Tag: طیاروں کا قبرستان

  • طیاروں کے قبرستان سے 2 طیارے حیدرآباد منتقل کرنے کا فیصلہ

    طیاروں کے قبرستان سے 2 طیارے حیدرآباد منتقل کرنے کا فیصلہ

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں کے قبرستان سے 2 طیارے حیدرآباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر کئی سال سے موجود 2 ناکارہ طیاروں کو حیدرآباد منتقل کیا جائے گا ، دونوں طیاروں کی حیدرآباد میں سی اے اے کے ٹریننگ سینٹر منتقلی کی کارروائی شروع کر دی گئی۔

    ایم ڈی 83 اوربوئنگ 737 ساختہ طیارے ٹریننگ سینٹر کاٹی میں تربیتی مقصد کے لیے رکھے جائیں گے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیاروں کی بذریعہ سڑک منتقلی کے لیے ٹینڈر بھی جاری کر دیا۔

    سی اے اے کے مطابق 2011 میں کریش لینڈنگ کے باعث اے ایم سی ایئرلائن کا میکڈنل ڈگلس 83 ساختہ طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہے، سابقہ انڈس ایئرلائن کا بوئنگ 737 ساختہ طیارہ بھی فنی خرابی کے باعث کئی برس سے ناکارہ کھڑا ہے۔

    واضح رہے کہ درجنوں ناکارہ طیاروں کی موجودگی کے باعث کراچی ایئرپورٹ کو طیاروں کا قبرستان کہا جاتا ہے۔

  • اسے طیاروں کا قبرستان کہا جاتا ہے

    اسے طیاروں کا قبرستان کہا جاتا ہے

    بینکاک: تھائی لینڈ میں ایک ایسا قبرستان بھی ہے جہاں طیاروں کو لے جا کر پھینک دیا جاتا ہے، یہ جگہ طیاروں کے قبرستان کے نام سے مشہور ہو گئی ہے۔

    انٹرنیٹ پر ایسی بہت ساری تصاویر موجود ہیں جن میں قیمتی طیاروں کے خراب ڈھانچوں کا ایک ڈھیر نظر آتا ہے، یہ تصاویر دراصل تھائی لینڈ کے ایروپلین گریویارڈ کی ہیں۔

    یہ قبرستان بینکاک کے مشرق میں واقع ایک کھلے میدان میں موجود ہے، یہاں وہ طیارے لاکر پھینکے جاتے ہیں جو کبھی فضاؤں میں اڑان بھر کر لوگوں کو ان کی منازل تک پہنچایا کرتے تھے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ یہ قبرستان ایک سیاحتی مقام کا روپ دھار گیا ہے، کیوں لوگ شوق سے یہاں آ کر ناکارہ طیاروں کے ڈھانچے دیکھتے ہیں اور یہاں ٹینٹ لگا کر پکنک بھی مناتے ہیں۔

    یہاں اورینٹ تھائی ایئر لائنس کے دو ایسے طیارے بھی ہیں جن کی قیمت 300 کروڑ روپے بتائی گئی ہے، دراصل کچھ سرمایہ کاروں نے انھیں یہاں اس لیے رکھا تھا کہ انھیں آؤٹ ڈور بار کی طرح استعمال کر کے پیسے کمائے جائیں گے لیکن یہ منصوبہ بری طرح ناکام ہو گیا۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ تھائی کلچر میں ایسی جگہوں کو آسیب زدہ قرار دیا جاتا ہے بھلے ہی وہاں کسی کی موت نہ ہوئی ہو۔

    خیال رہے کہ امریکا میں طیاروں کا اس سے بھی بڑا قبرستان موجود ہے، ایریزونا کے ٹسکن میں تقریباً 4 ہزار فوجی طیارے اسکریپ یارڈ میں پڑے ہوئے ہیں۔