Tag: ضلع شرقی

  • کراچی میں کورونا کا پھیلاؤ ، ضلع شرقی  سب سے زیادہ خطرناک قرار

    کراچی میں کورونا کا پھیلاؤ ، ضلع شرقی سب سے زیادہ خطرناک قرار

    کراچی: محکمہ صحت سندھ نے کورونا کے پھیلاؤ کے لحاظ سے کراچی کے ضلع شرقی کو سب سے زیادہ خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا جنوری کے 20 روز کے کیسز نے نومبر اور دسمبر کے تمام نمبروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے کورونا صورتحال کے حوالے سے بیان میں کہا کہ کراچی میں کورونا کے کیسز میں گزشتہ 2 ماہ کے مقابلے میں 100 فیصد سے بھی زائد اضافہ ہوا، جنوری کے 20 روز کے کیسز نے نومبر اور دسمبر کے تمام نمبروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں سیکنڑوں میں آنے والے اعدادوشمار ہزاروں تک جاپہنچے جبکہ ضلع شرقی سب سے زیادہ خطرناک قرار دیا۔

    حکام نے بتایا ضلع شرقی میں جنوری کے 20 روز میں 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اس ضلع میں نومبر میں 961 اور دسمبر میں 1509 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    دوسرے نمبر پر ضلع جنوبی میں جنوری کے 20 روز میں 5 ہزار 800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ، اس ضلع میں نومبر میں 453 اور دسمبر 1118 کیسز سامنے آئے۔

    اعدادو شمار کے مطابق ضلع وسطی میں جنوری کے 20 روز میں 3 ہزار 200 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وسطی میں نومبر میں 175, دسمبر 216 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

    اسی طرح ضلع کورنگی میں جنوری کے 20 روز میں 1 ہزار 500 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ نومبر میں 449 اور دسمبر 397 کیسز ریکارڈ کئے گئے۔

    ضلع ملیر میں جنوری کے 20 روز میں 1 ہزار 79 سے زائد کیسز جبکہ نومبر میں 95 اور دسمبر 113 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ضلع غربی میں جنوری کے 20 روز میں 2 ہزار 800 سے زائد کیسز جبکہ نومبر میں 479, دسمبر 470 کیسز سامنے آئے۔

    خیال رہے کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 41.06فیصد ہوگئی ، گزشتہ چو بیس گھنٹوں کے دوران سات ہزارچھ سو تریسٹھ ٹیسٹ کئے گئے جن میں تین ہزار ایک سو اننچاس ٹیسٹ مثبت آئے۔

  • کراچی: ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 216 طلبا و اساتذہ میں کورونا کی تصدیق

    کراچی: ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 216 طلبا و اساتذہ میں کورونا کی تصدیق

    کراچی : ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 216 طلبا و اساتذہ میں کورونا کی تصدیق ہوگئی جبکہ 363ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت ٹیم کی جانب سے کراچی کے ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 9158 کوویڈ ٹیسٹ کئے ، جس میں سے 216 طلباء و اساتذہ کے ٹیسٹ مثبت اور 8939 طلبا واساتذہ کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس شرقی کاکہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کئے گئے ٹیسٹوں میں سے 363 ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے 556 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد سندھ میں کورنا کیسز کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 48 ہزار 343 ہو گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 17 افراد اپنی جانوں سے گئے ، جس کے بعد سندھ میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی کل تعداد دو ہزار 664 ہو گئی۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کی ہلاکت خیزی میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، مہلک وائرس چوبیس گھنٹے کے دوران مزید تیس جانیں نگل گیا، جس سے کورونا وائرس سے اب تک اموات کی تعداد چھ ہزار نو سو تئیس ہوگئی جبکہ چوبیس گھنٹے کے دوران تیرہ سو چھہتر نئے کیس بھی رپورٹ ہوئے۔

  • کراچی: کرپشن کا الزام، میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ معطل

    کراچی: کرپشن کا الزام، میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ معطل

    کراچی: کرپشن کے الزامات پر محکمہ بلدیات سندھ نے ایک میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ کو معطل کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق غیر قانونی طریقے سے من پسند کمپنیوں کو اشتہارات کے ٹھیکے دینے اور سرکاری فیس وصولی میں خرد برد کے معاملے پر محکمہ بلدیات سندھ نے ایکشن لے لیا ہے۔

    سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ضلع شرقی کے میونسپل کمشنر وسیم سومرو اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ جاوید کلوڑ کو معطل کر دیا گیا۔

    سیکریٹری محکمہ بلدیات نے معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، افسران کے خلاف الزامات کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئیں۔

    دونوں افسران کو ضلع شرقی میں من پسند کمپنی کو مجاز اٹھارٹی کی اجازت کے بغیر اشتہارات کے ٹھیکے دینے پر معطل کیا گیا ہے، نوٹی فکیشن میں معطل افسران کو سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ رپورٹ کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا۔

    کراچی میں انتظامی تبدیلیاں بھی بہتری نہ لا سکیں، فنڈز میں‌ خرد برد کا انکشاف

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر ٹھیکے کی اجازت میں صوبائی لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے شقوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

    مذکورہ افسران پر من پسند کمپنی کو ٹھیکے دینے کے ساتھ سرکاری فیس کی وصولی میں کمپنی کو فائدہ پہنچانے اور فیس وصولی میں خرد برد کا بھی الزام ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق افسران نے کم رقم کے چالان جاری کیے جس سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا۔

    دونوں افسروں کو جلد چارج شیٹ دی جائے گی، ذرایع کا کہنا ہے کہ بلدیہ شرقی میں غیر قانونی طور پر لگائے گئے اشتہاری بورڈز، ان کے ٹھیکوں اور فنڈز میں کرپشن پر محکمہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔