Tag: ضلع خیبر

  • ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 خوارج مارے گئے

    ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 خوارج مارے گئے

    راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 خوارج مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے طوردرہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 خوارج ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید خوارج کی ممکنہ موجودگی کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • فتنۃ الخوارج کیخلاف آپریشن، فوج کے گراؤنڈ کمانڈرز کے تاثرات

    فتنۃ الخوارج کیخلاف آپریشن، فوج کے گراؤنڈ کمانڈرز کے تاثرات

    ضلع خیبر میں فتنۃ الخوارج کیخلاف جاری آپریشن میں شامل پاک فوج کے گراؤنڈ کمانڈرزکے تاثرات سامنے آگئے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز فتنۃ الخوارج کیخلاف میدان عمل میں جانفشانی سے بر سر پیکار ہیں۔

    بریگیڈ کمانڈر فرنٹیر کور کے مطابق وادی تیراہ میں خوارج کی بڑی تعداد بشمول نام نہاد لشکر اسلام، جماعت الاحرار افغانستان سے دراندازی کر کے پاکستان میں داخل ہوئی، 20 اگست سے خارجی دہشت گردوں کی سرزمین پاکستان پر موجودگی کیخلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کا سلسلہ شروع کیا گیا ان انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز کو بڑی کامیابیاں ملیں ہلاک دہشت گردوں میں خوارج کا اہم سرغنہ ابو ذر عرف صدام بھی شامل ہے خوارج افغانستان سے کوہ سفید سے ہوتے ہُوئے پاکستان کی وادی تیراہ میں داخل ہوئے۔

    بریگیڈ کمانڈر فرنٹیر کور نے کہا ہمارے جوانوں نے فتنۃ الخوارج کی دراندازی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، خارجی دہشت گردوں نے تیراہ میں مختلف مخفی ٹھکانے بنا رکھے تھے۔

    بریگیڈ کمانڈر ایس ایس جی نے کہا پاک فوج کے متحرک دستوں نے خوارج کے خلاف مؤثر کارروائی شروع کی وادی تیرہ میں خارجی دہشتگردوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ کو اس علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کا مشن سونپا گیا۔

    بریگیڈ کمانڈر ایس ایس جی کے مطابق مربوط حکمت عملی کے تحت اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ مقامی آبادی اور پاک فوج کا نقصان کم سے کم جبکہ دشمن کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایا جائے اللہ کے فضل و کرم اور جوانوں کی بہادری کی وجہ سے ہم نے خوارج کو زبردست نقصان پہنچایا اور ان کی اعلی قیادت کو ختم کر دیا۔

    بریگیڈ کمانڈر ایس ایس جی کے مطابق ہمارا مشن ہے کہ آخری خارجی کی موجودگی تک ان کا پیچھا کرتے رہیں گے۔

    کمپنی کمانڈر نے کہا ہمیں مشن سونپا گیا کہ وادی تیراہ میں موجود خوارج کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہے جس کے لئے ایس ایس جی اور لائیٹ کمانڈو کو وادی میں اتارا گیا یہ ایک مشکل مشن تھا جس میں موسم اور پیاس کی شدت کے باوجود پاک فوج کے جوانوں نے بہادری سے دشمن کو نقصان پہنچایا۔

    پلاٹون کمانڈرنے کہا ہم نے اِن آپریشنز میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا اللہ کے فضل و کرم، قوم کی دعاؤں اور جوانوں کے جوش و جذبہ سے ہمیں فتح حاصل ہوئی، فتنۃ الخوارج کیخلاف سیکیورٹی فورسز اپنی عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے کوشاں اور پر عزم ہیں۔

  • ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ، 2 دہشت گرد ہلاک

    ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ، 2 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی: ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے دوران 26 سالہ سپاہی وقاص علی اور 24 سالہ سپاہی باسط علی شہید ہو گئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئیں، یہ آپریشن ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کیا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

  • تباہ شدہ اسکولوں کی تعمیر نو، چین پاکستان کو 10.29 ملین ڈالر فراہم کرے گا

    تباہ شدہ اسکولوں کی تعمیر نو، چین پاکستان کو 10.29 ملین ڈالر فراہم کرے گا

    پشاور: چینی حکومت  خیبر پختونخواہ  کے ضلع خیبرمیں تباہ شدہ اسکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے کیلئے 10.29 ملین ڈالر فراہم کرے گی، منصوبہ جنوری 2023 میں مکمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع خیبر میں تباہ شدہ اسکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کردیا گیا ، وزیر اعلیٰ کےپی محمودخان اورچینی سفیرنونگ رونگ نےپہلےمرحلےکاافتتاح کیا، چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ بھی ا س موقع پر موجود تھے۔

    منصوبے کے پہلے مرحلےمیں خیبرمیں تباہ شدہ50اسکولوں کی دوبارہ تعمیرہوگی ، منصوبے کے تحت تباہ شدہ24 بوائزاسکولز اور 26گرلزاسکولز کی تعمیر نو کی جائے گی ، منصوبہ جنوری 2023میں مکمل ہوگا اور اس پر 2323 ملین روپے لاگت آئے گی۔

    چینی حکومت اس مقصد کے لئے 10.29 ملین ڈالر فراہم کرےگی ، منصوبےکےتحت حکومت پاکستان تقریباً 868 ملین روپے فراہم کرے گی، منصوبے پر عملدرآمد کیلئے محکمہ تعلیم ،چینی حکام میں معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے ہیں۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کےپی محمود خان نے کہا کہ تباہ شدہ اسکولزکی تعمیر نومیں تعاون پر چینی حکومت کے مشکور ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی سب سے اہم علامت ہے، سی پیک منصوبے کےرشکئی اسپیشل اکنامک زون کاجلد افتتاح کیا جائے گا۔

    افتتاح کے موقع پرچینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان ،چین کی دوستی سمندر سے گہری ،پہاڑوں سے اونچی ہے، رشکئی اسپیشل اکنامک زون منصوبہ دوستی کی بڑی علامت بنےگا، چینی حکومت پاکستان سےتعلقات مزید مضبوط بنانےکی خواہشمند ہے۔

  • میں اچھی تقریر کرنے والا نہیں مطلب کی بات کرتا ہوں، پرویز خٹک، جلسے میں بد نظمی، کارکنوں کا احتجاج

    میں اچھی تقریر کرنے والا نہیں مطلب کی بات کرتا ہوں، پرویز خٹک، جلسے میں بد نظمی، کارکنوں کا احتجاج

    خیبر: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وہ اچھی تقریر نہیں کر سکتے لیکن جس بات سے مطلب ہوتا ہے وہی کرتے ہیں، پانچ سال تک خیبر پختون خوا میں انھوں نے کام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کے پی نے ضلع خیبر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت آپ لوگوں کی حکومت ہے، آئیں اور ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں۔

    دریں اثنا، پرویز خٹک جلسے سے خطاب کے لیے آئے تو پرانے کارکنوں نے نظر انداز کیے جانے پر احتجاج شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں جلسے میں بد نظمی پھیل گئی اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو دھکے دیے۔

    سابق وزیر اعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ میں نے 5 سال خیبر پختون خوا میں کام کیا، میں اچھی تقریر کرنے والا نہیں، مطلب کی بات کرتا ہوں۔

    پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں بجلی کے مسئلے کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں، ڈیم بھی بن جائیں گے۔

    انھوں نے کہا میں چاہتا ہوں اس علاقے کے لوگ بھرتی ہوں، لیکن روزگار کا مسئلہ صرف سرکاری نوکریوں سے پورا نہیں ہوتا، بد قسمتی یہ ہے اس علاقے میں بجلی، اسکول، اسپتال نہیں ہیں۔

    پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں اسکول اور یونی ورسٹیز کی ضرورت ہے، وہاں بنانےکی کوشش کر رہے ہیں، سڑک، بجلی، گیس کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، صحت اور نظام تعلیم کو بھی ٹھیک کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ملک کے اندر تعلیم کا نظام بہتر نہ ہو وہ ملک کیسے ترقی کرے گا؟