Tag: طلاق

  • فلم ٹاپ گن کو سیونگ پرائیویٹ رائن سے بہتر قرار دینے پر طلاق کا خدشہ

    فلم ٹاپ گن کو سیونگ پرائیویٹ رائن سے بہتر قرار دینے پر طلاق کا خدشہ

    سوشل میڈیا پر جہاں ایک طرف تقریباً پچیس سال بعد ایک شان دار ہالی ووڈ فلم کا پھر سے چرچا ہونے لگا ہے، وہیں ٹام کروز کی سپر ہٹ فلم ٹاپ گن کو بہتر قرار دینے پر ایک خاتون کو طلاق ملنے کے خدشے نے آ گھیرا ہے۔

    دراصل اتوار کو ٹویٹر پر ایک خاتون صارف راشل ونڈمین نے ایک پوسٹ کی، جس میں انھوں نے لکھا کہ ’میں نے کہا کہ ٹاپ گن، سیونگ پرائیویٹ رائن سے بہتر فلم ہے، اور اس پر لگتا ہے اب مجھے طلاق ہونے والی ہے۔‘

    اس ٹویٹ کے بعد فلموں میں دل چسپی رکھنے والوں کی طرف سے تبصروں کا تانتا بندھ گیا، جس کی وجہ سے فلم سیونگ پرائیویٹ رائن ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گئی، یہ فلم دراصل 1998 میں ریلیز ہوئی تھی، چوبیس برس قبل پہلی بار سنیما گھروں کی زینت بننے والی اس فلم میں ٹام ہینکس اور میٹ ڈیمن نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، لیکن ایک ٹویٹ نے اسے پھر سے ٹاپ ٹرینڈ بنا دیا۔

    جب کہ پہلی ’ٹاپ گن‘ فلم 1986 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم میں ٹام کروز نے ایک فائٹر پائلٹ کا کردار ادا کیا تھا، جس نے اکیڈمی اور گولڈن گلوب سمیت متعدد ایوارڈز جیتے تھے، اس فلم کا سیکوئل ’ٹاپ گن: میورک‘ رواں سال ریلیز ہوئی ہے اور اس وقت دنیا پھر کے سینما گھروں میں دکھائی جا رہی ہے۔

    صارفین کا زبردست ردِ عمل

    ایک ٹوئٹر صارف نے راشل ونڈمین کی ٹویٹ پر لکھا ’سیونگ پرائیویٹ رائن کے شروع کے 30 منٹ پوری ٹاپ گن سے بہتر ہیں۔‘

    ’چیز برگر‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے واشل کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’یہ دونوں ہی غیر معمولی فلمیں ہیں لیکن آپ غلط ہیں۔ صرف ایسی چار فلمیں ہیں جنھیں دیکھ کر آدمی روتا ہے: ’سیونگ پرائیویٹ رائن، گلیڈی ایٹر، ہیون کین ویٹ اور روڈی۔‘

    جیک ہکس نامی صارف نے لکھا ’سیونگ پرائیویٹ رائن اب تک کی سب سے بہترین فلموں میں سے ایک ہے، جب کہ ٹاپ گن 1986 کی بہترین فلموں میں بھی نہیں تھی۔‘

    آئی ایم بی ڈی ریٹنگ

    انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس (آئی ایم ڈی بی) پر ’سیونگ پرائیوٹ رائن‘ کو لاکھوں لوگوں نے 10 میں سے 8.6 ریٹنگ دی ہے، جب کہ دوسری جانب 1986 میں ریلیز ہونے والی ’ٹاپ گن کی ریٹنگ 10 میں سے 6.9 ہے۔

    ٹاپ گن کی نئی مووی

    ’ٹاپ گن‘ سیریز کی دوسری فلم ’ٹاپ گن: میورک‘ اپنی ریلیز کے بعد سے دو دنوں میں اب تک 100 ملین ڈالرز سے زیادہ پیسے کما چکی ہے اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بزنس کے اعتبار سے ٹام کروز کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ثابت ہوگی۔

    فلم سیونگ پرائیویٹ رائن

    یہ فلم دوسری جنگ عظیم کے ارد گرد گھومتی ہے جس میں امریکی رینجرز کے ایک کپتان جان ایچ ملر (ٹام ہینکس) فرانس کے علاقے نارمنڈی میں جرمن فوجی آپریشن کے دوران ایک فوجی اہل کار پرائیوٹ فرسٹ کلاس جیمز فرانسس رائن (میٹ ڈیمن) کو ڈھونڈ رہے ہیں تاکہ انھیں واپس امریکا بھیجا جا سکے۔

    پرائیویٹ رائن کو گھر بھیجنے کے احکامات اس لیے جاری ہوئے ہیں کیوں کہ ان کے تین بھائی پہلے ہی جنگ میں ہلاک ہو چکے ہیں اور امریکی حکومت چاہتی ہے کہ چوتھا بھائی واپس اپنے وطن جا کر اپنے خاندان کے ساتھ رہے۔

    ’سیونگ پرائیویٹ رائن‘ کا شمار جنگوں پر بننے والی مشہور ترین فلموں میں ہوتا ہے اور اسے 71 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں 11 ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا اور اس فلم کو اس سال پانچ اکیڈمی ایوارڈز ملے تھے۔ اس کے علاوہ نے گولڈن گلوب سمیت متعدد ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔

  • الجزائر: تین بھائیوں نے بیویوں کو ایک ساتھ طلاق دے دی

    الجزائر: تین بھائیوں نے بیویوں کو ایک ساتھ طلاق دے دی

    الجزائر: شمالی افریقی ملک الجزائر میں تین بھائیوں نے بیویوں کو ایک ساتھ طلاق دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ الجزائر میں تین بھائیوں نے مبینہ طور پر اپنی بوڑھی ماں کی دیکھ بھال میں ناکامی پر اپنی بیویوں کو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں طلاق دے دی۔

    گلف نیوز نے مقامی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ تینوں بھائی جب کام کام سے گھر واپس آئے تو انھوں نے دیکھا کہ ان کی بیویوں کی جگہ پڑوسی خاتون ان کی بیمار ماں کو نہلا رہی ہے، یہ دیکھ کر وہ سخت طیش میں آ گئے اور ایک ہی وقت میں تینوں نے انھیں طلاق دے دی۔

    رپورٹ کے مطابق بوڑھی ماں کی ایک بیٹی ہفتے میں دو بار ان کی دیکھ بھال کے لیے آ جاتی تھی، لیکن حال ہی میں کینسر میں مبتلا ہونے والے شوہر کی دیکھ بھال کی وجہ سے نہیں آ سکی تھی۔

    اس پر تینوں بھائیوں نے اپنی بیویوں سے کہا کہ وہ ان کی ماں کا خیال رکھیں، لیکن انھوں نے اس سے انکار کر دیا، معاملات مزید خراب تب ہوئے جب بھائیوں نے دیکھا کہ بوڑھی ماں کو بیویوں نے پڑوسیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

  • آرنلڈ شوارزنیگر کی اہلیہ سے طلاق ہو گئی

    آرنلڈ شوارزنیگر کی اہلیہ سے طلاق ہو گئی

    لاس اینجلس: ہالی ووڈ کے ایکشن ہیرو آرنلڈ شوارزنیگر کی اہلیہ سے آخرکار طلاق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف ہالی ووڈ اداکار آرنلڈ شوارزنیگر کی شادی کے 35 برس بعد طلاق ہو گئی، آرنلڈ اور ان کی اہلیہ ماریا شریور میں 10 سال کی طویل علیحدگی کے بعد طلاق ہوئی ہے۔

    آرنلڈ نہ صرف ہالی ووڈ اداکار ہیں بلکہ سابق ویٹ لفٹر، سیاست دان، سماجی کارکن اور فلم ساز بھی ہیں، انھوں نے 1986 میں سابق صدر جان ایف کینیڈی کی بھانجی ماریہ شریور سے شادی کی تھی، دونوں کے 4 بچے ہیں تاہم 2011 میں ماریہ نے طلاق کے لیے درخواست دے دی تھی۔

    جوڑے نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ دونوں کے درمیان ایسے اختلافات پیدا ہو چکے ہیں جو حل نہیں ہو سکتے۔

    مقبول امریکی کامیڈین کا 100 برس مکمل ہونے سے چند ہی دن قبل انتقال

    طلاق کا یہ کیس لاس اینجلس کی عدالت میں 10 سال تک چلتا رہا جس کے بعد طلاق کو سرکاری درجہ دیا گیا، طلاق میں 10 سال لگنے کی وجہ مالی اثاثہ جات کی تقسیم تھی۔

    آرنلڈ کے بیٹے پیٹرک شوارزنیگر نے والدین کی طلاق پر ایک انٹرویو میں کہا میں اپنے دونوں والدین کی مکمل حمایت کرتا ہے اور چوں کہ دونوں کا کئی سال پہلے رشتہ ٹوٹ گیا تھا، اس لیے اب اس سے کچھ بھی مختلف نہیں ہے۔

  • نکاح کے فوراً بعد دلہا نے دلہن کو طلاق دے دی

    نکاح کے فوراً بعد دلہا نے دلہن کو طلاق دے دی

    عمان: اردن میں ہونے والی شادی کی ایک تقریب میں دلہن نے یہ کہہ کر ماسک پہنے سے انکار کیا کہ اس کی لپ اسٹک خراب ہوجائے گی جس پر دلہا نے حاضرین اور نکاح خواں کے سامنے دلہن کو طلاق دے دی۔

    مذکورہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز ہو گیا۔ بعض افراد کا کہنا ہے کہ دلہا نے بروقت فیصلہ کیا تاکہ آئندہ کی زندگی پرسکون رہے جبکہ کچھ نے اسے زیادتی قرار دیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نکاح رجسٹرار کے آفس میں دلہا، دلہن اور دیگر حاضرین نکاح کی تقریب میں شریک ہوئے تو رجسٹرار آفس کے اہلکار نے دلہن سے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہن لیں۔

    رجسٹرار آفس کے اہلکار کی جانب سے متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود دلہن نے ان کی بات نہ مانی، دلہا اور ان کے اہل خانہ نے بھی دلہن کو ماسک پہننے کے لیے کہا مگر دلہن کا ایک ہی جواب تھا کہ ماسک سے اس کی لپ اسٹک خراب ہو جائے گی جو بڑی محنت سے لگائی ہے۔

    دلہن کی بات سن کر دلہا کو غصہ آگیا اور اس نے کھڑے کھڑے یہ کہتے ہوئے دلہن کو طلاق دے دی کہ جو عورت پہلے دن ہی اپنے شوہر کی بات نہ مانے اس سے آئندہ کسی بھلائی کی امید نہیں رکھی جاسکتی۔

    طلاق کے الفاظ سنتے ہی وہاں موجود دلہن کے اہل خانہ اور دیگر لوگوں نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی مگر دلہا نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا اور اپنے گھر والوں کے ساتھ نکاح رجسٹرار کے دفتر سے نکل گیا۔

  • تیسری بیوی کو شوہر کی عیادت مہنگی پڑگئی

    تیسری بیوی کو شوہر کی عیادت مہنگی پڑگئی

    ریاض‌‌ : تیسری بیوی کو شوہر کی عیادت کےلیے اسپتال جانا مہنگا پڑگیا، شوہر نے اسپتال میں ہی تیسری اہلیہ کو طلاق دے دی۔

    جی ہاں! یہ حیران کن واقعہ خلیجی ریاست سعودی عرب میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے نکاح کے وقت عجیب و غریب شرط لڑکی والوں پر عائد کی۔

    نکاح خواں کا کہنا تھا کہ سعودی شہری نے تیسری شادی کے وقت شرط رکھی کہ شادی کو خفیہ رکھا جائے گا اور اس کی بیوی کسی شادی سے متعلق کو کچھ نہیں بتائے گی اور نہ ہی رشتے دار کسی سے اس بات کا ذکر کریں گے۔

    نکاح خواں نے بتایا کہ شہری کے یہ شرط عائد کرنے کی وجہ پہلے سے شادی شدہ ہونا تھا۔

    شادی کے کچھ وقت بعد شوہر بیمار ہوگیا اور اسے اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں تیسری بیوی نے فرض زوجیت نبھانے کےلیے اسپتال کا دورہ کیا تاکہ شوہر کی عیادت کرسکے لیکن یہ اقدام اسے بہت مہنگا پڑگیا۔

    تیسری بیوی کے اسپتال پہنچنے کے شوہر کے پہلی دو بیویوں کو تیسری شادی کا علم ہوگیا جس کے باعث شوہر نے تیسری بیوی بغیر کچھ سنے اور پوچھے اسپتال میں ہی طلاق دے دی۔

    شہری نے موقف یہ اختیار کیا کہ نکاح کے وقت شادی کو صیغہ راز میں رکھنے کی شرط رکھی تھی جسے توڑ دیا گیا، طلاق کی ذمہ دارتیسری بیوی خود ہے۔

  • بھارتی کرکٹر شیکھر دھون اور ان کی اہلیہ میں طلاق ہو گئی

    بھارتی کرکٹر شیکھر دھون اور ان کی اہلیہ میں طلاق ہو گئی

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹر شیکھر دھون اور ان کی اہلیہ عائشہ مکھرجی کے درمیان طلاق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین شیکھر دھون اور عائشہ مکھرجی 2012 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، تاہم 8 سال بعد دونوں کا یہ رشتہ ٹوٹ گیا۔

    اس سلسلے میں عائشہ مکھرجی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بتایا کہ ان کے درمیان طلاق ہو گئی ہے، عائشہ نے لکھا کہ کہ وہ ایک بار پھر سے طلاق یافتہ ہو گئیں۔

    واضح رہے کہ یہ شیکھر دھون کی پہلی اور باکسر عائشہ مکھرجی کی دوسری شادی تھی، عائشہ کی پہلی شادی بھی طلاق پر منتج ہوئی تھی، عائشہ کا کہنا تھا کہ طلاق کا پہلا تجربہ ڈراؤنا تھا، میں بہت خوف زدہ تھی اور خود کو ناکام محسوس کر رہی تھی۔

    انسٹاگرام پوسٹ پر عائشہ مکھرجی نے لکھا طلاق ہونے پر میں نے محسوس کیا تھا جیسے میں نے سب کو مایوس کر دیا ہو اور خود غرضی بھی محسوس کی تھی، میں نے محسوس کیا کہ میں اپنے والدین کو مایوس کر رہی ہوں، اپنے بچوں کو مایوس کر رہی ہوں اور یہاں تک کہ کسی حد تک مجھے ایسا لگا جیسے میں خدا کو مایوس کر رہی ہوں کیوں کہ طلاق بہت بُرا لفظ تھا۔

    عائشہ نے لکھا کہ اب مجھے دوسری بار بھی طلاق ہو چکی ہے اور میں پھر وہی سب محسوس کر رہی ہوں لیکن اس بار میں نے خود کو بااختیار محسوس کیا، کیوں کہ طلاق کا مطلب ہے اپنا انتخاب کرنا، اپنے لیے سوچنا اور خود کو تکلیف سے بچانا۔

    شیکھر دھون اور عائشہ مکھرجی کا ایک بیٹا بھی ہے، جب کہ پہلے شوہر سے اُن کی دو بیٹیاں تھیں۔

  • نواز الدین صدیقی اور اہلیہ نے طلاق کا فیصلہ واپس لے لیا

    نواز الدین صدیقی اور اہلیہ نے طلاق کا فیصلہ واپس لے لیا

    نئی دہلی: بالی وڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی اور ان کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے طلاق کا فیصلہ واپس لے لیا، عالیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اولاد کی خاطر دوبارہ شوہر کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نواز الدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ نے مئی 2019 میں شوہر پر جاسوسی، تشدد اور نان نفقہ کے اخراجات ادا نہ کرنے جیسے الزامات کی وجہ سے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ دونوں کو اپنی غلطیوں کا احساس ہوگیا ہے اور دونوں نے بچوں کی خاطر دوبارہ ایک ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    طلاق کا فیصلہ واپس لیے جانے کے بعد جلد ہی دونوں بچوں سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی جائیں گے، جہاں ان کے بچے تعلیم حاصل کریں گے۔ اس حوالے سے عالیہ صدیقی نے تصدیق کی کہ وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ طلاق کا فیصلہ واپس لیے جانے کے بعد دبئی جا رہی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے دبئی کے اسکول میں داخل ہیں اور اب تک ان کی پڑھائی آن لائن چل رہی تھی مگر اب ان کے دونوں بچے آن لائن تعلیم سے بور ہوگئے اور وہ کلاسز اٹینڈ کرنا چاہتے ہیں۔

    عالیہ صدیقی کے مطابق وہ بچوں اور شوہر سمیت دبئی جا رہی ہیں اور انہوں نے اولاد کی خاطر دوبارہ شوہر کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سے قبل عالیہ صدیقی نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہیں کرونا وائرس لاحق ہوا تو نواز الدین صدیقی نے بچوں کی انتہائی ذمہ دارانہ طریقے سے دیکھ بھال کی، جس کے بعد انہیں ان کے شوہر کا نیا روپ دیکھنے کو ملا اور انہیں احساس ہوا کہ اولاد کی خاطر انہیں دوبارہ ایک ساتھ زندگی گزارنی چاہیئے۔

  • بل گیٹس اور میلنڈا نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

    بل گیٹس اور میلنڈا نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

    نیویارک: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور مخیر و انسان دوست خاتون میلنڈا نے 27 سال بعد شادی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بل گیٹس اور میلنڈا کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے بہت سوچ و بچار کے بعد شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اب ہمیں اس بات پر یقین نہیں رہا کہ ہم ایک جوڑے کی حیثیت سے مزید ایک ساتھ زندگی گزار سکتے ہیں، ٹوئٹ میں جاری مشترکہ بیان میں انھوں نے کہا کہ 27 سالہ ازدواجی زندگی میں انھوں نے 3 بچوں کو پروان چڑھایا۔

    انھوں نے کہا کہ انھوں نے مل کر ایسی فاؤنڈیشن بنائی جس کے تحت دنیا بھر میں فلاحی کام جاری ہے، ہم اس فاؤنڈیشن کے تحت آگے بھی مل کر فلاحی کام کرتے رہیں گے، مگر اب ہم دونوں مزید ازدواجی زندگی جاری نہیں رکھ سکتے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ آئندہ زندگی کے لیے انھیں اپنے لیے وقت اور پرائیویسی چاہیے۔

    خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ نے مشترکہ طور پر 124 بلین ڈالرز کا اثاثہ بنایا، جس سے وہ دنیا کے 5 امیر ترین جوڑوں میں شامل ہوئے۔

    اس جوڑے نے پیر کو ٹوئٹر پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ازدواجی تعلق پر بہت سارا کام کرنے اور بہت غور و فکر کے بعد انھوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ واضح رہے کہ 56 سالہ میلنڈا نے ماضی میں کہا تھا کہ ان کی شادی ناقابل یقین حد تک مشکل رہی ہے، 65 سالہ بل کے بارے میں انھوں نے کہا کہ وہ باقاعدگی سے دن میں 16 گھنٹے کام کرتے ہیں اور فیملی کے لیے وقت نکالنا ان کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے۔

    بل اور ملینڈا کے تین بچے ہیں، 25 سالہ جینیفر، 21 سالے روری، اور 18 سالہ فیبی۔ جینیفر گیٹس نے پیر کو انسٹاگرام پر لکھا کہ یہ ہمارے پورے خاندان کے لیے بہت مشکل وقت تھا، انھوں نے لوگوں کا اس بات کے لیے شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ان کی پرائیویسی کی خواہش کو سمجھا جب کہ وہ زندگی کے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہے تھے۔

    یاد رہے کہ بل گیٹس، جنھوں نے 1975 میں مائیکرو سافٹ کی مشترکہ طور پر بِنا رکھی، جب یہ دونوں 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھ رہے تھے تو بل گیٹس اس وقت ایک ارب پتی بن چکے تھے، ان کی میلنڈا سے ملاقات 1987 میں ہوئی جب میلنڈا نے 31 سال کی عمر میں کمپنی میں ملازمت اختیار کی تھی۔ شادی سے قبل بھی انھوں نے کئی ہفتے اس سوچ و بچار میں لگا دیے تھے کہ انھیں شادی کرنی چاہیے یا نہیں۔

  • شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت، بیوی خلع کے لیے عدالت پہنچ گئی

    شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت، بیوی خلع کے لیے عدالت پہنچ گئی

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون اپنے شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت سے تنگ آ کر عدالت پہنچ گئیں، خاتون کا مطالبہ ہے کہ انہیں خلع دلوائی جائے تاکہ وہ اس اذیت ناک زندگی سے چھٹکارہ حاصل کرسکیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی خاتون نے شوہر کی بے اعتنائی پر علیحدگی کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کر لیں، خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر انتہائی بے پروا ہے، کمپیوٹر گیم میں اس قدر گم رہتا ہے کہ نہ اسے میرا خیال ہے اور نہ بچوں کا۔

    مقامی لا فرم میں درخواست دائر کرتے ہوئے خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کی بے اعتنائی اور بے پروائی سے تنگ آچکی ہے، شوہر گھر آتے ہی گھنٹوں اپنے موبائل پر مصروف رہتا ہے جس کی وجہ سے اس کا عائلی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

    خاتون کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس کا شوہر نہ تو اس کا خیال رکھتا ہے اور نہ ہی بچوں کا، اسے بس اپنے کھیل سے ہی فرصت نہیں ملتی جس کی وجہ سے اس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

    خاتون نے متعدد بار شوہر سے طلاق دینے کا مطالبہ بھی کیا لیکن وہ نہیں مانتا لہٰذا اب انہوں نے وکیل سے رجوع کیا ہے تاکہ عدالت کے ذریعے خلع حاصل کر کے اس زندگی سے چھٹکارہ حاصل کر سکیں۔

    مذکورہ لا فرم خاتون کے کیس کا مطالعہ کررہی ہے تاکہ اس کی جانب سے عدالت میں خلع کا مقدمہ دائر کیا جائے۔

    اس ضمن میں ماہرین نفسیات کا کہنا تھا کہ بعض اوقات معمولی سی باتیں وجہ نزاع بن جاتی ہیں، ایسے میں فریقین کو چاہیئے کہ وہ حوصلے اور تدبر سے کام لیں کیونکہ شوہر اور بیوی کا علیحدہ ہو جانا مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس عمل کے منفی اثرات بچوں پر مرتب ہوتے ہیں اور ان کا مستقبل تباہ ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات: لاک ڈاؤن میں شادیوں کی شرح میں اضافہ

    متحدہ عرب امارات: لاک ڈاؤن میں شادیوں کی شرح میں اضافہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں لاک ڈاؤن کے دوران شادیوں کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا، لاک ڈاؤن میں مقامی شہری اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 2 ہزار 354 شادیوں کا اندراج ہوا ہے۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ نکاح کا سب سے زیادہ اندراج فروری کے مہینے میں ہوا ہے جس کے دوران 327 افراد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، اپریل میں صرف 26 شادیاں ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق دبئی میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران بھی نکاح کا اندراج جاری رہا۔

    دبئی کی عدالتوں سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2020 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 810 اماراتی جوڑوں نے شادیاں کی ہیں۔ اماراتی شوہر اور غیر اماراتی دلہن پر مشتمل 414 جوڑوں کے نکاح ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق غیر ملکیوں میں شادیوں کی تعداد 1 ہزار 130 ریکارڈ کی گئی جو کہ کل نکاح ناموں کا 48 فیصد ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں طلاقوں کی شرح میں بھی اضافہ دیکھا گیا، سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 466 طلاقیں ہوئیں تاہم اپریل اور مئی کے دوران کوئی طلاق نہیں ہوئی۔