Tag: ضمنی انتخابات

  • پنجاب میں بدترین شکست : وزیراعظم  نے رہنماؤں کو مشاورت کے لیے بلالیا

    پنجاب میں بدترین شکست : وزیراعظم نے رہنماؤں کو مشاورت کے لیے بلالیا

    اسلام آباد : ضمنی انتخابات میں بدترین شکست کے بعد وزیر اعظم شہبازشریف نے رہنماؤں کو مشاورت کے لیے بلالیا، جس میں حمزہ شہباز کے اکثریت کھو جانے کے بعد مستعفی ہونے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج پارٹی کا اعلی ٰسطح اجلاس طلب کرلیا ، اجلاس میں وزیر اعلی ٰپنجاب حمزہ شہباز سمیت سینئررہنما شرکت کریں گے۔

    اجلاس لاہور میں ہی ہوگا ،وزیراعظم شام کو اسلام آباد آئیں گے، اجلاس میں حمزہ شہباز کے اکثریت کھو جانے کے بعد مستعفی ہونے سے متعلق فیصلہ ہوگا اور ضمنی الیکشن میں شکست کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے تمام صورتحال پر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے ، اس سلسلے میں اتحادیوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کل اسلام آباد میں متوقع ہے۔

    خیال رہے تحریک انصاف نے پنجاب میں میدان مارلیا اور پی ڈی ایم امیدواروں کوشکست دے دی، پی ٹی آئی نے بیس میں سے پندرہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

    غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن چارنشستوں پر کامیاب ہوئی جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

    پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے پی ٹی آئی نے مطلوبہ گولڈن نمبرایک سوچھیاسی عبورکرلیا ہے ، پنجاب میں ق لیگ کی سیٹیں ملا کر پی ٹی آئی کے پاس نشستوں کی تعداد ایک سواٹھاسی ہوگئیں۔

  • پنجاب ضمنی الیکشن: پولیس گردی کے بعد کسانوں کا پانی بھی بند

    پنجاب ضمنی الیکشن: پولیس گردی کے بعد کسانوں کا پانی بھی بند

    لاہور: پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے آج انتخابی مہم کا آخری روز ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس گردی کے بعد کسانوں کا پانی بھی بند کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی 158 میں پولیس پی ٹی آئی کے انتخابی دفاتر بند کرانے کے لیے متحرک ہو گئی ہے، مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی دفاتر اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے اور ان سے حلف نامے لیے گئے۔

    کلرسیداں میں بھی پولیس نے پی ٹی آئی کے انتخابی دفتر پر دھاوا بولا اور الیکشن آفس بند کرا دیا، امیدوار نے بتایا کہ ایس پی کی قیادت میں اہل کاروں نے دھاوا بولا، بینرز اور پارٹی پرچم اتار پھینکے۔

    ادھر ن لیگ کی انتخابی مہم  کے لیے 3 نہریں بھی بند کر دی گئی ہیں جس پر کسان سراپا احتجاج بن گئے ہیں، لیگی امیدوار طاہر رندھاوا کی سفارش پر محکمہ انہار لیہ نے خلاف شیڈول اقدام کرتے ہوئے پی پی 282 لیہ میں ٹیل انڈس نہر کو پانی دے دیا۔

    محکمہ انہار نے شیڈول کے خلاف چوک سرور شہید کی بھاگل، لانجو، ماچھو نہریں بند کر دیں، پی پی 282 لیہ میں چالو نہر انڈس ٹیل کی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے چلائی۔

    متاثرہ کسانوں کا کہنا ہے کہ الیکشن والے حلقے میں کسانوں کو خوش کرنے کے لیے ہمارا پانی بند کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، امیدواروں کی انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی، ان حلقوں میں ضمنی انتخاب 17 جولائی کو ہوگا، الیکشن کمیشن کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

    مجموعی طور پر 45 لاکھ 79 ہزار 8 سو 98 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، رجسٹرڈ ووٹرز میں 24 لاکھ 60 ہزار 206 مرد، 21 لاکھ 19 ہزار 6 سو 92 خواتین ووٹرز ہیں۔

    20 حلقوں کے لیے 3131 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، مردانہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 731، خواتین کے لیے 700، مشترکہ پولنگ اسٹیشن 1700 ہیں، پولنگ بوتھ کی تعداد 9 ہزار 5 سو 62 ہے۔

    1900 پولنگ اسٹیشنز میں 1204 حساس اور 696 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، لاہور اور ملتان کے حلقے انتہائی حساس اضلاع قرار دیے گئے، جب کہ لاہور کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

  • پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی روکنے کیلئے پی ٹی آئی کی حکمت عملی تیار

    پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی روکنے کیلئے پی ٹی آئی کی حکمت عملی تیار

    لاہور : پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی روکنے کیلئے پی ٹی آئی کے 5ہزار نوجوان ڈیوٹی دیں گے اور پولنگ اسٹیشنز میں وکلا پولنگ ایجنٹ مقرر کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی روکنے کیلئے تحریک انصاف نے حکمت عملی تیار کرلی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 20حلقوں پر پی ٹی آئی کے 5ہزار نوجوان ڈیوٹی دیں گے اور دھاندلی روکنے کیلئے پولنگ اسٹیشنز میں وکلا پولنگ ایجنٹ مقرر کیے جائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وکلا یونیفارم میں ملبوس ہوں گے تاکہ غیر قانونی عمل کیخلاف کارروائی کراسکیں۔

    ذرائع کے مطابق لیڈیز پولنگ اسٹیشنز پر بھی تحریک انصاف کی خواتین ورکز ڈیوٹی دیں گے ، خواتین کوپولنگ اسٹیشنز پر لے جانے کے اقدامات ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دن تحریک انصاف قیادت امیدواروں کیساتھ رابطے میں رہے گی، مقدمات میں گرفتاری سے بچنے کے لیے تمام رہنماؤں کی ضمانتیں کرائی جائیں گی۔

  • سوات کے حلقہ پی کے 7 پر ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا

    سوات کے حلقہ پی کے 7 پر ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا

    سوات: خیبر پختون خوا کے ضلع سوات کے حلقہ پی کے 7 پر ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع سوات کے انتخابی حلقے PK-7 پر ضمنی انتخاب کا میدان سج چکا ہے، پی ٹی آئی کے فضل مولا اور اے این پی کے حسین احمد خان سمیت 4 امیدوار اس نشست پر مد مقابل ہیں۔

    یہ نشست اے این پی کے وقار خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر آج صبح 8 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوا، اور شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

    اس حلقے میں ایک لاکھ 83 ہزار 308 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، حلقے میں 124 پولنگ اسٹیشنز اور 308 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، حلقے میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید نے تحصیل کبل کے پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ووٹ کے لیے آئے ہوئے مراد سعید اچانک پی ڈی ایم کے کیمپ میں گئے اور کارکنوں سے ملاقات کی۔

    سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، پولنگ شروع

    انھوں نے کہا تمام پارٹیاں مل کر پی ٹی آئی کے خلاف میدان میں ہیں، کیوں کہ یہ عوام میں جانے کے قابل ہی نہیں ہیں، امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

    ادھر سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ جاری ہے، سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ اور میرپورخاص ڈویژنز کے 14 اضلاع میں پولنگ جاری ہے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کا رش لگا ہے۔

  • عمران خان  کا پنجاب  کے ضمنی انتخابات میں لوٹوں کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

    عمران خان کا پنجاب کے ضمنی انتخابات میں لوٹوں کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں لوٹوں کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ، عمران خان منحرف اراکین اسمبلی کے حلقوں کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان متحرک ہو گئے اور پی ٹی آئی قیادت نے ضمنی انتخابات میں لوٹوں کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی نے پنجاب ضمنی الیکشن مہم کیلئے منحرف اراکین اسمبلی کے حلقوں میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اتوار کو لاہور کے 4 حلقوں میں کا دورہ کریں گے اور دورے کے دوران ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔

    دوسری طرف ضمنی انتخابات کے لیے پنجاب کی پارٹی قیادت بھی متحرک ہو گئی ہے اور لوٹوں کو ٹف ٹائم دینے کے لئے پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے مقامی عہدیداروں ،یوسی ناظمین اور امیدواروں کو بھرپور کمپین کی ہدایت کردی ہے۔

  • ضمنی انتخابات میں  پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کوٹکٹ دینےکا  معاملہ، مسلم لیگ ن   اختلافات کا شکار

    ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کوٹکٹ دینےکا معاملہ، مسلم لیگ ن اختلافات کا شکار

    لاہور : ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کوٹکٹ دینے کے معاملے پر مسلم لیگ ن میں اختلافات سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں منحرفین کو ٹکٹ دینے کا معاملے پر مسلم لیگ ن لیگ اختلافات کا شکار ہوگئی ، ذرائع نے کہا ہے کہ مقامی قیادت اور کارکن دل سے منحرف ارکان کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔

    ذرائع ن لیگ نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کوٹکٹ دینے پرشدیدردعمل عمل آیاہے ، جس کے بعد ن لیگ بعض منحرف ارکان کو آزاد الیکشن لڑوانے کا سوچ رہی ہے اور ن لیگ ان حلقوں میں اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اگرمنحرف ارکان کو ٹکٹ دیاتوپارٹی اختلافات کیساتھ شکست کا بھی خدشہ ہے، اسدکھوکھر ، نعمان لنگڑیال ، غلام رسول سنگھا ، اجمل چیمہ ، لالہ طاہررندھاوا ،سلمان نعیم آزاد اور نذیر چوہان آزادامیدوارکی حیثیت میں الیکشن لڑیں گے۔

    ن لیگ کے ذرائع نے کہا کہ اگرکسی منحرف نے خواہش کا اظہار کیا تو ن لیگ ٹکٹ دے گی ، مشکل میں ساتھ دینے والےمنحرفین کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔

  • گورنر سندھ استعفیٰ دینے والے رکن اسمبلی شہزاد اعوان کو راضی نہ کر سکے

    گورنر سندھ استعفیٰ دینے والے رکن اسمبلی شہزاد اعوان کو راضی نہ کر سکے

    کراچی: شہر قائد کے انتخابی حلقے این اے 249 میں امجد آفریدی کو ٹکٹ دیے جانے پر اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے والے ملک شہزاد اعوان کو گورنر سندھ راضی نہ کر سکے۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 249 میں امجد آفریدی کو ٹکٹ دینے پر تحریک انصاف میں اختلافات برقرار ہیں، اس سلسلے میں آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ناراض اور استعفی دینے والے رکن سندھ اسمبلی شہزاد اعوان سے ملاقات کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ ملاقات میں شہزاد اعوان کو استعفیٰ واپس لینے پر راضی نہ کر سکے، شہزاد اعوان کا احتجاج برقرار ہے، اور وہ امجد آفریدی سے ٹکٹ واپس لینے پر اصرار کر رہے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملک شہزاد اعوان این اے 249 کے امیدوار کو تبدیل کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں، انھوں نے ملاقات میں گورنر سندھ کو مخالفین کے امیدواروں کی پختگی اور پی ٹی آئی امیدوار کی کمزوری کی وجہ بھی بتائی۔

    انھوں نے کہا میں پی ٹی آئی کا حصہ تھا اور ہمیشہ رہوں گا، ووٹ عمران خان کی امانت ہے، خیانت نہیں کر سکتا، اس کمزور امیدوار کے ساتھ کام نہیں کر سکتا یہ میرا واضح مؤقف ہے۔

    ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا بلدیہ ٹاؤن عمران خان کا قلعہ ہے، اس قلعے کو نقصان نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا میری امجد سے کوئی ذاتی مخالفت نہیں، یہ ہماری جیتی ہوئی سیٹ ہے اور ہم نے یہ سیٹ دوبارہ جیت کر وزیر اعظم کو تحفے میں پیش کرنی ہے۔

    انھوں نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ ہمیں آپ امیدوار تبدیل کر کے دیں، ورکرز کو مشاورت میں لے کر دوسرا امیدوار دیں، اور ہم آپ کو یہ سیٹ جیت کر دیں گے۔

  • فافن  کی شفاف الیکشن میں حائل سرکاری افسران کوجرمانے اور سزائیں دینے کی تجویز

    فافن کی شفاف الیکشن میں حائل سرکاری افسران کوجرمانے اور سزائیں دینے کی تجویز

    اسلام آباد : فافن نے شفاف الیکشن میں حائل سرکاری افسران کوجرمانے اور سزائیں دینے کی تجویز دیتے ہوئے ووٹوں کی گنتی کے عمل میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ضمنی انتخابات سے متعلق فافن کی رپورٹ جاری کردی ، جس میں کہا کہ ضمنی انتخابات کےدوران انتخابی عمل بہتردیکھنےمیں آیا، تاہم سیالکوٹ واقعات کی وجہ سے الیکشن کمیشن کونتیجہ روکناپڑا اور غیرقانونی طورپرانتخابی مہم کےبعدشکایات سامنےآئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کوروناپروٹوکول کےحوالےسےکمزوری محسوس کی گئی جبکہ پولنگ اسٹیشن کےاندرووٹوں کےگنتی کےعمل میں بہتری نظرآئی، اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

    فافن کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفین عام طورپراپنی ذمہ داریاں مکمل نہیں نبھاتے، اس کی وجہ سےدوران ووٹنگ ایسےواقعات پیش آتےہیں، این اے 75 کے حوالے سے الیکشن کمیشن نےسنجیدہ اقدامات کیے، پریزائیڈنگ افسران کاغائب ہونادیگرواقعات پرای سی بی اختیارات استعمال کرے، ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

    فافن نے شفاف الیکشن میں حائل سرکاری افسران کوجرمانے،سزائیں دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا این اے75ضمنی الیکشن میں ووٹوں کی گنتی میں بے ضابطگیاں دیکھنےمیں آئیں، بےضابطگیوں کےباعث الیکشن کمیشن کواین اے75کانتیجہ روکناپڑا۔

    فافن کا رپورٹ میں کہنا تھا میں پولنگ اسٹیشنزکےباہرالیکشن کمیشن کوانتظامی امورمیں بہتری کی ضرورت ہے، نتائج تاخیرسےملنےوالےحلقوں میں الیکشن کمیشن دوبارہ انتخاب کراسکتاہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کوروناایس او پیز خلاف ورزی،غیرقانونی الیکشن مہم، عمومی خلاف ورزیاں سامنےآئیں، قومی اسمبلی کی3،صوبائی اسمبلی کی5نشستوں پرضمنی انتخابات کرائےگئے، جس میں 71فیصدپولنگ اسٹیشنزکےقریب پارٹی کیمپس کی اجازت قواعد کی خلاف ورزی ہے۔

    فافن کے مطابق ایک کمرےمیں متعددپولنگ بوتھ قائم کیےگئےجس سےغیرضروری رش ہوا تاہم 8حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کےعمل کےدوران خلاف ورزی دیکھنے میں نہیں آئی۔

  • پیپلز پارٹی نے کراچی پی ایس 88 کا ضمنی انتخاب بھی جیت لیا

    پیپلز پارٹی نے کراچی پی ایس 88 کا ضمنی انتخاب بھی جیت لیا

    کراچی: شہر قائد کے انتخابی حلقے پی ایس 88 میں ضمنی انتخاب پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نے جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے کراچی پی ایس88 میں ضمنی انتخاب کا مکمل غیر سرکاری نتیجہ بھی نشر کر دیا، پیپلز پارٹی کے یوسف مرتضیٰ بلوچ 24 ہزار 251 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔

    پی ایس 88 کے تمام 108 پولنگ اسٹیشنز کا مکمل غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ آ چکا ہے، جس کے مطابق پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا، جب کہ دوسرے نمبر پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سید کاشف علی نے 6 ہزار 90 ووٹ لیے۔

    غیر حتمی نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے جان شیر جونیجو 4 ہزار 870 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آئے ہیں جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے ساجد احمد نے 2 ہزار 635 ووٹ لیے۔

    سانگھڑ پی ایس 43 ضمنی انتخاب، پیپلزپارٹی نے میدان مار لیا

    واضح رہے کہ سندھ کے حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ کے غیر سرکاری، غیر حتمی نتیجے کے مطابق بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار جام شبیر علی نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    پی ایس 43 سانگھڑ کے تمام 132 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پی پی کے جام شبیر علی 48 ہزار 28 ووٹ لیے ہیں، جب کہ پی ٹی آئی کے مشتاق جونیجو 6 ہزار 925 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

  • سندھ میں ضمنی الیکشن: ن لیگ کا پی پی کے حق میں بڑا اعلان

    سندھ میں ضمنی الیکشن: ن لیگ کا پی پی کے حق میں بڑا اعلان

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن نے سندھ بھر میں ضمنی الیکشن میں پی پی امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، ن لیگ نے سندھ بھر میں ضمنی الیکشن میں پی پی امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔

    پی پی رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ حکومت نے 2 سال میں عوام کو قلاش کر دیا ہے، 5 سال میں کیا ہوگا اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

    صدر ن لیگ سندھ محمد زبیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار پی ڈی ایم کے امیدوار تصور کیے جائیں گے، ملک میں مہنگائی، بےروزگاری اور غربت نے عوام کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

    رہنما ن لیگ شاہ محمد شاہ نے کہا کہ ہم ہر جگہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ووٹ بھی دیں گے اور پولنگ اسٹیشنز بھی سنبھالیں گے۔

    سینیٹ انتخابات: پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کس کس کو ملیں گے؟

    قبل ازیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک وفد صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو کی قیادت میں مسلم لیگ ہائوس کراچی آیا، وفد نے ضمنی انتخابات میں حمایت اور مدد کی درخواست کی، جس پر مسلم لیگ ن نے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

    یاد رہے کہ یکم جنوری 2021 کو لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے اعلان کیا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گی۔

    واضح رہے کہ جے یو آئی نے ضمنی الیکشن میں پارٹی کی بجائے آزاد حیثیت میں اپنے امیدوار سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔