Tag: طلبا

  • طلبا میں موٹر سائیکلیں تقسیم ہوگی یا نہیں؟  بڑا حکم آگیا

    طلبا میں موٹر سائیکلیں تقسیم ہوگی یا نہیں؟ بڑا حکم آگیا

    لاہور : طلبا میں موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا بڑا حکم آگیا ، جس سے تقسیم کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کیخلاف کیس کی لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی،عدالت نےپی ایچ اے،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کوصاف پانی استعمال کرنےسےروک دیا اور کہا واسا کے تعمیر کردہ بارش کےپانی کےذخیرےمیں سے پانی استعمال کریں۔

    عدالت نے حکومت پنجاب کو طلبامیں موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے سے روک دیا اور حکومت پنجاب سے تفصیلی رپورٹ 13 مئی کو طلب کرلی۔

    لاہورہائیکورٹ نےپیش کی گئی حکومتی پالیسی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نئی پالیسی نہیں بن جاتی موٹر سائیکلیں تقسیم نہ کی جائیں، اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی پہلے ہی بہت بڑھی ہوئی ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ حکومت کو الیکٹرک بسوں کو فروغ دینا چاہیے، اسکول اورکالجزکوبسیں فراہم کرنے سے ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا، جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ طلبامیں ایک ہزارالیکٹرک اور 19 ہزار پیٹرول موٹر سائیکلیں تقسیم کرنی ہیں۔

    واٹرکمیشن نے بھی بتایا کہ حکومت نے 20 ہزار الیکٹرک موٹرسائیکلیں تقسیم کرنی تھیں، موٹر سائیکلوں کی تقسیم سے ٹریفک اور ماحولیاتی آلودگی بڑھےگی۔

    عدالت نے دریا سے بھاری مشینری سے ریت نکالنے والوں کیخلاف کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ ماحولیات بھاری مشینری سےریت نکالنےوالوں کیخلاف کارروائی کرے۔

    عدالت نے پی ایچ اے سے نہر پر لائٹنگ اخراجات کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا نہر پر رنگ برنگی لائٹس کسی اور مقصد کیلئے لگائی گئی ہیں، نہر پر رنگ برنگی لائٹس کےبجائے پودے بھی لگائے جا سکتے ہیں۔

    عدالت نے فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔

  • بھارت میں امتحانات میں ناکامی پر 8 طلبا نے خودکشی کرلی

    بھارت میں امتحانات میں ناکامی پر 8 طلبا نے خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا جس میں 24 گھنٹے کے دوران کم نمبر حاصل کرنے پر دل برداشتہ ہوکر 8 طلبا نے خودکشی کرلی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق خودکشی کرنے والے 8 طلبا میں سے 5 کا تعلق حیدرآرباد سے تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

    بھارتی پولیس نے بتایا کہ خودکشی کرنے والے طلبہ میں سے کچھ نے گلے میں پھندا لگا کر جب کہ کچھ نے عمارت سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سے قبل پچھلے ماہ جب ریاست آندھرا پردیش میں بھی انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج آئے تھے تو 9 طلبا نے خودکشی کرلی تھی۔

    بھارت کے ماہر تعلیم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارت میں طلبہ میں خودکشی کے واقعات کی اہم وجہ یہ ہے کہ انہیں ابتدا سے ہی تعلیم کی اہمیت سمجھنے کے بجائے امتحانات میں پرچہ لکھنے اور زیادہ سے زیادہ مارکس لینے پر زور دیا جاتا ہے۔

  • ایک ہزار سے زائد پاکستانیوں کو یوکرین سے نکالا جاچکا ہے: پاکستانی سفیر

    ایک ہزار سے زائد پاکستانیوں کو یوکرین سے نکالا جاچکا ہے: پاکستانی سفیر

    اسلام آباد: یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ اب تک 1 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو یوکرین سے نکالا جاچکا ہے، انخلا کا عمل تقریباً مکمل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر نوئل کھوکھر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 1 ہزار 227 پاکستانیوں کو یوکرین سے نکال لیا گیا ہے۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ 21 پاکستانی مختلف بارڈرز پر موجود ہیں جنہیں جلد نکال لیا جائے گا، 50 سے 60 پاکستانی ترنوپل کے قریب ہیں، کچھ ترنوپل پہنچ چکے ہیں، ان سب کو آئندہ ایک سے 2 روز میں وہاں سے نکال لیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ انخلا کا عمل تقریباً مکمل کر لیا ہے، ترنوپل، لویو اور رومانیہ بارڈر پر اپنی موجودگی برقرار رکھیں گے، اگر کوئی پاکستانی پیچھے رہ گیا ہے تو انہیں بھی وہاں سے نکالا جائے گا۔

  • یوکرین میں ہزاروں عرب طلبا محصور

    یوکرین میں ہزاروں عرب طلبا محصور

    یوکرین میں روسی حملوں کے بعد سے وہاں موجود غیر ملکی اپنے وطن واپس جانا چاہتے ہیں جن میں ہزاروں عرب شہری بھی شامل ہیں، یہ شہری روزگار یا تعلیم کی غرض سے آئے ہوئے ہیں۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین میں تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں عرب نوجوان روس کے حملے کے بعد اپنے گھر واپسی کے لیے اپیل کر رہے ہیں۔

    اس وقت 10 ہزار سے زائد عرب طلبا یوکرین کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اکثر ایسے افراد بھی ان میں شامل ہیں جو اپنے ممالک میں حالات کی کشیدگی کے باعث یوکرین میں قیام پذیر ہیں۔

    اپنے وطن واپسی کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے میں ناکام رہنے پر بہت سے افراد نے اپنی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے مختلف مقامات پر موجود تہہ خانوں یا میٹرو اسٹیشنوں پر پناہ لے رکھی ہے۔

    کئی عرب افراد نے محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں یوکرین کے ہمسایہ ممالک پولینڈ یا رومانیہ میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی ہے۔

    ایک عراقی طالب علم علی محمد کا کہنا ہے کہ روس نے جب سے یوکرین پر حملہ کیا ہے وہ دارالحکومت کیف میں عراقی سفارت خانے کو یومیہ ایک درجن فون کر چکے ہیں لیکن کسی سے رابطہ نہیں ہو رہا۔

    عراقی حکومت کے مطابق یوکرین میں ساڑھے 5 ہزار عراقی قیام پذیر ہیں جن میں طلبا کی تعداد 450 کے قریب ہے۔

    یوکرین میں اس وقت عرب ممالک میں سے مراکش کے سب سے زیادہ طلبا موجود ہیں جو مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں اور ان کی تعداد 8 ہزار کے قریب ہے، اس کے بعد مصر کے طلبہ کی تعداد 3 ہزار سے زیادہ ہے۔

    ورلڈ بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لبنان کے بھی سینکڑوں طلبا یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں اور امداد کے منتظر ہیں۔

    دارالحکومت کیف میں ایک ریستوران کے مالک علی کریم نے بتایا کہ وہ یہاں میٹرو اسٹیشن پر پناہ لینے والی لبنانی خواتین کو کھانا فراہم کر کے ان کی مدد کر رہے ہیں۔

    ادھر لبنانی وزیر خارجہ عبد اللہ بو حبیب کا کہنا ہے کہ یوکرین میں پھنسے اپنے شہریوں کی مدد کے لیے مختلف منصوبوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔

  • آکسفورڈ یونیورسٹی: طلبا کامن روم سے ملکہ برطانیہ کی تصویر ہٹانے پر متفق

    آکسفورڈ یونیورسٹی: طلبا کامن روم سے ملکہ برطانیہ کی تصویر ہٹانے پر متفق

    لندن: دنیا کی معروف جامعہ، آکسفورڈ یونیورسٹی کے طلبا نے کالج کے کامن روم سے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی تصویر ہٹانے کے لیے ووٹ دے دیا، آکسفورڈ کالج کے صدر نے طلبا کے ووٹ دینے کے حق کی حمایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے میڈلن کالج میں گریجویشن کے طلبا کے کامن روم کی دیوار پر لگے ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کے پورٹریٹ ہٹانے کے معاملے پر ووٹنگ ہوئی جس میں طلبا کی اکثریت نے اسے ہٹانے کے حق میں ووٹ دے دیا۔

    طلبا کا مؤقف ہے کہ ملکہ کی تصویر نوآبادیاتی دور کی یادگار اور استعمار کی علامت ہے۔

    تصویر ہٹانے کے مخالف بعض طلبا کا کہنا ہے کہ ملکہ کی تصویر برطانیہ کی ثقافت کی نمائندگی کرتی ہے جس کا سب کو احترام کرنا چاہیئے۔

    آکسفورڈ کالج کے صدر نے طلبا کے ووٹ کے حق کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے کو طلبا کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔

    طلبا کی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکہ کی تصویر کی جگہ کسی متاثر کن شخصیت کی تصویر لگائی جائے گی جبکہ آئندہ کسی شاہی خاندان کے فرد کی تصویر لگانے سے قبل ووٹنگ کی جائے گی۔

    دوسری جانب برطانوی وزیر تعلیم گیون ولیمسن نے اس اقدام کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔

  • طلبا معاشرے کی مثبت سوچ کو پروان چڑھا سکتے ہیں: صدر مملکت

    طلبا معاشرے کی مثبت سوچ کو پروان چڑھا سکتے ہیں: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم شفقت محمود نے کرونا وائرس کی وبا کے دوران بہترین حکمت عملی اپنائی، طلبا معاشرے کی مثبت سوچ کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم معاشرے میں توازن قائم کرنے کے لیے اہم ہے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی ملک تیزی سے ترقی کر سکے گا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت بھی ضروری ہے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں توجہ دینے سے معاشرے مضبوط ہوتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر تعلیم شفقت محمود نے کرونا وائرس کی وبا کے دوران بہترین حکمت عملی اپنائی، طلبا معاشرے کی مثبت سوچ کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

    اس سے قبل ایک موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں لسانیت سے ہٹ کر غریبوں کی فکر کرنی چاہیئے اور اس کی بہترین مثال ہم نے کرونا وائرس وبا کے دوران دیکھی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے کرونا وائرس کی وبا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، کرونا وبا کے دوران پاکستان پر اللہ کا خصوصی کرم رہا۔

  • ڈائلاسس کے دوران طلبا کو پڑھانے والا سعودی استاد

    ڈائلاسس کے دوران طلبا کو پڑھانے والا سعودی استاد

    ریاض: سعودی استاد نے فرض شناسی کی مثال قائم کردی، گردوں کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث ڈائلاسس کے دوران بھی استاد طلبا کو لیکچر دیتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق الاحسا شہر میں اسکول ٹیچر نے شدید بیماری کے باوجود بھی کلاس سے چھٹی نہیں کی، گردوں کے مرض میں مبتلا استاد ڈائلاسس کے سیشن کے دوران کلاس کا وقت ہونے پر طلبا کو لیپ ٹاپ پر لیکچر دیتے ہیں۔

    الاحسا کے یہ اسکول ٹیچر گردوں کے عارضے میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے وہ ڈائلاسس کے لیے کڈنی سینٹر جاتے ہیں۔

    ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے استاد کا کہنا تھا کہ ہفتے میں ڈائلاسس کے لیے 3 سیشن کروانے ہوتے ہیں جبکہ اسکول میں ان کے 12 پیریڈ ہیں، جس دن مجھے ڈائلاسس کے لیے سینٹر جانا ہوتا ہے میں اپنا لیپ ٹاپ ہمراہ لے جاتا ہوں تاکہ طلبا کا نقصان نہ ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ڈائلاسس کروانے کے دوران لیکچر بھی دیتا ہوں اور طلبا کی جانب سے سوالات کی وضاحت بھی کرتا ہوں۔

    پروگرام میں ایک سوال پر استاد نے کہا کہ طلبا کو تعلیم دینا میرا فرض ہے اور میں نہیں چاہتا کہ میری وجہ سے طلبا کا نقصان ہو اور میں اپنے فرض سے غفلت برتوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ میرے ساتھی بھی میری مدد کرتے ہیں اس کے باوجود میری کوشش ہوتی ہے کہ میری وجہ سے کسی کو تکلیف نہ ہو۔

    استاد نے یہ بھی کہا کہ میری بیماری کے بارے میں بیشتر طلبا کو علم نہیں کہ میں ڈائلاسس کے لیے ہفتے میں 3 دن سینٹر جاتا ہوں۔

  • مالی مشکلات کا شکار طلبا فیس کی جگہ ناریل دے سکتے ہیں

    مالی مشکلات کا شکار طلبا فیس کی جگہ ناریل دے سکتے ہیں

    کرونا وائرس نے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کیا ہے، خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں بے حد اضافہ کردیا ہے، ایسے میں کچھ ادارے اپنے صارفین کو بھی آسانی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انڈونیشیا میں بھی ایسے ہی ایک اسکول نے معاشی مشکلات کا شکار اپنے طلبا سے کہا ہے کہ وہ فیس کی جگہ اسکول کو ناریل کا تحفہ دے سکتے ہیں۔

    انڈونیشین جزیرے بالی میں قائم وینس ون ٹور ازم اکیڈمی کا کہنا ہے کہ طلبا کے لائے ہوئے ناریلوں کو تیل بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

    طلبا سے کہا گیا ہے کہ وہ ناریل کے علاوہ مورنگا کے پتے بھی جمع کروا سکتے ہیں جو ہربل صابن سمیت دیگر اشیا بنانے میں استعمال ہوتے ہیں۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ناریل اور مورنگا سے بنے تیل اور صابن وغیرہ کو کیمپس میں فروخت کیا جائے گا جس سے اسکول کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔

  • سعودی عرب نے جنگ زدہ یمن میں اسکول و کالجز کا جال قائم کردیا

    سعودی عرب نے جنگ زدہ یمن میں اسکول و کالجز کا جال قائم کردیا

    ریاض: سعودی عرب یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں نئی نسل کی تعلیم و تربیت کے لیے کوشاں ہے، سعودی عرب کی جانب سے یمن میں اسکول و کالجز کا جال قائم کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے یمن کی تعمیر و ترقی کے پروگرام کے ضمن میں 22 ماڈل اسکول قائم کیے ہیں جو سائنسی لیباریٹریوں سے لیس ہیں۔

    سعودی عرب کی جانب سے کمپیوٹر لیبز قائم کی گئیں، مختلف کھیلوں کے لیے گراؤنڈ بنائے گئے اور طلبہ و طالبات کے لیے اسکول بیگ، اسٹیشنری، کورس کی کتابیں، کرسیاں، بینچز اور میزیں فراہم کی گئی ہیں۔

    سعودی عرب نے مشرقی یمن کے المہرۃ صوبے میں 8 نئے اسکول کھولے ہیں، ان میں 10 ہزار 952 طلبہ و طالبات نے داخلے لیے ہیں، صوبے ارخبیل سقطری، حجۃ اور حضر موت میں بھی 2، 2 اسکول قائم کیے گئے ہیں۔

    اسی طرح عدن میں 4 اور تعز میں ایک اسکول کھولا گیا ہے۔

    سعودی عرب کی جانب سے یمن میں اسکولوں اور جامعات کے طلبہ و طالبات کی آمد و رفت کے لیے ٹرانسپورٹ سسٹم بھی مہیا کیا گیا ہے، المہرۃ میں 12 بسیں، سقطری میں 8، مارب میں 4 بسیں اور عدن میں 2 بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

  • بلوچستان کے تعلیمی اداروں سے کرونا وائرس کے 67 کیسز رپورٹ

    بلوچستان کے تعلیمی اداروں سے کرونا وائرس کے 67 کیسز رپورٹ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں تعلیمی اداروں سے کرونا وائرس کے 67 کیسز سامنے آگئے، کرونا وائرس کا شکار افراد میں طلبا، اساتذہ اور اسکول کا عملہ شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کی رینڈم ٹیسٹنگ کی تفصیلات سامنے آگئیں، محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ 7 سے 18 ستمبر تک تعلیمی اداروں سے 67 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کی شرح 14.3 فیصد ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق اساتذہ، اسٹاف اور طلبا و طالبات کے 950 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، 67 میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 403 منفی رپورٹ ہوئے، 430 کرونا ٹیسٹ کی رپورٹس آنا باقی ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے گئے تھے تاہم اسکول کھلتے ہی بچوں، اساتذہ اور اسکول کے عملے میں کرونا وائرس کے کیسز پائے گئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اسکول کھلنے کی تیسرے ہی روز کرونا وائرس کے باعث 22 تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے، ادارے 48 گھنٹےمیں ایس او پیز اختیار نہ کرنے پر بند کیے گئے۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر کرونا وائرس وبا تعلیمی اداروں میں پھیلی، سب سے زیادہ 16 تعلیمی ادارے خیبر پختونخواہ میں بند کیے گئے، آزاد کشمیر میں 5 اور اسلام آباد میں 1 ادارہ بند کیا گیا۔

    ادھر سندھ حکومت نے بھی دوسرے مرحلے میں اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ چھٹی، ساتویں اور آٹھویں کلاسز 21 ستمبر سے نہیں کھلیں گی۔