Tag: ضلع کیماڑی

  • کمشنر کراچی نے 2 ماہ کے لیے بڑی پابندی عائد کردی

    کمشنر کراچی نے 2 ماہ کے لیے بڑی پابندی عائد کردی

    کراچی : کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے دو ماہ کے لیے بڑی پابندی لگادی اور پولیس کو دفعہ 144 کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کے اختیارات دے دئیے۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ضلع کیماڑی میں ملبہ پھینکنے اور مینگروز کے درخت کاٹنے پر پابندی لگا دی۔

    پابندی کا اطلاق دو ماہ کے لیے ہوگا ، پابندی 30 اپریل تک لگائی گئی ہے۔

    ضلع کیماڑی کے اسسٹنٹ کمشنر نے رپورٹ دی تھی کہ بعض قبضہ مافیا کیماڑی سب ڈویژن کی ساحلی پٹی پر ملبہ ڈال رہے ہیں اور مینگروو کے جنگلات کاٹ رہے ہیں۔

    اس عمل سے ماحولیاتی گندگی میں اضافہ اور ساحلی پٹی کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے

    اسسٹنٹ کمشنر نے ملبہ اور کچرا پھینکنے اور مینگروز کے درخت کٹانے کے حوالے سے دفعہ ایک سو چوالیس نفاز کرنے کی درخواست کی تھی ۔

    پولیس کو دفعہ 144 کے تحت عناصر کے خلاف کارروائی کرنے اور ایف آئی آر درج کرنے کے اختیارات بھی دے دئیے گئے۔

  • کراچی میں 60 افسران و اہل کاروں کا تبادلہ، وجہ مجرموں سے مبینہ گٹھ جوڑ

    کراچی میں 60 افسران و اہل کاروں کا تبادلہ، وجہ مجرموں سے مبینہ گٹھ جوڑ

    کراچی: شہر قائد کے ضلع کیماڑی میں پولیس اہل کاروں اور جرائم پیشہ افراد کے مبینہ گٹھ جوڑ کے پیش نظر ضلع کے 60 افسران و اہل کاروں کی تعیناتی میں رد و بدل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک خفیہ رپورٹ پر پولیس کے اعلیٰ افسران نے ایکشن لیتے ہوئے سعید آباد تھانے میں برسوں سے تعینات 30 اہل کاروں کو جیکسن، ڈاکس، پاک کالونی، اور شیر شاہ بھیج دیا گیا ہے، جب کہ جیکسن، ڈاکس، پاک کالونی اور شیر شاہ سے 30 افسران و اہل کاروں کو سعید آباد بھیجا گیا۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ پولیس اہل کار مبینہ طور پر یوسف گوٹھ بس ٹرمنل پر اسمگلرز سے رابطے میں تھے۔

    تاہم جب اے آر وائی نیوز نے پولیس افسران سے سوال کیا کہ ایک ساتھ 30 اہل کاروں کے تبادلے کی وجہ کیا ہے؟ تو پولیس افسران نے اصل حقیقت بتانے کی بجائے اسے روٹین کی ٹرانسفر پوسٹنگ قرار دے دیا۔

  • ایم کیو ایم نے ڈی ایم سی کیماڑی کے خلاف آئینی درخواست عدالت میں جمع کرا دی

    ایم کیو ایم نے ڈی ایم سی کیماڑی کے خلاف آئینی درخواست عدالت میں جمع کرا دی

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے اقدام کے خلاف ایم کیو ایم نے نئی آئینی درخواست تیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع کیماڑی کی تشکیل کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل کو بھی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔

    ایم کیو ایم کے ضلع غربی سے تعلق رکھنے والے 4 اراکین اسمبلی نے ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل کے خلاف آئینی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرا دی، یہ درخواست وکیل سلمان مجاہد بلوچ نے جمع کرائی ہے۔

    ایم کیو ایم نے درخواست میں چیف سیکریٹری سندھ، اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکشن افسر فائیو لوکل گورنمنٹ کو فریق بنایا ہے۔

    حکومت سندھ نے نئے ضلع کیماڑی میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن قائم کردی

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہے اور اس کا نوٹیفیکیشن غیر قانونی ہے، ڈی ایم سی کیماڑی کی تشکیل ایس ایل جی اے 2013 شق 8 کی ذیلی شق 3 اور 4 سے متصادم ہے۔

    اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ ضلع کیماڑی کی تشکیل کے حوالے سے معاملہ عدالت میں پہلے ہی زیر سماعت ہے اس کے باوجود سندھ حکومت نے ڈی ایم سی کیماڑی اور اثاثہ جات کی تقسیم کا نوٹیفیکیشن جاری کیا، پیپلز پارٹی کا فیصلہ بد نیتی پر مبنی ہے۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ دونوں نوٹیفیکیشن کو فی الفور معطل کیا جائے۔

  • سندھ حکومت نے کراچی میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن جاری

    سندھ حکومت نے کراچی میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کیماڑی کو باضابطہ طور پر ضلع کا درجہ دے دیا، جس کے بعد کراچی میں اضلاع کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

    کیماڑی کا نیا ضلع، ضلع غربی کو تقسیم کر کے بنایا گیا ہے، اس نئے ضلع میں 4 سب ڈویژنز شامل کیے گئے ہیں، جن میں سائٹ، بلدیہ، کیماڑی اور ماڑی پور شامل ہیں، سب ڈویژن ہاربر کا نام تبدیل کر کے کیماڑی رکھا گیا ہے۔

    ضلع غربی اب منگھو پیر، اورنگی اور مومن آباد کے سب ڈویژنز پر مشتمل ہوگا، جن میں تیسر، سرجانی اور منگھوپیر کے علاقے آئیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کراچی کے لیے 1100 ارب کے پیکج کا اعلان

    یاد رہے کہ 20 اگست کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دی تھی، آبادی کے حساب سے ضلع غربی پورے سندھ کا سب سے بڑا ضلع تھا۔

    24 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے سندھ ہائی کورٹ میں ضلع کیماڑی کی تشکیل چیلنج کر دی تھی، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضلع کیماڑی کی تشکیل پیپلز پارٹی نے عصبیت کی بنیاد پر کی ہے۔

    واضح رہے کہ ضلع کیماڑی کا نوٹیفکیشن ایک ایسے دن جاری کیا گیا ہے جب کراچی میں وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

  • ایم کیو ایم کا نئے ضلع کے فیصلے کے خلاف قانونی جدوجہد کا فیصلہ

    ایم کیو ایم کا نئے ضلع کے فیصلے کے خلاف قانونی جدوجہد کا فیصلہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی میں نئے ضلع کے قیام کے فیصلے کے خلاف ہر قانونی جدوجہد کرنے کا فیصلہ کر لیا، رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ کیماڑی ضلع بنانے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کے کراچی میں ضلع کیماڑی بنانے کے فیصلے کے خلاف آج ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اس فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور احتجاج کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں سیاسی اور لسانی بنیادوں پر ایک اور ضلع کے اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے، پیپلز پارٹی نے پاکستان، سندھ اور کراچی کو ہمیشہ اپنے فائدے کے لیے لسانی بنیادوں پر تقسیم کیا۔

    سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دے دی

    رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ نئے ضلع کی سازش کا مقصد کراچی شہر کے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حیثیت کو ختم کرنا ہے، پیپلز پارٹی نے اپنی سیاست زندہ رکھنے کے لیے کراچی کو بربادی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا ہے۔

    رابطہ کمیٹی سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی جبری طور پر کراچی کا کنٹرول حاصل کرنا چاہتی ہے، پی پی ساری جماعتوں کے ساتھ مل کر بھی ڈسٹرکٹ ویسٹ میں ایم کیو ایم کو نہیں ہرا سکی تو اب ایسے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے۔

    پارلیمانی جماعتوں کا کراچی میں 7ویں ضلع کے فیصلے کیخلاف مزاحمت کا فیصلہ

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کا کوئی اسٹیک نہیں ہے، کراچی میں لسانی بنیادوں پر نئے ضلعے بنانے کا مقصد صرف اجارہ داری قائم کرنا اور مال بنانا ہے، اس فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی سے مخلص نہیں ہے۔