Tag: طوطا

  • نوجوان نے بلی سے بچاتے ہوئے اپنا پالتو طوطا کیسے مار دیا؟ ویڈیو دیکھیں

    نوجوان نے بلی سے بچاتے ہوئے اپنا پالتو طوطا کیسے مار دیا؟ ویڈیو دیکھیں

    ایک نوجوان اپنے پیارے پالتو طوطے کو بلی سے بچا رہا تھا لیکن بلی سے بچانے کے چکر میں وہ اپنے طوطے کو ہی مار بیٹھا۔

    طوطا ایک خوبصورت پالتو جانور ہے لیکن بلی طوطے کی دشمن۔ ایک گھر میں بلی پنجرے سے باہر پالتو طوطے پر حملہ آور ہوئی اور نوجوان جب اسے بچانے کے لیے گیا تو غیر ارادی طور پر اپنے ہی طوطے کی جان لے بیٹھا۔

    یہ واقعہ چین میں پیش آیا جہاں گھر کے لان میں پالتو طوطا پنجرے سے باہر موجود تھا۔ شکار کو یوں پنجرے سے آزاد دیکھ کر بلی کے منہ میں شاید پانی بھر آیا اور وہ اس کا شکار کرنے کے لیے دوڑ پڑی۔

    اس پالتو طوطے کا مالک نوجوان قریب ہی موجود تھا۔ جب اس نے بلی کو طوطے پر لپکتی ہوئے دیکھا تو بلی پر بجلی کی پھرتی سے چپل زور سے پھینک کر ماری۔

    تاہم شومئی قسمت کہ چپل کی زد میں بلی تو نہ آئی مگر طوطا اپنے مالک کا یہ زوردار وار نہ سہہ سکا اور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

    بلی تو وہاں سے بھاگ گئی لیکن بے چارا نوجوان اپنے پالتو اور پیارے طوطے کا یہ حال دیکھ کر سر پکڑ کر بیٹھ گیا۔

     

  • چوری پر رپورٹ دینے والا صحافی کیمرے کے سامنے لٹ گیا

    چوری پر رپورٹ دینے والا صحافی کیمرے کے سامنے لٹ گیا

    ٹیلی ویژن پر براہ راست نشریات کے دوران رپورٹرز یا اینکرز کے ساتھ کوئی دلچسپ یا ناخوشگوار واقعہ پیش آجاتا ہے جو اس نشریات کو یادگار بنا دیتا ہے۔

    ایسا ہی ایک واقعہ چلی کے دارالحکومت سان تیاگو میں پیش آیا جہاں ڈکیتی کی وارداتوں پر رپورٹ کرنے والے رپورٹر کو نشریات کے دوران لوٹ لیا گیا، اور اسے لوٹنے والا کوئی اور نہیں ایک طوطا تھا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رپورٹر مقامی زبان میں علاقے میں ہونے والی چوریوں کے بارے میں معلومات دے رہا ہے۔

    اس دوران ایک طوطا اس کے کندھے پر آ کر بیٹھ جاتا ہے تاہم رپورٹر اپنی گفتگو جاری رکھتا ہے۔

    اس کے بعد شرارتی طوطا رپورٹر کے کان میں لگا ایئر پیس نکال لیتا ہے اور پھر اچانک اڑ جاتا ہے۔

    اس دوران رپورٹر اس چوری سے پریشان تو ہوگیا تاہم اس نے اپنی رپورٹ جاری رکھی اور وہاں موجود افراد کو متوجہ کرنے کے لیے اشارے بھی کرتا رہا۔

    ٹویٹر پر صارفین اس ویڈیو سے بے حد محفوظ ہوئے اور رپورٹر سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

  • ’’مجھے جانے دو، مجھے باہر نکالو‘‘ طوطے نے پولیس کی دوڑیں لگوادیں

    ’’مجھے جانے دو، مجھے باہر نکالو‘‘ طوطے نے پولیس کی دوڑیں لگوادیں

    واشنگٹن: امریکا میں ایک ایسا دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک بولنے والے طوطے نے پولیس کی دوڑیں لگوادیں۔

    آپ نے طوطے کو بولتا ہوا تو دیکھا ہوگا لیکن آپ نے کبھی نہیں سنا ہوگا کہ طوطے کی وجہ سے پولیس حرکت میں آئی اور مدد کے لیے بھی پہنچ گئی۔ جی ہاں! امریکی ریاست فلوریڈا میں یہ دلچسپ واقعہ پیش آیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلوریڈا میں ایک شخص نے پولیس کو کال کرکے اطلاع دی کہ ہمارے پڑوس میں کسی خاتون کی چیخنے کی آوازیں آرہی ہیں جو مسلسل مدد کے لیے پکار رہی ہے۔

    پھر کیا تھا یہ شکایت سنتے ہی پولیس فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی۔ جس کے بعد حقیقت کھل کر سامنے آگئی۔

    ’’مجھے جانے دو‘‘ کہہ کر چیخنے والا کوئی خاتون نہیں بلکہ طوطا تھا۔ غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ طوطا کے مالک نے بتایا وہ گیراج میں اپنی اہلیہ کی گاڑی ٹھیک کررہا تھا اس دوران طوطا ہماری باتوں کو سنتا اور گانا بھی گارہا تھا جس کے بول یہی تھے کہ ’’مجھے جانے دو‘‘۔

    مالک کا کہنا تھا کہ اس طوطے کی آواز خاتون سے بہت مشابہت رکھتی ہے جس کے باعث پولیس اور پڑوسی کو یہ غلط فہمی پیش آئی۔ اس واقعے کی خبرسن کر تمام افراد دنگ رہ گئے۔

    مالک نے یہ بھی بتایا کہ ہم نے طوطے کو ’’مجھے جانے دو‘‘ اور ’’مجھے باہر نکالو‘‘ جیسے جملے بچپن میں سکھائے تھے۔

  • پولیس نے چور کا طوطا بھی گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا

    پولیس نے چور کا طوطا بھی گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا

    نیدرلینڈز: پولیس نے بولنے والے ایسے طوطے کو حراست میں لے کر تھانے میں بند کر دیا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے وہ اپنے چور مالک کے خلاف گواہی دے سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ڈچ طوطے کو پولیس نے گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے طوطے کو گواہ کے طور پر تحویل میں لیا ہے۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ طوطے نے اپنے مالک کے خلاف چوری کی گواہی دی ہے۔

    یہ واقعہ نیدرلینڈز کے شہر یوٹریکٹ میں پیش آیا، پولیس کے مطابق ایک دکان میں چوری کرنے والے مشتبہ شخص کو گزشتہ جمعرات کو گرفتار کیا گیا تو اس وقت اس کے کندھے پر طوطا بھی بیٹھا ہوا تھا۔

    پولیس نے کہا ہے کہ چور مالک کے خلاف گواہی میں یہ بولتا طوطا مددگار ہو سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پالتو کتوں کو 24 گھنٹے باندھے رکھنے پر 4 ہزار ڈالر جرمانہ ہوگا

    طوطے کو حراست میں لیے جانے کے بعد اسے رکھنے کا مسئلہ پیدا ہو گیا تھا، پولیس کے مطابق تھانے میں کوئی پنجرا نہ ہونے کے سبب اسے مجرموں کے عام سیل میں رکھا گیا۔

    پولیس اہل کاروں کی جانب سے لاک اپ میں طوطے کو پانی اور سینڈوچ بھی کھانے کو دی گئی۔

    پولیس کی جانب سے انسٹاگرام پر زیر حراست طوطے کی تصویر جاری کیے جانے کے بعد لوگوں نے پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور طوطے کے ساتھ ہم دردی کا اظہار کیا۔

    طوطے کو حراست میں دیکھ کر کچھ لوگوں نے اس کے لیے قانونی معاونت کی پیش کش بھی کی۔

  • ڈانس کے شوقین طوطے نے ماہرین کو حیران کردیا

    ڈانس کے شوقین طوطے نے ماہرین کو حیران کردیا

    طوطے یوں تو نئے الفاظ سیکھنے اور انہیں دہرانے کے ماہر ہوتے ہیں تاہم حال ہی میں ایک طوطا منظر عام پر آیا ہے جو ڈانس کا بے حد شوقین معلوم ہوتا ہے۔

    سنو بال دا ڈانسنگ پیرٹ نامی اس طوطے نے آن لائن ہزاروں افراد کے ساتھ سائنسدانوں کو بھی حیران کردیا ہے۔

    سنو بال 14 اقسام کے ڈانس اسٹیپ کر سکتا ہے، وہ موسیقی سے مطابقت کرتے ہوئے اتنی مہارت سے ناچتا ہے کہ ماہرین حیران رہ جاتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ طوطے کے دماغ کا بالکل ویسے ہی ارتقا ہوا ہے جس طرح انسان کے دماغ کا، لہٰذا طوطے کا حیرت انگیز صلاحیتوں کا حامل ہونا تعجب کی بات نہیں۔

    سنو بال کو سوشل میڈیا پر ہزاروں افراد فالو کر رہے ہیں جو اس کا ڈانس دیکھ کر حیرت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

  • انسانی قد کے نصف طوطے کی باقیات دریافت

    انسانی قد کے نصف طوطے کی باقیات دریافت

    نیوزی لینڈ میں ایک طویل القامت طوطے کی باقیات دریافت کی گئی ہیں جس کا قد انسانی قد کے نصف ہے، طوطوں میں یہ سب سے طویل القامت طوطا خیال کیا جارہا ہے۔

    بائیولوجی لیٹرز نامی رسالے میں حال ہی میں شائع کیے جانے والے تحقیقی مقالے کے مطابق نو دریافت شدہ طوطے کی قامت کا اندازہ اس کے پنجوں کی ہڈیوں سے لگایا گیا۔ طوطے کا قد تقریباً ایک میٹر یعنی 37 انچ ہے۔

    اس کا وزن 7 کلو گرام یعنی 15.5 پاؤنڈز ہے اور دیگر پرندوں کے برعکس یہ ممکنہ طور پر گوشت خور تھا۔

    کنٹربری میوزیم کے نیچرل ہسٹری شعبے کے سربراہ پال اسکو فیلڈ کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ یہ اڑتا بھی ہو مگر ہم فی الحال اس نظریے پر مزید تحقیق کر رہے ہیں کہ یہ اڑتا نہیں تھا۔

    مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کے نایاب ترین پرندے کی تعداد میں دگنا اضافہ

    اس طوطے کی باقیات کو سنہ 2008 میں پہلی بار دریافت کیا گیا تھا تاہم اس وقت اس کے بارے میں زیادہ تحقیقات نہیں کی گئیں۔ پروفیسر اسکو فیلڈ کے مطابق ہمارے خیال میں یہ کسی عقاب کی باقیات ہوسکتی ہیں لیکن ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ طوطا ہوسکتا ہے۔

    ماہرین نے اس طوطے کی قامت کو دیکھتے ہوئے اس کا نام ہرکولیس ان ایکسپیکٹیٹس رکھا ہے۔

    طوطے کی باقیات نیوزی لینڈ کے جنوبی حصے میں سینٹ باتھنز کے علاقے سے دریافت ہوئی ہیں۔ یہ علاقہ رکازیات کے حوالے سے خاصا زرخیز ہے اور یہاں سے ملنے والی باقیات لگ بھگ ڈھائی کروڑ سال سے لے کر 50 لاکھ سال تک قدیم ہیں۔

    پروفیسر اسکو فیلڈ کا کہنا ہے کہ ہم اس علاقے میں گزشتہ 20 سال سے کھدائیاں کر رہے ہیں اور اب تک کافی غیر متوقع دریافتیں کی جاچکی ہیں جبکہ امکان ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی ہی انوکھی دریافتیں سامنے آئیں گی۔

    گزشتہ برس اس علاقے سے ایک طویل القامت چمگاڈر کی باقیات بھی دریافت کی گئی تھیں، یہ چمگاڈر جسامت میں جدید چمگاڈر سے 3 گنا بڑی تھی اور اس کا وزن 40 گرام تھا۔

  • دنیا کے نایاب ترین پرندے کی تعداد میں دگنا اضافہ

    دنیا کے نایاب ترین پرندے کی تعداد میں دگنا اضافہ

    رواں برس نیوزی لینڈ کے نایاب ترین پرندے پراکیٹ کی افزائش نسل میں حیران کن اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد ماہرین کی ان کو لاحق خطرات کے حوالے سے پریشانی کم ہوگئی۔

    نیوزی لینڈ میں پایا جانے والا یہ پرندہ جسے مقامی زبان میں کاکاریکی کاراکا کہا جاتا ہے، ہمارے یہاں موجود آسٹریلن چڑیاؤں سے ملتا جلتا ہے۔

    یہ پرندہ صرف نیوزی لینڈ میں پایا جاتا ہے اور کچھ عرصے قبل اسے پورے ملک میں دیکھا جاتا رہا، تاہم گزشتہ صدی کے دوران اس پرندے کی آبادی میں خطرناک کمی واقع ہوئی۔

    سنہ 1993 میں انہیں معدوم سمجھ لیا گیا تاہم اس کے بعد اکا دکا پرندے نظر آئے جس کے بعد اس پرندے کو بچانے کی کوششیں شروع کردی گئیں۔

    رواں برس اس پرندے کی افزائش نسل میں بے حد اضافہ دیکھنے میں آیا، ماہرین کے مطابق اس سیزن میں 150 نئے پرندوں نے جنم لیا اور اب کچھ عرصے بعد افزائش نسل کے قابل پرندوں کی تعداد دگنی ہوجائے گی۔

    ماہرین نے جنگلات میں اس پرندے کے 31 نئے گھونسلے دیکھے اور یہ پچھلے ایک دو سال میں بنائے جانے والے گھونسلوں سے 3 گنا زیادہ ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ان پرندوں کو درختوں میں کمی کے ساتھ ساتھ دیگر شکاری جانوروں سے بھی خطرہ ہے۔ جنگلوں میں پھرتے چوہے اور جنگلی بلیاں ان پرندوں کو اپنی خوراک بنالیتی ہیں۔

    اب انہیں امید ہے کہ اگر ان پرندوں کی افزائش نسل کی شرح یہی رہی تو یہ خوبصورت پرندہ پھر سے پورے نیوزی لینڈ میں دیکھا جاسکے گا۔

  • جرمنی میں گھریلو جھگڑے کی انوکھی شکایت

    جرمنی میں گھریلو جھگڑے کی انوکھی شکایت

    برلن: جرمنی میں گھریلو جھگڑے کو حل کرنے کے لیے طلب کیے جانے والے پولیس اہلکار اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے ایک شخص کو اپنے طوطے کے ساتھ بحث کرتے دیکھا۔

    جرمنی کے شہر لوئرچ میں ایک شخص نے پولیس کو فون کر کے کہا کہ وہ اپنے پڑوس میں ہونے والے ایک گھریلو جھگڑے میں ان کی مدد چاہتا ہے۔

    کال کرنے والے شخص کا کہنا تھا کہ اس کے برابر والے گھر سے اکثر چیخنے کی آوازیں آتی ہیں جو وہ کافی عرصے سے سن رہا ہے۔

    مذکورہ شخص کی شکایت پر چند پولیس اہلکاروں کو مطلوبہ مکان کی طرف بھیجا گیا۔

    تاہم جب وہ اس مکان پر پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ ایک 22 سالہ شخص اپنے طوطے سے بحث کر رہا ہے۔ دریافت کرنے پر اس نے بتایا کہ وہ اس پرندے سے بہت تنگ ہے جو ہر وقت مختلف آوازیں نکالتا رہتا ہے۔

    پولیس نے شکایت پر مزید پیش رفت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جنگلی بلی کی طوطے پر حملے کی نایاب ویڈیو

    جنگلی بلی کی طوطے پر حملے کی نایاب ویڈیو

    بلیبلیاں، خصوصاً جنگلی بلیاں پرندوں کو کھانے کی نہایت شوقین ہوتی ہیں اور اکثر ان پر حملہ آور ہو کر انہیں اپنا شکار بنا لیتی ہیں۔

    جنوبی امریکی ملک پیرو میں بھی ایک جنگلی بلی کے طوطے پر شکار کے منظر کو کیمرے کی آنکھ نے قید کرلیا۔

    یہ ویڈیو اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ بلیاں عموماً اپنے شکار پر خاموشی سے اس وقت جھپٹا مارتی ہیں جب آس پاس کوئی نہ ہو لہٰذا اس نوعیت کا منظر کم ہی لوگوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔

    ویڈیو میں جنگلی بلی رنگین طوطے مکاؤ پر شکار کرتی نظر آرہی ہے۔

    مکاؤ لمبی دم والا ایک رنگین اور جسامت کے لحاظ سے سب سے بڑا طوطا ہے جو بہت جلد سیکھنے اور انسانوں کی نقل اتارنے کے لیے مشہور ہے۔

    چلتے چلتے آپ کو جنگلی بلیوں پر کی جانے والی ایک تحقیق سے آگاہ کرتے چلیں کہ جنگلی اور گھریلو بلیوں کی جینز میں کچھ خاص فرق نہیں ہوتا۔

    صدیوں قبل جنگلی بلیاں انسانوں سے اس قدر مانوس ہوئیں کہ ان کی آنے والی نسلوں کی فطرت بدل گئی جس کے بعد وہ انسانوں کی دوست بن گئیں۔

    مزید پڑھیں: جنگلی بلیاں انسانوں کی دوست کیسے بنیں؟

    ویڈیو بشکریہ: نیشنل جیوگرافک


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کتے کی طرح بھونکنے اور گانا گانے والا طوطا

    کتے کی طرح بھونکنے اور گانا گانے والا طوطا

    طوطے ہمیشہ سے ہی انسانوں سے باتیں کرنے اور مختلف آوازیں نکالنے کے عادی ہوتے ہیں، تاہم یہ کانگو افریقی طوطا کتے اور بلی سمیت بے شمار آوزوں کی نقل اتار سکتا ہے جسے سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

    آئن اسٹائن نامی یہ طوطا کتے، بلی، الو اور چڑیوں کی آوازوں سمیت بے شمار آوازیں نکال سکتا ہے۔

    نہایت شاندار ذہانت کا حامل یہ طوطا آبشار، دروازے کی دستک اور اوپیرا گانا بھی گنگنا سکتا ہے۔ اس طوطے کو 200 کے قریب الفاظ بھی حفظ ہیں۔

    اس طوطے کی سالگرہ کے موقع پر اس کے ٹرینر ایڈم پیٹرسن نے اس کی ویڈیو جاری کی ہے جسے سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    ویڈیو میں طوطا ’ہیپی برتھ ڈے ٹو یو‘ گا کر اپنے آپ کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دے رہا ہے۔