Tag: ضمنی انتخاب

  • سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی انتخاب کل ہوگا

    سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی انتخاب کل ہوگا

    سیالکوٹ: قومی اسمبلی کی نشست کے لیے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کل ہوگا، قومی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی افتحار الحسن کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کل ہوگی، مسلم لیگ ن کی سیدہ نوشین اور تحریک انصاف کے اسجد ملہی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    دیگر امیدواروں میں تحریک لبیک پاکستان کے محمد خلیل سندھو اور دیگر 7 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار 3 ہے، ضمنی الیکشن کے لیے حلقے میں 360 پولنگ اسٹیشنز قائم ہین جن میں سے 25 انتہائی حساس اور 155 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

    قومی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی افتحار الحسن کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

  • آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 3 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری

    آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 3 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری

    میرپور: آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 3 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، مسلم لیگ ن کی جانب سے صہیب چودھری اور پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلطان کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے تین کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے صہیب چوہدری اور پی ٹی آئی کے بیرسٹرسلطان کے درمیان مقابلہ ہے، سیکٹر ایف ون گرلز ہائی اسکول پولنگ اسٹیشن پر ن لیگی اور پی ٹی آئی کارکن آمنے سامنے آ گئے، فریقین میں تلخ کلامی کے بعد نعرے بازی ہوئی۔

    انتخابی حلقے میں 119 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 59494 ہے، ضمنی انتخاب میں 8 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، تاہم ن لیگ اور تحریک انصاف میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاڑکانہ ضمنی انتخابات، پی پی کو ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا

    حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے جو شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا، سیکورٹی کے پیش نظر حلقے کے 8 زونز میں 2 ہزار 700 پولیس اہل کار تعینات کیے گئے ہیں جب کہ 61 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 50 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ 25 ستمبر کو سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے چوہدری محمد سعید کو توہین عدالت کے جرم میں نا اہل قرار دیا تھا جس کے باعث یہ نشست خالی ہو گئی تھی۔

  • بلاول صاحب! آپ کے اپنے گھرمیں عوام نے آپ کومسترد کردیا، فردوس عاشق اعوان

    بلاول صاحب! آپ کے اپنے گھرمیں عوام نے آپ کومسترد کردیا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کرپشن کے باعث پیپلزپارٹی صوبے سے اضلاع تک سمٹ کر رہ گئی، بلاول صاحب! آپ کے اپنے گھرمیں عوام نے آپ کومسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلزپارٹی کےمسکن لاڑکانہ میں تبدیلی آگئی ہے، کامیابی جعلی اکاؤنٹس پارٹی کے خلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کرپشن کے باعث پیپلزپارٹی صوبے سے اضلاع تک سمٹ کر رہ گئی، بلاول صاحب! آپ کے اپنے گھرمیں عوام نے آپ کومسترد کردیا۔

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ امید ہے اپنی سرپرستی، وزیراعلیٰ سندھ کی زیرنگرانی انتخاب جعلی نہیں کہیں گے۔

    لاڑکانہ ضمنی انتخابات، پی پی کو ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں پی پی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار نے ساڑھے پانچ ہزار ووٹوں سے میدان مارا۔

    غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضمنی انتخابات کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی ڈی اے کے معظم علی 31 ہزار 557 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

  • گھوٹکی: این اے 205 ضمنی انتخاب، سردار محمد بخش مہر نے میدان مار لیا

    گھوٹکی: این اے 205 ضمنی انتخاب، سردار محمد بخش مہر نے میدان مار لیا

    گھوٹکی: این اے 205 میں ضمنی الیکشن میں غیر سرکاری، غیر حتمی نتیجے کے مطابق پی پی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر نے نشست اپنے نام کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے انتخابی حلقے این اے 205 گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر اور آزاد امیدوار احمد علی مہر مدِ مقابل تھے، یہ نشست پی ٹی آئی کے سردار علی محمد مہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

    غیر سرکاری، غیر حتمی نتیجہ آ چکا ہے جس کے مطابق پیپلز پارٹی امیدوار  89359 ووٹ لے یہ نشست جیت چکے ہیں۔

    غیر حتمی نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار سردار احمد علی مہر 70848 نے ووٹ لیے، اور یوں یہ سیٹ پی ٹی آئی کے قبضے سے نکل گئی۔

    خیال رہے کہ گھوٹکی کے اس انتخابی حلقے میں صبح سے پولنگ کا عمل آزادانہ طور پر جاری رہا، نوجوان، بوڑھے اور خواتین کی بڑی تعداد نے پولنگ میں حصہ لیا۔

    گھوٹکی میں پہلی بار مہر خاندان کے دو افراد مد مقابل ہیں، پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر کا اپنے بھانجے آزاد امیدوار احمد علی مہر سے مقابلہ ہے۔

    سیٹ کے لیے الیکشن لڑنے والے دونوں حریف امیدوار گورنمنٹ پرائمری اسکول خان گڑھ میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد گلے ملے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اس انتخابی حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 4980 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 55895 ہے۔

    خیال رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں آج کہا تھا کہ گھوٹکی میں انتخابی مہم نے یہاں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا ہے، اب نتیجہ کچھ بھی ہو مجھے انتخابی مہم پر فخر ہے۔

    دوسری طرف پی ٹی آئی کی دعا بھٹو نے کہا ہے کہ گھوٹکی الیکشن ہارنے کا پیپلز پارٹی پر خوف ابھی سے طاری ہو گیا ہے، اس لیے وہ جھوٹے الزام لگا رہے ہیں، پی ٹی آئی کا کوئی رکن پولنگ اسٹیشن کے اندر نہیں گیا، 4 ہزار اہل کار پی پی نے تعینات کیے جو ووٹرز کو ہراساں کر رہے تھے۔

  • ملتان : ضمنی انتخاب، تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب ، پی پی کو شکست

    ملتان : ضمنی انتخاب، تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب ، پی پی کو شکست

    ملتان : ملتان کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کو فتح مل گئی، پی ٹی آئی کے واصف راں کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل پی پی امیدوار ملک ارشدراں دوسرے نمبر پر رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 ملتان کے ضمنی انتخاب میں غیرسرکاری اور غیر حتمی نتیجے میں تحریک انصاف نے ایک بار پھر فتح سمیٹ لی۔

    پی ٹی آئی کے واصف راں نے 46988ووٹ لے کر میدان مار لیا، ضمنی انتخاب میں ان کے مد مقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار ملک ارشد راں39486ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    مذکورہ حلقے میں138پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جن میں سے32اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا، ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

    اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور پاک فوج کے جوان اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملتان میں نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑ ناکام ثابت ہوا ہے، ملتان کی عوام نے کرپشن کو مسترد کردیا۔

    ملک واصف راں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج چوروں کی چوری پکڑی گئی ہے،۔ ضمنی الیکشن میں واصف راں نے ساڑھے سات ہزار ووٹ کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ اور پی پی پہلی بار اکٹھے ہوئے لیکن انہیں شکست ہوئی، نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا اتحاد کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔

  • ایم کیو ایم کی فتح سے آج کراچی کی جمہوریت کو اعتبار ملا ہے، خالد مقبول صدیقی

    ایم کیو ایم کی فتح سے آج کراچی کی جمہوریت کو اعتبار ملا ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : ایم کیو ایم کے کنونیئر اور  وفاقی وزیر  انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کی جمہوریت کو اعتبار آج ملا ہے، جمہوری نظام کو آگے بڑھانے پرسب کو مبارک باد دیتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ صد شکر کہ آج طریقہ انتخاب کو کچھ اعتبار بھی ملا ہے،ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کی فتح جمہوریت اور پاکستان کی جیت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج سندھ کے شہری علاقوں کے لوگوں کے ووٹوں کو گنا بھی گیا، جب لوگوں کو ووٹ گنے جانے کایقین ہوگا تو وہ باہربھی آئیں گے، کراچی کی جمہوریت کو اعتبار آج ملا ہے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس 94ضمنی انتخاب : ایم کیو ایم امیدوار نے میدان مارلیا، پی ٹی آئی دوسرے نمبر پر

    انہوں نے کہا کہ کراچی چلتا ہے تو ملک پلتا ہے اب ریاست کو بھی تسلیم کرنا چاہیے کہ سندھ کے شہری علاقوں کا یہی فیصلہ ہے، جمہوری نظام کو آگے بڑھانے پرسب کو مبارک باد دیتے ہیں۔

  • پی ایس 94ضمنی انتخاب : ایم کیو ایم امیدوار نے میدان مارلیا، پی ٹی آئی دوسرے نمبر پر

    پی ایس 94ضمنی انتخاب : ایم کیو ایم امیدوار نے میدان مارلیا، پی ٹی آئی دوسرے نمبر پر

    کراچی : پی ایس94لانڈھی کے تمام149پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے ہاشم رضا کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے اشرف جبار دوسرے نمبر پر رہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 94 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوگیا، پولنگ کا عمل مقررہ وقت پر صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

    اے آر وائی نیوز نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے، پی ایس چورانوے کراچی پر ضمنی انتخاب کا سب سے پہلا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ نشر کیا۔

    لانڈھی کے اس حلقے کے  تمام 149پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امیدوار ہاشم رضا215367ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ، ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی کےاشرف جبار8978ووٹ لےکردوسرےنمبر پر رہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی، ضمنی انتخابات، پی ایس 94 میں پولنگ کا وقت ختم

    یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محمد وجاہت 32729 ووٹ لےکر کامیاب قرار پائے تھے ان کے مدمقابل ٹی ایل پی کے امیدوار محمد شعیب الرحمن نے 14030 ووٹ حاصل کیے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 27 نومبر کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما محمد وجاہت کے انتقال کے بعد پی ایس 94 کی نشست خالی ہوئی تھی۔

  • بلوچستان اسمبلی کےحلقہ پی بی 26 میں ضمنی انتخاب کےلیے پولنگ

    بلوچستان اسمبلی کےحلقہ پی بی 26 میں ضمنی انتخاب کےلیے پولنگ

    کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

    حلقہ پی بی 26 کوئٹہ میں 18 امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں تاہم ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قادر علی ، جمعیت علمائے اسلام ف کے مولانا ولی محمد اور مجلس وحدت المسلمین کے سید محمد رضا کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں ووٹرزکی تعداد 57 ہزار675 ہے، حلقے میں ضمنی الیکشن میں پولنگ کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور مختلف پولنگ اسٹیشنز پرپولیس اور ایف سی اہلکار تعینات ہیں۔

    پی بی 26 کوئٹہ : افغان شہری کا بطور ایم پی اے انتخاب کالعدم قرار

    یاد رہے کہ 2018 کے انتخابات میں اس نشست پر ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے احمد کوہزاد کامیاب ہوئے تھے تاہم مخالف امیدوار کی جانب سے شہریت چیلنج کیے جانے پر الیکشن کمیشن نے افغان شہری ہونے پرانہیں نا اہل قرار دیا تھا۔

    احمد کوہزار 5 ہزار 117 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل متحدہ مجلس عمل کے ولی محمد نے 3 ہزار 242 ووٹ حاصل کیے تھے۔

  • ضمنی انتخاب: سعد رفیق کی نشست پی ٹی آئی نے جیت لی

    ضمنی انتخاب: سعد رفیق کی نشست پی ٹی آئی نے جیت لی

    لاہور: خواجہ سعد رفیق کی چھوڑی ہوئی پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 168 پر ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی امیدوار نے میدان مار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پی پی 168 پر ضمنی انتخاب تحریکِ انصاف نے جیت لیا، اس نشست پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ملک اسد کھوکھر نے انتخاب لڑا۔

    [bs-quote quote=”ملک اسد کھوکھر نے 17579 ووٹ حاصل کر کے نشست اپنے نام کی جب کہ مسلم لیگ ن کے رانا خالد محمود 16892 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    2018 کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی یہ نشست خواجہ سعد رفیق نے جیتی تھی، رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انھوں نے صوبائی نشست چھوڑ دی تھی۔

    لاہور کے پی پی 168 کی نشست پر 83 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ ہوئی، آر ٹی ایس سسٹم کے تحت موصولہ نتیجے کے مطابق ملک اسد کھوکھر نے 17579 ووٹ حاصل کر کے نشست اپنے نام کی جب کہ مسلم لیگ ن کے رانا خالد محمود 16892 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    خیال رہے کہ پی پی 168 کے لیے گیارہ امیدواروں نے انتخاب میں حصہ لیا، پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا تھا۔ الیکشن کے پُر امن انعقاد کے لیے رینجرز تعینات کی گئی تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  ضمنی انتخابات، تحریک انصاف کراچی سے، پشاورمیں اے این پی کامیاب


    پی ٹی آئی کے کام یاب امیدوار ملک اسد نے اپنی کام یابی وزیرِ اعظم عمران خان کی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پورے لاہور سے تحریکِ انصاف جیتے گی۔

    دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ اسٹیٹس کو قوتوں کے حامیوں کی جانب سے زبردست پروپیگنڈے کے با وجود لاہور نے ایک بار پھر تحریکِ انصاف کی تبدیلی کے ایجنڈے کے ساتھ کھڑا ہونا پسند کیا۔

    جہانگیر ترین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ملک اسد کھوکھر کو الیکشن جیتنے پر مبارک باد بھی دی۔

  • کراچی میں این اے247 اور پی ایس111 میں ضمنی انتخاب اتوار کو ہوگا

    کراچی میں این اے247 اور پی ایس111 میں ضمنی انتخاب اتوار کو ہوگا

    کراچی : کراچی کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کا معرکہ اتوار کو ہوگا ، دونوں حلقوں میں تحریک انصاف، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی میں کانٹےکامقابلہ متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدرمملکت عارف علوی اورگورنرعمران اسماعیل کی چھوڑی نشستوں پرضمنی الیکشن کا دنگل سجنے والا ہے، این اے 247 اور سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 میں پولنگ اتوار کو ہوگی۔

    کراچی کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لئے انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، رات بارہ بجے کے بعد انتخابی مہم چلانے پر پابندی ہوگی۔

    قومی اسمبلی کی نشست این اے 247 پر آفتاب حسین صدیقی کپتان کے کھلاڑی ہیں، پیپلز پارٹی نے معروف اداکارقیصرنظامانی کومیدان میں اتارا ہے جبکہ صادق افتخارایم کیوایم کے امیدوارہیں۔

    پی ایس پی بھی قسمت آزمائے گی، ڈپٹی مئیرکراچی ارشد وہرہ مصطفی کمال کے امیدوار ہیں۔

    پی ایس ایک سوگیارہ میں پندرہ امیدوارآمنے سامنے ہیں، پی ٹی آئی کے شہزاد قریشی، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اورایم کیوایم کے جہانزیب مغل میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    دونوں حلقوں میں سات لاکھ بائیس ہزار سے زائدووٹرز کے لئے تین سوبیس پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو ضمنی انتخابات کے لیے سہولت سینٹر قائم کردیا ہے، سہولت سینٹر 21اکتوبر کو صبح8 سے شام 6بجے تک کام کرے گا اور متعلقہ حلقوں کےشہری تفصیلات حاصل کرسکیں گے۔

    خیال رہے دو ہزار تیرہ کے انتخابات سے ہی این اے دو سو سیتنالیس تحریک انصاف کا مضبوط حلقہ بن چکا ہے، ڈاکٹر عارف علوی اس حلقے سے دوبار کامیاب قرار پائے صدر مملک بننے کے بعد انہوں نے یہ نشست خالی کی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل صوبائی نشست پی ایس ایک سو گیارہ سےمنتخب ہوئے تھے تاہم گورنر سندھ بننے کے بعد انہوں یہ نشست خالی کی تھی۔