Tag: طوفان

  • کراچی میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، نالوں کی صفائی شروع

    کراچی میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، نالوں کی صفائی شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سمندری طوفان کے سبب طوفانی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرو پولیشن کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی شروع کردی۔

    شہر میں عدالتی احکامات کے باوجود نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا، نیو کراچی، شیر شاہ، کورنگی اور پاک کالونی سمیت بیشتر نالوں پر تجاوزات قائم ہیں۔

    نیو کراچی، سائٹ ایریا اور اورنگی ٹاؤن میں چھوٹے نالے کچرے سے بھرے ہوئے ہیں۔ بارشوں کی صورت میں نالے اوور فلو ہو جانے کے باعث مختلف علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں بپر جوائے تیزی سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے نتیے میں کراچی میں موسلا دھار بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    کراچی میں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

  • بحیرہ عرب کے طوفان کا رُخ کراچی کی طرف ہو گیا، 910 کلو میٹر دور

    بحیرہ عرب کے طوفان کا رُخ کراچی کی طرف ہو گیا، 910 کلو میٹر دور

    کراچی: بحیرہ عرب کے طوفان بیپر جوائے کا رُخ کراچی کی طرف ہو گیا ہے، اور وہ اس وقت شہر سے صرف 910 کلو میٹر دوری پر ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 گھنٹے میں بحیرہ عرب کے طوفان نے شمال، شمال مشرق کی طرف رخ کر لیا ہے، طوفان بیپر جوائے جنوب کراچی سے 910 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، طوفان کے رخ میں مزید تبدیلی آج شام تک ہوگی، اور طوفان کا رخ شمال مغرب کی طرف ہونے کا بھی امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ طوفان جنوب ٹھٹھہ سے 890 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، طوفان کے گرد کا درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، سمندری ہواؤں کے ساتھ ساتھ اونچی لہریں بڑھنے کا امکان ہے اس لیے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ ہے۔

    موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سمندری طوفان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طوفان کی شدت اختیار کرنے پر مکران اور ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم جزوی ابر آلود، گرم اور مرطوب رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    ہوا کی رفتار 12 ناٹیکل میل جب کہ نمی کا تناسب 70 فی صد ہے، شہر میں ہوا جنوب مغرب کی سمت سے چل رہی ہے۔

  • بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان نے رخ تبدیل کرلیا

    بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان نے رخ تبدیل کرلیا

    کراچی: بحیرہ عرب سے بننے والے سمندری طوفان ’ بیپر جوائے‘ نے شدت اختیار کرتے ہوئے اپنا رخ تبدیل کرلیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے بیپر جوائے طوفان نے اپنا رخ شمال اور شمال مشرق کی جانب موڑ لیا، طوفان جنوب کراچی سے 1160 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اس ٹریک میں بھارت سمیت پاکستان کے ساحلی علاقے بھی آتے ہیں، آئندہ دو روز طوفان شمال اور شمال مشرق کے ٹریک پر رہےگا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب کے طوفان کے اردگرد ہوائیں 130 سے 160 فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، طوفان کے شدت اختیار کرنے کے باعث ہوا کی رفتار فی گھنٹہ بڑھتی جا رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات  نے بتایا کہ بحیرہ عرب کے طوفان کا پاکستان کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں تاہم سائیکلون وارننگ سینٹر سمندری طوفان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

  • بحیرہ عرب میں طوفان کا خدشہ، سسٹم کراچی سے 1550 کلو میٹر دور

    بحیرہ عرب میں طوفان کا خدشہ، سسٹم کراچی سے 1550 کلو میٹر دور

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں طوفان کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بن گیا ہے، جس سے بحیرہ عرب میں طوفان کا خدشہ ہے۔

    موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ کراچی سے تقریباً 1550 کلو میٹر دور ہے، اور آج شام تک سسٹم کے ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے، یہ طوفان شمال مغرب کی سمت بڑھے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کا کوئی بھی ساحلی علاقہ کسی خطرے کی زد میں نہیں ہے، اور سائیکلون وارننگ سینٹر سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے۔

  • امریکا میں طوفانی بگولوں سے دو ہفتوں میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہو گئی

    امریکا میں طوفانی بگولوں سے دو ہفتوں میں ہلاکتوں کی تعداد 50 ہو گئی

    واشنگٹن: امریکا میں طوفانی بگولوں سے گزشتہ دو ہفتوں میں مرنے والوں کی تعداد 50 ہو گئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق طوفان نے میزوری، الاباما، ایلی نوائے، مسی سپی، ٹینیسی، ارکنساس کی ریاستوں میں سب سے زیادہ تباہی مچائی، جہاں پانچ کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    گزشتہ روز میزوری کی بولنگر کاؤنٹی میں طوفانی بگولوں سے پانچ افراد ہلاک ہوئے، متعدد مکانات تباہ و برباد ہو گئے، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔

    ریسکیو حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔

    کینیڈا کے شہر مونٹریال میں شدید ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے جھکڑ وں نے درختوں کو جڑوں سے اکھاڑ ڈالا، درخت سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں پر جا گرے۔

  • ویڈیو: ہنگری کی ہائی وے پر اچانک گرد و غبار کے طوفان سے دل دہلا دینے والا حادثہ

    ویڈیو: ہنگری کی ہائی وے پر اچانک گرد و غبار کے طوفان سے دل دہلا دینے والا حادثہ

    بڈاپسٹ: ہنگری کی ایک ہائی وے پر گرد و غبار کے طوفان سے لوگ خوف زدہ ہو گئے، اچانک طوفان نے ایک دل دہلا دینے والے حادثے کو جنم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگری کی ہائی وے کی ایک خوفناک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں 42 گاڑیوں کا ڈھیر نظر آتا ہے، دراصل دارالحکوت بڈاپسٹ کی ہائی وے پر مٹی کا طوفان آنے کے بعد ڈرائیورز کی جان پر بن آئی تھی اور 42 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے ایک شخص ہلاک اور 10 بچوں سمیت 39 افراد زخمی ہو گئے۔

    بڈاپسٹ میں موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ اڑتی ریت، دھول مٹی سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا، ایم وَن موٹر وے پر گَرد کے طوفان کی وجہ سے راستہ اتنا دھندلا گیا تھا کہ حد نگاہ صفر ہو گئی تھی۔

    گرد و غبار کے طوفان نے لوگوں کو خوف زدہ کر دیا تھا، حکام کی جانب سے احتیاط برتنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی۔

    یہ واقعہ 11 مارچ کو پیش آیا، اس خوفناک تصادم میں پانچ لاریاں اور 37 کاریں آپس میں ٹکرائیں، مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 44 سالہ شخص جو ملبے کے درمیان سے مردہ پایا گیا تھا، کو حادثے کے بعد اگلی صبح تلاش کیا جا سکا تھا۔

    39 زخمیوں میں 10 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 19 گاڑیاں اتنی خوف ناک طور سے تباہ ہوئیں کہ قابل مرمت نہیں رہی ہیں، دو افراد کو ایسے زخم آئے ہیں کہ ان کا بچنا بہت مشکل ہے، جب کہ مزید 12 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

  • فلپائن میں آندھی اور طوفان، 98 ہلاک

    فلپائن میں آندھی اور طوفان، 98 ہلاک

    منیلا: فلپائن میں شدید طوفان اور بارشوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 98 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن کے سیلاب زدہ علاقوں سے مزید لاشیں نکال لی گئی ہیں، جس سے ٹراپیکل طوفان ’نلگے‘ سے مرنے والوں کی تعداد کم از کم اٹھانوے ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن کی ڈیزاسٹر ایجنسی نے کہا کہ نصف سے زیادہ ہلاکتیں طوفانی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئی ہیں، ایجنسی نے بتایا کہ تقریباً 63 افراد لاپتا ہیں، جب کہ 69 افراد زخمی ہوئے۔

    طوفان نے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے دیہات کو تباہ کر دیا ہے، بنگسامورو کے شہری دفاع کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دو دن کے بعد لاپتا افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات تقریباً صفر ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق اس طوفان نے پانچ مرتبہ لینڈ فال کیا ہے، اور اس نے بڑے پیمانے پر فصلوں کو تباہ کر دیا ہے، کئی علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہو گئی ہے۔

    فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے پیر کے روز سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، انھوں نے طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پر صدمے کا اظہار کیا۔

  • موسلا دھار بارشوں کے دوران نہانے کا خطرناک نقصان

    موسلا دھار بارشوں کے دوران نہانے کا خطرناک نقصان

    ماہرین کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کے دوران نہانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اور اس سے ممکنہ طور پر بے حد نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    مون سون کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں میں جہاں درختوں کے قریب کھڑے ہونے، باہر جانے اور بارش میں نہانے سے منع کیا جاتا ہے وہیں اب ماہرین نے اس دوران شاور لینے سے بھی منع کردیا ہے۔

    برطانوی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کے دوران شاور لیتے وقت بجلی کے جھٹکے لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    سائنسداں جیمز رالنگز کا کہنا ہے کہ اس دوران اگر بجلی کسی گھر پر گرتی ہے تو ممکنہ طور پر یہ پائپ لائنوں سے بھی گزرتی ہے، اگر اس دوران آپ شاور لے رہے ہوں تو آپ کو بجلی کے جھٹکے لگ سکتے ہیں۔

    اگرچہ اس کے امکانات بہت کم ہیں لیکن محتاط رہنا بہت ضروری ہے کیونکہ آسمانی بجلی منفی اور مثبت چارجز سے بھرپور ہوتی ہے، اس توانائی کو کہیں نہ کہیں منتقل ہونا ہوتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ جب بجلی گرتی ہے تو وہ توانائی کی منتقلی کے لیے کم سے کم مزاحمت والا راستہ اختیار کرتی ہے، یعنی ایسے کنڈکٹرز کا انتخاب کرتی ہے جو باآسانی ایک مقام سے دوسرے مقام پر بجلی کو منتقل کردے۔

    اس دوران جب کوئی شاور لے رہا ہوتا ہے تو اس کے گرد دو کنڈکٹرز پانی اور دھات سے تیار کردہ پائپ لائن میں موجود ہوتے ہیں جو بجلی کی منتقلی کے عمل کو آسان اور فوری بنا دیتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق برقی مادے پانی اور دھاتی پائپ لائن سے گزر کر شاور یا ٹب میں آسکتے ہیں جس سے آپ کو بجلی کے جھٹکے لگ سکتے ہیں۔

  • تاریخ کا بدترین طوفان آنے والا ہے: مستقبل سے آنے والی خاتون کی پیشگوئی

    تاریخ کا بدترین طوفان آنے والا ہے: مستقبل سے آنے والی خاتون کی پیشگوئی

    مستقبل سے آنے کا دعویٰ کرنے والی ایک خاتون نے پیش گوئی کی ہے کہ 14 اگست 2022 کو تاریخ کا سب سے بدترین سمندری طوفان جنوبی کیرولائنہ کے ساحل سے ٹکرائے گا۔

    اے آر وائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک خاتون ٹائم ٹریولر نے دعویٰ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں تاریخ کا سب سے خطرناک سمندری طوفان تباہی مچا دے گا۔

    کم ونڈیل نکوس نامی ایک ٹائم ٹریولر خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سمندری طوفان میں ہزاروں جانیں ضائع ہوں گی اور دنیا کو کھربوں کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔

    خاتون کا دعویٰ ہے کہ ان کا تعلق 68 سال مستقبل سے ہے اور وہ 2090 سے یہاں آئی ہیں تا کہ وہ آنے والے خطرے کے بارے میں آگاہی دے سکیں۔ آنے والے دنوں میں تباہی مچانے والا یہ سمندری طوفان جنوبی کیرولائنا کے ساحل سے ٹکرائے گا۔

    مذکورہ دعویٰ 30 ہزار سے زائد میمبرز پر مشتمل ٹائم ٹریول نامی فیس بک گروپ پر کیا گیا ہے جہاں مستقبل سے ماضی کی جانب سفر کی دعوے دار خاتون کم نکوس نے لکھا کہ تمام لوگ خبردار ہو جائیں، میں ایک ٹائم ٹریولر ہوں اور سال 2090 سے تعلق رکھتی ہوں۔

    انہوں نے لکھا کہ 14 اگست 2022 کو تاریخ کا سب سے بدترین سمندری طوفان جنوبی کیرولائنہ کے ساحل سے ٹکرائے گا جو اپنی نوعیت کا پہلا طوفان ہوگا، جبکہ 6 دیگر طوفان بھی آئیں گے لیکن یہ پہلا طوفان 250 میل فی گھنٹہ رفتار کی ہواؤں کے ساتھ ہزاروں جانوں کے نقصان کے ساتھ دنیا کو کھربوں کا نقصان پہنچائے گا۔

    کم نکوس کے اس عجیب و غریب دعوے پر مبنی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے گروپ ارکان میں سے ایک نے لکھا کہ آخر کار کوئی تو سامنے آیا جس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ٹائم ٹریولر ہے اور وہ ایک پیش گوئی بھی کر رہا ہے۔

    گروپ میمبرز کی اکثریت تو اس پوسٹ پر شکوک و شبہات رکھتی ہے لیکن موسمیاتی رپورٹس بھی ایسی کسی صورتحال کی پیش گوئی نہیں کر رہی ہیں، ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ 14 اگست کو جنوبی کیرولائنہ میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگا اور سورج اپنی آب و تاب سے موجود ہوگا۔

  • طوفان: بنگلا دیش میں ہلاکتیں 41 ہو گئیں

    طوفان: بنگلا دیش میں ہلاکتیں 41 ہو گئیں

    سلہٹ: بنگلا دیش میں تباہ کن طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 41 ہو گئی ہے، جب کہ 40 لاکھ سے زیادہ افراد مختلف علاقوں میں پھنس چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ہونے والی مسلسل بارشوں سے بنگلا دیش کے شمال مشرق کے وسیع علاقے زیر آب آ گئے ہیں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے فوج کو طلب کر لیا۔

    ایک ہفتے سے جاری طوفانی بارشوں سے ہر طرف تباہی مچ گئی ہے، مختلف حادثات میں اکتالیس افراد جان سے گئے، جب کہ متعدد لا پتا ہیں، غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب تک بارشوں سے چالیس لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    سلہٹ ریجن کے تمام علاقے بجلی اور انٹرنیٹ تک رسائی سے محروم ہو چکے ہیں، سیلاب والے علاقوں میں مکانات ڈوب گئے ہیں، سڑکیں تالاب بن گئی ہیں، اور بیش تر علاقے زیر آب آ چکے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ شمال مشرق کا زیادہ تر حصہ زیر آب ہے، ہفتے کے آخر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے ساتھ صورت حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کے نشیبی علاقوں میں لاکھوں لوگوں کے لیے سیلاب ایک باقاعدہ خطرہ ہے، جب کہ موسمیاتی تبدیلی نے ان خطرات میں غیر متوقع طور پر بہت زیادہ اضافہ کر دیا ہے۔