Tag: ضمانتیں خارج

  • سانحہ 9 مئی کی منصوبہ بندی کہاں ہوئی؟ 2 سرکاری گواہوں کا اہم بیان سامنے آگیا

    سانحہ 9 مئی کی منصوبہ بندی کہاں ہوئی؟ 2 سرکاری گواہوں کا اہم بیان سامنے آگیا

    لاہور : سانحہ 9 مئی کی منصوبہ بندی کے حوالے سے 2 گواہوں کے بیان سامنے آگئے، 7 مئی کو شام 5 بجے زمان پارک میں میٹنگ ہوئی، جس میں فیصلہ ہوا بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری پر فوجی تنصیبات ،سرکاری عمارتوں پرحملہ کرکے دباؤ ڈالا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابنق بانی پی ٹی آئی کی سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا گیا۔

    لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج خالد ارشد نے 4صفحات پرمشتمل فیصلہ جاری کیا ، جس میں کہا گیا کہ 2 سرکاری گواہوں نے بیان دیا کہ 7 مئی کو شام 5 بجے زمان پارک میٹنگ ہوئی، میٹنگ میں پی ٹی آئی لیڈرشپ کے 15لوگ موجود تھے، میٹنگ میں بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کواسلام آباد ہائیکورٹ میں گرفتاری کا خدشہ ظاہرکیا۔

    گواہان کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں ہدایات دی گئیں گرفتاری ہوئی تو یاسمین راشد کی قیادت میں ورکزکواکٹھا کریں اور میٹنگ میں فیصلہ ہوا گرفتاری پر فوجی تنصیبات ،سرکاری عمارتوں پرحملہ کرکے دباؤ ڈالا جائے گا۔

    فیصلے کے مطابق 9 مئی کواسلام آباد روانگی پربانی پی ٹی آئی نے ویڈیو بیان دیا انہیں گرفتار کیا تو حالات سری لنکا جیسے ہونگے، پراسکیوشن نے بانی پی ٹی آئی کے ویڈیو پیغامات کا ٹرانسکرپٹ عدالت میں داخل کرایا، پراسکیوشن کا بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیس یہ ہے کہ انہوں نے نو مئی کی منصوبہ بندی کی۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ پراسکیوشن کا کیس یہ بھی ہےکہ پی ٹی آئی لیڈرشپ نے منصوبہ بندی سے اتفاق کیا اورپیغام آگے پہنچایا، بانی پی ٹی آئی سے اشتعال انگیزی کیلئےبنائی گئے ویڈیو میں استعمال آلات برآمد ہونے ہیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ وکیل درخواست گزار کےمطابق سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اس دلائل میں وزن نہیں، مجرمانہ سازش سے پر امن اجتماع بھی دہشتگردی بن جاتا ہے اور اشتعال انگیز پیغام دینا ،پھیلانا آرمی تنصیبات ، جناح ہاؤس پر حملہ دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے۔

    عدالت نے مزید کہا کہ ضمانت معصوم فرد کا حق ہے ،درخواست گزار اس فعل سے بنیادی حقوق کھو بیٹھا ہے ، ضمانت درخواست گزار کا حق نہیں جس نے سازش کرکے ریاست کیخلاف جنگ کی ، ضمانت اس کا حق نہیں جس نے حکومت کا تختہ الٹنے کےلیے سازش کی ، درخواست گزار کو مبینہ جرم سے تعلق ثابت کرنے کیلئےمناسب گراؤنڈ موجود ہے۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 ضمانتیں خارج کیے جانے کے فیصلے چیلنج کر دیے

    چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 ضمانتیں خارج کیے جانے کے فیصلے چیلنج کر دیے

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 ضمانتیں خارج کیے جانے کے فیصلے چیلنج کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق 9 مئی سے متعلق مقدمات، جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیسز اور جعل سازی کے مقدمے میں ضمانتیں خارج ہونے پر پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 9 درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

    سیشن کورٹ سے چیئرمین پی ٹی آئی کی 6 جب کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) سے 3 ضمانتیں خارج ہوئی ہیں، دائر درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں۔

    درخواست میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے میرٹ کو دیکھے بغیر ہی ضمانتیں عدم پیروی پر خارج کر دیں، اس لیے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ٹرائل کورٹس کے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ ٹرائل کورٹس کو دوبارہ کیسز سن کر میرٹ پر فیصلے کرنے کی ہدایت کی جائے، اور ان 9 مقدمات میں پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں ضمانتیں خارج

    چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں ضمانتیں خارج

    اسلام آباد : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں ضمانتیں خارج کردیں ، ضمانتیں عدم حاضری کےباعث خارج کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے 3 مقدمات کی سماعت ہوئی۔

    جج ابولحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ چیرمین پی ٹی آئی پر قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا، سپریم کورٹ نے ضمانت خارج نہیں کی، سپریم کورٹ نے ضمانت میں توسیع کی تو اےٹی سی میں کیوں نہیں ہوسکتی۔

    اسپیشل پراسیکیوٹر نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت متعدد بارچیرمین پی ٹی آئی کو ریلیف دے چکی ہے،اب ان کی ضمانت خارج کی جائے۔

    دلائل کے بعد عدالت نے پہلے فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں میں اپنا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تھانہ کھنہ میں دو اور تھانہ بارہ کہو میں درج ایک مقدمہ میں درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری خارج کردی۔

    عدالت نے عدم حاضری پر چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں خارج کرنے کا حکم سنایا، اے ٹی سی اسلام آباد کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی طرف سے محفوظ فیصلہ سنایا گیا۔