Tag: طارق ٹیڈی

  • معروف کامیڈین طارق ٹیڈی انتقال کر گئے

    معروف کامیڈین طارق ٹیڈی انتقال کر گئے

    لاہور: ملک کے معروف کامیڈین طارق ٹیڈی انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کامیڈین طارق ٹیڈی کا رضائے الہیٰ سے انتقال ہو گیا، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ 20 روز سے لاہور کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    طارق ٹیڈی کے صاحب زادے جنید نے بتایا کہ ان کے والد کو سانس اور جگر کا عارضہ لاحق تھا، پہلے نجی اسپتال میں پھر پی کے ایل آئی میں ان کا علاج جاری تھا۔

    بیٹے نے بتایا کہ 4 روز قبل طارق ٹیڈی کی طبیعت کچھ سنبھل گئی تھی، تاہم گزشتہ رات کو ان کی حالت بہت زیادہ خراب ہو گئی، اور وہ صبح 8 بجے انتقال کر گئے۔

    لاہور : اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کے وارنٹ گرفتاری جاری

    طارق ٹیڈی 12 اگست 1976 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ طارق ٹیڈی پر ان کی سابقہ بیوی عاصمہ بی بی نے فیملی عدالت میں بچیوں صفا اور مروا کا خرچ دینے کا کیس بھی دائر کر رکھا تھا۔

  • مشہور اسٹیج اداکار کو عدالت کی طرف سے آخری موقع

    مشہور اسٹیج اداکار کو عدالت کی طرف سے آخری موقع

    لاہور: فیملی کورٹ نے مزاحیہ اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کو بچوں کا خرچہ ادا کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی فیملی عدالت نے اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کو بچوں کا خرچہ ادا کر نے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔

    بچوں کے خرچے کی درخواست اداکار طارق ٹیڈی کی سابق اہلیہ عاصمہ بی بی نے دائر کر رکھی ہے، جس پر فیملی جج مائرہ حسن  نے سماعت کی۔

    درخواست میں سابق اہلیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میں بچیوں کا خرچہ اکیلی برداشت نہیں کر سکتی، طارق ٹیڈی کئی کئی ماہ بچیوں کا خرچ ادا نہیں کرتا۔

    عدالت نے طارق ٹیڈی کو بچیوں کا خرچہ ادا کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی اور ہدایت کی کہ طارق ٹیڈی آئندہ سماعت پر بچیوں کا خرچہ ادا کریں۔

    اس سے قبل خرچہ ادا نہ کرنے پر عدالت متعدد بار طارق ٹیڈی کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر چکی ہے۔ مارچ میں فیملی کورٹ نے طارق ٹیڈی کو بچیوں کا ماہانہ خرچہ 34 ہزار روپے باقاعدگی سے ادا کرنے کا حکم دیا تھا، طارق ٹیڈی اور ان کی اہلیہ کے درمیان 2011 میں علیحدگی ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے طارق ٹیڈی پاکستان کے مقبول تھیئٹر کامیڈین ہیں، وہ فوری اور چھبتے جواب دینے کے لیے مشہور ہیں، ٹیڈی پنجابی اسٹیج ڈرامے کرتے ہیں اور انھوں نے فلم سلاخیں میں اداکاری کی۔