Tag: ضروری کام

  • نیا فون خریدنے سے قبل پرانے فون میں یہ کام ضرور کریں

    نیا فون خریدنے سے قبل پرانے فون میں یہ کام ضرور کریں

    اسمارٹ فون کے روزانہ نت نئے ماڈلز آنے کے بعد لوگ جلدی جلدی اپنا فون تبدیل کرتے ہیں، یا پھر فون میں کوئی خرابی آجائے تب بھی فون بدلنا ضروری ہوجاتا ہے۔

    لیکن فون بدلنے سے قبل پرانے فون سے اپنا ڈیٹا حذف کرنے اور دیگر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ آج کل ہمارا تمام ڈیٹا اسمارٹ فون میں موجود ہوتا ہے۔

    اسمارٹ فون فروخت کرنے سے پہلے یہ 3 کام لازمی سر انجام دیں۔

    فون کا بیک اپ لیں

    فون کو فروخت کرنے سے پہلے اس کا بیک اپ لینا بہت ضروری ہے، اینڈرائیڈ ڈیوائس کا بیک اپ لینے کا طریقہ بہت آسان ہے۔

    آپ فون کو لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کے ساتھ کنیکٹ کر کے بیک اپ لے سکتے ہیں۔

    بیک اپ کے لیے آپ کو سیٹنگز میں جانا ہوگا، اس کے بعد آپ کو بیک اپ اور ری سیٹ کا آپشن نظر آئے گا۔

    پھر بیک اپ آپشن پر کلک کریں۔

    فون اب سسٹم سے جڑ جائے گا۔ اس طرح آپ فون ڈیٹا کا بیک اپ لے سکتے ہیں۔

    ذاتی ڈیٹا کو حذف کرنا نہ بھولیں

    اپنے فون کو دوسروں کے حوالے کرنے سے پہلے ذاتی ڈیٹا ڈیلیٹ کرنا یقینی بنائیں، فون کو فارمیٹ کرنے کے لیے سیٹنگز میں جائیں۔

    نیچے آپ کو ری سیٹ اور بیک اپ کا آپشن نظر آئے گا۔

    اس کے بعد ایریز ڈیٹا اینڈ فائلز آپشن پر کلک کر کے ایک بار پھر تصدیق کریں، تصدیق کے بعد آپ کے فون میں موجود تمام ڈیٹا کو حذف کر دیا جائے گا۔

    واٹس ایپ بیک اپ حاصل کریں

    فون فروخت کرنے سے پہلے واٹس ایپ بیک اپ لینا نہ بھولیں، واٹس ایپ بیک اپ حاصل کرنے کا عمل بھی بہت آسان ہے۔

    ایسا کرنے کے لیے پہلے سیٹنگز میں جائیں، یہاں آپ کو چیٹ کا آپشن نظر آئے گا۔ پھر بیک اپ آپشن پر کلک کریں جس کے بعد واٹس ایپ بیک اپ مکمل ہو جائے گا۔

  • عید سے پہلے یہ ضروری کام نمٹا لیں

    عید سے پہلے یہ ضروری کام نمٹا لیں

    عید کا دن خاتون خانہ کے لیے ایک مصروفیت بھرا دن ہوتا ہے جس کے کام کئی دن پہلے سے ہی شروع ہوجاتے ہیں، تاہم بعض اوقات وقت پر کام مکمل نہ ہوسکنے کے سبب عید کا روز بہت افرا تفری میں گزر سکتا ہے۔

    عید کو بہترین بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام کام وقت سے پہلے مکمل ہوں اور عید کے روز صرف ضروری کام انجام دینے ہوں تاکہ عید پر ملنے ملانے اور فراغت کا وقت بھی مل سکے۔

    اس لیے آج ہم آپ کو ان کاموں کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جو عید سے پہلے نمٹا لیے جائیں تو چاند رات اور عید کا دن بہت سکون اور آرام سے گزر سکتا ہے۔

    آخری عشرے پر کام نہ چھوڑیں

    عید کے کام آخری عشرے کے لیے نہ رکھیں بلکہ رمضان شروع ہوتے ہی کام نمٹانا شروع کردیں۔ کپڑوں کی خریداری، درزی، گھر کی اشیا، برتن وغیرہ یا جو جو خریدنا ہے، کوشش کریں دوسرے عشرے تک بازار کے تمام کام مکمل کرلیں۔

    تمام کاموں کی فہرست بنائیں

    عید سے ایک ہفتہ قبل تمام کاموں کی فہرست بنائیں، فہرست کے مطابق کام نمٹاتی جائیں۔ جو کام ہوجائے اسے فہرست میں سے کاٹ دیں۔

    مینیو ترتیب دیں

    عید کے تینوں دن کا مینیو ترتیب دیں۔ اسی حساب سے تمام لوازمات بھی پہلے سے منگوا کر رکھ لیں تاکہ عید پر افراتفری سے بچا جاسکے۔

    برتن پہلے سے نکال لیں

    عید پر اگر آپ کے گھر میں دعوت ہے تو برتن پہلے سے نکال کر انہیں دھو کر رکھ دیں۔ کھانے کے وقت صاف ستھرے برتنوں میں جلدی کھانا سرو ہوسکے گا۔

    گھر کی سیٹنگ

    دعوت کے پیش نظر اگر آپ کو گھر میں کچھ سیٹنگ کرنی ہے، جیسے بیٹھنے کی جگہ بنانی ہے، قالین بچھانے ہیں، فرنیچر آگے پیچھے کرنا ہے تو یہ سب کام عید سے ایک دو دن پہلے کرلیں۔

    صوفوں اور بستروں کے غلاف، چادر، اور پردے بھی ایک دو دن پہلے تبدیل کرلیں۔

    ٹھنڈے مشروبات کا انتظات

    گرمی کے موسم میں گھر آئے مہمانوں کو سب سے پہلے ٹھنڈے مشروبات کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے بڑی مقدار میں برف جما کر رکھیں تاکہ عین موقع پر شرمندگی سے بچا جاسکے۔

    کھانے کی تیاری کریں

    ایک رات پہلے سے ہی کھانے کی تیاری کرلیں۔ مصالحہ بنا کر رکھ لیں، پیاز پیس لیں، کباب ایک دن پہلے بنا لیں۔ رائتہ، سلاد بھی رات میں بنا کر رکھا جا سکتا ہے۔

    بچوں کے کام نمٹالیں

    بچوں کے کام نمٹا کر رکھ لیں، ان کے کپڑے، جوتے سب تیار کر کے رکھ دیں۔ اسی طرح صبح ہی بچوں کو تیار کردیں تاکہ وہ آرام سے کھیلتے رہیں۔

    مہمانوں کے آنے سے پہلے تمام کام نمٹالیں

    یہ سب سے زیادہ ضروری ہے کیونکہ عید مل بیٹھنے اور باتیں کرنے کا بہترین موقعہ ہے۔ مہمانوں کی آمد سے پہلے تمام کام نمٹا کر تیار ہوجائیں تاکہ آپ بھی عید کا صحیح لطف اٹھا سکیں۔

  • روزمرہ کے یہ 7 اہم کام ضرور سیکھیں

    روزمرہ کے یہ 7 اہم کام ضرور سیکھیں

    ہر فن مولا بننا آسان نہیں، لیکن اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے روزمرہ کے مختلف مسائل اور مشکلات میں کمی آئے تو مندرجہ ذیل 7 اہم کام ضرور سیکھیں۔

    گھر کی دیکھ بھال (ہاؤس کیپنگ)

    اس سے پہلے کہ بیوی میکے چلی جائے اور آپ گھر کی دیکھ بھال کے حوالے سے پریشان ہو جائیں، کچھ چیزیں پہلے سے سیکھ لیں۔ یہ کہ کمرے کی صفائی کیسے کی جاتی ہے، بستر کو کیسے آرام دہ بنایا جا سکتا ہے، کپڑے کیسے استری کریں، واشنگ مشین کا استعمال کیسے کیا جائے۔ گھر کی خاتون اس سلسلے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے۔ ویسے خواتین کو بھی یہ مسئلہ پیش آ سکتا ہے، لہٰذا جن کو نہیں آیا وہ خواتین بھی اسے سیکھ لیں۔

    کھانا پکانا

    بیوی نہ رہے، یا آپ کام کے سلسلے میں کچھ عرصے کے لیے کہیں چلے جائیں تو کیا آپ فریز کھانوں یا بازار/ ہوٹل کی خوراک پر انحصار کریں گے؟ آپ کی صحت کے لیے اس سے زیادہ بری شے اور کوئی نہیں۔ اکثر خواتین بھی ایسا کرتی ہیں۔ اس لیے آپ کو کچھ نہ کچھ پکانا آنا چاہیے، جیسے انڈے بنانا، چائے بنانا اور چاول ابالنا، دال پکانا، اور خود آٹا گوندھ کر بنائی جانے والی روٹی کی اور ہی بات ہے، اگرچہ یہ دیگر کاموں میں تھوڑا زیادہ مشکل ہے۔

    ٹیکنالوجی کا استعمال

    آج بھی بعض لوگ اینڈرائیڈ فونز اور کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کا ٹھیک سے استعمال نہیں جانتے، تھوڑا سا وقت دے کر ان کا استعمال سیکھنا ممکن ہے اور بہت مفید بھی، جیسا کہ فون یا کمپیوٹر پر فائلز کا بیک اپ بنانا، وائی فائی محفوظ بنانا وغیرہ۔

    درست معلومات تک رسائی

    گوگل ہر بات کا جواب نہیں دیتا، لیکن بہت ساری باتوں کا جواب دے دیتا ہے، اگر آپ عادت بنالیں گے تو رفتہ رفتہ آپ کو معلوم ہوتا جائے گا کہ گوگل سے کس طرح درست معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں، اور آپ غلط معلومات سے بچیں گے۔

    ڈرائیونگ

    گاڑی نہ بھی ہو تب بھی یہ سیکھنا بہت ضروری ہے، زندگی کے کسی بھی موڑ پر اس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

    سوئمنگ

    تیرنا نہ صرف صحت کے لیے ایک شان دار سرگرمی ہے بلکہ کسی بھی ایمرجنسی میں جان بھی بچا سکتی ہے، اپنی بھی دوسروں کی بھی، خواہ آپ کو تیرنے کا شوق ہو نہ ہو۔

    ایمرجنسی

    زخمی ہونے، بیمار ہونے، آتش زدگی کی صورت میں جب تک امدادی ٹیم پہنچتی ہے بہت نقصان ہو چکا ہوتا ہے، تو ایسے میں آپ کو ان سے ایمرجنسی میں نمٹنے کی تھوڑی بہت جانکاری اور مشق بہم پہنچانی چاہیے۔