Tag: طلباء آدھی رات

  • کراچی : انٹرمیڈیٹ نتائج میں ردوبدل  کی تحقیقات، طلباء آدھی رات کو اینٹی کرپشن  آفس طلب ، والدین پریشان

    کراچی : انٹرمیڈیٹ نتائج میں ردوبدل کی تحقیقات، طلباء آدھی رات کو اینٹی کرپشن آفس طلب ، والدین پریشان

    کراچی : انٹرمیڈیٹ نتائج میں ردوبدل کی تحقیقات کے لئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے طلباء کو آدھی رات کو طلب کرلیا ، جس پر والدین مشتعل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی (BIEK) میں مبینہ نتائج میں ردوبدل کی تحقیقات کے سلسلے میں طلبہ کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ نوٹسز طلبہ کے تعلیمی اداروں کے ذریعے بھیجے گئے ہیں، تاہم طلبی کے وقت نے والدین میں شدید تشویش پیدا کر دی۔

    والدین نے سوال اٹھایا کہ طلبہ، خصوصاً طالبات کو رات ساڑھے بارہ بجے اینٹی کرپشن کے ویسٹ آفس بلانے کا کیا جواز ہے؟ “ہم اپنی بیٹیوں کو آدھی رات کو اینٹی کرپشن آفس کیسے بھیج سکتے ہیں؟” والدین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

    یہ تحقیقات ڈیڑھ سال سے جاری ہیں اور 2022ء کے انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج میں مبینہ ردوبدل پر مرکوز ہیں، طویل تحقیقات کے باوجود اینٹی کرپشن کوئی واضح شواہد سامنے لانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

    اس سے قبل انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے دو سابق چیئرمینز اور دو کنٹرولرز امتحانات کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے لیکن کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہ آ سکا۔

    اب پہلی مرتبہ طلبہ کو براہِ راست سوال جواب کے لیے طلب کیا گیا ہے، ان طلبہ میں کئی ایسے بھی شامل ہیں جو ایم ڈی کیٹ اور این ای ڈی انٹری ٹیسٹ پاس کر کے مختلف گریجویٹ پروگرامز میں زیر تعلیم ہیں۔

    یاد رہے کہ جنوری 2025ء میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے نئے قائم مقام چیئرمین سید شرف علی شاہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ سے ملاقات کی تھی جس میں نتائج پر اٹھنے والے اعتراضات دور کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    کمیٹی کو ایک ماہ کے اندر شفاف تحقیقات کر کے طلبہ کی شکایات حل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ چیئرمین کا کہنا تھا کہ طلبہ ملک کا مستقبل ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔