Tag: طنزیہ ٹویٹ

  • عالیہ حمزہ کے طنزیہ ٹویٹ پر پی ٹی آئی جنرل سیکریٹری برہم، کارروائی کا عندیہ

    عالیہ حمزہ کے طنزیہ ٹویٹ پر پی ٹی آئی جنرل سیکریٹری برہم، کارروائی کا عندیہ

    پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ کے طنزیہ ٹویٹ کے بعد پارٹی رہنماؤں کی لفظی گولہ باری سلمان اکرم راجا نے کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف جس میں پہلے ہی اختلافات کی خبریں سر اٹھا رہی ہیں۔ اب دو روز قبل پی ٹی آئی قیادت کے لاہور میں ہونے اور اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر کو نظر انداز کرنے پر عالیہ حمزہ نے پارٹی قیادت کے خلاف طنزیہ ٹویٹ کیا تھا۔ اس طنزیہ ٹویٹ نے پارٹی میں نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے اور پارٹی رہنماؤں نے ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری شروع کر دی ہے۔

    تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے عالیہ حمزہ کے طنزیہ ٹویٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک اچھے ایونٹ کو اپنے بیوقوفانہ ٹویٹ سے متنازع بنایا۔ یہ عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    سلمان اکرم کا کہنا تھا کہ عالیہ کو پنجاب میں پارٹی کو متحرک کرنے کے لیے مقرر کیا نا کہ ٹویٹ کرنے کے لیے۔ انہیں جس کام کے لیے مقرر کیا گیا، وہی کریں۔

    پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ لاہور ایونٹ کو سازش کے تحت متنازع بنایا گیا۔ انہیں اس پر ٹویٹ نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ایسے ٹویٹ کو مسترد کرتا ہوں اور دوبارہ ایسا کرنے پر خبردار کرتا ہوں۔

    سلمان اکرم راجا نے عالیہ حمزہ کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ انہیں پارٹی سے نہیں نکالا جائے گا، لیکن اگر ایسا ہی رویہ رہا تو کارروائی کریں گے۔ ہم بانی عمران خان کے حکم کے مطابق ہی تحریک چلائیں گے۔

    انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جس نے غلطی کی وہ معافی مانگے، اسے رابطے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ لاہور میں جو نہیں آیا، وہ اپنی مرضی سے نہیں آیا، یہ مدعو کرنے کا مسئلہ نہیں تھا۔

    سلمان اکرم راجا نے واضح کیا کہ عمران خان نے تحریک کی جو تاریخ دی ہے، وہی رہے گی۔ کسی کے 90 دن کوئی معنی نہیں رکھتے۔ میں ٹھیک بات کر رہا ہوں، کسی میں رد کرنے کی ہمت ہے تو میں اس کو دیکھ لوں گا۔

    واضح رہے کہ عالیہ حمزہ نے لاہور میں پی ٹی آئی کی قیادت کی موجودگی اور اجلاس میں نہ بلانے پر طنزیہ ٹویٹ کرتے ہوئے پارٹی قائدین پر کئی سوالات اٹھا دیے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/aaliya-hamzas-sarcastic-tweet-against-pti-leadership/