Tag: ضمنی الیکشن 2018

  • پی ٹی آئی کی کام یابی عمران خان پر اعتماد کا اظہار ہے، فواد چوہدری

    پی ٹی آئی کی کام یابی عمران خان پر اعتماد کا اظہار ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کراچی میں ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی جیت پر کہا کہ پی ٹی آئی کی کام یابی عمران خان پر اعتماد کا اظہار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے شہرِ قائد میں ایم کیو ایم پاکستان کے مقابلے میں پی ٹی آئی کی واضح کام یابی کو وزیرِ اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار قرار دیا۔

    وزیرِ اطلاعات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی نے لسانی سیاست رد کر کے قومی سیاست کا انتخاب کیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں تحریکِ انصاف کی کام یابی انشاء اللہ پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

    دوسری طرف ایم کیو ایم پاکستان نے شہرِ قائد میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج مسترد کر دیے، پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے نتائج کو جانب دار قرار دے دیا۔


    یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات، تحریک انصاف کا کراچی سے کلین سوئپ،پشاور میں اے این پی کامیاب


    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلیوں کی دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 247 اور پی ایس 111 میں تحریک انصاف کو جب کہ پی کے 71 میں عوامی نیشنل پارٹی کو برتری حاصل ہے۔

  • کراچی میں ضمنی الیکشن کے نتائج مسترد کرتے ہیں: ایم کیو ایم پاکستان

    کراچی میں ضمنی الیکشن کے نتائج مسترد کرتے ہیں: ایم کیو ایم پاکستان

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) نے شہرِ قائد میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج مسترد کر دیے، پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے نتائج کو جانب دار قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماؤں کنور نوید جمیل اور خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ وہ ضمنی الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔

    [bs-quote quote=”الیکشن شفاف پُر امن رہے مگر نتائج شفاف نہیں: خواجہ اظہار” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے نتائج بے بنیاد اور جانب داری پر مبنی ہیں، ہم نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا، ہمارے ووٹرز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، کل رابطہ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں صورتِ حال پر غور کریں گے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ این اے 247 کا نتیجہ این اے 243 سے مماثلت رکھتا ہے، الیکشن شفاف پُر امن رہے مگر نتائج شفاف نہیں۔

    خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کو بیلٹ پیپر دکھایا ہی نہیں جا رہا، ایسے نتائج ہوں گے تو آئندہ الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ کریں گے۔


    ضمنی انتخابات، گنتی آخری مراحل میں داخل: تحریک انصاف جیت کے قریب


    ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت مضبوط کرنے کی ذمہ داری صرف ہماری نہیں، ہر الیکشن میں نتائج زمینی حقائق کے خلاف آ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ کراچی کے حلقے این اے 247 کے 232 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے آفتاب صدیقی 31366 ووٹ لے کر آگے ہیں جب کہ ایم کیو ایم کے صادق افتخار 13544 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

  • عوامی امنگوں کے مطابق الیکشن کے فیصلے آنے چاہئیں، ہم کسی سے لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے:سعدرفیق

    عوامی امنگوں کے مطابق الیکشن کے فیصلے آنے چاہئیں، ہم کسی سے لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے:سعدرفیق

    لاہور: سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عوامی امنگوں کے مطابق الیکشن کے فیصلے آنے چاہئیں، ہم کسی سے لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے، ن لیگ کی حمایت پر پیپلزپارٹی اور ایم ایم اے کاشکریہ ادا کرتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے ضمنی انتخاب میں مثالی کامیابی ملی، قومی اور صوبائی اسمبلی کی 2،2 نشستیں ن لیگ کے نام رہی۔

    انہوں نے کہا کہ فیصل آباد، اٹک سے بھی قومی اسمبلی کی نشستیں ہمارے حصے میں آئی ہیں، راولپنڈی سے بھی ن لیگ کے جیتنے کی اطلاع ہے، عوامی مینڈیٹ کا راستہ نہیں روکا جانا چاہیے۔

    ضمنی انتخابات : خواجہ سعد رفیق نے ووٹ کاسٹ کردیا

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شفاف اور آزادانہ جمہوریت کا سورج طلوع ہوگا، جمہوریت اور آئین کے مطابق چلنے والا پاکستان ہمارا خواب ہے، آج، کل یا پرسو ہمارے اس خواب کی تعبیر پوری ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کیسے حکمران ہیں ہر وقت آستینیں چڑھا کر اپوزیشن کو للکارتے ہیں، نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت میں کاروان جمہوریت آگے بڑھتا رہے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف، حنیف عباسی اور انجینئر قمرالسلام سمیت تمام سیاسی قیدی رہا کیے جائیں، لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملے گی تو قانون کے تحت اصلاح کرنا ذمہ داری ہے۔

  • مونس الہٰی، سالک حسین کی کام یابی ق لیگ کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، چوہدری شجاعت، پرویز الہٰی

    مونس الہٰی، سالک حسین کی کام یابی ق لیگ کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، چوہدری شجاعت، پرویز الہٰی

    لاہور: مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی نے چوہدری سالک اور مونس الہٰی کی ضمنی انتخابات میں کام یابی پر کہا کہ یہ ق لیگ کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا ’کسی نے حکومت گرانے کی کوشش کی تو ہم ساتھ نہیں دیں گے، عوام نے میرے بیٹے چوہدری سالک اور مونس الہٰی کو کام یابی دلائی۔‘

    [bs-quote quote=”شہباز شریف صرف اشارہ کر کے ڈی پی او، ڈی سی او تبدیل کرتے تھے: پرویز الہٰی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ شان دار کام یابی پر اللہ تعالیٰ اور عوام کے شکر گزار ہیں، آج کے الیکشن نے ثابت کر دیا حکومت عوام کی طاقت سے آئی ہے۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے بھی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مونس الہٰی اور سالک حسین کی کام یابی ق لیگ کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار مضبوط وزیرِ اعلیٰ ہیں، کام کر کے دکھائیں گے، نئی نسل آگے آنے سے تبدیلی آئے گی، 10 سال کی بربادی کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔

    پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ شہباز شریف صرف اشارہ کر کے ڈی پی او، ڈی سی او تبدیل کرتے تھے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا خوش آئند ہے۔


    براہ راست دیکھیں:‌ ضمنی انتخابات 2018، 11 نشتوں‌ کے غیر حتمی غیر سرکاری مکمل نتائج موصول


    ق لیگی رہنما  نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ’الیکشن کمیشن نے جنرل الیکشن کے بعد ضمنی الیکشن بھی پُر امن ماحول میں کرایا۔‘

    خیال رہے کہ ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 35 نشتوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

  • نتائج سے ثابت ہوا عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، فواد چوہدری

    نتائج سے ثابت ہوا عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے ابتدائی نتائج کا رجحان ثابت کر رہا ہے کہ عوام پاکستان تحریکِ انصاف کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات 2018 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج پر تحریک انصاف کا ردِ عمل سامنے آ گیا، وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ نتائج ثابت کر رہے ہیں کہ عوام کس پارٹی کے ساتھ ہیں۔

    [bs-quote quote=”اسٹیٹس کو کی علامت جماعتیں ناکام ہوگئیں: وزیرِ اطلاعات” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی ایک بار پھر بڑی جماعت بن کر سامنے آ گئی ہے، تمام صوبوں میں پی ٹی آئی کی نمائندگی نظر آ رہی ہے۔

    وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں تحریکِ انصاف حقیقی معنوں میں وفاق کی علامت بن کر ابھری ہے، اسٹیٹس کو کی علامت جماعتوں نے مل کر تبدیلی کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔


    براہ راست دیکھیں:‌ ضمنی انتخابات 2018، 11 نشتوں‌ کے غیر حتمی غیر سرکاری مکمل نتائج موصول


    وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مخصوص حلقوں اور علاقوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 35 نشتوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

  • آج ہمارے لیے خوشی کا دن ہے، شاہد خاقان عباسی

    آج ہمارے لیے خوشی کا دن ہے، شاہد خاقان عباسی

    لاہور: سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق این اے 124 لاہور سے کام یابی حاصل کر لی ہے، جیتنے کے بعد انھوں نے کہا کہ آج ہمارے لیے خوشی کا دن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی سے این اے 124 سے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار کو شکست دے کر خوشی کا اظہار کیا، کہا اللہ کا شکر ہے تاریخی فتح حاصل ہوئی۔

    غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے 75012 ووٹ حاصل کیے، جب کہ پی ٹی آئی کے غلام محی الدین نے 30115 ووٹ حاصل کیے۔

    شاہد خاقان عباسی نے ابتدائی نتائج کے بعد ہی اپنے حمایتیوں کو مٹھائی کھلانی شروع کر دی تھی، انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’یہ لوگوں کی ن لیگ کے ساتھ محبت کا نتیجہ ہے۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  براہ راست دیکھیں:‌ ضمنی انتخابات 2018، 11 نشتوں‌ کے غیر حتمی غیر سرکاری مکمل نتائج موصول


    مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ آج ووٹرز نے ثابت کر دیا کہ ن لیگ کا راستہ نہیں روکا جا سکتا، میں ن لیگی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    شاہد خاقان عباسی نے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کو دیکھ کر پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید کی، کہا وزیرِ اعظم عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

  • انتخابی عمل کی خلاف ورزی، نواز شریف اور مریم نواز نے ووٹ نہیں ڈالا

    انتخابی عمل کی خلاف ورزی، نواز شریف اور مریم نواز نے ووٹ نہیں ڈالا

    لاہور: نواز شریف نے انتخابی عمل کی خلاف ورزی کی اور کارکنوں کے ہمراہ اپنی گاڑی پولنگ اسٹیشن کے اندر لے گئے تاہم شناختی کارڈ نہ ہونے کے سبب ووٹ کاسٹ نہ کرسکے۔

    تفصیلات کے مطابق ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے گورنمنٹ ٹیکنالوجی کالج آمد ہوئی، نواز شریف کارکنوں کے ہمراہ اپنی گاڑی پولنگ اسٹیشن کے اندر لے گئے، ان کے ساتھ کارکنوں کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشن میں گھس گئی۔

    سابق وزیراعظم نواز شریف ووٹ کاسٹ کیے بغیر ہی پولنگ اسٹیشن سے روانہ ہوگئے، وہ قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ نہیں لائے تھے، نواز شریف کے ہمراہ شاہد خاقان عباسی ودیگر رہنما بھی موجود تھے۔

    دوسری جانب مریم نواز نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا، ان کا ووٹ این اے 124 میں رجسٹرڈ ہے۔

    الیکشن کمیشن کا ردعمل

    نواز شریف کے کارکنان سمیت پولنگ اسٹیشن جانے پر الیکشن کمیشن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پریذائیڈنگ آفیسر اس کے ذمہ دار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ کی شکایت آئی تو کارروائی ہوگی، ابھی تک اس حوالے سے کوئی شکایت نہیں آئی ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ووٹ کاسٹ کرنا ہر شہری کا حق ہے، انتخابات میں سیکیورٹی کے معاملات کو مدنظر رکھا جاتا ہے، شکایت موصول ہونے کے بعد اس معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس نشست پر مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان مدمقابل ہیں، این اے 124 میں عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز کامیاب ہوئے تھے، ان کے نشست چھوڑنے کی وجہ سے اس حلقے میں ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔