Tag: طوفان

  • چین: سمندری طوفان کا خطرہ، ریڈ الرٹ جاری

    چین: سمندری طوفان کا خطرہ، ریڈ الرٹ جاری

    بیجنگ: چین کے صوبے زہجیانگ میں‌ ممکنہ سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق زہجیانگ کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے.

    چین کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ٹائی فون طوفان کے باعث ساحلی پٹی پر تیز ہواؤں ساتھ بارشیں متوقع ہیں.

    اس طوفان کے لپیٹ میں زہجیانگ کے ساتھ شنگھائی سمیت آس پاس کے دیگر صوبوں میں آسکتے ہیں.

    محکمہ موسمیات، چین کے مطابق اس دوران جھکڑ چلیں گے اور تیز بارشیں ہوں گی اور جھکڑ چلیں گے۔

    اس نئے سسٹم کی وجہ سے تائیوان میں بھی شدید بارشوں کے خطرات ہیں، جن کی وجہ سے احتیاطی اقدامات جاری ہیں۔

    ماہرین کے مطابق یہ سمندری طوفان ہفتے کی صبح زہجیانگ کے ساحلی علاقے سے ٹکرا سکتا ہے. اس ضمن میں ماہی گیروں کو خبر دار کرتے ہوئے چھوٹی بڑی کشتیوں کو واپس بلوا لیا ہے.

    زہجیانگ میں طوفان کے پیش نظر حفاظتی اقدامات جاری ہیں، ساتھ ہی عوام کو بارشوں میں احتیاط کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے.

  • فرانس میں سمندری طوفان نے تباہی مچادی، 3 ریسکیو اہلکار ہلاک

    فرانس میں سمندری طوفان نے تباہی مچادی، 3 ریسکیو اہلکار ہلاک

    پیرس: فرانس میں سمندری طوفان نے تباہی مچادی، سمندر میں طغیانی کے نتیجے میں تین ریسکیو اہلکار ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے مغربی حصے میں سمندر میں کشتی طغیانی کے باعث ڈوب گئ، تین ریسکیو کے اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ دوسری کشتی میں سوار سات لوگوں کو بچالیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق موسم سے متعلق فرانس کے دس شعبوں نے طوفان کا الرٹ جاری کررکھا تھا، فرانس کے مشرقی حصوں میں ہواؤں کی رفتار تقریباً 147 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ملکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ طوفان غیر معمولی ہے، جبکہ موسم گرما کے آغاز میں ہی سیاحوں کی بڑی تعداد فرانس کا رخ کرتی ہے، البتہ اس طوفانی سے شعبہ سیاحت کو مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    اس سے قبل جمعرات کو شمالی مغربی حصے میں تیز ہوائیں چلی تھیں جس کے باعث متعدد عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا، شہر کے میئر کا کہنا ہے کہ تین ریسکیو عملے کی موت پر افسوس ہے۔

    فرانس: سیلاب نے تباہی مچادی، 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    حکام نے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کررکھی ہے، جبکہ ریسکیو اہلکاروں اور متعلقہ شعبوں کو ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جون میں فرانس میں سیلاب نے 13 لوگوں کو نگل لیا تھا، جبکہ کئی افرد سیلابی ریلے میں بہہ کر لاپتہ بھی ہوگئے تھے بعد ازاں انہیں ریسکیو کرلیا گیا تھا جبکہ کئی مردہ حالت میں پائے گئے۔

  • سمندری طوفان فانی بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا

    سمندری طوفان فانی بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا

    نئی دہلی : سمندری طوفان فانی بھارت کے مشرقی علاقوں سے ٹکراگیا، طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں سمندری خطرانک طوفان فانی بھارت کے مشرقی علاقوں سے ٹکرا گیا، لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، مشرقی ریاست اڑیسا سے تقریباً دس لاکھ افراد کو نکال لیا گیا ہے۔

    بھارتی محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز پیش گوئی کی تھی کہ 3 اپریل بروز جمعے کو فانی نامی انتہائی خطرناک سمندری طوفان ریاست اڑیسا سے ٹکرائے گا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ طوفان کے ساتھ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل ریی ہیں جن میں اضافہ متوقع ہے۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ  ریاستی ریلیف ڈیپارٹمنٹ کےمطابق اڑیسا کے 13اضلاع سے دس لاکھ افراد کا انخلا مکمل ہوگیا ہے۔

    بھارتی حکام نے خطرے کے پیش نظر اڑیسا، آندھرا پردیش اور مغربی بنگال میں اسکول، کالج و یونیورسٹیز بند کردی گئی ہیں جبکہ ٹرینیں بھی منسوخ کردی گئیں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ بھارتی حکام نے اڑیسا کا بھونیشور ایئرپورٹ اور مغربی بنگال میں کولکتہ ایئر پورٹ بند کردیا گیا ہے۔

    ریاستی حکام نے بندرگاہیں‌ بھی بند کر دی گئیں، ماہی گیروں کو سمندر سے نکال لیا گیا جبکہ نشیبی علاقوں کو خالی کر لیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: دبئی آئندہ دو روز گرد کے طوفان کی لپیٹ میں رہے گا

    بھارتی محکمہ موسمیات کی جانب سے اڑیسا کے ساتھ ساتھ تامل ناڈو اور اتر پردیش میں بھی خطرے کی گھنٹی بجائی ہے۔

    خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت کے مشرقی ساحلی علاقے سے لاکھوں افراد کو  سمندری طوفان سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    فانی کا سبب بحر ہند میں ہوا کا کم دباؤ  ہے، جس کے باعث سمندری طوفان کے ساتھ تیز بارشوں کا اندیشہ ہے۔

  • جڑواں شہروں میں تیز آندھی، بارش سے درخت اکھڑ گئے، ایک شخص جاں بحق، پروازیں منسوخ

    جڑواں شہروں میں تیز آندھی، بارش سے درخت اکھڑ گئے، ایک شخص جاں بحق، پروازیں منسوخ

    اسلام آباد: جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں آندھی، طوفان اور تیز بارش سے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، اسلام آباد میں درخت اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے جس سے سڑکیں بلاک ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز آندھی اور طوفانی بارش کے نتیجے میں نظام زندگی شدید متاثر ہو گیا ہے، بجلی کا نظام معطل ہو گیا، پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

    اسلام آباد میں آندھی کی وجہ سے آئی جی کی ہدایت پر پولیس کی امدادی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، ٹیمیں مختلف مقامات پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں، راولپنڈی میں آندھی اور بارش کے پیش نظر پولیس، واسا اور ریسکیو 1122 کو الرٹ کر دیا گیا۔

    آندھی، طوفان اور تیز بارش سے اسلام آباد میں درخت سڑکوں پر گر گئے جس کی وجہ سے آبپارہ، آئی 8، جی 8 اور سرینا کے قریب سڑکیں بلاک ہو گئیں، راول جھیل کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے ضلع بھر میں پولیس کی امدادی ٹیمیں متحرک کر دیں، اسلام آباد پولیس ضلع بھر میں مختلف جگہوں پر امدادی کاموں میں مصروف ہے۔

    دوسری طرف خراب موسم کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول مثاثر ہو گیا ہے، پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنز کی 8 پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔

    تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں میں پی آئی اے کی اسلام آباد سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 653، پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 309، اور ابوظبی سے اسلام آباد آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 231 شامل ہیں۔

    جب کہ منسوخ ہونے والی پروزاوں میں نجی ایئر لائن کی اسلام آباد تا کراچی دو طرفہ پروازیں پی اے 204 اور 205، نجی ایئر لائن کی اسلام آباد تا جدہ کی دو طرفہ پروازیں ایس وی 887 اور 886، اور دبئی سے اسلام آباد آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 211 شامل ہیں۔

    ادھر ترجمان آئیسکو نے کہا ہے کہ آئیسکو کے پانچوں سرکلز میں شدید بارش اور طوفان کے باعث بجلی فراہم کرنے والے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں، درخت، سائن بورڈز گرنے سے بجلی کی تاریں ٹوٹنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

    آئیسکو کا کہنا ہے کہ ان کا عملہ الرٹ ہے، بارش رکنے پر بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

    یہاں مانسہرہ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بھی آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، آندھی سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، درخت اور سائن بورڈز گر گئے، گندم کی فصل بھی تباہ ہو گئی، جب کہ گھروں کی چھتیں اڑنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ طوفانی بارش کے باعث شہر سمیت مختلف مقامات پر بجلی معطل ہو گئی ہے۔

  • امریکا میں‌ طوفان نے تباہی مچادی، 5 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر

    امریکا میں‌ طوفان نے تباہی مچادی، 5 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر

    واشنگٹن : امریکا کی مختلف ریاستوں میں ہوا کے بگولے نے تباہی مچادی، جس کے باعث اب تک 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہزاروں بے گھر ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست جارجیا اور اور فلوریڈا میں ہوا کے بگولے نے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مکانات اور کاروباری مراکز کی بجلی معطل ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہوا کے بگولے کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد تاحال نامعلوم ہے، امریکی حکام نے متاثرہ علاقے کو سیل کردیا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ٹیکساس اور مغربی لوزیانا مسلسل دوسرے ہفتے بھی آندھی، بگولوں اور انڈے کے برابر پڑنے والے اولوں سے متاثر ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں آندھی اور طوفانی بارشوں کا سلسلہ مشرقی ساحلی ریاستوں تک پہنچ گیا، مختلف حادثات کے باعث مسی سپی اور الباما میں تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ جارجیا اور فلوریڈا میں طوفان نے دو افراد کی جان لے لی۔

    مزید پڑھیں: امریکا: سمندری طوفان ’مائیکل‘ کو بموں کی ’ماں‘ قرار

    واضح رہے کہ مائیکل نامی ہولناک سمندری طوفان گزشتہ برس 2 اکتوبر کے روز ریاست کی شمال مغربی پٹی سے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ٹکرایا تھا۔

    خطرناک سمندری طوفان مائیکل کے ساحلی علاقے سے ٹکرانے کے بعد متاثرہ علاقے کا نقشہ بدل گیا ہے، مائیکل نامی طوفان کے بارے میں کہا گیا تھا کہ ’یہ تمام بم دھماکوں کی ماں ہے‘ جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ 2017 بھی امریکا کے لیے قدرتی آفات کے حوالے سے بدترین ثابت ہوا تھا، یکے بعد دیگرے 4 طوفانوں نے امریکی ریاستوں کو تباہی سے دو چار کیا جبکہ درجنوں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں

  • امریکا میں مٹی کا طوفان، نظام زندگی درہم برہم

    امریکا میں مٹی کا طوفان، نظام زندگی درہم برہم

    واشنگٹن: امریکی ریاست نیواڈا میں اچانک مٹی کے طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا، شہری خوف میں مبتلا ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیواڈا میں دھول مٹی کے طوفان نے نظام زندگی مفلوج کردیا، جبکہ ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست نیواڈا میں مٹی کا طوفان چانک امڈ آیا جس نے ہر شخص کو خوفزدہ کردیا۔

    امریکی حکام نے بتایا کہ ریاست نیواڈا کی کاونٹی کلارک میں موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور تیز ہواوں کے ساتھ اڑتی ریت، دھول مٹی سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

    ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی جبکہ ہوا میں اڑتی ریت اور مٹی کے باعث کئی افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    رپورٹ کے مطابق موسم کی خراب صورتحال کے باعث انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو گھر سے باہر نکلتے ہوئے احتیاط کی تاکید کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ امریکا کی وسطی ریاستوں میں طوفان کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی آ گئی تھی، سیلاب کے باعث دو افراد ہلاک بھی ہوئے تھے۔

    امریکا: طوفان کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، کئی علاقے سیلاب کی زد میں آگئے، دو افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ سال مئی میں امریکا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی تھی، جبکہ دوسری جانب برطانیہ میں بھی شدید بارشوں کے باعث سڑکیں تالاب بنی اور ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔

  • برف کی چادر اوڑھے کوئٹہ کا حسن.. تصاویر دیکھیں

    برف کی چادر اوڑھے کوئٹہ کا حسن.. تصاویر دیکھیں

    بلوچستان ان دنوں تیز بارشوں اور برف باری کی تباہ کاریوں کی زد میں ہے لیکن دو سال بعد ہونے والی برف باری کے سبب کوئٹہ کے شہری بے پناہ خوش ہیں۔

    بلوچستان میں اب کی بار موسم سرما طوالت اختیار کرچکا ہے اور اب کی بار ہونے والی برف باری نے کئی دہائیوں کے ریکارڈ توڑے ہیں۔ خود کوئٹہ شہر میں دوسال بعد برف باری ہوئی ہے۔

    کوئٹہ شہر میں آخری بار جنوری 2017 میں برف باری ہوئی تھی اور اس کے بعد آنے والے سالوں میں بارش بھی انتہائی کم ہوئی تھی جس سے شہری بے پناہ تشویش میں مبتلا تھے۔

    برف باری نہ ہونے اور کم بارشوں کے سبب شہر کے زیر زمین پانی کی سطح نیچے جارہی تھی جبکہ کوئٹہ کی عالمی شہرت یافتہ ہنہ جھیل بھی تباہی کے کنارے پر پہنچ چکی تھی تاہم اس سال ہونے والی بارشوں نے اس جھیل کو لبالب بھر دیا ہے ، جس سے کوئٹہ میں ایک بار پھرسیاحت زور پکڑے گی۔

    کراچی کو پانی سپلائی کرنے والا حب ڈیم بھی بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کا منتظر رہتا ہے اور اب کی بار صورتحال یہ ہے کہ ڈیم بھرنے والا ہے جبکہ میرانی ڈیم بھی پانی سے بھرچکا ہے اور بھی صوبے کے چھوٹے بڑے ذخیروں میں پانی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔

    نہ صرف یہ بلکہ پہاڑوں پر پڑنے والے برف کے سبب امید ہے کہ اب کی بار موسمِ گرما میں بھی پانی بھرپور مقدار میں میسر ہوگا جس سے تباہی کے دہانے پر پہنچی بلوچستان کی زراعت ایک بار پھر زور پکڑے گی اور بلوچستان میں بھی کھیت لہرائیں گے۔

    کوئٹہ میں ہونے والی برف باری کے سبب ارد گرد کے علاقوں سے جوق دردجوق مقامی سیاح شہر کا رخ کررہے ہیں ۔ جس سے شہر میں سیاحت کا کاروبار زور و شور سےچل رہا ہے۔

     برف باری کے سبب گاڑیاں پھنسنے اور راستوں کی بندش کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں تاہم پاک فوج کے جوان ایسی صورتحال میں متاثرین کی مدد کرنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔


    تصاویر بشکریہ : صادقہ خان ( کوئٹہ)۔

  • برطانیہ: ’علی‘ نامی سمندری طوفان کی زد میں آکر ایک خاتون ہلاک

    برطانیہ: ’علی‘ نامی سمندری طوفان کی زد میں آکر ایک خاتون ہلاک

    ایڈنبرگ : جمہوریہ آئرلینڈ میں ’علی‘ نامی طوفان کی زد میں آکر ایک خاتون ہلاک ہوگئی، جبکہ 2 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق طوفان کی زد میں آکر ہلاک ہونے والی خاتون اپنے کچھ دوستوں کے ہمراہ سیاحت کی غرض سے آئی تھی، جو ساحل پر اپنی گاڑی میں آرام کر رہی تھی اور طوفان کی لپیٹ میں آگئی۔

    محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز 80 میل فی گھنٹہ رفتار سے چلنے والے طوفان کی پیشگوئی کرتے ہوئے وارننگ جاری کی تھی۔ 

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث فضائی آمد و رفت معطل ہوگئی ہے اور شدید طوفان کی وجہ سے اڑتی ہوئی چیزوں سے لوگوں کے زخمی ہونے یا جان جانے کا بھی خطرہ ہے۔

    برطانوی محکمہ موسمیات نے شمالی انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئر لینڈ کے لیے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارتوں کو نقصان پہنچنے اور درخت وغیرہ گرنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

    طوفان کی آمد کے ساتھ ہی شمالی آئر لینڈ میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے جبکہ دیگر جہگوں پر بجلی کی فراہمی معطل ہونے کا خطرہ ہے جس کے بعد دیگر سروسز جیسے موبائل فون سروس وغیرہ بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

    آئر لیند کے صدر مائیکل ڈی ہیگن نے طوفان کی زد میں آکر ہلاک ہونے خاتون کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خاتون سے اظہار ہمدردی کیا۔

    خیال رہے کہ اس وقت مختلف براعظموں میں مختلف ممالک طوفانوں کی زد میں ہیں۔

    گزشتہ روز مینگ کھٹ نامی خطرناک سمندری طوفان نے ہانگ کانگ سمیت جنوبی چین میں تباہی مچادی، طوفان کے باعث دو افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

  • صومالیہ میں طوفان نےتباہی مچادی‘ 50 سے زائد افراد ہلاک

    صومالیہ میں طوفان نےتباہی مچادی‘ 50 سے زائد افراد ہلاک

    موغادیشو: شمالی ہند میں اٹھنے والےطوفان نےافریقی ملک صومالیہ میں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی افریقہ کے ملک صومالیہ میں طوفان بادوباراں کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔

    دوسری جانب موغادیشو کے میئرعبدی رحمان عمرعثمان کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت میں ساگر نامی سائیکلون سے کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ شدید بارشوں کے باعث 300 سے زائد مکان تباہ ہوگئے۔

    صومالیہ کے دیگر علاقوں عودل، ساحل اور سلال میں کم ازکم 35 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد مختلف حادثات میں زخمی ہوئے ہیں۔

    صومالی صدر کی جانب سے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ طوفان سے 7 لاکھ 70 ہزار کے قریب لوگ متاثرہوئے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پرفصلیں تباہ اور 80 فیصد مویشی ہلاک ہوگئے۔

    صومالیہ کی حکومت اور اقوام متحدہ کی جانب سے حالیہ طوفان اور سیلاب سے متاثرہ جنوبی وسطی علاقوں کے لیے 8 کروڑ ڈالر کی فوری مدد کی درخواست کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی صومالیہ میں تباہ کن خشک سالی کے قہرسے 6 لاکھ لوگ متاثر ہوئے تھے اور اس کے چند ماہ بعد لوگوں کو شدید بارش اور سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شمالی یورپ میں شدید طوفان‘ مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک

    شمالی یورپ میں شدید طوفان‘ مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک

    برلن : شمالی یورپ میں آنے والے شدید طوفان اور تیزہواؤں کے باعث مختلف حادثات میں کم ازکم 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی یورپ میں طوفان اور140 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی تیزہواؤں کے باعث کئی درخت گرگئے اور مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

    جرمنی میں طوفان کے باعث ٹرین سروس معطل ہے جبکہ نیدرلینڈ کے ایئرپورٹ پرشدید طوفان کے باعث 300 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

    محکمہ موسمیات نےوارننگ جاری کی ہے کہ وہ غیرضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں جبکہ شدید سردی کے باعث اسکول بھی بند ہیں۔

    محکمۂ موسمیات نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں۔ سردی بڑھنے کے سبب سکول بھی بند ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ میں تیزہوائیں چلنے کے باعث درخت گرگئے تھے اور ہزاروں مکانوں کی بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی تھی۔


    یورپ میں شدید سردی کی لہر‘ہلاکتوں کی تعداد23ہوگئی


    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 9 جنوری کو یورپ کے مختلف ممالک میں شدید سردی کےباعث تارکین وطن اور بےگھر لوگوں سمیت 23 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔