Tag: طلبی

  • لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی سفارت کار دفتر خارجہ طلب

    لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی سفارت کار دفتر خارجہ طلب

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینیئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرلیا اور بھارتی جارحیت پر شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر سینیئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سینئر بھارتی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق بھارتی قابض فوج نے گزشتہ روز ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، بلا اشتعال فائرنگ سے رکھ چکری سیکٹر پر کرنی گاؤں کا 19 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوا تھا۔

    اس سے چند روز قبل بھارتی فوج نے ایل او سی کے سبز کوٹ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے کھوئی گاؤں کی رہائشی 70 سالہ خاتون شہید ہوگئیں۔

    ترجمان کے مطابق پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی کی تھی جس میں بھارتی مورچوں کو نشانہ بنایا گیا۔

  • سیز فائر کی خلاف ورزی: سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

    سیز فائر کی خلاف ورزی: سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا، پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 14 اگست کو بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔

    جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے 14 اگست کو بھارتی فوج نے سیز فائرکی خلاف ورزی کی، بھارتی فوج نے ڈھڈنیال سیکٹر پر فائرنگ کی جس سے 3 سالہ بچی زخمی ہوئی۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت رواں سال 19 سو 80 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے رواں سال 16 افراد شہید اور 160 زخمی ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ 14 اگست سے قبل 5 اگست کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس سے گاؤں فتح پور میں 18 سالہ دوشیزہ شہید اور خواتین و بچیوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے تتہ پانی سیکٹر پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے گاؤں فتح پور میں 18 سال کی لڑکی شہید ہوگئی تھی۔

  • نیب نے شہباز شریف کو کل طلب کر لیا

    نیب نے شہباز شریف کو کل طلب کر لیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو کل طلب کر لیا

    تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے کیسز میں کل نیب لاہور آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    نیب لاہور نے پیشی کے لیے حفاظتی اقدامات مکمل کرلیے۔تحقیقاتی ٹیم اور شہباز شریف کے درمیان ٹیبل پرگلاس وال نصب کی گئی ہے، انٹرویو رومز میں باقاعدگی سے جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    نیب حکام سوال جواب کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھیں گے۔نیب کی طرف سے متعلقہ حکام کو ماسک پہننے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    قومی احتساب بیورو نے شہباز شریف کو مفصل سوالنامہ گزشتہ پیشی پر فراہم کیا، جوابات کے لیے مناسب وقت بھی دیا گیا۔اپوزیشن لیڈر کی خواہش پر انہیں زیادہ وقت فراہم کیا گیا،تاکہ بیرون ملک سے مطلوبہ ریکارڈ حاصل کرسکیں۔

    دوسری جانب اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے کیسز میں گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں عبوری ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی۔

  • نیب نے ایک بار پھر شہباز شریف کو طلب کر لیا

    نیب نے ایک بار پھر شہباز شریف کو طلب کر لیا

    لاہور: نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات کے لیے ایک بار پھر طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔

    نیب لاہور نے شہباز شریف کو 22 اپریل دن 12 بجے نیب ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا نوٹس ارسال کیا ہے۔ نوٹس میں نیب نے شہباز شریف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر مکمل حفاظتی اقدامات اختیار کیے جائیں گے۔

    نیب ذرائع کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور شہباز شریف سے سوالات کے جواب انتہائی ضروری ہیں۔

    یاد رہے کہ نیب نے شہباز شریف کو 17 اپریل کو طلب کیا تھا تاہم انہوں نے پیشی والے دن نیب کے سامنے پیش ہونے کے لیے مہلت مانگ لی تھی۔

    اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے نیب کو دیے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ طبی ماہرین نے انہیں مشورہ دیا کہ کرونا وائرس سے جڑے جان لیوا خطرات کے پیش نظر وہ اپنی نقل وحرکت محدود رکھیں کیونکہ وہ کینسر جیسے مرض سے لڑچکے ہیں۔

  • مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نیب کے سامنے پیش

    مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نیب کے سامنے پیش

    لاہور: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کرنے پر مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نیب لاہور کے آفس میں پیش ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کے لیے آج طلب کیا تھا جس پر مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نیب لاہور کے آفس میں پیش ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق جاوید لطیف نے نیب سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نیا آرڈیننس آچکا ہے، مجھے کیوں بلایا؟ ہائی کورٹ سے آرڈر لے کر آیا ہوں، مجھے گرفتار کرنے سے 10 دن قبل اطلاع دی جائے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید لطیف نے کہا کہ میرے پاس اپنے اثاثوں کی تفصیلات ہیں نہ بھائیوں اور خاندان کی، ایک ماہ کا وقت دیں، سوچ کر بتاؤں گا کہ نیب آنا ہے یا نہیں۔

    نیب میں پیشی سے قبل میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہ وہی پوچھ گچھ ہے جو 2000ء میں بھی ہوئی تھی، تب بھی وہی اثاثے تھے اور آج بھی وہی ہیں۔

    آمدن سے زائد اثاثوں پر انکوائری سے متعلق ن لیگی رہنما جاوید لطیف کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں گزشتہ ماہ سماعت ہوئی تھی۔

    نیب کو وارنٹ گرفتاری سے قبل جاوید لطیف کو آگاہ کرنے کا حکم

    جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ نیب نے جائیداد کی تفصیلات مانگی ہیں، جبکہ ان الزامات میں محکمہ اینٹی کرپشن اپنی تحقیقات بند کرچکا ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نیب انکوائری میں شامل ہو رہا ہوں گرفتاری کا خدشہ ہے، جس پر عدالت نے نیب کو حکم دیا تھا کہ جاوید لطیف کی گرفتاری سے قبل انہیں آگاہ کیا جائے۔

  • نیب نے جاوید لطیف کو کل طلب کرلیا

    نیب نے جاوید لطیف کو کل طلب کرلیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کو کل دوبارہ طلب کرلیا، لیگی رہنما کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق انکوائری جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو کل مکمل ریکارڈ کے ساتھ دوبارہ طلب کرلیا۔ جاوید لطیف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

    آمدن سے زائد اثاثوں پر انکوائری سے متعلق ن لیگی رہنما جاوید لطیف کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں گزشتہ ہفتے سماعت ہوئی تھی۔

    نیب کو وارنٹ گرفتاری سے قبل جاوید لطیف کو آگاہ کرنے کا حکم

    جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ نیب نے جائیداد کی تفصیلات مانگی ہیں، جبکہ ان الزامات میں محکمہ اینٹی کرپشن اپنی تحقیقات بند کرچکا ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نیب انکوائری میں شامل ہو رہا ہوں گرفتاری کا خدشہ ہے، جس پر عدالت نے نیب کو حکم دیا تھا کہ جاوید لطیف کی گرفتاری سے قبل انہیں آگاہ کیا جائے۔

    اس سے قبل 23 دسمبر کو مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف اپنے بھائیوں اور بیٹے احسن جاوید کے ہمراہ نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

  • بھارتی فوج کی سیز فائر کی خلاف ورزی، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

    اسلام آباد: بھارت کی جانب سے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو آج دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر احتجاج کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا، ڈپٹی ہائی کمشنر کو کہا گیا کہ بھارت سیز فائر معائدے کی پاسداری کرے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی نکیال اور رکھ چکری سیکٹرز پر کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ 60 سالہ سلامت بی بی اور 13 سالہ ذیشان ایوب شہید ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا، بھارتی اشتعال انگیزی سے 2 خواتین سمیت 3 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پراردن میں اسرائیلی سفیر کی طلبی، احتجاج ریکارڈ

    مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پراردن میں اسرائیلی سفیر کی طلبی، احتجاج ریکارڈ

    عمان :اردن کی حکومت نے یہودی آباد کاروں، قابض صہیونی فوج اور پولیس کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی مسلسل ہونے والی بے حرمتی پراسرائیل سے سخت احتجاج کیا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق اردن میں تعینات اسرائیلی سفیر کو وزارتِ خارجہ کے دفترمیں طلب کرکے حرم قدسی کی مسلسل بے حرمتی اور یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں پراحتجاج کیا گیا۔

    اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان سلمان القضانے ایک بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل زید اللوز نے اسرائیلی سفیر کوطلب کر کے انہیں اپنے احتجاج اور موقف سے آگاہ کیا۔

    اسرائیلی سفیر کو ایک احتجاجی مراسلہ دیا گیا اور کہا گیا کہ وہ فوری طورپر یہ مراسلہ اپنی حکومت تک پہنچائے اور اس پرعمل درآمد کرائے۔

    اردن نے واضح کیا کہ حرم قدسی اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی، اسلامی اور عرب تشخص کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی، عمان نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری بے حرمتی کا سلسلہ بند کرائے، القدس اور قبلہ اول کے تاریخی، آئینی اور دینی تشخص کے حوالے سے طے پائے معاہدوں پرعمل درآمد کرے۔

    سفیان سلمان القضاءنے کہا کہ اسرائیلی سفیر پرواضح کیا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کا 144 دونم حصہ صرف مسلمانوں کے لیے عبادت کی جگہ ہے، اس میں یہودی آبادکاروں کا داخلہ مذہبی اشتعال انگزی ہے۔

    اردنی وزارت خارجہ نے فلسطینی نمازیوں کے لیے مسجد اقصیٰ کے دروازے بند کرنے کے اقدام اور فلسطینیوں پر قبلہ اول میں نماز اور عبادت پرقدغنوں کی شدید مذمت کی اور فلسطینیوں پرعاید کی گئی تمام پابندیاں ختم کرنے اور مسجد اقصیٰ کے امور میں مداخلت سے باز رہنے کا مطالبہ کیا۔

    درایں اثناءاردن کے وزیرخارجہ ایمن الصفدی نے بھی مسجد اقصیٰ پر صہیونی یلغار کی شدید مذمت کی ،انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اسرائیل کو قبلہ اول کی بے حرمتی سے روکے۔

    ایمن الصفدی نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کےتاریخی اسٹیس کو نقصان پہنچانے کے خطرناک نائج سامنے آئیں گے،یورپی ممالک کے سفیروں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ القدس اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی اور قانونی تشخص کو پامال کرنے کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں اور اس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پرعاید ہوگی۔

  • آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، شہباز شریف آج نیب میں طلب

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، شہباز شریف آج نیب میں طلب

    لاہور: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں تفتیش کے لیے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو نیب نے آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہبازشریف آج نیب میں پیش ہوں گے، طلبی کانوٹس شہبازشریف کی رہائش گاہ پر دے دیا گیا، طلبی پر آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔

    پوچھ گچھ کے لیے نیب نے بارہ سوالوں پر مشتمل سوال نامہ بھی تیار کرلیا، انیس سو پچاسی سے ابتک اثاثوں کی وضاحت مانگی جائے گی۔

    بینکنگ ٹرانزیکشن سے متعلق بھی تفصیلات لی جائیں گئی، نیب شہباز شریف سے غیرملکی بینک اکاؤنٹس سے متعلق پوچھ گچھ کرے گی، فضل داد، قاسم قیوم کے ذریعے منی لانڈرنگ سے متعلق بھی پوچھا جائے گا۔

    نیب کی تحقیقاتی ٹیم آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق شہباز شریف سے تحقیقات کرے گی۔ نیب نے شہباز شریف کو طلبی کا نوٹس ان کی رہائش گاہ96ایچ ماڈل ٹاؤن پر دیا جہاں شہبازشریف کےملازمین نے نوٹس وصول کیا۔

    دبئی کی کمپنی برلاس آصف زرداری اور شریف خاندان کی آلہ کار نکلی، پاور پلے میں انکشاف

    اس سے قبل نیب نے20نومبر2018 اور3دسمبر کو شہباز شریف کو سوالات دیے تھے۔ نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اپنے والد میاں شریف کی جانب سے حصے میں ملنے والی جائیداد کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

    اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو نے شہباز شریف سے غیرملکی بینک اکاؤنٹس اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی تحفہ میں ملی گاڑیوں کی تفصیلات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔

  • نیب نے شہباز شریف کو 9 اپریل کو طلب کرلیا

    نیب نے شہباز شریف کو 9 اپریل کو طلب کرلیا

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو قومی ادارہ احتساب (نیب) نے 9 اپریل کو طلب کرلیا، نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) شہباز شریف سے تحقیقات کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 9 اپریل کو طلب کرلیا۔ نیب نے انہیں دیے گئے سوالات کے جواب کے لیے طلب کیا ہے۔

    نیب نے 20 نومبر 2018 اور 3 دسمبر 2018 کو شہباز شریف کو سوالات دیے تھے۔

    نیب نے گزشتہ ماہ شہباز شریف کی 2 بیگمات کے اثاثوں کی تفصیلات بھی حاصل کرلی تھیں۔ نصرت شہباز 69 لاکھ 56 ہزار 5 سو شیئرز کی مالک اور تہمینہ درانی کے پاس گوادر میں 4 کنال کے پلاٹ اور ایک ایکڑ بیش قیمت زمین کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق 96 ایچ ماڈل ٹاؤن کی رہائش اور مری کا گھر نصرت شہباز کے نام ہیں، جن کی مالیت 18 کروڑ 65 لاکھ 81 ہزار 384 روپے ہے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے تہمینہ درانی کو ڈیفینس سمیت 8 قیمتی پراپرٹیز تحفے میں دے رکھی ہیں، تہمینہ درانی کے پاس گوادر میں 4 کنال کا پلاٹ اور 1 ایکڑ بیش قیمت زمین بھی ہے۔

    ذرائع کے مطابق نصرت شہباز کے اثاثوں کی مالیت 22 کروڑ 56 لاکھ 35 ہزار 970 جبکہ تہمینہ دروانی 57 لاکھ 65 ہزار کی مالک ہیں، نصرت شہباز کے پاس قصور اور فیروز والا میں 810 کنال کی زرعی زمین بھی ہے، جس کی مالیت صرف 26 لاکھ ظاہر کی گئی ہے۔