Tag: طوفان

  • فلپائن میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 148 ہلاکتیں

    فلپائن میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 148 ہلاکتیں

    منیلا: فلپائن کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی ہلاکتیں 148 ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن میں میگی طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک 148 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، کئی زحمی ہیں جب کہ متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

    کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا، وسطی صوبے لیتی میں زرعی زمینیں مکمل تباہ ہوگئیں، ریسکیو اہل کاروں کے مطابق خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات آ رہی ہیں۔

    اتوار کے روز لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا، فلپائن کے مشرقی اور جنوبی ساحلوں پر 65 کلومیٹر (40 میل) فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے تباہی مچائی۔

    فلپائن کے قومی ادارے نے کہا کہ طوفان سے 9 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں، جب کہ 2 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، اور 35 ہزار سے زیادہ لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے پہلے ہی نکال لیا گیا تھا۔

    فلپائن کے محکمہ زراعت کے مطابق میگی طوفان، جسے فلپائن میں اگاٹون کے نام سے جانا جاتا ہے، کی وجہ سے ہونے والے زرعی نقصان کا تخمینہ بدھ تک 8 ملین ڈالر (423.8 ملین فلپائنی پیسو) سے زیادہ لگایا گیا ہے۔

  • براہ راست نشریات کے دوران ماہر موسمیات کا گھر پر فون

    براہ راست نشریات کے دوران ماہر موسمیات کا گھر پر فون

    ٹی وی پر براہ راست نشریات کے دوران بہت سے دلچسپ واقعات پیش آتے ہیں جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوجاتی ہیں، حال ہی میں ایسی ہی ایک وائرل ویڈیو میں ایک ماہر موسمیات کو براہ راست نشریات کے دوران گھر فون کر کے اہل خانہ کو طوفان سے خبردار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    امریکی ماہر موسمیات نے براہ راست پروگرام کے دوران اہل خانہ کو طوفان کی اطلاع دینے کے لیے کال کر ڈالی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ ڈوگ کیمرر جن کا تعلق واشنگٹن سے ہے، انہوں نے اپنے شو کی لائیو نشریات کو روک کر اہل خانہ کو کال کرکے آنے والے طوفان کے بارے میں خبردار کیا۔

    اس حوالے سے ڈوگ کیمرر نے ٹویٹر پر لکھا کہ جب وہ طوفان کی وارننگ کے بارے میں خبر دے رہے تھے تو انہوں نے دیکھا کہ یہ طوفان ان کے گھر کے بہت قریب جا رہا تھا اور وہ جانتے تھے کہ ان کی اہلیہ اس وقت گھر پر نہیں ہیں اور انہیں اپنے بچوں کو طوفان کے بارے میں خبردار کرنا ہے۔

    انہوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ان کے بچے خیریت سے ہیں۔

    ماہر موسمیات کا کہنا تھا کہ یہ ان کی لیے بہت ہی خوفناک لمحہ تھا اور وہ اندر ہی اندر بے حد گھبرائے ہوئے تھے۔

    ڈوگ کیمرر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہوئی اور ان کے اس عمل کو بہت سراہا گیا۔

  • بدھ کو سعودی عرب میں‌ کیا ہونے جا رہا ہے؟

    بدھ کو سعودی عرب میں‌ کیا ہونے جا رہا ہے؟

    ریاض: سعودی عرب میں بدھ کو گرد و غبار کا بڑا طوفان متوقع ہے، جس سے وسیع رقبہ متاثر ہوگا۔

    سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کو سعودی عرب میں گرد وغبار کا طوفان آئے گا، جس سے ملک کا وسیع رقبہ متاثر ہو سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق موسمی نقشوں کے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ گرد و غبار کا طوفان شدید ہوگا، سعودی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں بارش کی شرح کم ہونے پر طوفان خشک ہوگا اور اپنے ساتھ ریت کی بڑی مقدار اٹھا کر آئے گا۔

    سعودی محکمہ موسمیات نے ملک کے بعض علاقوں میں گزشتہ روز اتوار کو بھی گرد و غبار کی پیش گوئی کی تھی، ریاض، مشرقی ریجن، عسیر، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعض علاقوں میں دھول اڑی۔

    موسمیات کا کہنا تھا کہ تبوک ریجن کی متعدد کمشنریوں میں گرد و غبار کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی متاثر رہی۔

  • سعودی عرب کے شہر میں یہ کیا ہوگیا؟

    سعودی عرب کے شہر میں یہ کیا ہوگیا؟

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں گرد و غبار کے شدید طوفان کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا، حکام نے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض جمعے کو گرد و غبار کے شدید طوفان کی زد میں رہا، گرد و غبار کے طوفان سے دن میں رات کا گمان ہو رہا تھا۔

    سعودی موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جمعے کو ریاض سمیت مملکت کے مختلف علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلتی رہیں، ہوا کی رفتار 50 کلو میٹر فی گھنٹے سے زیادہ ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے حد نظر محدود ہوگئی۔

    قومی مرکز کا کہنا ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر کی پابندی اشد ضروری ہے، محکمہ ٹریفک نے ڈرائیوروں کو ہیڈ لائٹس آن رکھنے اور احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔

    موسمیات کے قومی مرکز میں وسطی علاقے کے ڈائریکٹر عائض البلوی کا کہنا تھا کہ ہفتے کے روز دن میں گرد و غبار کے طوفان کی شدت میں بتدریج کمی آئے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ الشرقیہ اور ریاض میں ہوا کی رفتار ہر 20 منٹ میں 45 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ہفتے کے روز سے درجہ حرارت میں کمی آنے لگے گی اور موسم بہار کے آخر تک درجہ حرارت بڑھنے لگے گا۔

    دوسری جانب محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ شہری اور مقیم غیر ملکی ویک اینڈ پر پکنک مقامات پر جانے سے گریز کریں، آئندہ چند دنوں تک خراب موسم کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • برطانیہ میں خطرناک طوفان، ریڈ وارننگ جاری

    برطانیہ میں خطرناک طوفان، ریڈ وارننگ جاری

    لندن: برطانیہ میں طوفان یونیس کے باعث وارننگ جاری کردی گئی ہے، اس دوران 100 میل فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ حکام نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق لندن میں طوفان یونیس کے باعث ریڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    برطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے ساؤتھ ویسٹ انگلینڈ اور ساؤتھ ویلز میں جمعہ کے روز خطرناک موسم کے سبب ریڈ وارننگ جاری کردی گئی ہے، شدید خراب موسم کی صورت حال پر غور کے لیے حکومت نے کوبرا میٹنگ بھی طلب کرلی ہے۔

    برطانوی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے سبب اڑ کر گرنے والی اشیا انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ پہلے ہی طوفان ڈڈلی کے سبب ملک کے مختلف حصوں میں مسافروں کو شدید مشکلات ہیں اور ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہیں، طوفان کے باعث کمبریا، نارتھ یارکشائر اور لنکا شائر میں 14 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوئے۔

    اسکاٹ لینڈ میں بدھ کی شام سے متاثر ٹرین سروس کی بحالی کے لیے ٹریکس کی صفائی کا عمل جاری ہے۔

    اب جمعہ کو ویلز اور انگلینڈ کو ایک اور طوفان یونیس کا سامنا ہوگا، مغربی ویلز اور ساؤتھ ویسٹ انگلینڈ میں ایک سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ کو پورے انگلینڈ کے لیے ایمبر وارننگ کا اجرا کردیا ہے جس کا مطلب ہے کہ طوفان زندگی کے لیے خطرہ ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں شدید طوفان کے سبب لوگوں کو گھروں میں رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ برطانوی فوج امدادی کاموں کے لیے تیار ہے۔

  • جاپان میں طوفان آنے کی توقع

    جاپان میں طوفان آنے کی توقع

    ٹوکیو: جاپان میں ہوا کے کم دباؤ کے نظاموں کی وجہ سے طوفان آنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

    موسمیاتی پیشگوئی کے مطابق بحیرۂ جاپان میں اور جاپان کے جنوبی ساحل کے نزدیک بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے دو نظاموں کا تیزی سے شدت اختیار کرتے ہوئے مشرق کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔

    منگل اور بدھ کو شمالی جاپان کے وسیع علاقوں میں شدید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے علاقے کے لوگوں کو پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    جنوبی ساحل کے نزدیک بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے دو نظاموں سے متعلق توقع ہے کہ بدھ کے روز ہوکائیدو کے نزدیک پہنچیں گے، جس کی وجہ سے ہوکائیدو اور بحیرۂ جاپان کے ساحل پر توہوکُو سے ہوکُوریکُو تک کے علاقوں میں منگل کی رات سے ہواؤں کی رفتار اور برف باری میں شدت آ جائے گی۔

    ان علاقوں میں بدھ سے طوفانی ہوائیں چلیں گی اور برف باری ہوگی، شدید سردی کا باعث بننے والی موسمیاتی صورت حال جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں بعض علاقوں میں شدید برف باری ہوگی۔

    موسمیات کے مطابق جاپان بھر میں موسم مزید خراب ہونے کی توقع ہے، آسمانی بجلی گرنے اور ہوا کے تیز جھکڑ کچھ علاقوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔

  • 2021 کے دنیا کے سب سے طاقت ور طوفان نے فلپائن کو گھیر لیا (دل دہلادینے والی ویڈیو)

    2021 کے دنیا کے سب سے طاقت ور طوفان نے فلپائن کو گھیر لیا (دل دہلادینے والی ویڈیو)

    منیلا: فلپائن کو 2021 کے دنیا کے سب سے طاقت ور طوفان نے گھیر لیا ہے، یہ سال کا پندرہ واں طوفان ہے جس کے باعث ایک لاکھ فلپائنی بے گھر ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن سال کے بدترین طوفان کی زد میں ہے، سپر طوفان رائی فلپائن کے ساحل سے ٹکرا گیا، ماہرین نے اسے کیٹیگری فور کا سمندری طوفان قرار دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک میں بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق فلپائن میں 195 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ ساحلی علاقوں سے تقريباً ایک لاکھ افراد محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر گئے ہیں۔

    شدید طوفان کے باعث ملک کے بيش تر حصوں ميں پروازيں منسوخ کی جا چکی ہیں، فلپائن کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ انتہائی تباہ کن سمندری طوفان کے باعث ملک کے کچھ حصوں میں تيز رفتار جھکڑوں کی وجہ سے شديد جانی و مالی نقصانات ہو سکتے ہيں، پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز نے فلپائن میں آنے والے اس طوفان کو 2021 کے دنیا کے سب سے طاقتور طوفانوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے لاکھوں لوگوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

  • تیز رفتار ہواؤں کے باعث خوفناک حادثہ، خاتون بال بال بچ گئیں

    تیز رفتار ہواؤں کے باعث خوفناک حادثہ، خاتون بال بال بچ گئیں

    لندن: برطانیہ میں آرون طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے جس کی وجہ سے متعدد حادثات ہوچکے ہیں، ایسا ہی ایک حادثہ سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا جس میں ایک خاتون بال بال بچ گئیں۔

    برطانیہ کے مختلف حصوں میں آرون طوفان کے باعث 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہیں۔ طوفان کے باعث 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے کئی حادثات ہوچکے ہیں۔

    ایسے ہی ایک حادثے میں 55 سالہ پب مینیجر بال بال بچیں۔

    شیرل نامی یہ خاتون سگریٹ کے لیے پب سے باہر نکلیں اور باہر رکھی میزوں کے ساتھ کھڑی ہوگئیں، عین اس لمحے جب وہ وہاں سے واپس جانے کے لیے نکل رہی تھیں، ان سے صرف چند انچ کے فاصلے پر ایک بھاری بھرکم درخت گر پڑا۔

    شیرل خوفزدہ ہو کر وہیں رک جاتی ہیں، درخت گرنے سے پورا راستہ بند ہوجاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بعد میں بڑی مشکل سے درخت کی شاخوں سے بچ بچا کر واپس پب میں پہنچیں۔

    پولیس نے طوفان اور برفباری کے باعث عوام سے غیر ضروری سفر نہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔

  • خلیج بنگال میں بننے والے گلاب نامی طوفان سے کراچی پر کیا اثر پڑے گا؟

    خلیج بنگال میں بننے والے گلاب نامی طوفان سے کراچی پر کیا اثر پڑے گا؟

    کراچی: خلیجِ بنگال میں بننے والے طوفان ’گلاب‘ سے کراچی میں بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث آج شام تک سائیکلون ڈیپ ڈپریشن کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

    محکمۂ موسمیات نے خلیجِ بنگال میں بننے والے ٹراپیکل سائیکلون کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو اس طوفان سے خطرہ نہیں ہے۔

    محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ وسطی خلیجِ بنگال میں ہوا کا شدید کم دباؤ ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو رہا ہے، یہ ڈیپ ڈپریشن کراچی سے 2 ہزار 425 کلو میٹر فاصلے پر ہے، اس لیے سمندری طوفان سے کراچی کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔

    ترجمان کے مطابق آج شام تک سائیکلونک طوفان بن سکتا ہے، سائیکلون کا رخ مغرب میں بھارت کی جانب ہے، کراچی میں آج بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی ہے۔

    موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی سمیت جنوبی پاکستان میں بارشوں کا امکان ہے، اس سائیکلون کا نام گلاب رکھا گیا ہے، اور یہ نام پاکستان کا تجویز کردہ ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ عام طور پر ستمبر میں بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال میں سائیکلون نہیں بنتے، اور سائیکلون اکتوبر اور نومبر میں بنتے ہیں۔

  • سیلاب سے چند لمحے قبل زندہ بچ نکلنے والا خوش قسمت شخص

    سیلاب سے چند لمحے قبل زندہ بچ نکلنے والا خوش قسمت شخص

    امریکا میں سمندری طوفان آئیڈا نے شمالی ریاستوں میں ہولناک تباہی مچائی ہے، سیلاب سے اب تک 22 ہلاکتیں ہوچکی ہیں تاہم ایک خوش قسمت خاندان ایسا بھی ہے جو سیلاب میں پھنسنے کے باوجود زندہ بچ نکلا۔

    ریاست نیو جرسی کے رہائشی اس خاندان کو سیلاب کے دوران بدترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، والد اور بیٹا کسی طرح جان بچا کر باہر نکل گئے اور جبکہ والدہ اور دیگر 2 بیٹے گھر کے اندر پھنس گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایک نوجوان کو والد اور بھائی نے کھڑکی توڑ کر باہر نکالا جبکہ والدہ بھی خاصی دیر تک گھر کے اندر پھنسی رہیں۔

    حال ہی میں سامنے آنے والی سیکیورٹی کیمرے کی ایک اور فوٹیج میں مزید دل دہلا دینے والے مناظر سامنے آئے ہیں، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا کہ تہہ خانے میں پانی بھر چکا ہے اور وہاں ایک شخص موجود ہے۔

    وہ شخص سیڑھیوں کی طرف بڑھتا ہے اور اسی وقت پانی کا زور دار ریلا تہہ خانے کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہوتا ہے اور تہہ خانے میں موجود تمام سامان بہہ جاتا ہے۔

    2 پلرز پر کھڑا تہہ خانہ بعد ازاں منہدم ہوجاتا ہے تاہم وہاں موجود شخص صرف چند لمحے قبل وہاں سے نکلنے میں کامیاب رہتا ہے۔

    سمندری طوفان آئیڈا کی وجہ سے شمالی ریاستوں میں ریکارڈ توڑ بارشیں ہوئی ہیں جن میں ہزار سے زائد گھر تباہ ہوئے ہیں اور اب تک 50 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔

    سیلاب کی وجہ سے اب تک 22 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ متعدد افراد لاپتہ بھی ہیں۔