Tag: طاہر القادری

  • طاہرالقادری نے تین شہروں کے شرکاء کو دھرنےسے واپس جانے کی اجازت دیدی

    طاہرالقادری نے تین شہروں کے شرکاء کو دھرنےسے واپس جانے کی اجازت دیدی

    اسلام آباد: ڈاکٹرطاہرالقادری نے محرم الحرام کے بعد کراچی میں مزارِقائد پرعظیم الشان جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے اوراسی سلسلے میں لاہور، فیصل آباد اور کراچی کے شرکاء کوان کے شہروں کی جانب لوٹ جانے کی ہدایت کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز زاہد مشوانی کے مطابق ڈاکٹرطاہرالقادری نے انقلاب مارچ دھرنے میں خطاب کے دوران عید کے موقع پراوراس کے بعد بھی دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیالیکن اس کے ساتھ ہی حکومت پرمزید دباؤ بڑھانے کے لئے لاہور، فیصل آباد اورکراچی میں جلسے کرنے کااعلان بھی کیا۔

    اسی سلسلے میں فیصل آباد، لاہوراورکراچی سے آئے ہوئے شرکاء اور تنظیمی منتظمین کو واپس جاکرجلسوں کے لئے کارنرمیٹنگزکرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ تین دن تک جاری رہنے والی مشاورت کے بعد کیا گیا۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری نے کراچی میں جلسے کے لئے محرم الحرام کے بعد کا وقت مقرر کیا ہے اورانہوں نے تنظیمی عہدیداروں کو تاکید کی ہے کہ کراچی کا جلسہ انتہائی عظیم و الشان ہونا چاہئے۔

  • انقلابی جنگ جاری رہے گی، طاہرالقادری

    انقلابی جنگ جاری رہے گی، طاہرالقادری

    اسلام آباد: ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام کے خلاف انقلابی جنگ بھی جاری رہے گی اور سیاسی محاذ پر بھی ان کا مقابلہ کیا جائے گا۔

    وفاقی دارالحکومت میں انقلاب مارچ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے سیلاب زدگان کو ایک دھیلا نہیں دیا صرف فوٹو سیشن کراکر آگئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کے ساتھ بھی دھوکہ کیا گیا ان کی رجسٹریشن صرف ٹی وی شو ہے ، شمالی وزیرستان کے لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں دیا گیا۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ میں نے دو سال پارلیمنٹ میں بیٹھ کردیکھا لیکن وہاں کسی قسم کی آزادی نہیں تھی، لوگوں نے کہا کہ اس وقت آمر کی حکومت تھی لیکن سیاسی لوگ آمر سے زیادہ بدتر ثابت ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال تک سینٹ کے اراکین وزیرِاعظم کی راہ تکتے رہے ، قرارداد بھی منظورکی لیکن وزیرِاعظم پارلیمنٹ نہیں گئے اور گئے تو انقلاب مارچ کے شرکاء کے عوامی دباؤ پر پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اجلاس میں مسلسل شریک رہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس دھرتی کی کوئی ماں ایسے فرزند پیدا نہ کرسکی جیسے پاکستان عوامی تحریک کے کارکن ہیں ان کےعزم و استقامت کا زمین وآسمان بھی گواہ ہیں اور پاکستان کے عوام بھی ان کے حوالوں کے شاہدہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انتخابی جنگ کا موقع سالوں میں ایک بار آتا ہے جب کہ انقلابی جنگ ہر روز جاری رہتی ہے کسی کو یہ مغالطہ نہ رہے کہ انقلاب کا سفر ختم ہوگیا ہے۔ غریبوں کے حقوق کے حصول تک انقلاب کا سفرجاری رہے گا۔

  • پنجاب حکومت 530 خرچ کرکے بھی امن قائم کرنے میں ناکام ہے، طاہرالقادری

    پنجاب حکومت 530 خرچ کرکے بھی امن قائم کرنے میں ناکام ہے، طاہرالقادری

    اسلام آباد: ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا ہے کہ گزشتہ سات سال میں پنجاب حکومت 530 ارب روپے صرف امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے خرچ کئے اس کے باوجود جرائم کی شرح میں 110 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت میں انقلاب مارچ کے دھرنے میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب اپناریکارڈ جمع کرائیں، میں چاہتا ہوں کہ میں اورمیری نسلیں اس دھرنے کے شرکاء کی جدوجہد اورقربانیوں کو یادرکھیں۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ جب کبھی میں اور میری نسلیں سفر کریں گی تو صرف ان لوگوں کے گھروں میں قیام کریں گی جو انقلاب مارچ میں شریک تھے چاہے وہ کچا مکان ہی کیوں نہ ہو، انہوں تحریک کے لیڈران کو حکم دیا کہ جوان لوگوں سے بے وفائی کرے گااس کو تحریک سے خارج کردیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ کے بیشترمقاصد حاصل کئے جاچکے ہیں اورآج ملک کے ہرشخص کی زبان پرانقلاب کانعرہ ہے، پیٹ بھروں کو انقلاب کی ضرورت نہیں ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کی کاوشوں سے پاکستان کی خوابیدہ قوم بیدارہوچکی ہے، انقلاب آچکا ہے اور اس کا سہرا دھرنے کے شرکاء کے سر جاتا ہے۔

    انہوں کہا کہ پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 9 کے تحت ہرشہری کے جان و مال اورعزت و آبروکو تحفظ حاصل ہے لیکن اس شعبے میں مسلم لیگ ن صرف بجٹ مختص کرکے استعمال کرتی ہے لیکن کسی کو یہ تحفظات حاصل نہیں ہیں۔ گزشتہ سات سال میں پنجاب کے عوام کی جان و مال اور عزت و آبروکے لئے 530 ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود جرائم کی شرح میں 110 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ یہ وہ بنیادی وجوہات ہیں جن کے سبب عوام انقلاب کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

  • عمران خان اور طاہرالقادری کے خلاف مزید 3مقدمات درج

    عمران خان اور طاہرالقادری کے خلاف مزید 3مقدمات درج

    اسلام آباد: تھانہ سیکریٹریٹ میں تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان اورعوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف مزید تین مقدمات درج کرلئے گئے ہیں، اے آروائی نیوز نےایف آئی آر کی کاپی حاصل کرلی ہے۔

    عمران خان اور طاہرالقادری کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مزید تین مقدمات درج کرلئے گئے ہیں، تھانہ سیکریٹریٹ میں دونوں رہنماؤں کے خلاف ایس ایس پی آپریشنز عصمت اللہ جونیجو پر حملے اور زخمی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    دیگر دو مقدمات میں عمران خان اور طاہر القادری پر پستول چھیننے ، سی سی ٹی وی کیمرے چوری کرنے کا الزام ہے۔

    تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف پندرہ سمتبر کو کارکنان کو چھرانے کا مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے، تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے مرکزی قائدین کے خلاف اب تک دس ایف آئی کاٹی جاچکیں ہیں، جن میں سے پانچ تھانہ سیکرٹریٹ، تین تھانہ کوہسار میں اور دو تھانہ آبپارہ میں درج کی گئیں ہیں۔

  • حکمرانوں کو ٹھوکر مار کر نکال دیا جائے، ڈاکٹر قادری

    حکمرانوں کو ٹھوکر مار کر نکال دیا جائے، ڈاکٹر قادری

    اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شامیانے کھولنے کا حکم دے دیا، کہتے ہیں وقت آگیا ہے کہ حکمرانوں کو ٹھوکر مار کر نکال دیا جائے

    انہوں نے کہا کہ حکمران کہتے تھے کہ کچھ نہیں ہوگا تھوڑے دنوں میں ہیجانی کیفیت ختم ہوجائے گی، حکمرانوں کو میں مغرب کی نماز کے بعد بتاتا ہوں کہ کتنی دیر میں ہیجانی کیفیت ختم ہوگی۔

    انہوں نے نوازشریف اور شہبازشریف کو مشورہ دیا کہ دونوں ٹی وی پر آئیں اور اعلان کریں کہ وہ آئین کی خاطر مستعفی ہورہے ہیں، اور اپنی پارٹی سے کسی کو اپنے عہدوں پر نامزد کردیں اور اگر یہ بھی ان کے اختیار میں نہیں تو پھر عوام اپنا اختیار استعمال کرے گی۔

    انہوں نے پولیس والوں سے کہا کہ یہ آخری لمحے ہیں وہ بھی انقلاب مارچ میں شامل ہوجائیں وردی کی پرواہ نہ کریں دوبارہ مل جائے گی، ساتھ ہی ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس والے ہراول دستہ بنیں انقلاب مارچ میں شامل ہوکر لاٹھیاں حکمرانوں کے سروں پر ماریں۔

    انقلاب مارچ لے کر یہاں پہنچے تو منظر اور تھا لیکن آج منظر کچھ اور ہی ہے اور اب فیصلہ کن مرحلہ بہت قریب ہے۔

    انہوں نے زیادتی کا شکار خودسوزی کرنے والی طالبہ کی والدہ کو اسٹیج پربلاکرحکمرانوں کو ملامت کی کہ وہ آخری لمحات میں بھی ایسی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں جہاں ملک کی ہربیٹی کی عزت خطرے میں ہو، ڈاکٹر طاہر القادری نے اعلان کیا کہ اس معصوم طالبہ کے ساتھ ہونے والے ظلم کا بدلہ لیا جائے گا۔

    عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ رائیونڈ اوراسمبلیوں میں بیٹھ کر جمہوریت بچائی جارہی ہے، لوگ کہتے ہیں کہ یہاں صرف میرے مرید بیٹھے ہیں، کیا ان کو یہاں فریاد کرتے مظلوم نظر نہیں آرہے؟۔

    ڈاکٹر قادری نے بے پناہ تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غربت کی انتہا ہوگئی لوگ روٹی کے لئے اپنا لہو اور عزتیں بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

    لہو کو بیچ کر روٹی خرید لایا ہوں
    امیر ِ شہر بتا یہ حلال ہے کہ نہیں

    ان کا کہناتھا کہ لوگ مجھے دشمنی میں گالیاں دیتے ہیں لیکن کسی میں اتنی جرات نہیں کہ ڈیڑھ سال سے جو کچھ میں کہہ رہا ہوں اسے رد کردے۔

    انہوں نے عوام سے کہا کہ ابھی اٹھیں ، گھروں سے نکلیں اور اس انسانی سمندر میں شامل ہوجائیں اور ظالموں سے اپنا حق چھین لیں۔

    ان کا کہنا تھاکہ آٗئین کی بات کرنے والے بتائیں کہ کہاں تھا آئین جب ایک لڑکی زیادتی کا شکار ہو کرخود سوزی کرتی ہے؟آئین تو انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ اگر لوگوں کو ان کا حق مل رہا ہوتا تو لوگ اتنے دن سے یہاں دھوپ اور بارش کی سختی برداشت کرکے احتجاج نہیں کررہے ہوتے۔ اس وقت آٗئین کا تقاضا ہے کہ ان حکمرانوں کو ٹھوکریں مار کر نکال دیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف یا خورشید شاہ کی باتیں آئین نہیں ہیں، آئین کے مطابق اس وقت حکمرانوں کی حیثیت غیرآئینی ہے کیونکہ آرٹیکل 63 کے تحت قرض دہندگان اسمبلی کے ممبر نہیں بن سکتے ، حکمران بتائیں کس نے قرضے معاف نہیں کرائے  تو پھر آئین کے خلاف کون ہوا۔ ہم یا حکمران؟

  • عمران اورطاہرالقادری اٹھاون ٹو بی لانا چاہتے ہیں،نثارکھوڑو

    عمران اورطاہرالقادری اٹھاون ٹو بی لانا چاہتے ہیں،نثارکھوڑو

    کراچی: سندھ کے سینئر وزیرتعلیم نثارکھوڑو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک دھرنوں کے ذریعےاٹھاون ٹو بی لانا چاہتے ہیں جو ہم کسی صورت لانے نہیں دیں گے، کراچی میں سرکاری اسکول کی طالبات میں وظائف تقسیم کرنے کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ماورائے آئین کوئی اقدام قبول نہیں کرینگے۔

    عمران خان اور طاہر القادری کو غیرآئینی مطالبات لے کر عدالتوں میں نہیں جانا چاہئے،وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان میں مسائل کا مستقل حل فوج نہیں بلکہ آئین اور جمہوریت میں ہے انہوں نے کہا کہ ووٹوں سے بددیانتی او دھاندلی کے سب خلاف ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی بقاء اورآئین کی پاسداری کیلئے کوڑے کھائے اور جیلیں بھری ہیں،

    نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ سندھ میں بیس ہزار اساتذہ کو بھرتی کرنا ہے جن میں سے گیارہ ہزار کو آفر لیٹر جاری کئے جاچکے ہیں انہوں نے کہا کہ نجی موبائل نیٹ ورک کمپنی سے تین سال کا معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت سندھ میں چھٹی جماعت سے لیکردسویں جماعت تک کی چار لاکھ طالبات کو اے ٹی ایم کارڈ اور ایزی پیسہ کی سہولت کے ذریعے ایک ارب بیس کروڑ روپے وظیفوں کی شکل میں تقسیم کئے جائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں طالبات کو سالانہ دوہزار پانچ سو جبکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں طالبات کو تین ہزار پانچ سو سالانہ دیئے جائیں گے، تقریب میں طالبات کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے وظیفے دیئے گئے۔

  • حکومت نے پنڈی، اسلام آباد کے درمیان آمد ورفت کنٹینر لگا کر بند کردی

    حکومت نے پنڈی، اسلام آباد کے درمیان آمد ورفت کنٹینر لگا کر بند کردی

    راولپنڈی: وفاقی حکومت کی ہدایت پر انتظامیہ نے راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر ہر قسم کے ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کردیا گیا ہے جس کہ باعث سینکڑوں گاڑیاں لنک روڈ پر پھنس گئی ہیں۔

    اےآروائی نیوز کے نمائندے بابر ملک نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ وہ وقت ہے کہ جب پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد دھرنے میں شرکت کے لئے راولپنڈی سے اسلام آباد ریڈ زون کی جانب سفر کرتی ہے اور وفاقی انتظامیہ نے ان کارکنان کی آمد کو روکنے کے لئے مری روڈ ، فیض آباد ہائی وے اور لنک روڈ کو کنٹینر لگا کر کسی بھی قسم کے ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کردیا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ مجلسِ وحدت المسلمین کی ایک ریلی ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلاب مارچ اور دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے لئے جارہی تھی لیکن اسے بھی اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں ملی۔

    علاوہ ازیں یکایک کنٹینر لگا کر راستہ مکمل طور پر بند کردینے سے جڑواں شہروں کے باشندےبھی اپنی منزل ِ مقصود تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔ لنک روڈ پر سینکروں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں جن میں کئی ایمبو لینسیں بھی پھنس گئی ہیں۔

    گذشتہ روز وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ کنٹینر صرف دھرنوں کے شرکاء کی سیکیورٹی کے لئے لگائے گئے ہیں لیکن آج کے واقعے نے ان کے اس دعوے کی قلعی کھول دی ہے۔

  • عمران خان اور طاہر القادری آج سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے

    عمران خان اور طاہر القادری آج سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے

    اسلام آباد:  عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری آج سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے ، دونوں رہنمائوں کو عدالت میں طلبی کے نوٹس موصول ہوچکےہیں۔

    سپریم کورٹ میں امن و امان اور دھرنوں سے متعلق پٹیشن کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خانا ور پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کو طلب کیا ہے ، اس دوران عدالت کا کہنا تھا کہ بنیادی حقوق کیلئے راستے بند کئے جا سکتے نہ حکومت کو کام سے روکا جا سکتا ہے۔

    عدالت مین طلب کئے جانے کے سمن عمران خان کی جانب سے سیکریٹری تحریک انصاف نے جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے خرم نواز گنڈا پور نے وصول کئے تھے، دونوں رہنما آج سپریم کورٹ میں اپنے دھرنوں کے حوالےسے اپنا اپنا موقف پیش کریں گے۔

    گزشتہ روز سپریم کورٹ نے راستے بند کرنے اور پارلیمنٹ کے گھیرائو سے متعلق پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں کو عدالت میں اپنے موقف کی وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    سپریم کورٹ میں ممکنہ ماورائے آئین اقدام اوردھرنوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں عدالتی بینچ نےکی۔ اعلیٰ عدالت نےدلائل سُننے کے بعد عمران خان اور ڈاکٹرطاہر القادری کونوٹسز جاری کردیئے اور عدالت میں اپنے موقف کی وضاحت کرنے کا حکم دیا۔

    چیف جسٹس ناصرالملک نے کہا کہ راستے بند ہونے کے باعث متعدد وکلا عدالت نہیں پہنچ سکے، جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس میں کہا احتجاج کرنا کسی کاحق ہے تو وہ اس طرح نہیں ہوسکتا ہے کہ دوسرے کی حق تلفی ہو، آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق کی آڑ میں غیر قانونی طور پرحکومت کے خاتمہ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    انھوں نے کہا کہ آئین میں حکومت ختم کر نے کےطریقےموجود ہیں۔ اُن سے ہٹ کر کوئی بھی طریقہ غیر آئینی ہوگا، کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی کہ آزادی اظہار رائےکی آڑ میں انتشار پھیلانےکی کوشش کرے۔

  • انقلاب، آزادی مارچ پارلیمنٹ کے سامنے پہنچ گئے

    انقلاب، آزادی مارچ پارلیمنٹ کے سامنے پہنچ گئے

    اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کا انقلاب مارچ اور پاکستان تحریکِ انصاف کا آزادی مارچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور مظاہرین ڈاکٹر طاہر القادری کی عوامی پارلیمنٹ اور عمران خان کے فیصلے کے مطابق ریڈ زون میں داخل ہو کر پارلیمنٹ ہاوٗس تک پہنچ چکےہیں۔

    مظاہرین نے راستے میں حائل تمام رکاوٹیں جن میں کنٹینر اورخاردار تاریں شامل تھیں انہیں لفٹر کی مدد سے دورکردیااور عومی تحریک اور تحریک انصاف کے قافلے شاہراہ دستور پر آگئے ہیں۔

    اسی کوشش کے دوران مظاہرین کی پولیس سے سرینہ چوک کے مقام پر جھڑپ بھی ہوئی اور کنٹینر ہٹانے کے دوران پی ٹی آئی کے چار کارکنان کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔

    صورتحال کے پیش ِ نظر ہولی فیملی اور پمز اسپتال سمیت اسلام آباد کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں۔

     

    دوسری جانب وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی حکومت کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ایک جانب تو استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیاتودوسری جانب انہوں نے حکم دیا کہ لانگ مارچ کے شرکاء کے راستے سے تمام رکاوٹیں ہٹا کر انہیں ریڈ زون میں آنے دیا جائے۔

    وزیراعظم نوازشریف نے سیکیورٹی عہدے داروں کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے منع کرتے ہوئے حکم دیا کہ اگر مظاہرین کسی عمارت کو نقصان پہنچائیں تو پھر ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔

    وزیراعظم نے مزید ہدایات جاری کیں کہ مارچ میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں لہذا شیلنگ اور لاٹھی چارج کے استعمال سے ہرصورت اجتناب کیا جائے۔

    ریڈزون میں واقع ڈپلومیٹک انکلیو اور حساس اداروں کی حفاظت کے لئے وفاقی حکومت کی درخواست پر فوج پہلے ہی تعینات کی جاچکی ہے اور ساتھ ہی ساتھ پولیس اوررینجرز اہلکاروں کی بھاری تعداد بھی ریڈ زون سے تعینات کی گئی ہے۔

    دوسری جانب حکومت نے فیض آباد کے مقام سے اسلام آباد کے داخلی راستوں کو کنٹینر لگا کر دوبارہ سیل کرنا شروع کردیا ہے تاکہ مزید مظاہرین اسلام آباد میں داخل نہ ہوسکیں۔

  • انقلاب آزادی مارچ ،حکومت کی 2مذاکراتی کمیٹیاں قائم، حتمی ناموں کا فیصلہ آج ہوگا

    انقلاب آزادی مارچ ،حکومت کی 2مذاکراتی کمیٹیاں قائم، حتمی ناموں کا فیصلہ آج ہوگا

    اسلام آباد: طاہر القادری کا الٹی میٹم اور عمران خان کی سول نافرمانی تحریک کے اعلان کے بعد حکومت نے دونوں رہنماؤں سے مذاکرات کے لئے دو کمیٹیاں قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    حکومت نے دو مذاکراتی کمیٹیاں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، کمیٹیوں میں چوہدری نثار علی خان، احسن اقبال، پیرامین الحسنات، خواجہ سعد رفیق اور عبدالقادر بلوچ کے نام شامل ہیں، وزیراعظم آج ان ناموں میں سے حتمی ناموں کا فیصلہ کریں گے۔

    چوہدری نثارکا کہنا ہے کہ طاہرالقادری اور عمران خان کے آئینی مطالبات مانے جا سکتے ہیں جبکہ اہم رہنماء بھی سیاسی تناؤ کم کرنے کےلئے میدان عمل میں سرگرم ہیں، سراج الحق اور چوہدری نثار کے درمیان رابطے نے مصالحت کی نئی کوششوں کا آغاز کردیا ہے،

    جماعت اسلامی نے پانچ تجاویز حکومت کو دے دیں ہیں، پیپلزپارٹی بھی جمہوریت کے تحفظ کیلئے کوششوں میں مصروف ہے، رحمان ملک کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا وفدایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو جائے گا، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے حکومتی اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کومشاورت کیلئے مدعو کرلیا ہے۔

    خورشید شاہ اور سراج الحق کے درمیان اہم نشست میں تجاویز پر غور ہوا، وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی طاہرالقادری سے ملاقات کے لئے کوششں کر رہے ہیں، گورنر پنجاب اور الطاف حسین طاہرالقادری کو راضی کرنے کے لئے بیک ڈور کوششیں کررہے ہیں۔