Tag: طالبان روس

  • طالبان نے روس سے متعلق اہم بیان جاری کر دیا

    طالبان نے روس سے متعلق اہم بیان جاری کر دیا

    کابل: افغان طالبان نے روس سے اپنی امیدیں وابستہ کر لیں، اقوام متحدہ اور افغانستان کے درمیان ثالثی ہو یا ملک کے اندر تعمیر نو کا مسئلہ، طالبان روس کی طرف دیکھنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ روس اقوام متحدہ اور افغانستان کے درمیان ثالث بن سکتا ہے، افغانستان پر عائد عالمی پابندیوں کے خاتمے اور ملک کے اندر تعمیر نو کے سلسلے میں بھی روس افغانستان کی مدد کر سکتا ہے۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ہمیں مثبت نتائج کی امید ہے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل طالبان نے سہیل شاہین کو اقوام متحدہ کے لیے افغانستان کا سفیر مقرر کیا ہے، سہیل شاہین دوحہ میں طالبان کی مذاکراتی ٹیم میں شامل رہے ہیں اور طالبان کی ترجمانی کا فریضہ بھی انجام دیتے رہے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے، جس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اعلیٰ سطح کی بحث میں حصہ لینے کی گزارش کی گئی ہے۔

    دوسری طرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے طالبان رہنماؤں پر عائد سفری پابندیاں بھی ختم کر دی ہیں۔

  • روسی سفارت کاروں کا بال بھی بیکا نہیں ہوگا: طالبان

    روسی سفارت کاروں کا بال بھی بیکا نہیں ہوگا: طالبان

    کابل: طالبان نے روسی سفارت کاروں کو مکمل تحفظ کا بھرپور یقین دلایا ہے کہ کابل میں‌ان کا بال بھی بیکا نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ روسی سفارت کار کابل میں محفوظ رہیں گے، افغانستان میں روسی سفیر دیمتری زیرنوف نے میڈیا کو بتایا کہ طالبان نے پیر کو کابل میں روسی سفارت خانے کو تحفظ میں لے لیا اور تصدیق کی کہ روسی سفارت کار محفوظ طریقے سے اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

    روسی سفیر کے مطابق طالبان اب افغان سیکیورٹی فورسز کے طور پر ہمارے سفارت خانے کی حفاظت کر رہے ہیں، طالبان نے ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کوئی بھی روسی سفارت کاروں کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا، طالبان نے کہا کہ آپ بلا روک ٹوک کام کر سکتے ہیں۔

    کابل پر قبضہ، افغان طالبان کا روس کو اہم پیغام

    روسی سفیر کا کہنا تھا کہ افغان دارالحکومت میں پُر امن زندگی جاری ہے، اور سب سے اچھی خبر یہ ہے کہ لڑکیوں کے اسکول شہر میں کھلے ہیں۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کے شریک بانی اور ملا محمد عمر کے نائب عبدالغنی برادر اخوند‎‎ افغانستان کے لیے قطر سے آج روانہ ہوئے، ملا عبدالغنی برادر کو افغانستان میں اہم ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے۔

    افغانستان میں نئی حکومت بنانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ اہم مشاورت کے لیے ملا برادر قطر سے افغانستان پہنچ رہے ہیں۔