Tag: طارق ملک

  • سابق چیئرمین نادرا طارق ملک سمیت 11 افسران کے خلاف مقدمہ درج

    سابق چیئرمین نادرا طارق ملک سمیت 11 افسران کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی: ایف آئی اے نے نادرا کے اسمارٹ کارڈ اسکینڈل میں ڈھائی کروڑ ڈالر کی مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کا مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کہا ہے کہ اسمارٹ کارڈ اسکینڈل میں سابق چیئرمین نادرا طارق ملک اور سابق چیف پروجیکٹ ڈائریکٹر گوہر احمد خان سمیت 11 افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے بے ضابطگیوں کی نشان دہی کے بعد وزارت داخلہ کی ہدایت پر یہ کارروائی کی ہے، نادرا حکام پر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی رولز کی خلاف ورزی، کک بیکس اور کمیشن کے عوض قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔


    کیا نادرا عوام کو سہولیات دینے میں ناکام ہو رہا ہے؟ ویڈیو رپورٹ


    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مقدمے میں چیف پراجیکٹ آفیسر سمیت دیگر افسران کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے، افسران پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور امانت میں خیانت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    نادرا نے اسمارٹ کارڈز کی خریداری مارکیٹ ریٹ سے کئی گنا زیادہ قیمت پر کی، مارکیٹ میں فی کارڈ کی قیمت 3 سینٹ تھی جب کہ نادرا نے 99 سینٹ فی کارڈ کے حساب سے خریداری کی۔ 2020 میں فی کارڈ قیمت 68 سینٹ تھی جو 2022 میں اچانک بڑھ کر 99 سینٹ کر دی گئی۔

    ایف آئی اے کے مطابق ایک مخصوص کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ٹینڈر کے عمل میں دانستہ تبدیلیاں کی گئیں، اس سلسلے میں مزید تحقیقات بھی جاری ہیں اور نادرا کے مزید افسران کو ملزم نامزد کیا جا سکتا ہے، اور اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • کراچی میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن  کا حکم

    کراچی میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    کراچی: چیئرمین نادرا طارق ملک نے شہر قائد میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے آج کراچی میں میگا سینٹر نارتھ ناظم آباد، میگا سینٹر سیمنز چورنگی، عوامی مرکز لیاقت آباد اور کلفٹن کے نادرا رجسٹریشن سینٹرز کے آپریشنل، انتظامی اور ہیومن ریسورس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    چیئرمین نادرا نے شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی آسان اور باسہولت بنانے اور درپیش مسائل کے فوری ازالے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

    انھوں نے نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کے لیے پولیس اور ایف آئی اے سے رجوع کرنے کے احکامات جاری کیے، اور کراچی میں عملے کی شکایت دور کرنے کے لیے ایچ آر ڈائریکٹوریٹ کو 50 ڈیٹا انٹری آپریٹرز، 15 ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بھرتی کی ہدایت کی۔

    چیئرمین نادرا نے موبائل رجسٹریشن وین کو شام کے وقت بھی تعینات کرنے کی ہدایت جاری کی، نیز کراچی میں میگا سینٹرز پر عام شہریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے وراثتی سرٹیفکیٹ کا الگ نیا میگا سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    انھوں نے اس موقع پر کہا کہ لوگوں کو کسی پریشانی یا لمبی قطاروں میں انتظار کا سامنا کیے بغیر اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی ہماری اوّلین ترجیح ہے۔

  • طارق ملک نئے چیئرمین نادرا ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری

    طارق ملک نئے چیئرمین نادرا ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد : وزارت داخلہ کی جانب سے طارق ملک کو بطور چیئرمین نادرا تعینات کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، طارق ملک کو تین سال کے لئے چیئرمین نادرا مقرر کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نےکابینہ کی منظوری کے بعد چیئرمین نادرا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ طارق ملک نئے چیئرمین نادرا ہوں گے، نادرا آرڈیننس2000کے تحت طارق ملک کوچیئرمین لگایا گیا ہے، ان کی مدت 3سال ہوگی۔

    یاد رہے 8 جون کو وفاقی کابینہ نے طارق ملک کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دی تھی، طارق ملک نے اپنی دوبارہ نامزدگی کے لیے ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    واضح رہے کہ طارق ملک پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دور میں بھی نادرا کے چیئرمین تعینات رہ چکے ہیں تاہم سال 2014 میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں اس وقت کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اختلافات کے باعث انہوں نے نادرا چیئرمین کی حیثیت سے استعفیٰ دیا تھا۔

    طارق ملک اس وقت اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تکنیکی مشیر کے طور پر کام کر رہے ہیں اور وہ ڈیجیٹل ٹرانسفورمیشن کے لیے اپنے ایجنڈے کی مدد کے لیے پاکستان کا حال ہی میں دورہ کرچکے ہیں۔

  • چئیرمین نادرا کا استعفی کسی حکومتی دباؤ کا نتیجہ نہیں، وزارت داخلہ

    چئیرمین نادرا کا استعفی کسی حکومتی دباؤ کا نتیجہ نہیں، وزارت داخلہ

    ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کا استعفیٰ کسی حکومتی دباؤ کا نتیجہ نہیں، میڈیا میں دیا جانے والا تاثر غلط ہے کہ چیئرمین نادرا طارق ملک حکومتی دباؤ کے باعث مستعفی ہوئے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا آرڈیننس کے تحت نادرا بورڈ کی تشکیل نو کر دی گئی ہے، احتساب اور نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے اہل افراد کا تقرر کیا جائے گا۔

    ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت تمام اداروں میں اہلیت اور شفافیت کو یقینی بنانے کا عزم رکھتی ہے، چیئرمین نادرا کا تقرر مناسب انداز میں انتہائی شفاف انداز میں کیا جائے گا۔
       

  • چیئرمین نا درا طارق ملک کااستعفیٰ منظور، ذرائع وزیراعظم ہاؤس

    چیئرمین نا درا طارق ملک کااستعفیٰ منظور، ذرائع وزیراعظم ہاؤس

    وزیراعظم نے چیئر مین نا درا طارق ملک کااستعفیٰ منظورکرلیا۔۔ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کو چیئرمین نادرا کااضافی چارج دے دیاگیا۔

    اٹا رنی جنرل منیراے ملک کے استعفے کی گو نج تھمی نہ تھی کہ چیئرمین نادرا طارق ملک بھی مستعفی ہوگئے، چیئرمین نادرا نے استعفےکی وجہ نجی مصروفیات بیان کی ہے، ذرائع وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نےچیئرمین نادراکااستعفی منظور کرلیا ہے اور وزارت داخلہ کےایڈ یشنل سیکریٹری کوچیئرمین نادراکااضافی چارج دیدیا گیا ہے۔

    وزارت داخلہ کاکہناہے امتیازتاجورنئےچیئرمین نادراکی تعیناتی تک عہدےپرفائزرہیں گے چند ہفتے قبل چیئرمین نادرا کوبرطرف کیاگیاتھا، اپنی برطرفی کوانہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جس پر عدالت نے ان کو عہدے پر بحا ل کردیا تھا، چیئرمین نادرا کی برطرفی کامعاملہ ابھی بھی عدالت میں ہے، چیئرمین نادرا اور اٹارنی جنرل کے مستعفی ہوجانے کے بعد دو اہم سرکاری عہدے خالی ہوگئے ہیں۔
       

  • چیئرمین نادرا طارق ملک  اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

    چیئرمین نادرا طارق ملک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

    چیئرمین نادرا طارق ملک نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے، انھوں نے اپنا استعفی وزارت داخلہ کے زریعے وزیراعظم کو ارسال کر دیا ہے ۔

    چیئرمین نادرا کو وفاقی حکومت کی جانب سے برطرف کیا گیا تھا تاہم عدالت سے رجوع کرنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے انھیں عہدے پر بحال کر دیا تھا، وفاقی حکومت کی نظر ثانی کی درخواست پر عدالت کی جانب سے فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا جو ابھی تک نہیں سنایا گیا ۔

    دوسری جانب ایف آئی نے کینڈین شہریت چھپانے کے الزام میں چیئرمین نادرا کے خلاف تحقیقات بھی شروع کر دی تھیں اور چیئرمین نادرا نے اپنا بیان بھی اس حوالے سے ایف آئی اے کو ریکارڈ کروایا تھا ۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا ذہنی دباؤ کا شکار تھے، جس کے باعث انھوں نے اپنا استعفی وزارت داخلہ کے زریعے وزیر اعظم ہاؤس کو ارسال کر دیا ہے

     

  • چیئرمین نادرا کیخلاف ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی

    چیئرمین نادرا کیخلاف ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی

    چیئرمین نادرا طارق ملک کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا، ایف آئی اے نے اُنھیں طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔

    وفاقی حکومت اور چیئرمین نادرا طارق ملک کے درمیان جاری تنازع ختم نہیں ہورہا، حکومت ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کی وجہ سے انہیں ابھی گھر تو نہیں بھیج سکی، لیکن ان کے خلاف کئی اور محاذ کھول رہی ہے۔

    ایف آئی اے نے کرپشن اور بے ضابطگیوں کے الزام میں انہیں طلب کرلیا ہے، چیئرمین نادرا کو طلبی کا نوٹس انسپکٹر عظمت ملک کی جانب سے بھجوایا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ انکوائری کیلئے پیش ہوں اور ادارے میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا جواب دیں۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے نادرا میں کچھ بے ضابطگیوں کے ثبوت حاصل کیے ہیں، جن کے بارے میں چیئرمین سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔