Tag: طفر مرزا

  • ’پاکستان میں کرونا کیسز دیگر ممالک کی نسبت کم ہیں‘

    ’پاکستان میں کرونا کیسز دیگر ممالک کی نسبت کم ہیں‘

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز دیگر ممالک کی نسبت کم ہیں، کیسز کم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ احتیاط چھوڑ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ صنعتیں کھولنے کا مقصد یہ نہیں کہ بےاحتیاطی شروع کردی جائے، ہمارے تخمینوں کے مطابق پاکستان میں کرونا سے اموات کم ہیں، وزارت صحت ماہرین کے مشورے سے گائیڈلائن بناتا ہے، دکانوں پر اس بات پر زور دیا جائے کہ وہاں ہجوم نہ لگے۔

    انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز کے مطابق سماجی فاصلے ہر صورت رکھنے ہیں، وزارت صحت کی جانب سے تمام گائیڈلائنز ویب سائٹ پر موجود ہیں خریداروں اور ورکرز کی صحت کا خیال بھی رکھنا ضروری ہے، خریداروں اور ورکرز کو بغیر اسکریننگ داخل نہ ہونےدیں، دونوں کے درمیان فاصلے کو یقینی رکھیں۔

    معاون خصوصی نے زور دیا کہ احتیاطی تدابیر کے لیے دکاندار یاکارخانوں کے مالکان کی ذمہ داری زیادہ ہے، صنعتیں اس لیے کھولی جارہی ہیں کہ لوگوں کو روزگار ملے، خریداروں اور ورکرز کی صحت کا خیال بھی رکھنا ضروری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ خریداروں اور ورکرز کو بغیر اسکریننگ داخل نہ ہونے دیں، پاکستان میں 1500افراد کروناوائرس سےصحت یاب ہوچکے ہیں، ملک کے مختلف اسپتالوں میں 44افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں، صنعتیں کھولنے کا مقصدیہ نہیں کہ بداحتیاطی شروع کردی جائے، حالات کنٹرول میں ہیں لیکن یہ مطلب نہیں کہ احتیاط کرناچھوڑ دیں۔

  • انسداد پولیو: وزیر صحت کی بل اور میلنڈا گیٹس سے ملاقات متوقع

    انسداد پولیو: وزیر صحت کی بل اور میلنڈا گیٹس سے ملاقات متوقع

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے صحت ظفر مرزا ابو ظہبی میں مائیکرو سافٹ کے بانی اور سماجی شخصیت بل گیٹس اور ان کی اہلیہ میلنڈا گیٹس سے ملاقات کریں گے اور انسداد پولیو میں اصلاحات اور انسداد پولیو کے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے صحت ظفر مرزا انسداد پولیو پر اجلاس میں شرکت کے لیے ابو ظہبی روانہ ہوگئے۔

    روانگی سے قبل ظفر مرزا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں انسداد پولیو کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ پولیو کی اہم میٹنگ میں پاکستان توجہ کا مرکز ہوگا، پاکستان میں پولیو کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دورے میں بل اور میلنڈا گیٹس سے بھی ملاقات کروں گا، بل اور میلنڈا گیٹس سے پولیو کے خاتمے پر تعاون سے متعلق بات ہوگی۔ انسداد پولیو میں اصلاحات اور انسداد پولیو کے اقدامات سے آگاہ کروں گا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ہی ملک میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔ پولیو کے 3 کیسز خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت اور ایک کراچی سے سامنے آیا تھا۔

    رواں برس ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 82 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    صرف خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 61 ہوگئی ہے۔ 9 کیسز سندھ میں، 7 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آچکے ہیں۔