Tag: ضمانت منظور

  • القادر ٹرسٹ کیس‌ :‌ بشریٰ بی بی کو  ایک بار پھر ریلیف مل گیا

    القادر ٹرسٹ کیس‌ :‌ بشریٰ بی بی کو ایک بار پھر ریلیف مل گیا

    اسلام آباد: احتساب عدالت اسلام آباد نے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 31 مئی تک ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش ہوئے ، جج نے خواجہ حارث سے مکالمے میں کہا کہ کس لیے آئے ہیں، تو وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی عبوری درخواست ضمانت کے لیے آیا ہوں۔

    جس پر جج نے ریمارکس دیئے اسی لیے پولیس کی نفری لگائی گئی ہے،وکیل نے بتایا کہ جی عمران خان بھی پیش ہو رہے ہیں،ان کی بھی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہونی ہے۔

    نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی آجائیں تو اس معاملے کو دیکھ لیتے ہیں، بعد ازاں احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت 31 مئی تک منظور کرلی ، بشریٰ بی بی کی 5لاکھ مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کی گئی۔

    خیال رہے القادرٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت کا آخری دن تھا، لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی 23 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔

    لاہور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کو 23 مئی تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا کیس: عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور

    اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا کیس: عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں حفاظتی ضمانت مل گئی ہے۔

    سابق وزیراعظم عمران خان نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہا ئیکورٹ سے رجوع کیا۔

    عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شدید سکیورٹی تھریٹس ہیں جس وجہ سے دوبارہ قاتلانہ حملہ ہو سکتا ہے۔

    درخواست میں عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ٹرائل کورٹ کی بجائے خود عبوری ضمانت منظور کرے  اور ہائیکورٹ آج ہی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے۔

     اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی، جس میں عمران خان کی جانب سے وکیل سلمان صفدر، فیصل چوہدری، علی بخاری و دیگر پیش ہوئے۔

    سابق وزیر اعظم عمران خان بھی ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ پیش ہوئے تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی ضمانت 3 مئی تک منظور کرلی ہے۔

    عمران خان ہائیکورٹ سے  روانہ

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد روانہ ہو گئے ہیں، عمران خان کی پیشی کے موقع پر  اسلام آباد ہائیکورٹ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے تھے۔

    عمران خان کی آمد سے قبل کمرہ عدالت خالی کرا یا گیا اور کمرہ عدالت کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نےکلیئر کیا جب کہ  ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی ہائیکورٹ کی سکیورٹی مانیٹرنگ کی گئی۔

     اس سے قبل جب عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے تو ان کی گاڑی کو گیٹ پر روک لیا گیا تھا، پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے گاڑی کے داخلے سے متعلق آگاہ نہیں کیا، ہائیکورٹ سےگاڑی کو داخلےکی اجازت ملی تو اندر جانے دینگے، عمران خان نےگاڑی ہائیکورٹ کے احاطے میں داخلے کیلئے درخواست دائر کردی۔

    تاہم پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پیدل اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے میں داخل ہوئے۔

  • شہباز گل سے تفتیش مکمل ہوچکی مزید جیل میں نہیں رکھا جاسکتا، تحریری فیصلہ جاری

    شہباز گل سے تفتیش مکمل ہوچکی مزید جیل میں نہیں رکھا جاسکتا، تحریری فیصلہ جاری

    اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی ضمانت منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا ، جس میں کہا ہے کہ شہباز گل سے تفتیش مکمل ہوچکی مزید جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی ضمانت منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج نے 30 اگست کو شہباز گل کی درخواست ضمانت مسترد کی، ضمانت مسترد کے فیصلے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا۔

    تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ شہبازگل کو تھانہ کوہسار میں9 اگست کو درج مقدمےمیں گرفتار کیا گیا، ان کیخلاف ایف آئی آرمیں بغاوت سمیت دیگردفعات لگائی گئیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ پٹیشنرکے وکیل نے کہا کہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا جو بدنیتی پر ہے، وکیل نے بتایا ٹرائل کورٹ بھی مطمئن ہے، پاکستان پینل کوڈ دفعہ131 کے علاوہ کوئی جرم نہیں بنتا۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوٹر نہیں بتا سکے شہباز گل نے جرم کی معاونت کیلئے کسی سے رابطہ کیا، کسی سیاسی جماعت کےترجمان سے لاپروابیان کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق پولیس شواہد نہیں دے سکی کہ شہبازگل نے بیان سے پہلے یا بعد میں کسی سےرابطہ کیا، شہباز گل سے تفتیش مکمل ہوچکی مزید جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔

    عدالت نے مزید کہا کہ شہباز گل کو مزید جیل میں رکھنابےسودبلکہ ٹرائل سےپہلےسزادینےکےمترادف ہوگا، ہر سماعت پرعدالت حاضری یقینی بنانے کیلئے ٹرائل کورٹ شہباز گل کو پابند کرسکتی ہے۔

    عدالت کا تحریری فیصلے میں کہنا ہے کہ عدالت کے سامنے جواز پیش نہیں کیا جاسکا کہ شہباز گل کی درخواست مسترد کی جائے، شہباز گل کی پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر ضمانت منظور کی جاتی ہے۔

  • شیخ رشید کے بھتیجے کی ضمانت منظور

    شیخ رشید کے بھتیجے کی ضمانت منظور

    راولپنڈی : عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 1لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر رہائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں مجسٹریٹ درجہ اول محمدعارف نے شیخ رشید کے بھتیجے راشدشفیق کی درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی۔

    شیخ راشدشفیق کیجانب سے ایڈووکیٹ عبد الرزاق اورراجہ یاسرپیش ہوئے ، وکیل شیخ راشد شفیق نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ سیاسی انتقامی کارروائی کے سوا کچھ نہیں، وقوعہ سعودی عرب میں ہوا،وزیراعظم مدعی بنے نہ وزیراطلاعات۔

    مجسٹریٹ درجہ اول محمدعارف نےدلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا ، بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے شیخ راشد شفیق کی ضمانت منظور کرلی۔

    مجسٹریٹ محمد عارف نے 1لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر رہائی کا حکم دے دیا۔

    یاد رہے راشد شفیق کو سعودی عرب سے واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا ، جس کے بعد عدالت نے راشد شفیق کے خلاف ٹھوس شہادت پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    بعد ازاں کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے ملزم راشد شفیق 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر اٹک پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

  • رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کی ضمانت منظور، مچلکے جمع نہ کرانے پر کیمپ جیل منتقل

    رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کی ضمانت منظور، مچلکے جمع نہ کرانے پر کیمپ جیل منتقل

    لاہور:سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کی ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کرلی اور رہائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے نذیر چوہان کو کینٹ کچہری جوڈیشل مجسٹریٹ رحمان الہی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی لیکن عدالت نے نذیر چوہان کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا۔

    نذیر چوہان کی جانب سے وکلا نے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی، جس میں کہا گیا کہ الزامات غلط ہیں کوٸی غیر قانونی کام نہیں کیا انھیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    جس پر عدالت نے نذیر چوہان کی ضمانت منظور کرتے ہوٸے ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ۔ عدالت نے قرار دیا کہ نذیر چوہان پر کے خلاف لگاٸی گٸی دفعات قابل ضمانت ہیں ۔

    عدالت نے کہا اگر ایم پی اے نزیر چوہان عدالت کو مطمئن کرنے کےلیے ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں تو انہیں رہا کردیا جائے اور ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پر چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جائے ۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ اگر نذیر چوہان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل جاتے ہیں تو انھیں دوبارہ دس اگست کو پیش کیا جاٸے، بعد ازاں ایم پی اے نذیر چوہان کو مچلکے جمع نہ کرانے پر کیمپ جیل منتقل کردیاگیا۔

    یاد رہے لاہور پولیس کی جانب سے صوبائی رکن اسمبلی نذیر چوہان کو یل ڈی اے پلازہ کے قریب سے رفتار کیا گیا تھا ، پولیس نے نذیرچوہان کو ایل ڈی اے پلازہ کے قریب سے شہزاد اکبر کی درخواست پردرج مقدمے میں حراست میں لیا۔

    خیال رہے نذیر چوہان کے خلاف وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا ہے کہ نذیر چوہان نے مذہبی حوالے سے ایسے بیانات دیے جس سے شہزاد اکبر کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔

  • پولیس افسران سے بدتمیزی : مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کی  ضمانت منظور

    پولیس افسران سے بدتمیزی : مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کی ضمانت منظور

    گوجرانوالہ : عدالت نے سینئر پولیس افسران سے بدتمیزی  کے مقدمے میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے  30 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرآباد میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کو سینئر پولیس افسران سےبدتمیزی اور وردی پرہاتھ ڈالنےکی کوشش کے مقدمے میں عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت پیشی کے موقع پر پولیس کی طرف سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

    عدالت نے لیگی رہنما عطا تارڑ اور تین کارکنوں کی ضمانت تیس تیس ہزار کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی گئی۔

    بعد ازاں مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں مذاکرات کےلئے بلا کرگرفتارکر لیا گیا، پولیس گردی کی بدترین مثال ہے، پولیس کوسیاسی آلہ کار کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، ایسےاوچھے ہتھکنڈوں سے ہمارا عزم بڑھے گا۔

    عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ مقدمےمیں 3ناقابل ضمانت دفعات تھیں، 16ایم پی او لگائی گئی جس میں 3ماہ کی نظر بندی ہوتی ہے، عدالت میں تینوں دفعات ڈیلیٹ ہوئیں اب چالان پیش ہو گا۔

    ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ سیدھاسیالکوٹ جاؤں گا ایک دن بھی ضائع نہیں کروں گا، پنجاب حکومت نےروکنےکی کوشش کی تونتائج کی ذمہ دارہو گی، اب زبان بندی نہیں ہو گی اب زیادہ چلے گی ، پی ٹی آئی کے کرائے کے ترجمان تیار ہو جائیں ،میں آ رہا ہوں۔

  • پولیس پر حملہ اور زدکوب کیس ، نہال ہاشمی اور ان کے 2 بیٹوں کی  ضمانت منظور

    پولیس پر حملہ اور زدکوب کیس ، نہال ہاشمی اور ان کے 2 بیٹوں کی ضمانت منظور

    کراچی: سٹی کورٹ نے پولیس پر حملہ اور زدکوب کرنے سے متعلق کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی اور ان کے2بیٹوں کی ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سٹی کورٹ میں پولیس پر حملہ اور زدکوب کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، مسلم لیگ ن کےرہنمانہال ہاشمی اور 2 بیٹوں کوعدالت میں پیش کیا گیا۔

    پولیس افسر نے عدالت کو بتایا کہ نہال ہاشمی نے پولیس پرحملہ کیااورکارسرکارمیں مداخلت کی، جس پر نہال ہاشمی نے بیان میں کہا کہ میرے گھر والوں سے بدتمیزی کی گئی، میری اہلیہ کو دھکے دئیے گئے۔

    پولیس نے نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کے ریمانڈ کی استدعا کی تو نہال ہاشمی کے وکیل نے کہا کہ نہال ہاشمی کےبیٹے کو ماراپیٹا گیا ، پولیس والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، پولیس نے سیاسی بنیاد پر مقدمہ بنایا،خارج کیا جائے۔

    جس پرعدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کردی اور نہال ہاشمی ، ان کے بیٹے بیرسٹرنصیرہاشمی اورفہیم ہاشمی کی ضمانت ذاتی مچلکوں کےعوض منظور کرلی، ملزمان کی ضمانت 20 ہزارروپے کے مچلکوں کےعوض منظور کی گئی۔

    عدالت نے تحقیقات کرکےآئندہ سماعت پرپیشرفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معاملےکی مکمل تفتیش کی جائے، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور 14 روز میں مقدمے کا چالان بھی پیش کیا جائے۔

    گذشتہ رات کراچی کےعلاقے ملیر کالا بورڈ پر نہال ہاشمی کے بیٹے نصیراورابراہیم اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور بات ہاتھ پائی تک پہنچ گئی تھی ، تھانے میں بیٹوں نے پولیس اہلکار پر تشدد بھی کیا۔

    نہال ہاشمی کا موقف تھا کہ والدہ سے بد تمیزی کرنے پربیٹوں نےماں کوبچایا تاہم پولیس اہلکارکوزدوکوب کرنے کامقدمہ سعودآبادتھانے میں درج کرکے نہال ہاشمی اوران کےدونوں بیٹوں کو حوالات میں بند کردیا تھا۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کی ضمانت منظور

    جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کی ضمانت منظور

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کی طبی بنیاد پر ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے انور مجید کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت میں سماعت کے دوران جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیے کہ تاثر کو زائل ہونا چاہیے کہ نیب کا رویہ سیاسی افراد کے ساتھ مختلف ہے۔

    جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ انور مجید کو شدید نوعیت کی دل کی بیماری ہے، علاج کرانا ان کا بنیادی حق ہے لیکن باہر کوئی نہیں جائے گا، انور مجید کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ نیب کی تفتیش میں تعاون جاری رکھا جائے، تفتیش میں عدم تعاون پر انور مجید کی ضمانت خارج ہو جائے گی۔

    عدالت نے طبی بنیادوں پر انور مجید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 کروڑ روپے بینک گارنٹی ڈپٹی رجسٹرار کے پاس جمع کرنے کا حکم دے دیا۔

    سپریم نے اپنے حکم میں کہا کہ ملزم کا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرایا جائے گا اور ملزم کا نام ای سی ایل پر رہے گا۔

    یاد رہے کہ 15 اگست 2018 میں انور مجید اور ان کے صاحبزادے اے جی مجید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا مسترد ہونے پر ایف آئی اے نے انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔

  • ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی کرنے والی خاتون کی ضمانت منظور

    ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی کرنے والی خاتون کی ضمانت منظور

    لاہور: لاہور کی سیشن کورٹ نے ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی کرنے والی خاتون کی ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں ٹریفک وارڈن پر تشدد ،تضحیک آمیز رویےسے متعلق سماعت ہوئی۔عدالت نے ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی کرنے والی خاتون کی ضمانت منظور کر کر لی۔

    سیشن کورٹ نے پولیس کو 22 جولائی تک خاتون کوگرفتار کرنے سے روک دیا۔عدالت نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کی۔

    لاہور، ٹریفک وارڈن پر تشدد کرنے والی خاتون کی شناخت ہوگئی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے گلبرگ میں ٹریفک وارڈن پر تشدد کرنے والی خاتون کی شناخت 29 سالہ رئیسہ مسعود کے نام سے ہوئی تھی، خاتون لاہور کے علاقے نیو گارڈن ٹاؤن کی رہائشی ہے۔

    خاتون کی جانب سے غلط جگہ گاڑی پارک کرنے پر وارڈن نے اسے آگاہ کیا اور کار ہٹانے کو کہا تھا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی۔

    خاتون ڈرائیور کو یہ ہدایت بری لگی اور وہ آپے سے باہر ہوکر ٹریفک اہلکار سے بدتمیزی کرنے لگی۔اس دوران خاتون نے وارڈن سے وائر لیس سیٹ بھی چھیننے کی کوشش کی تھی۔

  • شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت منظور

    شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانت منظور

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ مقدمہ ثابت ہونے تک ملزم بے گناہ ہوتا ہے، شہری کا حق آزادی اور عزت نفس مجروع ہونے سے بچانا بھی ضروری ہے۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ نیب کو ملزم کی گرفتاری کا اختیار اسے آئینی حقوق سے محروم نہیں کرسکتا۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر نیب نے احسن اقبال کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے۔

    ایڈیشنل پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر احسن اقبال اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرائیں تو ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔عدالت نے احسن اقبال کی ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

    بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایل این جی کیس میں پیپرا رولز کا تو اطلاق ہی نہیں ہوتا، اس میں تو پبلک فنڈ کا استعمال ہی نہیں ہوتا اس میں تو پبلک فنڈ کا استعمال ہی نہیں ہوا، گرانٹ استعمال ہوئی، ایک معاملے میں پبلک فنڈز کا استعمال ہی نہیں ہوا تو آپ کا کیس کیا ہے؟

    ایڈیشنل نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تمام پراسیس کیا جس میں اوگرا کو بھی شامل نہیں کیا گیا، شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے منصوبے میں اختیارات کا غلط استعمال کیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بھی ایل این جی کیس میں ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو بھی ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔