہ حملے سے متعلق مزید تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں۔

    ایک افسر نے رائٹرز کو بتایا کہ حملہ آور ایک نیا تربیت یافتہ صومالی فوجی تھا جس کو یو اے ای کے زیر انتظام گورڈن نامی فوجی اڈے پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

    رات بھر رفح پر اسرائیلی فضائی و سمندری حملے، 63 فلسطینی شہید

    اس افسر کا کہنا تھا کہ فوجی نے اماراتی ٹرینرز اور صومالی فوج کے اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ نماز ادا کررہے تھے، حملے میں چار اہلکار زخمی جب کہ 5 فوجی ہلاک ہوگئے۔

  • صومالیہ میں سیلاب نے تباہی مچادی، درجنوں ہلاک، لاکھوں بے گھر

    صومالیہ میں سیلاب نے تباہی مچادی، درجنوں ہلاک، لاکھوں بے گھر

    صومالیہ میں آنے والے بدترین سیلاب نے مچادی، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے، جبکہ لاکھوں افراد کے بے گھر ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ افریقا کے ملک صومالیہ میں حال ہی میں آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق قدرتی آفت کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں جبکہ فصلیں بھی تباہ ہوچکی ہیں، جس سے ملک میں خوراک کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک اور قدرتی آفت نے افریقا کے مختلف علاقوں کو آن گھیرا ہے، جس کے باعث نظام زندگی بری طرح تباہ ہوگیا ہے۔

    حکومت کے مطابق سیلاب کی وجہ سے 2 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں اور سیلاب سے تقریباً 100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ سال کے اپریل تک صومالیہ میں ایسی ہی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    ’ممبئی ایئرپورٹ کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دینے والا ملزم گرفتار‘

    سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر زرعی زمین تباہ ہوچکی ہے اور متعدد پل سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں، حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی صومالیہ میں ریاستی ایمرجنسی نافذ کردی تھی اور بتایا جارہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے 7 لاکھ لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔

  • موغادیشو میں کار بم دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 100 ہو گئی

    موغادیشو میں کار بم دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 100 ہو گئی

    موغادیشو: صومالیہ میں بم دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 100 ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں وزارت تعلیم کی عمارت کے پاس کار بم دھماکے کیے گئے تھے، جس میں اب تک سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    صومالی صدر حسن شیخ محمد نے کہا ہے کہ ملک کے دارالحکومت موغادیشو میں دو کار بم دھماکوں میں کم از کم سو افراد ہلاک اور 300 زخمی ہو گئے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق حسن شیخ محمد نے ان حملوں کے لیے الشباب مسلح گروپ کو ذمہ دار ٹھہرایا اور اتوار کو صحافیوں کو بتایا کہ دھماکوں سے مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

    صومالی صدر کے مطابق ہلاک شدگان میں وہ مائیں بھی شامل ہیں جن کی گودوں میں بچے موجود تھے، دیگر ہلاک شدگان میں طلبہ، کاروباری افراد اور بوڑھے بھی شامل ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ ہفتے کے روز ہونے والے حملے میں صومالی وزارت تعلیم اور ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جو مصروف سوبے انٹرسیکشن پر واقع ہے۔ پولیس کے ترجمان صادق دودیشے نے صحافیوں کو بتایا کہ حملے میں خواتین، بچے اور بوڑھے مارے گئے ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی سونا نے کہا کہ آزاد صحافی محمد عیسیٰ کونا بھی بم دھماکوں کا نشانہ بنے۔

    جنوبی کوریا: ہیلووین تقریب میں بھگدڑ سے ہلاک افراد کی تعداد 151 ہوگئی

    پولیس افسر نور فرح نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ پہلا دھماکا وزارت میں ہوا؛ اور پھر دوسرا دھماکا اس وقت ہوا جب ایمبولینسیں پہنچیں اور لوگ متاثرین کی مدد کے لیے جمع ہوئے۔

  • صومالیہ میں کار بم دھماکا، 9 افراد ہلاک، الشباب گروپ نے ذمہ داری قبول کر لی

    صومالیہ میں کار بم دھماکا، 9 افراد ہلاک، الشباب گروپ نے ذمہ داری قبول کر لی

    موغادیشو: صومالیہ میں الشباب گروپ کے دہشت گردوں نے بارود سے بھری کار ہوٹل کے گیٹ سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز افریقی ملک صومالیہ کے ایک ہوٹل میں کار بم دھماکے کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں نو افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے۔

    دہشت گردوں نے بارود سے بھری کار بندرگاہی شہر کسمایو ہوٹل کے مین گیٹ سے ٹکرا دی، فائرنگ کے تبادلے کے دوران صومالیہ کی سیکیورٹی فورسز نے تمام دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دیا۔

    القاعدہ سے منسلک الشباب گروپ نے ہوٹل پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق جُبالینڈ کے سیکیورٹی وزیر یوسف حسین دھومل نے کہا کہ سیکیورٹی اہل کاروں نے تین حملہ آوروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا، جب کہ چوتھا بم دھماکے میں مارا گیا، دھماکے میں طلبہ اور عام شہریوں سمیت نو افراد ہلاک جب کہ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔

    جس ہوٹل میں دھماکا ہوا وہ ایک اسکول کے قریب تھا، جس کی وجہ سے بہت سے طلبہ بھی زخمی ہوئے تھے۔ دارالحکومت موغادیشو اور وسطی صومالیہ کو نشانہ بنانے والی القاعدہ سے منسلک تنظیم کے خونی حملوں کا نشانہ بننے والا یہ تازہ ترین شہر ہے۔

  • صومالیہ میں شہریوں پر حملہ، 20 ہلاک، خوراک کے ٹرک تباہ

    صومالیہ میں شہریوں پر حملہ، 20 ہلاک، خوراک کے ٹرک تباہ

    موغادیشو: افریقی ملک صومالیہ میں جنگجوؤں کے حملے میں 20 شہری ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح گروپ نے وسطی صومالیہ کی ریاست ہرشابیل میں حملہ کر کے بیس افراد کو ہلاک کر دیا، مسلح گروپ نے خوراک سے لدے متعدد ٹرکوں کو بھی تباہ کر دیا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹرک بلاد وین شہر سے مہاس قصبے تک کھانے کا سامان لے کر جا رہے تھے، جنگ جوؤں نے مہاس کو امدادی خوراک لے جانے والے ٹرکوں کو جلا دیا اور گاڑیوں میں سوار لوگوں کو قتل کر دیا۔

    جنگ جوؤں کا یہ گروپ اکثر فوجی اور شہری دونوں اہداف پر بم دھماکے اور اسلحے سے حملے کرتا ہے، گزشتہ ماہ بھی ایک حملے میں جنگجوؤں نے موغادیشو کے حیات ہوٹل پر دھاوا بولا تھا، جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    گزشتہ روز کے حملے میں ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، صومالیہ کی سرکاری نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ یہ حملہ القاعدہ سے جڑے دہشت گردوں نے کیا، الشباب نے ایک بیان میں کہا حملے میں اس قبیلے کے افراد کو نشانہ بنایا گیا جنھوں نے گروپ کے خلاف حکومتی فورسز کی کارروائی میں مدد کی تھی۔

    ہیران کے گورنر نے ایک بیان میں کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

  • صومالیہ: خود کش دھماکے میں، میئر سمیت 20 ہلاک

    صومالیہ: خود کش دھماکے میں، میئر سمیت 20 ہلاک

    موغادیشو: صومالیہ میں ایک خود کش دھماکے میں 20 ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک صومالیہ میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں بیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

    صومالی حکام کا کہنا ہے کہ زیریں شبیل کے علاقے میں بدھ کو ہونے والے 2 دھماکوں میں علاقے کے دارالحکومت کے میئر سمیت کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    شدت پسند تنظیم الشباب نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

    پہلا حملہ خود کش تھا جس میں صومالیہ کے زیریں شبیل علاقے کے دارالحکومت مرکا قصبے میں اہل کاروں کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں قصبے کے میئر عبداللہ علی وافو اور میئر کے مشیروں سمیت 12 دیگر افراد ہلاک ہوئے۔

    بدھ کو ایک دوسرے واقعے میں، افگوئے قصبے میں مویشیوں کی ایک مصروف منڈی میں بم کا دھماکہ ہوا، پولیس کا کہنا تھا کہ یہ ایک بارودی سرنگ کا دھماکا تھا، جس میں 7 افراد ہلاک ہوئے۔

    اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں، جنوب مغربی ریاست کے صدر عبدالعزیز حسن محمد نے الشباب اور خودکش حملہ آور کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خود کش حملہ آور مسلمان نہیں ہو سکتا جس نے صومالی عوام کو مارا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ خود کش بمبار آج صومالیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں، جلد یہ پڑوسی ممالک میں دھماکے کریں گے، اس لیے ہمیں مل کر ان دہشت گردوں کے خلاف اقدامات کرنے ہوں گے۔

  • صومالیہ میں‌ زندگی سسک رہی ہے!

    صومالیہ میں‌ زندگی سسک رہی ہے!

    سوویت یونین کی شکست و ریخت کے بعد دنیا بھر میں پھیلے ہوئے کمیونزم کے تارو پود بکھرے تو اس عمل سے صومالیہ بھی متاثر ہوا جو افریقہ کا ایک مسلمان ملک ہے۔

    اس ملک کے حالات پر ایک نظر ڈالیں‌ تو معلوم ہو گا کہ ہمارے پڑوسی افغانستان کی طرح صومالیہ کا معاشرہ بھی قبائلی طرز کا ہے جس میں باہمی کشمکش اور اختلافات بسا اوقات وہ شدت اختیار کر جاتے ہیں کہ خانہ جنگی کی صورت پیدا ہو جاتی ہے۔ یہاں بھی اسلحہ عام ہے۔ قبائل میں بچے بچے ہتھیاروں سے واقف اور ان کو چلانا جانتے ہیں۔ اکثر ان کے مسلح گروپ آپس میں برسرِ پیکار رہتے ہیں۔ عورتوں کے حوالے سے سخت گیر اور روایتی سوچ کے حامل اس معاشرے میں غیرت کے نام پر قتل عام بات ہے۔ یہ معاشرہ ہر قسم کے جبر اور استحصال کو عورت کی حد تک جائز اور اپنا حق تصور کرتا ہے۔ غربت اور بدحالی نے یہاں‌ بھوک بانٹی تو افراتفری اور انتشار نے انھیں‌ آپس میں‌ ایسا الجھایا کہ آج تک قبائل اس سے باہر نہیں‌ نکل سکے۔ لوٹ مار اور ہر قسم کی کرپشن یہاں‌ عام ہے۔

    صومالیہ غلامی کے دور میں تین حصوں میں تقسیم تھا۔ ایک پر برطانیہ کی عمل داری تھی، دوسرا حصہ فرانس اور تیسرے پر اٹلی کا راج تھا۔ صومالیہ کا اکثر علاقہ بنجر ہے، کچھ حصہ کاشت کے لائق ہے۔

    صومالیہ نے بدترین دور دیکھا اور ایک عرصے تک خانہ جنگی نے اسے تباہ و برباد کیے رکھا۔ آسمانی آفات اور قحط سالی ایک الگ مسئلہ ہے جب کہ قبائل میں برتری اور ریاستی اقتدار کی کشمکش ملک کو مسلسل بربادی کی طرف دھکیلتی رہی۔ خانہ جنگی اور قحط و مفلسی نے لاکھوں صومالیوں کی زندگی ہڑپ کر لی۔

    آج بھی صومالیہ میں خود کُش بم دھماکے، سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنانے اور اہل کاروں سمیت عام شہریوں کے قتل اور لوٹ مار کی وارداتوں کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں جب کہ حال ہی میں سیلاب نے اس ملک کے باسیوں کو پھر آزمایا ہے۔ دنیا اس موقع پر ان کی مدد کے لیے آگے بڑھی ہے، مگر صومالیہ کو داخلی انتشار سے نجات دلا کر اپنے پیروں پر کھڑے ہونے میں بھی مدد دینا ہو گی۔ اس ملک کی خود مختاری اور استحکام ہی لاکھوں انسانوں کی زندگیاں بتدریج بہتر بنا سکتا ہے۔