Tag: ضلع مہمند

  • ضلع مہمند میں واقع کیڈٹ کالج میمد گاٹ اپنی نوعیت کا ایک منفرد ادارہ

    ضلع مہمند میں واقع کیڈٹ کالج میمد گاٹ اپنی نوعیت کا ایک منفرد ادارہ

    مہمند : پاک فوج فرنٹیئرکورنارتھ کی کاوشوں سے دہشتگردی سے متاثرہ ضلع مہمند میں تعلیمی ادارے قائم ہوگئے ہیں، ضلع میں واقع کیڈٹ کالج میمد گاٹ اپنی نوعیت کا ایک منفرد ادارہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا تعلیم وترقی کی منازل میں پیش پیش ہے ، ضلع مہمند میں واقع کیڈٹ کالج میمدگاٹ اپنی نوعیت کا ایک منفرد ادارہ ہے۔

    جو علاقہ دہشتگردی سے متاثر تھا وہاں پاک فوج اور فرنٹیئرکورنارتھ کی کاوشوں سے تعلیمی ادارے قائم ہوگئے ہیں ، جس میں کیڈٹ کالج میمدگاٹ انتہائی اہم کردارادا کررہا ہے۔

    سال 2020میں قائم کیڈٹ کالج سے 97 کیڈٹس فارغ التحصیل ہوکرکالجز،یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کررہےہیں ، اس کےعلاوہ یہاں کےسابق طلباپاک فوج میں بھی کمیشن حاصل کرچکے ہیں، کیڈٹ کالج میمدگاٹ میں کیڈٹس کی موجودہ تعداد 500 ہے۔

    پورے پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا سے بڑی تعداد میں طلبا زیور تعلیم وتربیت سےآراستہ ہیں جبکہ ضم شدہ اضلاع میں تعلیم کے فروغ کیلئےقبائلی بچوں کیلئےہراینٹری میں50سیٹیں مختص کی گئی ہیں جبکہ 10خصوصی سیٹیں شہداکےبچوں کےلئےبھی مختص کی گئی ہیں۔

    علاقےمیں کیڈٹ کالج کےقیام کے بعد بڑی تعداد میں قبائلی عوام اپنےبچوں کےداخلہ کیلئےپرعزم ہیں، مقامی لوگ تعلیم کی اعلیٰ سہولتوں مہیاکرنےپرپاک فوج کےشکرگزاراور معترف ہیں، جنہوں نےقربانیاں دےکرعلاقےمیں امن و امان قائم کیااور بہترین کیڈٹ کالج کاتحفہ دیا۔

  • پاکستان  کی ضلع مہمند میں چیک پوسٹ پر افغان سرزمین سے حملے کی مذمت

    پاکستان کی ضلع مہمند میں چیک پوسٹ پر افغان سرزمین سے حملے کی مذمت

    اسلام آباد : پاکستان نے ضلع مہمند میں چیک پوسٹ پر افغان سرزمین سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان فوری طور پر دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی ضلع مہمند میں چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردوں نے مہمندمیں ملٹری چیک پوسٹ پر حملہ کیا اور افغان سرزمین سے فائرکئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے دہشتگردوں کی فائرنگ کامؤثر جواب دیا ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی نوجوان فضل واحد شہید ہوئے۔

    ترجمان نے دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کےاستعمال کی مذمت کرتے ہوئے افغانستان کوفوری طور پر دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کاکہاہے۔

    مزید پڑھیں : سرحدپار سے فائرنگ، ایف سی کا جوان شہید

    گذشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے سرحدپار سے ضلع مہمند میں بارڈر پوسٹ پر فائرنگ کی،  جس کا سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا،  فائرنگ کے تبادلے میں 25 سالہ ایف سی کا جوان فضل وحید شدید زخمی ہوا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید جوان فضل وحید شانگلہ سوات کا رہائشی ہے اور اس کی عمر 25 سال ہے۔

    خیال رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

  • قبائلی علاقوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسا آصف زرداری دور میں دیا گیا: بلاول بھٹو

    قبائلی علاقوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسا آصف زرداری دور میں دیا گیا: بلاول بھٹو

    مہمند: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسا آصف زرداری دور میں دیا گیا، قبائلی علاقوں کے بجٹ میں 500 فی صد اضافہ کیا گیا، ہمارا رشتہ قربانیوں کا اور شہیدوں کا رشتہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کے پی کے ضلع مہمند کے علاقے یکہ غنڈ میں جلسے سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ آپ کے معاشی حقوق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، سابق صدر آصف زرداری نے پختون خوا کو شناخت اور حقوق دیے، این ایف سی ایوارڈ میں اضافہ کر کے ہمیشہ کے لیے آپ کے لیے زیادہ پیسا رکھا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ کل بھی پشاور میں شیڈول کے مطابق پارٹی کنونشن ہوگا، 6 جولائی کو ڈی آئی خان اور شمالی وزیرستان جاؤں گا، ہم دیر اور باجوڑ کے بارڈر پر بھی پارٹی کنونشن رکھیں گے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ چین سے معاہدہ کر کے آصف زرداری نے سی پیک کا انقلابی منصوبہ شروع کیا، ہمارے ہاتھ میں ہوتا تو سی پیک قبائلی علاقوں سے گزر کر بلوچستان جاتا۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پنشن میں 100 فی صد اضافہ کیا جو آج تک کسی جماعت نے کیا نہ کر سکتی ہے، شہید ذوالفقار بھٹو نے کے پی، قبائلی علاقوں کی معیشت کو کھڑا کیا تھا، شہید بے نظیر بھٹو پر نوکری دینے کا احتساب کیس بنا تھا، اگر نوکری دینا جرم ہے تو یہ میں بار بار کروں گا۔

    بلاول نے کہا کہ پوچھنا چاہتا ہوں پچھلے 6 سالوں میں انھوں نے کیا کیا ہے، کیا آپ کے صوبے میں مفت اسپتال بنے، دل کے علاج کا اسپتال بنا؟ کیا قبائلی علاقوں میں کڈنی، لیور کے مفت اسپتال کھلے؟ ان کا دوغلا نظام دیکھو اور ان کا نیا پاکستان دیکھو، نواز شریف کی آف شور کمپنی حرام ہے لیکن لاڈلے کی حلال ہے۔

    انھوں نے کہا اگر خان سچا ہے تو اسے فاٹا کا بجٹ 1000 فی صد بڑھانا چاہیے، وفاق نے تعلیم، صحت، ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ میں کٹوتی کر دی، عوام دشمن بجٹ بھی دھاندلی سے منظور کرایا گیا، سبزی، گیس، ڈیزل، پیٹرول، چینی، روٹی سب مہنگا کر دیا گیا، مرنا مہنگا جینا مہنگا ہے مگر خون سستا ہے یہ کس قسم کی تبدیلی ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹیکس کے طوفان نے عوام کو بہا دیا ہے، دوائیوں، کپڑے، چینی، دودھ سمیت ہر چیز پر ٹیکسز لگا دیے گئے، یہ کے پی اور قبائل دشمن بجٹ ہے، ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں ہمیں اپنے جمہوری حق کا تحفظ کرنا ہوگا۔

    پی پی چیئرمین نے کہا میں عوام دشمن بجٹ کے خلاف نکلا میں، تبدیلی سرکار کے خلاف نکلا ہوں، ان شاء اللہ جیت عوام کی ہوگی، پیپلز پارٹی ملک کے آئین پر آنچ نہیں آنے دے گی، یہ ون یونٹ قایم کرنا چاہتے ہیں، فاٹا سے کراچی تک کئی شہری لاپتا ہیں یہ کس قسم کی آزادی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن میں اپنا کردار ثابت کرے، ضمنی الیکشن میں ثابت ہو جائے گا یہ الیکشن کمیشن ہے یا سلیکشن کمیشن، قبائلی علاقوں میں امیروں کے ہاتھ میں بلا ہے لیکن عام آدمی کے ہاتھ میں تیر ہے۔

  • چیئرمین  پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج ضلع مہمند میں جلسے سے خطاب کریں گے

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج ضلع مہمند میں جلسے سے خطاب کریں گے

    ضلع مہمند: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج ضلع مہمندمیں جلسےسےخطاب کریں گے، بلاول بھٹو نے سندھ، پنجاب کے بعد کے پی میں جلسوں کا اعلان کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی آج خیبرپختونخواہ کے اضلاع مہمند میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو جلسےسےخطاب کریں گے جلسے کے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    باب مہمندکےقریب پنڈال سج گیا اور 15ہزارکرسیاں لگادی گئیں ہیں ، جلسہ گاہ میں68فٹ لمبا اور20 فٹ چوڑاسٹیج تیارکیاگیا، پیپلزپارٹی کےمرکزی قائدین بھی جلسے میں شرکت کرے گی۔

    گذشتہ روز بلاول بھٹو نے سندھ، پنجاب کے بعد کے پی میں جلسوں کا اعلان کیا تھا ، خیبرپختونخوا میں جلسوں کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں ، جس کے مطابق گ5 جولائی کو بلاول بھٹو پشاور پریس کلب کا دورہ کریں گے اور 6 جولائی کو ڈی آئی خان میں بھرپورعوامی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں : بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کے گڑھ کے پی کے میں جلسوں کا اعلان کر دیا

    شیڈول کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی 8 جولائی کو لوئردیرمیں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بلاول بھٹو زرداری نے گوجر خان میں جلسہ کیا تھا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بھٹو اور بی بی کے چاہنے والے مایوس نہ ہوں بھٹو کا سورج طلوع ہورہا ہے، ملک کے عوام کو حقوق ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

    بلاول بھٹو نے مزید کہا تھا کہ جانتاہوں کہ پنجاب کہ جیالے مایوس ہیں، دو سال تک بھٹو کے بغیر پنجاب میں جدوجد کرنا آسان کام نہیں تھا، مگر بھٹو اور بی بی کے چاہنے والے مایوس نہ ہوں۔