Tag: طوفانی بارش

  • فضا میں تیرتے ’دریا‘ نے کیلیفورنیا کو ڈبو دیا، بڑی تباہی

    فضا میں تیرتے ’دریا‘ نے کیلیفورنیا کو ڈبو دیا، بڑی تباہی

    لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں سے بڑی تباہی مچ گئی ہے، درخت گرنے سے کم از کم 3 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ طاقت ور طوفان سیلاب، مٹی کے تودے گرنے اور بجلی کی بندش کا باعث بنا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں سے تباہی مچ گئی ہے، شہر لاس اینجلس میں موسلادھار 8 انچ بارش ہوئی، اور بارش کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طوفان ایک ’’ماحولیاتی دریا‘‘ کے اثر کی وجہ سے آیا ہے، جس میں ہوتا یہ ہے کہ پانی ہوا میں بخارات بن جاتا ہے، جسے ہوا لے کر چلنے لگتی ہے اور آسمان میں اس سے بہتی ہوئی لمبی دھاریں بن جاتی ہیں، بالکل اسی طرح جیسے زمین پر دریا بہتے ہیں۔ سست رفتاری سے چلنے والا یہ طوفان دو ہفتوں میں کیلیفورنیا سے ٹکرانے والا دوسرا ماحولیاتی دریا ہے۔

    موسلادھار بارش کی وجہ سے ریاست میں 4 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں، 6 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوئے، سڑکیں تالاب بن گئیں، گاڑیاں کیچڑ میں دھنس گئیں، اور متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جس پر گورنر کیلیفورنیا نے 8 کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    ریاست میں فائر حکام کے مطابق 130 سے زائد مقامات پر سیلاب کی صورت حال پیدا ہوئی، جہاں ریسکیو آپریشن کیے گئے، موسمیات نے شدید بارش کا سلسلہ آج تک جاری رہنے اور سیلاب کی پیش گوئی کی ہے۔

    دوسری جانب کینیڈا کے ساحلی علاقوں میں ریکارڈ برفباری ہوئی ہے، کینیڈین صوبے نوواسکاشیا کے مختلف علاقوں میں 3 فٹ سے زائد برفباری ہوئی، جب کہ جنوب مشرقی کیپ بریٹن اور اطراف میں 39 انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، گھروں کے دروازوں تک برف جمع ہو گئی اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے، شہری اپنی مدد آپ کے تحت برف ہٹاتے رہے۔

  • کراچی والے ہوشیار ! کل طوفانی بارش  کی پیش گوئی، بارش کے ابتدائی 2 گھنٹے خطرناک قرار

    کراچی والے ہوشیار ! کل طوفانی بارش کی پیش گوئی، بارش کے ابتدائی 2 گھنٹے خطرناک قرار

    اسلام آباد : ڈائریکٹرسائیکلون وارننگ سینٹر نے کراچی میں کل جمعرات کو طوفانی بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے بارش کے ابتدائی 2 گھنٹے خطرناک قرار دے دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق بپھرا ہوا بپرجوائے ساحل کی طرف بڑھ رہاہے، طوفان کے مرکز اور اطراف میں اٹھنے والی تیس فٹ اونچی لہریں اور ایک سوستر کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں خطرے کی گھنٹی بجارہی ہیں۔

    ڈائریکٹرسائیکلون وارننگ سینٹر نے بتایا طوفان سے کراچی بھی شدید متاثرہوگا، جمعرات کو تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوگی، اور ابتدائی دو گھنٹے خطرناک ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جمعرات کو پہلے ایک گھنٹے کی بارش بہت شدید ہوگی ، پہلے گھنٹے میں 60 سے 70ملی میٹر بارش کا امکان ہے تاہم بارش وقفے وقفے سے ہفتے تک جاری رہے گی۔

    خیال رہے کراچی کےساحل پر دفعہ ایک سوچوالیس نافذ کرکے سی ویو اور اطراف میں پولیس کی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ دودریا اور ساحل کی طرف جانے والوں کوروکاجارہا ہے۔

  • خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 25 افراد جاں بحق

    خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 25 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچا دی، آندھی اور بارشوں سے 25 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے جنوبی اضلاع میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، دیواریں، چھتیں اور درخت گرنے سے بچوں سمیت پچیس افراد جاں بحق، 145 افراد زخمی ہو گئے، جب کہ آندھی اور بارشوں سے 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

    پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بنوں میں بچوں سمیت 12، لکی مروت میں بچوں سمیت 5، کرک میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، ڈیرہ اسماعیل خان میں 6 سال کا بچہ جاں بحق ہو گیا۔

    ہنگو اورکوہاٹ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش برسی، سوات میں تیز بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔

    ادھر بنوں، لکی مروت سمیت بارش سے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، پاک فوج کی امدادی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، زخمیوں کو ضلعی اسپتالوں میں پاک فوج کی مدد سے منتقل کیا گیا۔ صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بارش سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے، وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں، خوشاب میں 3 بچیاں جاں بحق ہو گئی ہیں، حافظ آباد میں دیوار گرنے سے ایک شخص، قائد آباد میں خاتون جاں بحق ہو گئی، بھکرمیں 15 افراد زخمی ہوئے، صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی تیز آندھی اور بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آئے۔

    موسم خرابی کے باعث متعدد پروازوں کے رخ تبدیل کرنے پڑے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق دبئی سے اسلام آباد اور لاہور آنے والی پروازوں کا رخ ملتان کی طرف موڑا گیا، ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پرواز کو اسلام آباد موڑا گیا، کراچی سے لاہور جانے والی پرواز کا رخ اسلام آباد موڑا گیا، ابوظبی سے اسلام آباد آنے والی پروازوں کا رخ ملتان موڑا گیا، لاہور سے مدینہ منورہ، لاہور سے ابوظبی اور لاہور سے کراچی جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، کراچی سے لاہور جانے والی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوئی، جب کہ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخ کی گئی۔

    دوسری طرف طوفان بیپر جوائے کراچی سے 810 کلو میٹر دور رہ گیا ہے، بدھ یا جمعرات تک سندھ اور مکران کے ساحلوں سے ٹکرا جائے گا، جس سے ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، طوفان کے باعث ڈیڑھ سو کلو میٹر رفتار کی ہوائیں چلیں گی، کمزور تعمیرات کو نقصان کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقے تیز آندھی، سمندری طوفان اور سیلاب کی زد میں آ سکتے ہیں، اس دوران سمندر میں شدید طغیانی کی کیفیت رہے گی، کراچی کے ساحل پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے، ماہی گیروں کو 12 جون سے طوفان کے اختتام تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔

  • لاہور میں طوفانی بارش، پی آئی اے پرواز کا بھارتی فضائی حدود کا استعمال

    لاہور میں طوفانی بارش، پی آئی اے پرواز کا بھارتی فضائی حدود کا استعمال

    لاہور میں طوفانی بارش کے سبب پی آئی اے کا طیارہ ائیرپورٹ پر لینڈ نہ کرسکا اور بھارتی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پروازپی کے 248 سعودی شہر دمام سے لاہور آرہی تھی، طوفانی بارش کے باعث طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ نہ کرسکا جس کے بعد پرواز کا رخ ملتان موڑتے وقت بارش کے سبب پرواز نے بھارتی فضائی حدود استعمال کیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے پرواز کے کپتان نے بھارتی سی اے اے کو صورتحال سے آگاہ  کیا، بھارتی سی اے اے نے طیارے کو اپنی  حدود کے استعمال کی اجازت دی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پرواز کو ملتان کی طرف موڑنے کیلئے بھارتی شہر فیروز پور  تک جانا پڑا، لاہور جانے والی پی آئی اےکی  پرواز کو ملتان ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔

  • طوفانی بارش، پنجاب یونیورسٹی گیٹ کی دیوارکا حصہ گر گیا

    طوفانی بارش، پنجاب یونیورسٹی گیٹ کی دیوارکا حصہ گر گیا

    لاہور: تیز ہوا اور بارش سے پنجاب یونیورسٹی گیٹ کی دیوارکا حصہ گر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تیز ہوا اور بارش کے باعث پنجاب یونیورسٹی گیٹ کی دیوار کا حصہ گرگیا جس سے ٹریفک متاثر ہوگئی۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دیوار گرنے سے جناح اسپتال سے گارڈن ٹاؤن جانیوالی سڑک پر ٹریفک متاثر ہوگئی تاہم ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ دیوار گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سڑک سے دیوار کا ملبہ ہٹاکر سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیاجائیگا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہوا چلنے کی وجہ سے اکھڑنے سے دیوار گری ہے۔

  • سیلابی ریلے میں پھنسے شخص کی نماز ادا کرنے کی ویڈیو توجہ کا مرکز بن گئی

    سیلابی ریلے میں پھنسے شخص کی نماز ادا کرنے کی ویڈیو توجہ کا مرکز بن گئی

    جدہ : سعودی عرب کے شہر جدہ میں میں دو روز قبل ہونے والی طوفانی بارش کے دوران ایک شہری کی سیلابی ریلے کے درمیان نماز ادا کرنے کی ویڈیو عوام کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

    سیلابی ریلے میں نماز کی ادائیگی کی یہ ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیل رہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص ایک پتھر پر نماز ادا کررہا ہے جبکہ اس کے اردگرد سیلابی ریلے کا بہاؤ ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیلابی ریلے کا بہاؤ بہت تیز ہے، ساتھ ہی اس شخص کے ساتھ ایک گاڑی بھی بڑے پتھر کی وجہ سے ٹھری ہوئی ہے۔

    عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے نماز ادا کرنے والے شخص کے بیٹے رعد  کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو ایک پڑوسی نے بتایا ہے اور ہمیں نہیں معلوم تھا کہ وہ ہمارے والد کی ویڈیو بنا رہا ہے۔

    بیٹے نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم گھر پر تھے، جب حوش العمارہ میں بارش کے بعد سیلابی ریلے کا سامنا کرنا پڑا، اس لیے ہم اپنی کار کو گھر کے اندر لانے کی بھرپور کوشش کر رہے تھے۔

    رعد نے مزید کہا کہ سیلاب ریلے کا بہاؤ اچانک بڑھ گیا، جب میں نے والد کو دیکھا تو میں نے ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی اور انہیں بچانے کے لیے کوشش کی، اور کچھ پتھر کی مدد سے باہر نکلا۔

    رعد کا کہنا تھا کہ میں والد تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا، گاڑی میں میرا بھائی ان کے ساتھ تھا، میں اپنے بھائی کو گاڑی سے نکالنے میں کامیاب ہو گیا لیکن والد سیلاب کی شدت کی وجہ سے میرے ہاتھ سے پھسل گئے۔

    نماز ادا کرنے والے شخص کے بیٹے نے مزید بتایا کہ والد نے دوسری گاڑی کی مدد سے والد گرل پر چڑھ گئے، جب ظہر کی نماز کا وقت ہوا تو انہوں نے وہیں نماز پڑھنا شروع کردی۔

  • کراچی والے تیار ہوجائیں ! طوفانی بارش کی پیش گوئی،  سیلابی صورتحال کا خطرہ

    کراچی والے تیار ہوجائیں ! طوفانی بارش کی پیش گوئی، سیلابی صورتحال کا خطرہ

    کراچی : محکمہ موسمیات نے دو سے پانچ جولائی تک کراچی میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ابرِ رحمت برسنے کو تیار ہے، محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سسٹم کل سے ملک میں داخل ہوگا، بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے نم ہوائیں مشرقی سندھ میں 2 جولائی سے داخل ہونے کا امکان ہے۔

    جس کے باعث کراچی میں 2 جولائی کی رات سے تیز بارش متوقع ہے ، بارش سے قبل گردآلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

    حیدرآباد،جامشورو تھرپارکر،عمرکوٹ،سانگھڑ،بدین، میرپورخاص،دادو،ٹھٹھہ میں 2سے5جولائی تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارش سے کراچی اور حیدرآباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مون سون کا سسٹم 5جولائی تک سندھ میں موجود رہے گا تاہم کراچی میں مون سون کے سسٹم کا دورانیہ 3 سے 4 روز کا ہوسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے 3 سے 5 جولائی تک سمندر میں طغیانی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 سے 5 جولائی کے دوران ماہی گیرسمندر میں جانےسےگریز کریں۔

    شہر کا موسم آج گرم و مرطوب اور مطلع صاف رہےگا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے تاہم آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

    دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہےگا، محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، لاہور اورکوئٹہ میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ اسلام آباد،کشمیراورگلگت بلتستان میں بارش کی توقع ہے۔

  • طوفانی بارش میں کراچی کے معروف مصور کے ہزاروں قیمتی فن پارے بھی ضائع

    طوفانی بارش میں کراچی کے معروف مصور کے ہزاروں قیمتی فن پارے بھی ضائع

    کراچی: شہر قائد میں جہاں بارشوں نے وسیع سطح پر جانی و مالی نقصان کیا، وہاں ایک اور المیہ بھی رونما ہوا، گزشتہ ہفتے کی تیز طوفانی بارش میں ملک بھر میں مشہور کراچی کے ممتاز مصور ایمپریشنسٹ وصی حیدر کا پورا اسٹوڈیو بھی ڈوب کر تباہ ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ ہفتے کراچی میں طوفانی بارش نے دیگر علاقوں کی طرح ڈیفنس میں بھی تباہی پھیلائی، ڈی ایچ اے فیز 6، خیابان بخاری میں واقع وصی حیدر کا اسٹوڈیو بھی بارش کی نذر ہو گیا، مصور کا کہنا ہے کہ اسٹوڈیو میں ڈیڑھ کروڑ مالیت تک کے فن پارے موجود تھے۔

    62 سالہ وصی حیدر نے بتایا کہ اسٹوڈیو میں ان کے 6 ہزار فن پارے بارش کی نذر ہوئے ہیں، مالی نقصان کے ساتھ ساتھ ایسے فن پارے بھی ضایع ہوئے جو ان کی زندگی بھر کی محنت کا نتیجہ تھے، ان میں وہ فن پارے بھی شامل تھے جو سیریز کی صورت میں تھے۔

    ڈی ایچ اے میں واقع اسٹوڈیو میں چھت تک بارش کا پانی بھرا ہوا ہے

    جمعرات 27 اگست کو ہونے والی تیز بارش میں وصی حیدر کا اسٹوڈیو چھت تک پانی سے بھر گیا تھا، جہاں سے پانی نکالنے میں ہفتہ لگ گیا۔ سینکڑوں موضوعات کو رنگوں کی مدد سے کینوس پر اتارنے والے مصور کا کام ایک دن میں بربادی کی تصویر بن گیا۔

    سندھ حکومت کا منصوبہ، پیپلز اسکوائر پر وصی حیدر کا 32 فٹ کا میورل 13 دن میں مکمل

    11 برس کی عمر سے مصوری کرنے والے وصی حیدر کا اسٹوڈیو ایک عمارت کے بیسمنٹ میں واقع ہے، بارش والے دن جب وہ اسٹوڈیو پہنچے تو اندر ایک فٹ تک پانی بھر چکا تھا، اس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے ان کی نظروں کے سامنے پورا تہ خانہ پانی سے بھر گیا اور وہ چند پینٹنگز کو بچانے کے سوا کچھ نہ کر سکے، بارش کے پانی میں بے شمار اہم کتابیں بھی ضایع ہو گئیں، ان کے پاس موجود تحفتاً ملے ہوئے سینئر آرٹسٹس جمیل نقش، تصدق سہیل، منصور اے اور منصور راہی کے فن پارے بھی نہ بچ سکے۔

    وصی حیدر کا کہنا ہے کہ اب انھیں ایک نئے سرے سے زندگی کا آغاز کرنا پڑے گا، وہ یہ سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ اس سانحے کا اصل ذمہ دار کون ہے، وہ خود یا کوئی ادارہ۔

    واضح رہے کہ وصی حیدر کی پینٹنگز وزیر اعظم عمران خان کی بنی گالا کی رہائش گاہ، پارلیمنٹ ہاؤس، اسلام آباد سیکریٹریٹ، جامعہ کراچی، اکادمی ادبیات پاکستان، ملک کے ہوائی اڈوں اور دیگر اہم جگہوں پر آویزاں ہیں۔ دنیا کے متعدد شہروں میں ان کے فن پاروں کی نمائش ہو چکی ہے۔

    ماہ اگست کے وسط میں وصی حیدر نے پیپلز اسکوائر پر 32 فٹ کا طویل میورل بھی پینٹ کیا تھا۔

  • کراچی میں طوفانی بارشوں سے شہر کا بوسیدہ انفرا اسٹرکچر تباہ

    کراچی میں طوفانی بارشوں سے شہر کا بوسیدہ انفرا اسٹرکچر تباہ

    کراچی: شہر قائد میں طوفانی بارشوں سے شہر کا بوسیدہ انفرا اسٹرکچر تباہ و برباد ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا، مرکزی شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، انڈر پاسز میں پانی جمع جب کہ کئی شاہراہوں اور علاقوں سے تاحال پانی کی نکاسی کا کام مکمل نہ کیا جا سکا۔

    بارش ختم ہونے کے 2 دن بعد بھی نشیبی و مضافاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ پوش علاقے اور ان کی سوسائٹیز زیر آب ہیں، دوسری جانب شہر کی کئی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ابلتے گٹروں نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پوش سوسائٹیز، پی ای سی ایچ ایس، گلستان ظفر سوسائٹی، اسکیم 33، نارتھ ناظم آباد، ڈیفنس، اور کلفٹن میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے، ڈی ایچ اے میں خیابان بخاری، سحر، راحت، خیابان شجاعت، شہباز میں انتظامیہ کی جانب سے بارش کا پانی تاحال نہیں نکالا جا سکا، کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب ہونے سے رہائشی گھروں میں محصور ہیں۔

    ڈیفنس، فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے املاک کو نقصان پہنچا، کئی گھروں اور فلیٹوں کے بیسمنٹ میں پانی ہونے سے شہریوں کی گاڑیاں بھی خراب ہو گئیں، متعدد علاقے 48 گھنٹے گزر جانے کے باوجود پانی کھڑا ہونے کے باعث بجلی سے محروم ہیں۔

    دو دن گزرنے کے باوجود نرسری پر پانی کی نکاسی نہ ہونے سے مسجد میں بھرا پانی بھی نہیں نکالا جا سکا، تجارتی مرکز ٹاور اور صدر میں بھی جگہ جگہ گندا پانی جمع ہے، برساتی پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث لیاقت آباد انڈر پاس کے اوپر والی سڑک دھنس گئی ہے، ملیر ہالٹ جانے والی سڑک بھی بیٹھ گئی، گلستان جوہر، گلشن اقبال میں بھی سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں۔

    بڑا بورڈ، نارتھ ناظم آباد، منگھوپیر، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، شیر شاہ، کیماڑی، لانڈھی کورنگی میں پہلے سے خراب سڑکیں مزید بدحال ہو گئیں۔

    ادھر سندھ حکومت کو بھی تین دن بعد ہوش آ گیا ہے، حکومت نے کراچی کے 6 اضلاع سمیت صوبہ بھر کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے، کراچی کے 6، حیدر آباد ڈویژن کے 9 اضلاع، میرپورخاص ڈویژن کے 3 اضلاع جب کہ نواب شاہ ڈویژن کے 2 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے کر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا جلد از جلد تخمینہ لگانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

  • کراچی میں رات بھرطوفانی بارش نے تباہی مچا دی

    کراچی میں رات بھرطوفانی بارش نے تباہی مچا دی

    کراچی: شہر قائد میں رات سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے نتیجے میں شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ رات سے جاری بارش نے تباہی مچا دی، شہر کی اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث سڑکیں، ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔

    بارش کی وجہ سے شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    شہر قائد میں کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے باعث شاہراہ فیصل، ڈیفنس، کلفٹن، گلستان جوہر، ایئرپورٹ، نیپا چورنگی، کورنگی، نارتھ ناظم آباد، بہادرآباد، اسٹیڈیم روڈ، لیاقت آباد اور ایف سی ایریا میں مختلف مقامات پر کئی فٹ تک پانی جمع ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 150.6ملی میٹر اور گلشن حدید میں 149 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وقفے وقفے سے شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تھا اور کچھ علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہوگئی تھی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، آج گرج چمک کے ساتھ ہونے والی تیز بارشوں کے سبب اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔