Tag: طوفان

  • امریکی طوفانوں کے دوران چڑیا گھروں سے نایاب جانور چوری ہوگئے

    امریکی طوفانوں کے دوران چڑیا گھروں سے نایاب جانور چوری ہوگئے

    امریکی ریاستوں کو بدترین تباہی سے دو چار کرنے والے یکے بعد دیگرے 4 طوفانوں نے ایک طرف تو لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا، تو دوسری طرف بدنیت افراد اور چور اچکوں کی بھی چاندی ہوگئی جو ایسے موقع پر بھی ہاتھ دکھانے سے باز نہ آئے۔

    ایسا ہی کچھ کیریبیئن جزائر کے سنیٹ مارٹن جزیرے میں ہوا جہاں ایک چڑیا گھر سے نایاب اور قیمتی جانوروں کو چرا لیا گیا۔

    چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق طوفان کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کے بعد انہیں علم ہوا کہ چڑیا گھر سے نہایت نایاب نسل کے جانوروں کے 6 جوڑے غائب ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق وہاں موجود جانوروں نے طوفان کے دوران بھاگنے سے گریز کیا اور اپنی جگہ ڈٹے رہے جنہیں بعد ازاں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ان جانوروں کی تعداد 300 کے قریب بتائی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں: مشرق سے مغرب تک تباہ کن سیلاب اور طوفان

    ان کا کہنا تھا کہ طوفان کے دوران کچھ جانوروں کی ہلاکت بھی ہوئی جن میں ایک بڑی چھپکلی بھی شامل تھی۔ اس جانور کی موت طوفان کے دوران صدمے سے واقع ہوئی۔

    طوفان کے دوران 225 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے بند پنجروں کو توڑ دیا جس کے بعد تمام خطرناک جانور بھی پنجروں سے نکل آئے اور ایک مگر مچھ نے ایک نایاب نسل کے خرگوش اور ٹوکان نامی نایاب پرندے کا شکار بھی کرلیا۔

    ان کے علاوہ بھی کئی جانور تاحال لاپتہ ہیں۔ بعض جانور ادھر ادھر گھومتے ہوئے بھی پائے گئے جس کے بعد مقامی افراد نے انہیں پکڑ کر ان کے لیے مخصوص کی گئی جگہوں تک پہنچایا۔

    مقامی افراد اس چڑیا گھر کی تباہ حالی سے نہایت افسردہ نظر آئے۔ یہ سینٹ مارٹن جزیرے کا واحد چڑیا گھر تھا اور مقامی افراد اور ان کے بچوں کے لیے تفریح کا بہترین اور واحد ذریعہ بھی تھا۔

    چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود چڑیا گھر کو دوبارہ اصل حالت میں واپس لانا اب ناممکن ہے۔

    واضح رہے کیریبیئن جزائر بحر اوقیانوس میں آنے والے طوفانوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں اور ان میں سے سینٹ مارٹن جزیرے کا 95 فیصد انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • امریکا میں طوفان نیٹ کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کا کام جاری

    امریکا میں طوفان نیٹ کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کا کام جاری

    واشنگٹن: امریکا کی جنوبی ریاستوں میں طوفان نیٹ کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کا کام جاری ہے۔ طوفان کے باعث مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 31 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے لیے سال 2017 قدرتی آفات کے حوالے سے بدترین ثابت ہوا اور یکے بعد دیگرے 4 طوفانوں نے امریکی ریاستوں کو تباہی سے دو چار کردیا۔

    بحیرہ اوقیانوس میں آنے والے طوفانوں ہاروی، ارما اور ماریا کے بعد نیٹ طوفان نے امریکا کی جنوبی ریاستوں میں تباہی مچادی۔

    مزید پڑھیں: مشرق سے مغرب تک تباہ کن سیلاب اورطوفان، یا الٰہی یہ ماجرا کیا ہے؟

    طوفان کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، سڑکیں دریا بن گئیں جبکہ مواصلات اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

    امریکی ریاستوں الباما، لوزیانا اور مسی سپی میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ لوگ اپنی مدد آپ کےتحت بھی بحالی کا کام کر رہے ہیں۔

    طوفانی ہواؤں، موسلا دھار بارشوں اورسڑکوں کے تالاب بن جانے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کئی سڑکوں میں ہولناک گڑھے بھی پڑ چکے ہیں۔ 1 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔

    ریاست مسی سپی میں دریا کی سطح بلند ہونے کے باعث قریبی علاقوں میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان سے فلوریڈا کے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ارما طوفان کا مشاہدہ کرنے والے شخص کا کیا حال ہوا؟

    ارما طوفان کا مشاہدہ کرنے والے شخص کا کیا حال ہوا؟

    گو کہ قدرتی آفات سیلاب، طوفان، زلزلے وغیرہ کوئی معمولی بات نہیں اور ایسے مواقعوں پر لوگ سب سے پہلے اپنی جانیں بچانے کی فکر کرتے ہیں۔ لیکن ایسے دیوانوں کی بھی کمی نہیں جو ایسے حالات میں بھی باہر نکل کر عجیب و غریب حرکات کرنا چاہتے ہیں۔

    اب اس امریکی ماہر موسمیات جسٹن ڈریک کو ہی دیکھ لیں۔ ٹھیک ہے مانا کہ اس کا کام موسم کی جانچ پڑتال کرنا ہے، لیکن اس کے لیے اسے کسی محفوظ مقام سے باہر کھلی فضا میں نکل کر اپنی جان جوکھم میں ڈالنے کی ضرورت ہرگز نہیں تھی۔

    اب اسے اپنے کام سے اخلاص کہیں یا مہم جوئی، فلوریڈا میں طوفان کے دوران یہ حضرت گاڑی میں اپنے ایک دفتری ساتھی کے ساتھ کھلے میدان میں جا پہنچے اور خود ہوا کو جانچنے کا آلہ لے کر گاڑی سے باہر نکل کر کھڑے ہوگئے۔

    مزید پڑھیں: سیلاب کے بعد ہیوسٹن میں دل دہلا دینے والے مناظر

    لیکن اسے کھڑا ہونا نہیں کہا جاسکتا کیونکہ 117 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہوائیں انہیں اڑائے لیے جارہی تھیں اور وہ بمشکل اپنے قدم روکے ہوئے تھے۔

    گاڑی میں بیٹھے ان کے ساتھی جو خود بھی ماہر موسمیات تھے، نے ان کی یہ ویڈیو بنائی جو سوشل میڈیا پر نہ صرف بے حد وائرل ہوئی بلکہ دنیا کو امریکی ریاستوں میں تباہی مچانے والے خوفناک طوفانوں کی شدت کا بھی اندازہ ہوا۔

    یاد رہے کہ امریکا میں ایک ہفتے کے اندر آنے والے 2 سمندری طوفان ہاروے اور ارما بحر اوقیانوس کی تاریخ کے بدترین اور تباہ کن طوفان قرار دیے جارہے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کلائمٹ چینج کو نہ ماننے والے احمق ہیں: پوپ فرانسس برہم

    کلائمٹ چینج کو نہ ماننے والے احمق ہیں: پوپ فرانسس برہم

    دنیا بھر میں عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ان افراد کو بشمول امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ احمق قرار دے دیا جو موسمیاتی تغیرات یا کلائمٹ چینج کو نہیں مانتے، اسے جھٹلاتے یا وہم قرار دیتے ہیں۔

    امریکی ریاستوں ٹیکسس، فلوریڈا، شمالی امریکی ملک میکسیکو اور کیریبئین جزائر میں تاریخ کے بدترین تباہ کن طوفانوں کے بعد پوپ فرانسس نے کولمبیا کا دورہ کیا جہاں سے واپسی پر ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے ان افراد پر برہمی کا اظہار کیا جو کلائمٹ چینج کی نفی کرتے ہیں۔

    اپنی پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا، ’ایسے لوگ سائنسدانوں کے پاس جائیں اور ان سے ملیں۔ سائنس دان اس بارے میں بالکل پریقین ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: سیلاب کے بعد ہیوسٹن میں دل دہلا دینے والے مناظر

    انہوں نے آسمانی کتاب توریت کی ایک آیت کا بھی حوالہ دیا، ’انسان احمق ہے، ضدی ہے اور نابینا (مستقبل کو نہیں دیکھ سکتا) ہے‘۔

    پوپ فرانسس نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومتیں اور حکمران سائنس دانوں کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج اور گلوبل وارمنگ یعنی عالمی حدت میں اضافے کے باعث آئندہ آنے والی آفتوں اور نقصانات سے کس طرح نمٹا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے خفگی سے کہا، ’یہ لوگ (سائنس دان) ہوا میں مفروضے نہیں چھوڑ رہے۔ ان کے پاس ثبوت ہیں اور تحقیقات ہیں‘۔

    پوپ نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ دنیا بھر کے حکمران اب کیا فیصلے کرتے ہیں اور اب تاریخ ان کے فیصلوں سے بنے گی‘۔

    مزید پڑھیں: پوپ کی جرمنی کو تحفظ ماحولیات کا معاہدہ بچانے کی تاکید

    یاد رہے کہ پوپ فرانسس پہلے دن سے کلائمٹ چینج کے اثرات کی طرف دنیا کو متوجہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اپنی مذہبی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ وہ کثرت آبادی، مختلف امراض، جنگوں اور ہجرتوں کے بارے میں بھی حکمرانوں سے رابطے میں ہیں اور متاثرہ ممالک کے دورے کرتے رہتے ہیں۔

    انہوں نے اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب ٹرمپ نے کلائمٹ چینج کو وہم قرار دیتے ہوئے کلائمٹ چینج کے عالمی معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

    اس سے پہلے امریکی خاندان اول سے ملاقات کرتے ہوئے پوپ نے صدر ٹرمپ کو ایک دستاویزی خط بھی تحفے میں دیا جس میں انہوں نے کلائمٹ چینج، دہشت گردی اور امن عامہ سے متعلق مسائل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

    اس ملاقات میں پوپ نے ٹرمپ سے گفتگو کے دوران بھی کلائمٹ چینج کا ذکر کیا اور ٹرمپ کو پیرس معاہدے سے دستبردار نہ ہونے کی بھی تاکید کی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • طوفان ہاروے سے زندہ نکل آنے والی بہادر اور باہمت بلی

    طوفان ہاروے سے زندہ نکل آنے والی بہادر اور باہمت بلی

    امریکی ریاست ٹیکسس میں چند روز قبل سمندری طوفان ہاروے نے بے تحاشہ تباہی مچائی۔

    ٹیکسس کا شہر ہیوسٹن ہاروے سے سب زیادہ متاثر ہوا۔ امریکی حکام کے مطابق طوفان اور شدید بارشوں سے 1 لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ طوفان میں 47 افراد ہلاک ہوئے۔

    ایسے موقع پر انسانی ہمدردی کی کئی نئی مثالیں بھی قائم ہوئیں جب ریسکیو اہلکاروں اور عام افراد نے اپنی جانوں پر کھیل کر مصیبت زدہ افراد کی جانیں بچائیں، لیکن ایک معصوم بلی ان سب میں بازی لے گئی۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بلی کی کچھ تصاویر سامنے آئیں جن میں یہ مکمل طور پر پانی میں ڈوبی ہوئی ہے لیکن اس کی آنکھوں سے جھلکتا عزم اسے زندگی کی جانب کھینچے لیے جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: خشک لیکچر نے کلاس میں موجود بلی کو سلا دیا

    بعض ٹوئٹر صارفین کا کہنا ہے کہ یہ بلی شدید غصے میں ہے، جیسے وہ اس طوفان کو غصے میں بتانا چاہ رہی ہو کہ تم چاہے کتنے ہی خطرناک کیوں نہ ہو، میری زندگی مجھ سے نہیں چھین سکتے۔

    بعض افراد نے اسے حالات سے مطابقت، حوصلے، اور جدوجہد کی نئی مثال قرار دیا۔

    کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ علاقے سے جب سینکڑوں افراد کو نکالا گیا تو یہ بلی بھی باآسانی وہاں سے نکل سکتی تھی، لیکن شاید یہ مہم جوئی اور طوفان سے لڑنے کے موڈ میں تھی۔

    اس بلی کے طوفان میں ٹہرنے کی وجہ جو بھی ہو، بہرحال اب اس بلی کو ٹوئٹر پر نہایت محبت اور ہمدردی کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سمندری طوفان ارما فلوریڈا سے ٹکرا گیا، بجلی معطل، 4 افراد ہلاک

    سمندری طوفان ارما فلوریڈا سے ٹکرا گیا، بجلی معطل، 4 افراد ہلاک

    واشنگٹن: بحر اوقیانوس میں بننے والا سمندری طوفان ارما امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا جس کے باعث شہر میامی کے کچھ علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جزائر کیریبیئن اور کیوبا میں تباہی مچانے کے بعد تاریخ کا بد ترین طوفان ارما فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرا گیا۔ طوفان کے پیش نظر میامی کے ساحلوں اور ٹامپا شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ شہر میں 72 گھنٹوں کے لیے ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ہے۔

    طوفان کے فلوریڈا سے ٹکرانے کے بعد درخت اکھڑ گئے، مکانات تباہ ہوگئے، سڑکیں دریا بن گئیں اور متعدد علاقے زیر آب آگئے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریاست میں 30 لاکھ افراد بجلی کی فراہمی سے محروم ہوچکے ہیں۔ مختلف حادثات میں اب تک 4 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ہزاروں بے گھر ہوگئے۔

    میامی میں ائیر پورٹ بھی بند کردیا گیا ہے۔

    امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث 209 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کی تیزہوائیں چلنے اور 15 فٹ تک اٹھنے والی طوفانی لہروں سے علاقے میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

    فلوریڈا کے گورنر رک اسکاٹ کا کہنا ہے کہ انہیں ریاست کی مغربی خلیجی ساحل کے حوالے سے تشویش لاحق ہے جو اس طوفان کا اگلا نشانہ ہوگی۔

    یاد رہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا سے پہلے ہی 63 لاکھ لوگوں کو ساحلی علاقے چھوڑ دینے کے لیے کہا جا چکا ہے۔

    طوفان کے باعث ڈزنی لینڈ بھی بند ہے جبکہ ٹامپا بے ایڈونچر پارک کی انتظامیہ نے نایاب گلابی راج ہنسوں کے جوڑوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔

    دو روز قبل سمندری طوفان ارما کیوبا کے ساحل سے ٹکرایا تھا جس کے بعد مختلف حادثات میں 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سمندری طوفان ہاروے امریکی ریاست ٹیکسس سے ٹکرا گیا

    سمندری طوفان ہاروے امریکی ریاست ٹیکسس سے ٹکرا گیا

    خلیج میکسیکو میں بننے والا سمندری طوفان ہاروے امریکی ریاست ٹیکسس کے ساحل سے ٹکرا گیا۔ 215 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے تباہی مچا دی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق چوتھے درجے کا طوفان ہاروے امریکی ریاست ٹیکسس کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا۔ طوفانی ہوائیں چلنے لگیں، لہریں بپھر گئیں۔

    طوفانی ہواؤں کی رفتار 215 کلو میٹر فی گھنٹہ تک تھی۔ سمندری طوفان کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئی۔

    طوفان کے باعث چار سے 5 روز کے دوران 35 انچ تک بارش کا امکان ہے جبکہ ڈیڑھ سو کلو میٹر سے زائد رقبے پر 35 کاؤنٹیز متاثر ہوئی ہیں۔

    طوفان سے نمٹنے کے لیے ایک ہزار نیشنل گارڈ تعینات کر دیے گئے ہیں۔ ٹیکسس کے گورنر نے صدر ٹرمپ سے طوفان ہاروے کو بڑی آفت قرار دینے کی اپیل کی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نیوزی لینڈ میں طوفان نےتباہی مچادی

    نیوزی لینڈ میں طوفان نےتباہی مچادی

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں سائیکلون نامی طوفان کےباعث شدید بارشوں اور ہواؤں نےملک کےشمالی جزیرے کو شدید متاثر کیاہے۔

    تفصیلات کےمطابق نیوزی لینڈ حکام کاکہناہےکہ کورومنڈل جزیزہ نما اور بے آف پینلٹی میں شدید سیلاب کےباعث شاہراؤں کی بندش اور بجلی کی عدم فراہمی کےبعد ایمرجنسی کااعلان کردیاگیاہے۔

    ملک کے کچھ ساحلی علاقوں کو خالی کروالیاگیاہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک لاکھ پچاس ہزار گھروں میں بجلی نہیں ہے۔

    نیوزی لینڈ کے کچھ علاقوں میں سائیکلون کک نامی طوفان کے نتیجے میں آنے والی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں نے ملک کے شمالی جزیرے کو شدید متاثر کیا ہے۔

    مقامی ریڈیو کےمطابق طوفان کی وجہ سےساحلی قصبےکازیادہ ترحصہ بجلی سےمحروم جبکہ پورےعلاقےمیں درخت اوربجلی کی تاریں گریں ہوئی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کےمطابق اس طوفان کو ایکسٹراٹراپیکل سائیکلون کی درجہ بندی دی گئی ہے۔

    نیوزی لینڈ میں پروازوں کو ملتوی یا منسوخ کردیا گیا ہےجبکہ قومی فضائی کمپنی نےتورنگا ایئرپورٹ سے پروازوں کا آپریشن معطل کر دیا ہے۔


    پیرو میں طوفانی بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 72ہوگئی


    یاد رہےکہ گزشتہ ماہ جنوبی امریکہ کےملک پیرو میں شدید بارشوں،طوفان اورمٹی کےتودے گرنے سے72افراد جان کی بازی ہارگئے تھے۔

    واضح رہےکہ پیرو میں بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال کو 20برس کے دوران آنے والا سب سے تباہ کن سیلاب قراردیا گیاتھا۔

  • گھانامیں آبشار پردرخت گرنے سے20 افراد ہلاک

    گھانامیں آبشار پردرخت گرنے سے20 افراد ہلاک

    اکرا: افریقی ملک گھانا میں آبشارپردرخت کےگرنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق گھانامیں برونگ اہافو علاقے میں کنٹامپو آبشار پرطوفان کےباعث درخت جاگرا جس کے نتیجے میں 20افراد ہلاک جبکہ 30افراد اس حادثے میں زخمی ہوگئے۔

    گھانا کےمیڈیا مطابق بارش کے شروع ہوتے ہی اونچائی پر کھڑا ایک بڑا سا درخت گر گیا جس کی زد میں خوشیاں مناتے لوگ آ گئے۔

    گھانا فائر سروس کے ترجمان کاکہناہےکہ 18 طلبہ جائے حادثے پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دوافراد اسپتال میں دم توڑ گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ 11 افراد کا کنٹامپو میونسپل اسپتال میں علاج جاری ہے جن میں سے ایک سکول انتظامیہ کا انچارج ہے جو کہ ٹرپ کو لے کر وہاں پہنچا تھا۔

    گھانا کی وزیر سیاحت کیتھرن ابیلما افیکو نے اپنےبیان میں کہاکہ ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور زخمیوں کے لیے دعاگو ہیں۔

    مزید پڑھیں:پیرو میں طوفانی بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 72ہوگئی

    یاد رہےکہ گزشتہ روز جنوبی امریکہ کےملک پیرو میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 72افراد جان کی بازی ہارچکےجبکہ نظام زندگی بری طرح متاثرہواہے۔

    واضح رہےکہ پیرو میں بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال کو 20برس کے دوران آنے والا سب سے تباہ کن سیلاب قرار دیاگیا ہے ،جس سے ملک کی آدھی آبادی متاثر ہےاور سینکڑوں افراد کو نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

  • پیرو میں طوفانی بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 72ہوگئی

    پیرو میں طوفانی بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 72ہوگئی

    لیما: پیرو میں شدید بارشوں،طوفان اور مٹی کےتودے گرنے سےہلاک ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد 72ہوگئی۔

    تفصیلات کےمطابق جنوبی امریکہ کےملک پیرو میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 72افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں جبکہ نظام زندگی بری طرح متاثرہواہے۔

    پیرو میں شدید بارشوں کے باعث پیسیفک ساحل کے ساتھ واقع شہروں میں نکاسی آب کے نظام کو بری طرح نقصان پہنچاہے،جبکہ وزارت صحت کی جانب سے شہریوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لیے جراثیم کُش ادویات کا اسپرے شروع کردیاگیا۔

    p1

    پیرو کے دارالحکومت لیما میں گزشتہ ایک ہفتے سے پانی کی فراہمی بند ہے،جبکہ حکومت کی جانب سے کئی متاثرہ شہروں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے ساتھ امن عامہ قائم رکھنےکےلیےمسلح افواج کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔

    p2

    وزیراعظم فرنینڈوزاوالا نےمقامی ریڈیواسٹیشن سے بات کرتے ہوئے پیرو میں ہونے والی شدید بارشوں اور طوفان کےسبب72 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    p3

    خیال رہےکہ بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال کو 20برس کے دوران آنے والا سب سے تباہ کن سیلاب قرار دیاجارہا ہے ،جس سے ملک کی آدھی آبادی متاثر ہے اور سینکڑوں افراد کو نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

    p4

    واضح رہےکہ 1998 میں بھی پیرو میں شدید بارشوں کےنتیجے میں 374 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

    p5