Tag: طنز کا جواب

  • ہماری اتنی طاقت کافی ہے؟ بریتھ ویٹ نے سابق آسٹریلوی پیسر کو آڑے ہاتھوں لےلیا

    ہماری اتنی طاقت کافی ہے؟ بریتھ ویٹ نے سابق آسٹریلوی پیسر کو آڑے ہاتھوں لےلیا

    آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر کو ویسٹ انڈین ٹیم کا مضحکہ اڑانا کافی مہنگا پڑگیا، مہمان سائیڈ نے ان کے طنز سے تقویت پاکر تاریخ رقم کردی۔

    ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر ہرانے کے بعد سابق کینگرو فاسٹ بولر روڈنی ہوگ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ بریتھ ویٹ نے انھیں آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ روڈنی کی باتوں نے ہمارے اندر جیتنے کا حوصلہ پیدا کیا۔

    ٹیسٹ میں تاریخی فتح کے بعد پریزنٹیشن کے دوران انھوں نے کہا کہ میں یہ ضرور کہنا چاہوں گا کہ دو لفظ تھے جنھوں نے اس ٹیسٹ میچ میں ہمارے حوصلے بلند کیے، مسٹر روڈنی ہوگ نے کہا تھا کہ ہم قابل رحم اور نامراد ہیں۔

    ویسٹ انڈیز کے کپتان نے مزید کہا کہ ان کی اس بات نے ہماری ہمت بڑھا دی۔ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے تھے کہ ہم قابل رحم نہیں ہیں۔ میں ان سے ضرور پوچھنا چاہوں گا کہ کیا ہماری یہ طاقت روڈنی کے لیے کافی ہے۔

    واضح رہے کہ 38 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے سابق فاسٹ بولر روڈنی ہوگ کا ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی شکست کے بعد کہنا تھا کہ ان کی ٹیم سے امید لگانا ہی بیکار ہے۔ ہمیں ایسی کمزور ٹیموں کو یہاں ہرگز مدعو نہیں کرنا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مچل اسٹارک نئی گلابی گیند کے ساتھ گابا میں ان پر چڑھ دوڑیں گے۔ لہذا میرا نہیں خیال کہ ٹیسٹ میچ تین دن سے زیادہ چلے گا۔ وہ قابل رحم ہیں۔

    خیال رہے کہ ہوگ کی پیشن گوئی کو بالکل غلط ثابت کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے آسٹریلیا میں 27 سال بعد فتح کو گلے لگایا۔ انھوں نے میزبان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کی۔