Tag: ضلع غربی کراچی

  • ضلع غربی کراچی کا پورا محکمہ غیر قانونی ٹھیکے پر دے دیا گیا، تحقیقات شروع

    ضلع غربی کراچی کا پورا محکمہ غیر قانونی ٹھیکے پر دے دیا گیا، تحقیقات شروع

    کراچی: ضلع غربی کے محکمہ اشتہارات کو بغیر نیلامی غیر قانونی ٹھیکے پر دینے کا منصوبہ ناکام ہو گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ 50 لاکھ کے آفر ریٹ پر ڈی ایم سی کا پورا محکمہ ٹھیکے پر دے دیا گیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ضلع غربی کراچی کے تمام اشتہارات کا ٹھیکا افسران نے ملی بھگت سے حیدر آباد سے تعلق رکھنے والی فرم کو دے دیا تھا، ڈپٹی کمشنر غربی نے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور محکمے کو ٹھیکے پر دینے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی سی غربی نے ڈی ایم سی کے کرپٹ افسران کا منصوبہ ناکام بنا کر ٹھیکے کو منسوخ کر دیا ہے، اس معاملے پر محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ نے بھی ایکشن لے لیا ہے۔

    محکمہ لوکل گورنمنٹ نے محکمہ اشتہارات کو ٹھیکے پر دینے والے ڈائریکٹر اشتہارات زاہد حسین خواجہ کو برطرف کر دیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ضلع غربی کے افسران نے شاپ بورڈز کے علاوہ ہورڈنگز بورڈز، موونگ پبلسٹی، بینرز، اسٹیمرز، پوسٹرز، پٹرول پمپ پبلسٹی سمیت دیگر تمام اشتہارات کا ٹھیکہ دیا تھا۔

    وہ تمام ایڈورٹائزنگ ڈیوائسز بھی ٹھیکے پر دے دی گئیں تھیں جس پر عدالت نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیات نے کروڑوں کا ریونیو دینے والے محکمے کو غیر قانونی طریقے سے پرائیوٹائز کرنے اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے پر محکمے اور ڈی ایم سی افسران کے خلاف تحقیقات اور کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

  • کراچی کے ضلع غربی کی مختلف یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن

    کراچی کے ضلع غربی کی مختلف یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن

    کراچی: شہر قائد کے ضلع غربی میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب مختلف یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ہدایت جاری کر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ضلع غربی کراچی کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ڈپٹی کمشنر غربی کو ہنگامی مراسلہ جاری کرتے ہوئے گڈاپ، کیماڑی، بلدیہ، سائٹ اور اورنگی کی یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ہدایت کر دی۔

    ڈی ایچ او ضلع غربی کے مطابق گڈاپ کی مختلف یوسیز میں 70 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، کیماڑی کی مختلف یوسیزمیں 100، بلدیہ میں 269 کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ سائٹ کی مختلف یوسیز میں 221، اور اورنگی ٹاؤن میں 79 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ڈی ایچ او کا کہنا تھا کہ زیادہ کیسز بلدیہ یو سی 5 میں 134، اور سائٹ ٹاؤن کی یو سی 4 میٹروول میں 149 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی موصول ہونے والی رپورٹ کی بنیاد پر گلیاں اور یوسیز سیل کی جا رہی ہیں ، ڈپٹی کمشنر غربی نے بلدیہ اور سائٹ کے علاقوں کی مختلف یوسیز کی 10 گلیوں کو سیل کرنے اور نقل و حرکت محدود کرنے کا حکم دیا ہے۔

    غریب ممالک کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن ہی بہتر آپشن ہے،وزیراعظم

    واضح رہے کہ ملک بھر میں عمومی سخت لاک ڈاؤن ختم کرنے کے بعد وفاقی حکومت نے ان علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا تھا جہاں کرونا وائرس کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوں۔

    پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا چکا ہے، لاہور کے مختلف علاقے بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت بند کیے جائیں گے، اسلام آباد میں مختلف علاقے سیل کیے جا چکے ہیں، خیبر پختون خوا حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا دائرہ کار بتدریج بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، سوات کی 11 یونین کونسلوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا تھا، اب بالائی ضلع چترال، بٹگرام، ضلع اپر چترال کی 3 وادیوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

    پشاور کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جا چکا ہے، ڈی سی کے مطابق اشرفیہ کالونی، چنار روڈ یونیورسٹی ٹاؤن، ڈانش آباد اور سیکٹر ای ٹو فیز ون حیات آباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے آنا جانا بند رہے گا۔

    فیصل آباد میں کرونا سے متاثر 100 سے زائد علاقے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصل آباد کی 94 یونین کونسلز میں 92 اموات ہو چکی ہیں۔ سرگودھا کے 14 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں نیشنل ٹاؤن، استقلال آباد کالونی، نور کالونی، شریف ٹاؤن، کوٹ مومن مسلم بازار، بھیرہ میں محلہ نصیب دریائے والا، تحصیل ساہیوال میں بازار مسجد شیرخان والی مین روڈ فاروقہ، تحصیل بھلوال میں گلی عائشہ مسجد والی، ریلوے فضل ٹاؤن شامل ہیں۔

    اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران جنرل، میڈیکل اسٹور، تندور، ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی، علاقوں کی مساجد میں صرف 5 افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہوگی۔