Tag: طلبہ

  • طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

    طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

    پشاور: وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا کے  طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جارہے ہیں ہم بھی اتنے فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینگے۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، خیبرپختونخوا حکومت کے طرز پر اپنے شہریوں کو مفت صحت کارڈ دے، ہم نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا اور اب لائف انشورنس کی سہولت دے رہے ہیں، پنجاب حکومت بھی اپنی پوری آبادی کو یہ سہولیات دے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا گیا، پنجاب بھی اپنی آمدن 12 فیصد سے 55 فیصد تک بڑھائے، خیبر پختونخوا حکومت کے پاس خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس پڑا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کا ٹارگٹ حاصل کیا، باقی کسی دوسرے صوبے نے آئی ایم ایف کا ٹارگٹ حاصل نہیں کیا۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پنجاب کو آئی ایم ایف کی طرف سے 300 ارب روپے سرپلس کا ہدف دیا گیا تھا، پنجاب حکومت نے 146 ارب روپے کا  خسارہ کیا۔

    علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ 4 ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کرارہے ہیں اور ہر بچی کو 2 لاکھ روپے دے رہے ہیں، میں چیلنج کرتا ہوں پنجاب کی کارکردگی ہماری ایک فیصد کارکردگی کے برابر بھی نہیں، میں مناظرے کے لئے تیار ہوں۔

  • اسکیم کے تحت طلبہ و طالبات کو الیکٹرانک بائیکس اور پنک اسکوٹیز ملیں گی

    اسکیم کے تحت طلبہ و طالبات کو الیکٹرانک بائیکس اور پنک اسکوٹیز ملیں گی

    کوئٹہ: بلوچستان میں طلبہ و طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کے لیے اسکوٹی اسکیم متعارف کرائی گئی تھی، جسے قابل عمل بنانے کے لیے اب ایک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں طلبہ میں اب اسکوٹیز اور الیکٹرانک بائیکس تقسیم کی جائیں گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں اسکیم کو قابل عمل بنانے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ طالبات کے لیے پنک اسکوٹی اور طلبہ کے لیے الیکٹرانک بائیکس فراہم کی جائیں گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مشاورت و معاونت سے اسکیم کے لیے بینک فنانسنگ کی جائے گی۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ اسکیم کو آسان شرائط پر عام آدمی کے لیے بھی اوپن کیا جائے، انھوں نے کہا اسکیم کے تحت سبسڈی پر اسکوٹیز کی فراہمی سے طلبہ، طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو سفری سہولت میسر آئے گی۔

    جامعات، کالجز، سیکنڈری اسکولوں کی طالبات کو اسکوٹیز دی جائیں گی

    واضح رہے کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر پنک اسکوٹیز اسکیم متعارف کرائی جائے گی، وزیر اعلیٰ نے کہا ہم خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

  • سردیوں کے دوران طلبہ کو بڑی سہولت دے دی گئی

    سردیوں کے دوران طلبہ کو بڑی سہولت دے دی گئی

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے سردیوں کے دوران اسکولوں کو یونیفارم کوڈ میں نرمی کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ انسٹیٹیوشن نے نجی اسکولوں کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں یونیفارم کوڈ میں نرمی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    محکمہ تعلیم سندھ نے مراسلے میں کہا کہ سردیوں کے دوران نجی اسکول طلبہ کے یونیفارم میں نرمی برتیں، اور بچوں کی صحت کی خاطر سردی سے بچاؤ کے اقدامات میں ان کے ساتھ تعاون کیا جائے۔

    مراسلے میں محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ سردی کے دنوں میں طلبہ جو گرم کپڑے پہن سکتے ہیں انھیں اس کی اجازت دی جائے، اور اسکول کے کلاسز میں بھی سردی سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

    بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان

    واضح رہے کہ سندھ حکومت نے 2 دن کی چھٹی کا اعلان کیا ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 25 دسمبر بروز بدھ قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر تمام سرکاری دفاتر میں عام تعطیل ہوگی، جب کہ مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے سلسلے میں 26 دسمبر کو چھٹی ہوگی۔

  • موبائل فون کے اثرات : طلبہ کے خیالات نے سب کو حیران کردیا

    موبائل فون کے اثرات : طلبہ کے خیالات نے سب کو حیران کردیا

    آج کل کے اسکول کے بچوں کی سرگرمیوں کا زیادہ تر دارومدار موبائل فون پر ہی ہوتا ہے جو یقیناً ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کو متاثر کرتا ہے۔

    اسمارٹ فونز پر ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپلی کیشنز، منفی خبروں اور دیگر ہیجانی ویڈیوز سے نہ صرف بڑی عمر کے افراد ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہورہے ہیں بلکہ اسکول کے بچے بھی اس طرح کی شکایات کررہے ہیں۔

    یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ موبائل فونز بچوں کے لئے بھی خطرے کی گھنٹی بن گئے ہیں۔ اس حوالے سے امریکا میں کیے جانے والے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ اسکول کے بچے اپنے اسمارٹ فونز سے دور رہ کر زیادہ آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔

    پیو ریسرچ سنٹر کی جانب سے کرائے جانے والا یہ سروے ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب پورے امریکا میں بچوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک رسائی سے روکنے کیلئے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

    دوسری جانب مقامی حکومتیں بھی اس حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں اور والدین کو بچوں کی ڈیجیٹل پلیٹ فارم تک رسائی کے حوالے سے محتاط رہنے کا مشورہ دیتی ہے تاکہ ان کی تعلیمی سرگرمیوں پر کوئی منفی اثر نہ پڑنے پائے۔

    سروے کے دوران جب سماجی تعلقات کو بہتر بنانے کے بارے میں پوچھا گیا تو 42 فیصد بچوں نے کہا کہ اسمارٹ فون کا استعمال ان کے سماجی تعلقات کو خراب کرتا ہے۔ 30 فیصد کا کہنا تھا کہ اسمارٹ فون کا استعمال انہیں سماجی بہتری کے بارے میں بہت کچھ سکھاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 38فیصد طلباء نے کہا کہ وہ اسمارٹ فونز پر زیادہ وقت گزارتے ہیں۔51فیصد نے کہا کہ وہ اپنے اسمارٹ فونز پر مناسب وقت گزارنے کے عادی ہیں۔ لڑکیاں اسمارٹ فون کے استعمال کو زیادہ اہم سمجھتی ہیں۔ 39 فیصد بچوں نے کہا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر گزارے ہوئے وقت کو کم کرنے پر توجہ دی ہے، صرف 27 فیصد بچوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں۔

    سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ بہت سے بچوں کے پاس اسمارٹ فون نہ ہونے پر منفی خیالات آتے ہیں۔ 40 فیصد بچوں نے کہا کہ جب وہ اسمارٹ فون نہیں رکھتے ہیں تو وہ کبھی کبھی بے چین یا تنہا محسوس کرتے ہیں۔

    امریکہ سمیت کئی ممالک کے پالیسی ساز بچوں میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال کو کم کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں قواعد و ضوابط کو لاگو کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

  • طلبہ کو ’’الیکٹرک بائیکس‘‘ آدھی قیمت پر دینے کا فیصلہ

    طلبہ کو ’’الیکٹرک بائیکس‘‘ آدھی قیمت پر دینے کا فیصلہ

    لاہور : ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت نے الیکٹرک رکشہ کے بعد الیکٹرک بائیک بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جسے ابتدائی طور پر طلبہ کو کم قیمت پر فراہم کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے گزشتہ دنوں لاہور میں الیکٹرک رکشے متعارف کرائے گئے تھے جن کی کامیابی کے بعد اب الیکٹرک بائیک بھی متعارف کرائے جائے گی۔،

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں نگراں وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد نے الیکٹرک بائیک کے حوالے سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں دُھند کا بہت بڑا مسئلہ درپیش ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ٹرانسپورٹ ہے، ان میں سب سے زیادہ رکشے اور موٹرسائیکلیں قابل ذکر ہیں۔ اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے چین اور تھائی لینڈ کی طرز پر ہم نے گزشتہ دنوں الیکٹرک رکشہ متعارف کرایا اور اب الیکٹرک بائیک بھی متعارف کرانے جارہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ پورے پنجاب میں ای وی چارجنگ کا سسٹم رائج کیا جائے، اس کے علاوہ پہلے مرحلے میں ایک سے دو لاکھ الیکٹرک بائیکس سستی قیمت پر طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ الیکٹرک رکشے اور بائیکس کا یہ منصوبہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایک مقامی نجی کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، ان رکشوں اور بائیکس سے فضائی اور آواز کی آلودگی کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔

    مذکورہ الیکٹرک رکشے سنگل چارج پر 150 کلومیٹر تک باآسانی سفر کرسکتے ہیں جس سے ایندھن کے اخراجات بچانے میں مدد ملے گی۔

  • ایم ڈی کیٹ میں نقل کرنے والے طلبہ کے لیے بُری خبر

    ایم ڈی کیٹ میں نقل کرنے والے طلبہ کے لیے بُری خبر

    پشاور: ایم ڈی کیٹ میں نقل کرنے والے طلبہ پر 2 سال کے لیے امتحان دینے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے طلبہ پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 219 طلبہ پر 2 سال کے لیے ایم ڈی کیٹ  دینے پر پابندی عائد ہوگی۔

    واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ گزشتہ ماہ 10 ستمبر کو منعقد ہوا تھا، مختلف سینٹرز میں طلبا بلیو ٹوتھ اور دیگر ذرائع سے نقل کرتے پکڑے گئے تھے۔

    بڑے پیمانے پر نقل کے کیسز سامنے آنے پر کے پی کابینہ نے ایم ڈی کیٹ 2023 کے انٹری ٹیسٹ کے ٹیسٹ منسوخ کردیا تھا۔

  • نقل، کسی اور کو امتحان میں بٹھانے پر 1 سے 3 سال پابندی کا عندیہ

    نقل، کسی اور کو امتحان میں بٹھانے پر 1 سے 3 سال پابندی کا عندیہ

    کراچی: سندھ حکومت نے امتحانات میں نقل اور کسی اور کو اپنی جگہ امتحان دینے کے لیے بٹھانے پر 1 سے 3 سال پابندی کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے امتحانات میں نقل کی خبروں پر سنجیدہ سے ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر جامعات بورڈز اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ کسی اور کو امتحان میں بٹھانے پر ایک سے 3 سال کی پابندی لگانے جا رہے ہیں۔

    اسماعیل راہو نے کہا سندھ میں نقل روکنے کے لیے مزید سخت فیصلے لینے ہوں گے، اور بچوں کو نقل جیسی بیماری سے بچانا ہوگا، وزیر جامعات بورڈ کا کہنا تھا کہ نقل کرانے والے اساتذہ، والدین اور مافیاز کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

    انھوں نے بتایا کہ سکھر کے امتحانی مراکز میں ایک دن میں نقل کرنے والے طلبہ کے خلاف بڑا ایکشن لیا گیا، اور 400 سے زائد موبائل فون پکڑے گئے، کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ، اور نوابشاہ میں 196 طلبہ نقل کرتے پکڑے گئے۔

    اسماعیل راہو نے مزید بتایا کہ 61 افراد ایسے بھی پکڑے گئے ہیں جو کسی اور کی جگہ امتحان دے رہے تھے۔

    انھوں نے کہا کہ میرپورخاص میں ایک بھی نقل کا کیس سامنے نہیں آیا، وزیر بورڈز سندھ اسماعیل راہونے کہا کہ سندھ میں نقل روکنے کے لیے سخت فیصلے کیے ہیں، ٹیموں کو امتحانی مراکز میں الرٹ کر دیا گیا ہے، اور ایسا قانون بنانے جا رہے ہیں کہ سندھ سے مستقبل میں نقل کا خاتمہ ہو جائے۔

    واضح رہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت نویں اور دسویں جماعت سائنس و جنرل گروپ کے 445 امتحانی مراکز میں سالانہ امتحانات جاری ہیں، جس میں تقریباً 3 لاکھ 65 ہزار امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔

  • ابو ظہبی: طلبہ کا ہر 2 ہفتے بعد کرونا وائرس ٹیسٹ ہوگا

    ابو ظہبی: طلبہ کا ہر 2 ہفتے بعد کرونا وائرس ٹیسٹ ہوگا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں اسکول آنے والے طلبہ کا کرونا وائرس ٹیسٹ ہر 2 ہفتے بعد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، امارات میں نیا تعلیمی سال 5 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی میں وزارت تعلیم و تربیت نے اسکولوں کے طلبہ کا کووڈ 19 (پی سی آر) ٹیسٹ 2 ہفتے میں ایک بار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت تعلیم و تربیت کے ماتحت اسکول آپریشن ادارے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر لبنی الشامسی نے بتایا کہ ابو ظہبی کے طلبہ کا ٹیسٹ اسکولوں میں ہوگا جبکہ دیگر ریاستوں کے طلبہ کے بارے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے ٹیسٹ سینٹر کے حوالے سے مطلع کیا جائے گا۔

    ڈائریکٹر کے مطابق ایس ایم ایس ان کے سرپرستوں کے نام بھیجے جائیں گے، پی سی آر ہر 2 ہفتے میں ایک بار ضرور ہوگا۔

    الشامسی نے بتایا کہ طلبہ کی تدریجی واپسی کے فیصلے کی بدولت کرونا وائرس ٹیسٹ آسانی سے ممکن ہوسکے گا۔۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 5 ستمبر سے نیا تعلیمی سال شروع ہو رہا ہے، اسکول 12 برس سے کم عمر طلبہ یعنی تیسری سے چھٹی جماعت تک کے لیے اتوار سے کھلیں گے۔

    اسی روز سے طلبہ کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی بھی شروعات کردی جائیں گی۔

  • کورونا وائرس ، امتحانات کے بغیر ترقی پانے والے طلبہ کیلیے اہم خبر

    کورونا وائرس ، امتحانات کے بغیر ترقی پانے والے طلبہ کیلیے اہم خبر

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں امتحانات کے بغیر ترقی پانے والے طلبہ کی امتحانی فیس میں40فیصد کمی کی توثیق کردی گئی، صوبائی وزیر نے کہا کہ اگلی کلاسوں میں ترقی پانے والے طلبہ کو فیسوں میں کمی کا فائدہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تجارت پنجاب کی زیرصدارت بورڈآف ٹیکنیکل ایجوکیشن کااجلاس ہوا، جس میں فنی تعلیمی بورڈکےمالی سال21-2020کےبجٹ کی منظوری دےدی گئی۔

    اجلاس میں بورڈ کے دیگر 13نکاتی ایجنڈے بھی منظوری کر لیے گئے اور امتحانات کے بغیر ترقی پانے والے طلبہ کی امتحانی فیس میں40فیصد کمی کی توثیق کر دی  جبکہ ڈی اےای، کامرس، میٹرک ٹیک اورمیٹرک ووکیشنل پرسہولت دی گئی۔

    اجلاس میں اگلی کلاسوں میں ترقی کیلئے فنی تعلیمی بورڈایکٹ،آرڈیننس1962میں ترمیم منظور کرلی، اسلم اقبال نے کہا غربت،بےروزگاری پرقابوکیلئےفنی تعلیم کافروغ ضرورت ہے، عثمان بزدارکی قیادت میں فنی تعلیم کےفروغ کیلئےعمل پیراہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ اگلی کلاسوں میں ترقی پانے والے طلبہ کو فیسوں میں کمی کا فائدہ ہوگا۔

    دوسری جانب لاہور بورڈ نے نہم جماعت کی رجسٹریشن کیلئے شیڈول جاری کردیا، جس کے مطابق اب طلباء کی اون لائن رجسٹریشن یکم جولائی سے شروع کیجائے گی، رجسٹریشن فیس 800 روپے اور پروسیسنگ فیس 395 روپے رکھی گئی ہے، 31 اگست تک امیدوار بغیر لیٹ فیس رجسٹریشن کراسکیں گے۔

    یکم ستمبر سے پندرہ ستمبر تک 500 روپے جرمانہ کے ساتھ رجسٹریشن وصول کیجائے گی، پندرہ ستمبر کے بعد کسی طالبعلم کی رجسٹریشن نہیں کیجائے گی، رجسٹرڈ طلباء سال 2021 میں نہم کا امتحان دے سکیں گے۔

  • بچوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات، چھوٹے طلبہ نے ہتھیار اٹھا لیے

    بچوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات، چھوٹے طلبہ نے ہتھیار اٹھا لیے

    جھنگ: پڑھے لکھے پنجاب کے دعوے کرتی انتظامیہ کی ناکامی کے بعد اپنی حفاظت کے لیے چھوٹے طلبہ نے ہتھیار اٹھا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع جھنگ میں تھانہ قادرپور کی حدود میں طلبہ اپنی حفاظت کے لیے اسلحہ ساتھ لے کر چلنے لگے ہیں، رواں سال بچوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات پر طلبہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

    طلبہ کا کہنا ہے کہ پولیس انھیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے، جان کا خطرہ ہے اس لیے ہتھیار ساتھ لے کر چلنے لگے ہیں۔ موٹر سائیکل پر اسکول جاتے ایک طالب علم نے پستول دکھاتے ہوئے کہا کہ اس کے بھائی کو قتل کیا گیا لیکن پولیس قاتل کو نہیں پکڑ سکی، انصاف نہیں ملا، مجھے بھی مار سکتے ہیں، اس لیے ہتھیار اٹھا لیا۔

    خیال رہے کہ پنجاب میں بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعات تواتر کے ساتھ پیش آ رہے ہیں، 28 نومبر کو ضلع جھنگ کی تحصیل شورکوٹ کے محلہ عباس پورہ کے رہایشی 18 سالہ نوجوان کو قتل کیا گیا تھا، ورثا کا کہنا تھا کہ مقتول کو زیادتی کے بعد تشدد کر کے قتل کیا گیا۔ قتل کے واقعے کے خلاف ورثا نے جھنگ ملتان روڈ بلاک کر کے احتجاج بھی کیا۔

    جھنگ، تھانہ سٹی کے علاقے میں 14 سالہ بچی تصدق شازیہ کو اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا، جو تین دسمبر کو اغوا کاروں کے چنگل سے 7 ماہ بعد بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوئی۔ پولیس نے خبر میڈیا کی زینت بننے کے بعد تھانہ سٹی میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

    نومبر کے وسط میں جھنگ ہی میں پولیس کو ایک بوری بند لاش ملی، جس کی تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ شازیہ نامی بچی کو آصف نامی درندے نے بہلا پھسلا کر گھر بلایا اور زبردستی کرنے کی کوشش کی لیکن مزاحمت پر اس نے بچی کو پھندا ڈال کر قتل کر دیا۔

    28 نومبر کو جھنگ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عطا الرحمان نے آفیسرز سائنس کالج میں بچوں کے جنسی استحصال کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ والدین اپنے بچوں کے ساتھ کمیونی کیشن کو مضبوط بنائیں اور انھیں جسمانی شعور دیں۔