Tag: طاہرالقادری

  • عوام سپورٹ،نوٹ اور ووٹ دیں انقلاب دوں گا،طاہرالقادری

    عوام سپورٹ،نوٹ اور ووٹ دیں انقلاب دوں گا،طاہرالقادری

    فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک نے فیصل آباد میں بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کیا، علامہ طاہر القادری  کا کہنا ہے کہ عوام سپورٹ ،نوٹ اور ووٹ دیں، انقلاب دہلیز تک پہنچا دوں گا۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے فیصل آباد میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ تین چیزیں دینے کا وعدہ کریں انقلاب دہلیز پر پہنچادوں گا، جلد پورے پاکستان میں دھرنوں کا اعلان کروں گا۔

    طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ کسی بھی روز ملک بھرمیں دھرنے کا اعلان کردوں گا، 60روزہ دھرنے سے حکومت تو نہ گئی بڑا انقلاب برپا ہوگا انتخاب کا وقت قریب ہے، ووٹ سے ظلم کا نظام بدل دیں گے ۔

    انھوں نے کہا کہ غریبوں کے نوٹوں نے لوٹوں اور لٹیروں کا مقابلہ کرنا ہے۔

    علامہ طاہرالقادری نے ملک میں متعدد صوبے بنانے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ جہاں ضروت ہوگی صوبہ بنے گا، علامہ طاہر القادری نے مزید کہا کہ فیصل آباد پنجاب کا دل ہے، فیصل آباد کا فیصلہ پورے پنجاب کا فیصلہ ہے۔

    پاکستان عوامی تحریک کے جلسے میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہداء خون رائیگاں نہیں جائے گا، لاکھوں کا مجمع ملک میں تبدیلی کا واضح ثبوت ہے۔

    فیصل آباد دھوبی گھاٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے جلسے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ایسی جمہوریت پر لعنت ہے،جہاں غریبوں کا استحصال کیا جائے، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ساٹھ دن کے دھرنے نے سب کچھ بدل دیا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون رائیگا نہیں جائے گا۔

    فیصل آباد کا جلسہ لوگوں کی حاضری کے حوالے ایک کامیاب جلسہ تھا مگر عوامی تحریک کا اصل امتحان اُنیس اکتوبر کو لاہور میں ہوگا جہاں مینارِ پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • پی اے ٹی کوفیصل آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی

    پی اے ٹی کوفیصل آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی

    فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک کوبارہ اکتوبرکو دھوبی گھاٹ پرجلسے کی اجازت مل گئی ہے، حالیہ جلسہ عوامی تحریک کے قائد کی جانب سے موجودہ حکومت کے خلاف دھرنوں کے ساتھ سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کے اعلان کے بعد منعقد کیا جارہا ہے۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری نے اسلام آباد میں جاری دھرنے کے ساتھ کراچی، لاہور، گوجرانوالا، فیصل آباد سمیت شہرشہرجلسوں کا اعلان کیا تھا اور اُنھوں نے جلسوں کی تیاری کے لئےمتعلقہ شہروں سے تعلق رکھنے والےکارکنوں کو دھرنے سے جانے کی ہدایت کی تھی۔

    پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے تاریخی دھوبی گھاٹ پرجلسے کے لئے درخواست دی گئی جس کو منظور کرتے ہوئےضلعی انتظامیہ نے جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

  • اسلام آباد میں جاری انقلابی دھرنے میں بچی کی پیدائش

    اسلام آباد میں جاری انقلابی دھرنے میں بچی کی پیدائش

    اسلام آباد: ڈی چوک پر جاری پاکستان عوامی تحریک کے انقلابی دھرنے میں سجی خیمہ بستی میں انقلاب کے لئے دھرنے میں شریک ایک جوڑے کو بیٹی کے پیدائش کی نوید ملی۔

    ننھنی پری کے ماں باپ ثمینہ اور اللہ دتہ دونوں ہی پاکستان عوامی تحریک کے ورکرز ہیں، دونوں کی یادیں اس خیمہ بستی سے اب کچھ زیادہ گہری ہوگئیں ہیں، پہلی بیٹی کے پیدائش پر والدین کی خوشی اس لئے دیدنی ہےکہ ڈاکڑ طاہر القادری نے ناصرف انہیں مبارک باد دی بلکہ خود اپنے ہاتھوں سے بچی کو شہد بھی چٹایا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے بچی کو دعاوں سے نوازا اور بچی کا نام کنیز فاطمہ رکھا۔

    معصوم کنیز فاطمہ کے والدین کا تعلق سیالکوٹ کی تحصیل پسرور سے ہے، چار اگست کو لاہور سے جلسے میں شرکت کے لئے آنے والے جوڑے کو انقلاب کی جدوجہد کے دوران قدرت نے بیٹی کا تحفہ دیا جسے پاکر دونوں ہی بے حد مسرور ہیں۔

  • سانحۂ اسلام آباد: ڈاکٹرطاہرالقادری نے جے آئی ٹی کاقیام مسترد کردیا

    سانحۂ اسلام آباد: ڈاکٹرطاہرالقادری نے جے آئی ٹی کاقیام مسترد کردیا

    اسلام آباد: ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ملکی معشیت کی تباہی کا سب سے بڑا سبب بجلی اورگیس کی لوڈ شیڈنگ ہےاوردوسری وجہ لاقانونیت اورامن وامان کی مخدوش صورتحال ہے جس کے سبب بیرونی سرمایہ دار تو دور یہاں کہ مقامی سرمایہ داربھی اپنا پیسہ باہرمنتقل کررہے ہیں۔ انہوں سانحۂ ماڈل ٹاؤن کے مشہور ترین کردارگلوبٹ کی رہائی کے عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ہے وہ بوسیدہ نظام جس کی تبدیلی کے لئے ہم نکلے ہیں۔

    اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے دھرنے سے خطاب کے دوران انہوں نے حکومتی وزراء کی جانب سے لگائے گئے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت دھرنوں سے نہیں نااہل حکمرانوں کی وجہ سے تباہ ہوئی ہے۔

    انہوں سے سوال کیا کہ کیا ملک میں لوڈ شیڈنگ، بیروزگاری، تعلیمی مواقع کی قلت اور صحت کی سہولیات کا فقدان دھرنے کے سبب ہے؟

    ڈاکٹرطاہرالقادری نے لاہورہائیکورٹ کی جانب سے گلو بٹ کی رہائی کے فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہےوہ نظام جس کی تبدیلی کے لئے ہم احتجاج کررہے ہیں، شہباز شریف کو مبارک ہو ان کا چہیتا گلوبٹ رہا ہوگیا، اسے پھولوں کے ہار پہنائے جائیں۔

    اسلام آباد میں دھرنے اورشیلنگ کے واقعات کےلئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹٰیم (جے آئی ٹی) کے قیام پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہم پرگولیاں چلانے والی پولیس سے تحقیق کرانا چاہتی ہے، قوم کا وقت اور پیسہ نہ ضائع کیا جائے ہم اس جے آئی ٹی کو مسترد کرتے ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر تحقیقاتی ٹیم آئی ایس آئی ، ایم آئی ، آئی بی اور اسلام آباد کے باہر کسی صوبے کی پولیس کے افسران کہ جن پروہ اورحکومت دونوں اتفاق کرلیں، کہ دو دو افسران پر مشتمل ہوتو پھرجےآئی ٹی کا فیصلہ قابلِ قبول ہوگا۔

    انہوں نے حکومت پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام خودکشی کررہے ہیں اورحکمرانوں کو اپنی عیاشیوں سے فرصت نہیں مل رہی، انہوں عوام سے کہا کہ جب تک ملک کے اٹھارہ کروڑعوام اس نظام کے خلاف نہیں اٹھ کھڑے ہوں گے حالات نہیں بدلیں گے۔

  • راستےکھولو،لاکھوں لوگ نہ آئے تو دھرنا ختم کردیں گے، طاہرالقادری

    راستےکھولو،لاکھوں لوگ نہ آئے تو دھرنا ختم کردیں گے، طاہرالقادری

    اسلام آباد : طاہرالقادری نے حکومت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ راستے کھولو لاکھوں لوگ نہ آئے تو دھرنا ختم کردیں گے۔

    اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک کا دھرنا جاری ہے ملک بھر سے آئے ہزاروں انقلاب کے دیوانے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں، طاہرالقادری نے اپنے خطاب کے دوران حکومت کو ایک بڑا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ حکومت رکاوٹیں ہٹائے ۔

    کارکنان رہا کرے لاکھوں لوگ دھرنے میں نہ پہنچے تو دھرنا ختم کردوں گا ، طاہرالقادری نے ایک بار پھر اپنے مطالبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شریف برادران کےاستعفوں تک یہاں بیٹھے رہیں گے۔

  • غریبوں کے حقوق کیلئے ایک سال بھی بیٹھنا پڑاتوبیٹھوں گا، طاہرالقادری

    غریبوں کے حقوق کیلئے ایک سال بھی بیٹھنا پڑاتوبیٹھوں گا، طاہرالقادری

    اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  میرے کارکن مجھے میری جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، میری شخصیت فولاد سے بھی زیادہ مضبوط ہے، غریبوں کی جنگ لڑنے اور ظالموں کے خاتمے کے لئے ایک سال بھی بیٹھنا پڑا توبیٹھوں گا۔

    طاہرالقادری نے کہا کہ میں کھلے دل سے کہہ رہا ہوں کہ جو انتہائی مجبور ہے پریشانی میں ہیں، یہاں بیٹھنے میں مسائل ہورہے ہیں انہیں اجازت دیتا ہوں کہ وہ چلے جائیں، میں یہاں بیٹھا  آپ کی جنگ لڑتا رہوں گا۔ جتنے مرضی مذاکرات کر لئے جائیں لیکن میرے موٗقف  میں لچک نہیں آسکتی ۔ آپ کے چہروں کی پریشانی مجھے کمزور کردے گی

     طاہرالقادری نے کہا کہ آپکا حال دیکھتا ہوں تودل کانپتا ہے، آپ کو تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے، میں یہاں بیٹھا ہوں دنیا کی کوئی طاقت نہیں اٹھا سکتی،میں آخری دم تک ظلم کے خلاف لڑوں گا۔

    میں جب اپنے مظلوم، غربت اور ستائے ہوئے بے بس کارکنوں کو دیکھتا ہوں تو مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے اور مجھے رونا آتا ہے، میں یہاں اپنے ظلم لوگوں کی شہادت کا بدلہ لینے کے لئے آیا ہوں اور وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے استعفوں کے بغیر نہیں جائیں گے۔

    طاہر القادری نے کہا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ لوگ سرخ رو ہو چکے ہیں، مجھے اندازہ ہے کہ بہت سے لوگوں کے گھر کا چولہا جلنا بند ہونے کا خدشہ ہے، ان کی نوکریوں کو خطرہ ہے، بچوں کے اسکول کا مسئلہ ہے اس لئے میری طرف سے ان تمام لوگوں کو اجازت ہے کہ آپ لوگ واپس اپنے گھروں میں جا سکتے ہیں، میں قبر میں بھی اور آخرت میں بھی آپ لوگوں کی ثابت قدمی کی گواہی دوں گا۔

    تیس گھنٹے میں ایک بار کھانا کھاتا ہوں بہت سی دوائیاں لینی ہوتی ہے۔تو  پھر بھی اس طرح ہشاش بشاش نظر آؤں گا کیونکہ میری صحت کے پیچھے میرا مقصد ہے، نظریہ ہے اور آپ لوگوں کی شہادتیں ہیں۔ اگر آپ لوگ اسی طرح پریشانی کی حالت میں یہاں موجود رہیں گے تو یہ نا ہو کہ آپ لوگوں کو دیکھ کر کوئی غلط فیصلہ کر بیٹھوں۔

    اس سے قبل طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ منسوخ کرتا تو بیرون ملک تاثرپھیلتا کہ بک گیا ہوں، مڈل کلاس کیلئے جنگ لڑ رہا ہوں، انھوں نے کہا کہ پولیس نے سادے لباس میں لوگ دھرنے میں بھیجے ہیں جاسوس افواہیں پھیلائیں گے کہ معاہدہ ہوگیا کسی کی بات پر یقین نہ کرنا جب تک اعلان نہ کروں کسی پر شک ہوتو اسے پکڑ لینا۔

  • طاہرالقادری،عمران خان کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ، درخواست تیار

    طاہرالقادری،عمران خان کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ، درخواست تیار

    اسلام آباد: وزیراعظم آفس کی جانب سے ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست تیار کرلی گئی۔

    وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف اورپاکستان عوامی تحریک اور ان کے اتحادیوں کیخلاف مقدمے کیلئے درخواست تیار کرلی گئی، جس کی کاپی عمران خان کو مل گئی ہے ۔

    سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر میں تو انسداد دہشت گردی کی دفعہ شامل نہیں کی گئی لیکن علامہ طاہرالقادری اورعمران خان کے خلاف اسی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

    ایف آئی آر کیلئے تیار درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان، علامہ طاہرالقادری، چوہدری شجاعت حسین، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا،شاہ محمودقریشی، جہانگیرترین، شفقت محمود ،شیخ رشید، رحیق عباسی، خرم نوازگنڈا پور رہنما سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا ودیگر نے حکومت کے خلاف شرانگیز تقاریر کیں اور کارکنوں کوحکومت کے خلاف اکسایا، متن کے مطابق مقررین مطالبات نہ ماننے پر دھمکیاں بھی دیتے رہے۔

  • حکمرانوں نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے ، ڈاکٹرطاہرالقادری

    حکمرانوں نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے ، ڈاکٹرطاہرالقادری

    اسلام آباد : ڈاکٹر طاہرالقادری کا نے کہا کہ شریف فیمیلی صرف اپنے کاروبار اور لوٹ مار کے لئے سیاست کرتی ہے۔

    پارلیمنٹ کے سامنے انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ انقلاب اور آزادی کے شرکاء کو سلام پیش کرتا ہوں،انقلاب اور آزادی ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔

    نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ خود کو مسلم لیگ کے وارث کہنے والے کرپشن کے علمبردار ہیں، ایشیا کے سب سے بڑے انوسٹر نواز فیملی ہے،شریف فیمیلی صرف اپنے کاروبار اور لوٹ مار کے لئے سیاست کرتی ہے، 15 ممالک کی فہرست میرے پاس ہے جہاں نواز فیملی کے کاروبار چل رہے ہیں۔

    ملک میں حکمرانوں نے کرپشن کو عروج پر پہنچادیا ہے، کرپشن ختم ہوجائے تو ملک قائم رہے گا، موجودہ حکمران کے مزاج میں جمہوریت نہیں، افسوس سے کہ رہا ہوں پاکستان کو دینت دار قیادت نہیں ملی۔

    اُنہوں نے کہاکہ چین پاکستان سے ایک سال بعد آزادہوالیکن آج ہرکسی سے آگے نکل گیا، امریکہ کو بھی آنکھیں دکھاسکتاہے کیونکہ وہاں قیادت ملی ،دیگراقوام کی تقدیر بدل سکتی تو پاکستانی عوام کی کیوں نہیں ؟ کیونکہ یہاں حکمران اپنی نسل اور خاندانوں کا سوچتے ہیں ، سارے پاکستان میں اُنہیں اپنے خاندان سے باہر کوئی قابل اعتبار بندہ ہی نظر نہیں آتا جس کی وجہ سے تقدیر نہیں بدلتی ۔

    شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پہلے میں اور عمران الگ الگ جنگ لڑرہے تھے اب متحد ہیں، ملکی خوشحالی کے لئے اللہ نے مجھے اور عمران کو ملا دیا ہے، لوگوں کا سمندر حکمرانوں کے ظلم اور بربریت کا خاتمہ کرے گی۔

    طاہرالقادری نے کہا کہ مجھے جینے سے محبت نہیں رہی عوام نے میری جان خرید لی ہے، پہلے بھی کارکنوں کے لئے جیتا تھا اب بھی ان کے لئے جیتا ہوں۔

  • نوازشریف نے اسمبلی فلور پرجھوٹ بولا، ڈاکٹر طاہرالقادری

    نوازشریف نے اسمبلی فلور پرجھوٹ بولا، ڈاکٹر طاہرالقادری

    اسلام آباد : طاہر القادری نے کہا کہ وزیر داخلہ اور وزیر اعظم کی تقریر سن کر ایک منٹ ضائع کیے بغیر ان کا جھوٹ رد کرنے آیا ہوں، اگرچہ میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ وزیراعظم اور ان کے رفقاء پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ آج  پارلیمنٹ کے فلور پر وزیراعظم  اور  وزیر داخلہ نے جھوٹ بولا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ثالثی کی درخواست ہم نے نہیں بلکہ نواز شریف اور وفاقی حکومت نے کی ہے، میں ان کے جھوٹے بیان کو رد کرتا ہوں۔ جھوٹ بولنے پر وزیراعظم کا مواخدہ کرنا چاہیے، ایک جھوٹا شخص وزیراعظم نہیں ہوسکتا، قومی اسمبلی میں جھوٹ بولنے پر وزیراعظم اور وزیرداخلہ استعفی دیں۔

    طاہرالقادری نے کہا کہ آرمی چیف کا ثالثی کا کردار ادا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا مگر وزیراعظم اور وفاقی حکومت نے کل انہیں ایسا کرنے کی درخواست کی اور یہ خبر کئی ٹی وی چینلز پر بھی چلتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تو خود جنرل راحیل شریف کے ثالثی کے کردار سے متعلق خبر ٹی وی چینلز کے ذریعے ملی۔ نواز شریف نے قومی اسمبلی میں جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکا دیا ہے۔

    آرمی چیف نے ایک ادارے کے سربراہ کے ذریعے پیغام بھیجا تھا، ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ فوج کو ثالث بنانے سے متعلق وزیراعظم کا بیان جھوٹ کا پلندہ ہے۔ پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے پرانہیں برطرف کرنے کا جواز بنتا ہے۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف وزیراعظم اور وزراء کے جھوٹے بیانات کا نوٹس لیں، ایسے بیانات پاک فوج کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹی انا کو بچانے کے لئے غلط بیانات دیئے جارہے ہیں۔

    طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اگر آج شام تک نواز شریف اور شہباز شریف نے استعفیٰ نہ دیا تو معاملہ آگے نہیں چلے گا اور ثالثی کی بات آگے نہیں چلےگی۔

    واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی درخواست پر آرمی چیف نے ثالثی کا کردارادا کیا۔

  • حکومت طاہرالقادری کے مطالبات تسلیم کرے یا گھر جائے،الطاف حسین

    حکومت طاہرالقادری کے مطالبات تسلیم کرے یا گھر جائے،الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکومت سیاسی بحران کے خاتمے کے لئے طاہر القادری کے مطالبات تسلیم کر نے کو تیار نہیں تو گھر چلی جائے۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ملک کی سلامتی و بقا ء کے لئے میدان میں آگئے، ان کا کہنا ہے کہ پندرہ دن سے دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن حکومت کوئی بات ماننے کو تیار نہیں ۔

    انہوں نے طاہر القادری کے مطالبات جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاوٴن میں14شہید80سے زائد زخمی ہوئے ہیں اوراس واقعہ کی ایف آئی آر کٹواناعوامی تحریک کا آئینی و قانونی حق ہے اور عدلیہ بھی اس سلسلے میں فیصلہ دے چکی ہے لیکن اس کے باوجودواقعہ کی ایف آئی آر درج نہیں کی جارہی ہے۔

    الطاف حسین نے سیاسی بحران سے نکلنے کا فارمولا بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت یا تو جائز مطالبات تسلیم کرلے یا گھر چلی جائے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کے دھرنے سے متعلق ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی جو فیصلہ کرے گی وہ اسے تسلیم کریں گے، جمہوری نظام کے بارے میں الطاف حسین کا کہنا ہے کہ وہ ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے جو لوکل گورنمنٹ سسٹم سے خالی ہے۔

    انہوں نے کہاکہ ہماری ملٹری کی قیادت اور آئی ایس آئی کے قیادت بہت شریف النفس ہے اوراس میں قوت برادشت بہت زیادہ ہے کوئی اور انکی جگہ ہوتا تو سب منظر دیکھ کر فوراً حکم دیتا ۔

    انہوں نے کہاکہ فوج ملک کی بقاء سلامتی کیلئے شمالی وزیر ستان میں تاریخ کی مشکل ترین جنگ لڑ ری ہے جس میں ہزاروں فوجی جوانوں کے ساتھ ساتھ جرینل بھی شہید ہورہے ہیں۔