Tag: طغیانی

  • کورنگی کازوے اور گڈاپ ندی میں ریسکیو آپریشن، ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری

    کورنگی کازوے اور گڈاپ ندی میں ریسکیو آپریشن، ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری

    کراچی: کورنگی کازوے اور گڈاپ ندی میں ریسکیو آپریشن کیا گیا، کازوے میں پھنسے 2 افراد کو نکال لیا گیا جب کہ گڈاپ ندی میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی کاز وے میں پھنسے 2 افراد کو ریسکیو ٹیم نے نکال لیا، 23 سالہ ندیم اور 23 سالہ عدنان محمود آباد 6 نمبر کے رہائشی ہیں، ندی میں پھنسے افراد کو ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے کشتیوں کے ذریعے نکالا۔

    ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کورنگی کازوے پر پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے، پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کورنگی کازوے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    ادھر گڈاپ ندی میں 3 افراد کے ڈوبنے کے واقعے کے بعد پاک بحریہ کی ٹیم نے لٹھ ڈیم کے مقام پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    شہریوں کے تحفظ کے لیے گڈاپ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، گڈاپ سٹی اور گلشن معمار پولیس نے اہل کار تعینات کر دیے۔

    گڈاپ ندی میں پانی کے ریلے میں 3 افراد بہہ گئے تھے، تینوں افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پھسلنے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا۔

    ڈوبنے والوں میں باپ بیٹا غلام حسین اور لیاقت حسین شامل ہیں، جب کہ زندہ بچ جانے والے شہری کی شناخت رحیم الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

    کراچی میں بارش کی وجہ سے پیپلز بس سروس کے پہلے روٹ کی سڑک بھی زیر آب آ گئی ہے، پانی بس میں داخل ہونے کے خدشے کے پیش نظر پیپلز بس سروس آج کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔

    پہلے روٹ کے لیے پیپلز بس سروس ماڈل کالونی سے ٹاور تک چلائی جاتی ہے، آخری بس کل شام 6 بجے ماڈل کالونی سے ٹاور کے لیے روانہ ہوئی تھی، ماڈل موڑ سے ماڈل کالونی ریلوے پھاٹک تک دونوں ٹریک زیر آب آ چکے ہیں، انتظامیہ پیپلز بس سروس کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کی صورت حال دیکھ کر سروس بحال کر دی جائے گی۔

  • بھارت کی آبی دہشت گردی جاری، ایک بار پھر اضافی پانی چھوڑ دیا

    بھارت کی آبی دہشت گردی جاری، ایک بار پھر اضافی پانی چھوڑ دیا

    لاہور: بھارت اپنی آبی دہشت گردی سے باز نہیں آیا، ایک بار پھر اضافی پانی چھوڑ دیا جس کے باعث نالہ ڈیک میں طغیانی آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے دریاؤں میں اضافی پانی چھوڑے جانے سے نالہ ڈیک میں طغیانی آ گئی ہے، 24 گھنٹے میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے۔

    دریائے چناب، نالہ پلکھو اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

    ادھر وزیر آباد کے قریب دھونکل مائنر کا بند ٹوٹنے سے پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے، دریاؤں میں کہیں اونچے کہیں درمیانے درجے کا سیلاب آ گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبرپختونخواہ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات‘5 افرادجاں بحق

    خیال رہے کہ ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے تباہی جاری ہے، مختلف واقعات میں مزید 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ملک بھر میں مزید بارشوں کے نظر سیلابوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    کشمیر، خیبر پختون خوا، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں مزید سیلابوں کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب آیا ہوا ہے، دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

  • حب میں برساتی نالے میں طغیانی، سیلابی ریلے سے 9 افراد ہلاک

    حب میں برساتی نالے میں طغیانی، سیلابی ریلے سے 9 افراد ہلاک

    حب: صوبہ بلوچستان اور کراچی کے سرحدی علاقے حب میں برساتی نالے میں طغیانی نے کئی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سیلابی ریلے میں ڈوب کر 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حب کے علاقے پتھر کالونی نالے میں بارش کے بعد شدید طغیانی آگئی۔

    طغیانی کے باعث سیلابی ریلا نالے سے ابل پڑا اور کئی گھروں کو مکمل تباہ کردیا۔ ریلے میں مال مویشیوں کے ساتھ ساتھ 11 افراد بھی لاپتہ ہوگئے۔

    لاپتہ افراد میں سے 2 خواتین اور 3 بچوں سمیت 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں بقیہ 2 افراد کی تلاش جاری ہے۔

    نالے کے اطراف میں ایدھی کے رضاکار امدادی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔ ایدھی ذرائع نے 9 لاشوں کے نکالے جانے کی تصدیق کردی ہے۔