Tag: طوفانی ہوا

  • ہوا کے بگولے نے رن وے پر کھڑے طیارے کے ساتھ کیا کیا؟ ویڈیو وائرل

    ہوا کے بگولے نے رن وے پر کھڑے طیارے کے ساتھ کیا کیا؟ ویڈیو وائرل

    ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس مسلسل طوفانی بگولوں اور تیز ہواؤں کی زد میں ہے، ایئرپورٹ پر کھڑا ایک طیارہ بھی تیز ہوا کی زد پر آ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل، 28 مئی کو ڈلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر رن ون پر کھڑا ایک طیارہ جب ہوا کے تیز بگولے کی زد پر آیا تو وہ اپنی پوزیشن سے گھوم گیا۔

    یہ منظر سی سی ٹی وی نے قید کر لیا، روئٹرز کی حاصل کردہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، امریکی ایئرلائن کا طیارہ اس واقعے میں متاثر ہوا، ایئرلائن نے بیان میں کہا کہ طیارے کو نقصان پہنچا ہے تاہم واقعے کے وقت وہ خالی تھا، اس لیے کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔

    منگل کے روز ڈلاس-فورٹ ورتھ اور آس پاس کے علاقوں میں 95 میل فی گھنٹہ (153 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئیں، جب کہ اولے اور بارش بھی خوب برسی۔ امریکی ایئر لائنز نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے کئی طیارے ہوائی اڈے پر تیز ہواؤں سے متاثر ہوئے ہیں۔

  • چاغی: طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، لائن مین جاں بحق

    چاغی: طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، لائن مین جاں بحق

    چاغی: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے جہاں تباہی مچائی ہوئی ہے، وہاں دالبندین میں طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے بھی گر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے دالبندین اور یک مچ کے درمیان جمعرات کو طوفانی ہوا چلنے سے بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، بجلی بحالی کے دوران واپڈا اہل کار جاں بحق ہو گیا۔

    دالبندین میں کیسکو کے لائن مین زاہد بجلی بحالی کا کام کرنے کے دوران کھمبے سے گر کر شدید زخمی ہوئے تھے، جنھیں تشویش ناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے ہی میں دم توڑ گئے۔

    کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے صوبے میں 140 بجلی کے کھمبے گر چکے ہیں۔

    کیچ مکران کے علاقے مند میں لگا بجلی کا کھمبا

     

    واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے کھمبے جمعرات کو طوفانی ہوا اور بارشوں کے باعث گرے، گرے ہوئے کھمبے خراب ہو چکے ہیں لگائے نہیں جا سکتے، نئے کھمبے آتے ہی کام شروع کر دیں گے۔

    واضح رہے کہ یک مچ شہر کو گزشتہ 3 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، دوسری جانب بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی کی داستان رقم کر دی ہے اور سب کچھ اجڑ گیا ہے۔

    سیلاب کی وجہ سے متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، جب کہ صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 127 ہوگئی ہے، 10 سے زائد اضلاع میں نظام زندگی معطل ہے، کوئٹہ، جھل مگسی، مستونگ اور چمن میں تباہی کے دردناک مناظر دیکھے جا رہے ہیں، اور درجنوں مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 7 ڈیم ٹوٹ چکے ہیں، توبہ اچکزئی میں موسلا دھار بارشیں جاری ہیں، سیلابی ریلا مال مویشی، کھڑی فصلیں، اور سیب کے باغات بہا کر لے گیا ہے۔