Tag: طلائی تمغہ

  • نیرج چوپڑا نے ایشین گیمز میں بھی طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا

    نیرج چوپڑا نے ایشین گیمز میں بھی طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا

    ایشین گیمز میں جیولن تھرو کے مقابلے میں نیرج چوپڑا نے گولڈ میڈل جیت لیا، ان کے ساتھی کھلاڑی کشور کمار جینا نے سلور میڈل پر قبضہ جمایا۔

    جیولن تھرو میں بھارتی اسٹار ایتھلیٹ نیرج کی سب سے بہترین کوشش 88.88 میٹر رہی جب کہ کشور 87.54 میٹر کی تھرو پھینکنے میں کامیاب رہے۔ ایک مرحلے پر ان ہی کے ملک سے تعلق رکھنے والے کشور کمار، نیرج سے آگے نکل گئے لیکن پھر گولڈ میڈلسٹ نے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔

    جاپان کے ڈین راڈرک گینکی نے ایونٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا جب کہ پاکستان کے یاسر محمد چوتھے نمبر پر رہے۔ نیرج چوپڑا نے اس سیزن کا اپنا بہترین تھرو بھی پھینکا، جب کہ کشور کمار جینا کا یہ اب تک کا سب سے بہترین تھرو تھا۔

    یہ پہلا موقع ہے جب بھارتی کھلاڑیوں نے جیولن تھرو ایونٹ میں اپنے ملک کے لیے گولڈ اور سلور دونوں تمغے حاصل کیے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان کے معروف ایتھلیٹ ارشد ندیم ایونٹ سے دستبردار ہوگئے تھے۔

    1951 سے مینز جیولن تھرو ایشیائی کھیلوں کا حصہ رہا ہے۔ 72 سالوں میں پہلی بار ایسا ہوا ہے جب اس مقابلے میں بھارت کے ہی دو ایتھلیٹ نے گولڈ اور سلور میڈل جیتنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    مجموع طور پر ایشین گیمز میں بھارت کے پاس جیولن تھرو مقابلے میں 5 میڈل ہو گئے ہیں۔اس سے قبل 1951 کے دہلی ایشین گیمز میں پرسا سنگھ نے سلور میڈل، 1982 کے دہلی ایشین گیمز میں گرتیج سنگھ نے برانز میڈل اور 2018 کے جکارتہ ایشین گیمز میں نیرج نے گولڈ میڈل جیتا تھا۔

  • یوسین بولٹ نےریو اولمپکس میں تیسرا طلائی تمغہ جیت لیا

    یوسین بولٹ نےریو اولمپکس میں تیسرا طلائی تمغہ جیت لیا

    ریو ڈی جنیرو : جمیکا کے ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے برازیل کے شہر ریو میں جاری مقابلوں میں اپنا تیسرا طلائي تمغہ جیت لیا.انہوں نے تیسرا تمغہ 4×100 ریلے دوڑ میں حاصل کیا.

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں جمیکا کے ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے اولمپکس میں اپنا نواں اور برازیل کے شہر ریو میں جاری مقابلوں میں اپنا تیسرا طلائی تمغہ جیت لیا.

    جمیکا کے29 سالہ بولٹ نے ریو میں اس سے قبل 100 اور 200 میٹر کا تغمہ حاصل کر رکھا تھا.اس طرح وہ تاریخ میں پہلے شخص ہیں جنھوں نے لگاتار ان تینوں مقابلوں میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے.

    انہوں نے جمیکا کے دوسرے رنرز آصفا پوول،یوحنا بلیک اور نکل ایشمیڈے کے ساتھ 4×100 میٹر دوڑ 37.27 سیکنڈس میں مکمل کی.اس مقابلے میں جاپان نے امریکہ کی ٹیم کو شکست دے کر حیرت انگیز طور پر چاندی کا تمغہ حاصل کیا.

    *ریواولمپکس : یوسین بولٹ نے 200 میٹر کی دوڑ جیت لی

    یاد رہے کہ اس سے قبل یوسین بولٹ سنہ 2008 کے بیجنگ اور 2012 کے لندن اولمپکس میں 100 میٹر، 200 میٹر اور 4×100 میٹر کی دوڑ میں گولڈ میڈل جیت چکے ہیں.

    *یوسین بولٹ نے سو میٹر کی دوڑ جیت لی

    واضح رہے کہ بولٹ نے فروری میں کہا تھا کہ وہ سنہ 2017 میں ہونے والی عالمی چیمپیئن شپ کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔

  • ریو اولمپکس : ہاکی میں ارجنٹینا پہلی مرتبہ چیمپیئن بن گیا

    ریو اولمپکس : ہاکی میں ارجنٹینا پہلی مرتبہ چیمپیئن بن گیا

    ریو ڈی جنیرو: ریو اولمپکس میں ہاکی کے فائنل میں ارجنٹینا نے بیلجیئم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ہاکی میں طلائی تمغہ جیت لیا.

    تفصیلات کےمطابق میچ کے ابتدائی لمحات میں بیلجیئم کے ٹنگئے کوسنس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تھی لیکن اس کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم پوری طرح کھیل پر چھائی رہی اور ہاف ٹائم سے پہلے تین گول کر دیے.

    ارجنٹینا کی طرف سے باپلو ابرا، اگناشیو ارتز اور گونزالو پیلٹ نے بیلجیئم کے خلاف گول کیے.

    بیلجیئم نے میچ میں اپنی گرفت دوبارہ مضبوط کرنے کی بھرپور کوشش کی اور گودیئر بوکارڈ نے ایک گول کر کے اس برتری کو کم کرنے کی کوشش کی.تاہم میچ کے آخری لمحات میں ارجنٹینا کے آگسٹن مزیلی نے گول کرکے ارجنٹینا کی فتح یقینی بنا دی.

    یاد رہے کہ ریو المپکس میں ہاکی کے میدان میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والی ارجنٹینا کی ٹیم اس سے پہلے کبھی بھی اولمپکس مقابلوں میں سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہیں کر سکی تھی.

    واضح رہے کہ بیلجیئم کی ٹیم نے بھی پہلی مرتبہ اولمپکس مقابلوں میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور ہاکی کے مقابلوں میں سنہ 1920 میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد اس کا یہ دوسرا تمغہ ہے.