Tag: طالبان وفد

  • طالبان وفد کی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات

    طالبان وفد کی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات

    اسلام آباد : طالبان وفدکی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات ہوئی ، 5رکنی امریکی وفد زلمے خلیل زاد کی سربراہی میں 3روز سے اسلام آباد میں موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ طالبان وفد کی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات ہوئی ، ملاقات ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع امریکی سفارتخانے میں رات گئے ہوئی جبکہ طالبان اورامریکا میں وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔

    خیال رہے 5 رکنی امریکی وفد زلمے خلیل زادکی سربراہی میں 3روز سے اسلام آباد میں ہے۔

    گذشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان اور افغان طالبان کے 12 رکنی وفد کے درمیان دفترخارجہ میں مذاکرات ہوئے تھے ، دونوں فریقین کے درمیان وفود کی سطح پر سوا گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے، مذاکرات میں خطےکی صورتحال، افغان امن عمل اور باہمی دلچسپی کےامور پرتبادلہ خیال کیا گیا اور فریقین نے مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پربھی اتفاق کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا پاکستان افغان امن عمل کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرتارہےگا جبکہ افغان طالبان نے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔

    مزید پڑھیں: وزیرخارجہ اور افغان طالبان وفد کا افغان امن عمل کی جلد بحالی پر اتفاق، اعلامیہ جاری

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پرامن افغانستان خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے، افغان امن کیلئے مذاکرات ہی مثبت اور واحد راستہ ہے، خواہش ہے فریقین مذاکرات کی جلد بحالی پر تیار ہو جائیں۔

    خیال رہے کہ طالبان کے سیاسی دفتر کا اعلیٰ سطحی وفد ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں رات دیر گئے قطر کے دارالحکومت دوحہ سے اسلام آباد پہنچا تھا ، افغان طالبان کا وفد چین، روس اور ایران کے بعد پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا میں بھی زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں افغان امن عمل پر پاکستان اور امریکا  کی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

    واضح رہے افغانستان میں امن کے لئے امریکا اورافغان طالبان کے درمیان امن مذاکرات دوحہ میں ہورہے تھے جو کچھ عرصے سے تعطل کا شکار ہیں، افغانستان میں حملے میں امریکی فوجی کی ہلاکت پر امریکی صدر نے مذاکرات معطل کردیئے تھے۔

  • ملابرادر کی سربراہی میں طالبان وفد آج اسلام آباد پہنچے گا

    ملابرادر کی سربراہی میں طالبان وفد آج اسلام آباد پہنچے گا

    اسلام آباد : افغان طالبان کا وفد عبد الغنی برادر کی قیادت میں پاکستان پہنچے گا، افغان وفد پاکستانی حکام سے ملاقات کرے گا جبکہ امریکی خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کے دوحہ دفترکے ترجمان سہیل شاہین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کی ہے کہ افغان طالبان کاوفدآج اسلام آباد جائے گا، ملا عبدالغنی برادرکی سربراہی میں افغان طالبان کا وفدپاکستانی حکام سے ملاقات کرے گا، وفد باضابطہ دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔

    دوسری جانب افغان امن عمل کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آبادمیں پہلے سے موجود ہیں، زلمےخلیل زاد گزشتہ روزچین سے پانچ رکنی وفد کے ساتھ پاکستان پہنچے تھے، طالبان کا وفد امریکی نمائندہ خصوصی سے بھی ملاقات کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمے خلیل زاد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں امریکہ کے طالبان سے مذاکرات میں پیدا ڈیڈ لاک پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    یاد رہے امریکا سے مذاکرات کی ناکامی پر افغان طالبان کا وفد روس اور چین کا دورہ کرچکا ہے، جہاں ملاقاتوں میں امریکا کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات پر بات چیت کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : امریکا کے انکار کے بعد طالبان کا روس سے رابطہ، وفد ماسکو پہنچ گیا

    بعد ازاں طالبان رہنما ملاشیر عباس نے رشین ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ ہم نے امریکا پر نہیں امریکا نے افغانستان پر جنگ مسلط کی، وہ ہمارے ہزار لوگ مار سکتے ہیں تو ہمیں بھی ان کے ایک دو مارنے کا حق ہے، اگر امریکا مذاکرات نہیں چاہتا تو ٹھیک ہے ہم سو سال تک بھی لڑسکتے ہیں۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا میں بھی زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں افغان امن عمل پرپاکستان اورامریکا کی مشترکہ کوششوں پرتبادلہ خیال ہوا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے امریکا طالبان مذاکرات منسوخی کے حوالے سے کہا تھا کہ  امریکا اور طالبان مذاکرات میں رکاوٹ ہم سب کی بدقسمتی ہے ، میری پوری کوشش ہو گی امریکا طالبان مذاکرات دوبارہ شروع ہوں، افغان امن سےمتعلق معطل مذاکرات بحال کرانے کی پوری کوشش کروں گا۔

    واضح  رہے کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ تقریباً طے پاچکے تھا تاہم 8 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کابل حملے کے بعد منسوخ کیے گئے ہیں۔

    امریکا کی جانب سے افغان امن عمل مذاکرات کا سلسلہ منسوخ کیے جانے کے بعد طالبان نے خبردار کیا تھا کہ اگر واشنگٹن امن کے مقابلے میں جنگ کو ترجیح دیتا ہے تو پھر طالبان بھی جنگ کے لیے تیار ہیں۔