Tag: طلبا کے لیے اہم خبر

  • آسٹریلیا جانے کے خواہشمند طلبا کے لیے اہم خبر

    آسٹریلیا جانے کے خواہشمند طلبا کے لیے اہم خبر

    آسٹریلیا نے اپنے ملک میں اسٹوڈنٹ ویزا پر آنے والے افراد کی ریکارڈ تعداد کے بعد ویزا قوانین کو مزید سخت کر دیا۔

    سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ آسٹریلیا نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ رواں ہفتے سے آسٹریلیا غیر ملکی طلبا کے لیے ویزا کے سخت قوانین پر عملدرآمد شروع کر دے گا۔

    طلبا اور گریجویٹ ویزوں کے لیے انگریزی زبان کی ریکوائرمنٹس میں ہفتے سے اضافہ ہو جائے گا۔

    ان قوانین کے تحت حکومت کو یہ اختیار حاصل ہو جائے گا کہ ملک میں تعلیم حاصل کرنے والے بین الاقوامی طلبا کی بھرتی سے انسٹی ٹیوٹس کو روک سکے تاہم ایسا تب ہی ہوگا جب وہ بار بار قواعد کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔

    وزیر داخلہ کلیئر او نیل نے اپنے بیان میں کہا کہ اس ہفتے کے آخر میں کیے جانے والے اقدامات سے نقل مکانی کی سطح کو نیچے لانے میں مدد ملے گی۔

    انھوں نے کہا کہ ہجرت کرنے والوں کے حوالے سے حکمت عملی کے تحت ہم اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے اس ٹوٹے ہوئے نظام کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے جو ہمیں ورثے میں ملا ہے۔

    اب ایک نیا ’’جینوئن اسٹوڈنٹ ٹیسٹ‘‘ متعارف کرایا جائے گا تاکہ ان بین الاقوامی طلباء پر مزید کریک ڈاؤن کیا جا سکے جو بنیادی طور پر کام کرنے کے لیے آسٹریلیا آتے ہیں جبکہ وزیٹر ویزوں پر اب مزید قیام کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔

  • آسٹریلیا کا اسٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند طلبا کے لیے اہم خبر

    آسٹریلیا کا اسٹوڈنٹ ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند طلبا کے لیے اہم خبر

    تارکین وطن کی بڑھتی تعداد کو روکنے کے لیے آسٹریلیا نے غیرملکی طلبا اور کم ہنرمند کارکنان کے لیے ویزا قواعد کو سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک میں پڑھنے کے لیے آنے والے بین الاقوامی طلبا اور کم ہنرمند کارکنان کے لیے ویزا کے قوانین کو سخت کریں گے۔ اس اقدام کے سبب اگلے دو سالوں میں ملک میں آنے والے تارکین وطن کی تعداد آدھی ہو سکتی ہے۔

    حکومت ملک کے مائیگریشن سسٹم پر نظرثانی کرنا چاہتی ہے جو اس کی نظر میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکا ہے۔

    نئی پالیسیوں کے تحت اب بین الاقوامی طلبا کو انگریزی کے ٹیسٹ میں اعلیٰ نمبرز حاصل کرنا ہونگے۔ ایسے طالب علم جو آسٹریلیا میں اپنے قیام کو طول دینے کے لیے دوسری بار ویزا درخواست دیں گے ان سے سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔

    اس حوالے سے وزیر داخلہ کلیئر اونیل نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ہماری حکمت عملی نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد کو پھر سے معمول پر لائے گی۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف تارکین وطن کی تعداد کو کم کرنا نہیں۔ اس وقت ہمارا ملک جس ہجرت کا تجربہ کررہا ہے یہ صرف اس حوالے سے نہیں بلکہ یہ آسٹریلیا کے مستقبل کے بارے میں ہے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں نقل مکانی کرکے آنے والوں کی تعداد کو مناسب سطح پر لانا ہوگا۔ ہمارا نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔