Tag: طیارہ تباہ

  • امریکی فوجی طیارہ گر کر تباہ، 4 ہلاک

    امریکی فوجی طیارہ گر کر تباہ، 4 ہلاک

    کیلیفورنیا: امریکی فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امپیریل کاؤنٹی، کیلیفورنیا میں بدھ کو مبینہ طور پر ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، سوشل میڈیا پر طیارے پر جوہری مواد لدا ہونے کی افواہ پھیلی رہی، تاہم امریکی حکام نے اس کی تردید کر دی ہے۔

    امریکی میرین کور کے ترجمان کے مطابق، بدھ کے روز جنوبی کیلیفورنیا میں پانچ امریکی میرینز کو لے جانے والا فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ایم وی 22 بی آسپرے نامی طیارے میں کم از کم 5 فوجی سوار تھے، پانچواں فوجی لا پتا ہے، طیارہ امپیریل کاؤنٹی میں ہائی وے کے قریب گرا، جہاں ملبے سے صرف چار لاشیں ملیں، پانچویں کی تلاش جاری ہے۔ امپیریل کاؤنٹی کے حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پانچواں فوجی بھی حادثے میں ہلاک ہو گیا ہے۔

    دوسری جانب امریکی حکام نے تردید کی ہے کہ طیارے میں کسی قسم کا جوہری مواد موجود نہیں تھا۔

    طیارے کا تعلق تھرڈ میرین ایئر کرافٹ ونگ سے تھا، جو دوپہر 1 بجے کے قریب گر کر تباہ ہوا، حکام نے بتایا کہ طیارہ ہائی وے 78 اور کوچیلا کینال روڈ کے قریب ایک مضافاتی علاقے میں گرا، جو کہ سان ڈیاگو سے تقریباً 100 میل مشرق میں ایل سینٹرو، کیلیفورنیا میں نیول ایئر ہیڈکوارٹر کے قریب ہے۔

    حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں، ایل سینٹرو میں بحریہ کے فضائی ادارے نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے برعکس طیارے میں کوئی جوہری مواد موجود نہیں تھا۔

  • امریکی بحریہ کا لڑاکا طیارہ گھر پر گر کر تباہ

    امریکی بحریہ کا لڑاکا طیارہ گھر پر گر کر تباہ

    ٹیکساس: امریکی بحریہ کا ایک لڑاکا طیارہ ٹیکساس میں ایک گھر پر گر کر تباہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر لیک ورتھ میں امریکی بحریہ کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔

    رپورٹ کے مطابق بحریہ کا ٹی 45 گوشاک طیارہ تربیتی مشن پر تھا کہ ٹیکساس کے شہر لیک ورتھ میں گر کر تباہ ہو گیا۔

    یہ واقعہ اتوار کی صبح کو پیش آیا، طیارے میں موجود دونوں فوجی پائلٹس شمالی ٹیکساس کے ایک گھر کے پچھلے حصے میں طیارے کے گرنے سے قبل ہنگامی طور پر نکل آئے تھے، تاہم وہ گر کر شدید زخمی ہو گئے۔

    طیارہ حادثے کی وجہ سے تین گھروں کو شدید نقصان پہنچا، مقامی حکام نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حادثے میں کوئی شہری زخمی نہیں ہوا، تاہم ایک پائلٹ کا پیراشوٹ بجلی کی لائن میں پھنس گیا، جب کہ دوسرا بھی قریب ہی ملا، پولیس حکام کے مطابق ایک پائلٹ کی حالت تشویش ناک ہے۔

    رپورٹس کے مطابق دونوں پائلٹس میں ایک انسٹرکٹر تھا جب کہ دوسرا ان کا زیر تربیت طالب علم تھا، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ تباہ ہونے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • روسی طیارہ آگ لگنے کے بعد گر کر تباہ، روسی ہیرو ہلاک، ویڈیو سامنے آگئی

    روسی طیارہ آگ لگنے کے بعد گر کر تباہ، روسی ہیرو ہلاک، ویڈیو سامنے آگئی

    ماسکو: روس کا ایک فوجی ٹرانسپورٹ پروٹوٹائپ طیارہ ماسکو کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

    روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو پروٹو ٹائپ فوجی مال بردار طیارہ ماسکو کی حدود کے باہر گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں پائلٹ سمیت 3 افراد سوار تھے، جن کے بارے میں امکان ہے کہ ہلاک ہو گئے ہیں۔

    فوجی طیارہ ٹیسٹ پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا، طیارہ ماسکو کے جنگلات کے قریب اس وقت گر کر تباہ ہوا جب وہ ایئر فیلڈ پر لینڈنگ کے لیے آ رہا تھا۔

    ترکی کی مدد کو آنے والا روسی طیارہ حادثے کا شکار

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے انجن میں آگ لگی ہوئی ہے، جس کے بعد وہ گر کر تباہ ہو گیا۔

    رپورٹس کے مطابق طیارے کے دائیں انجن میں دوران پرواز آگ لگ گئی تھی، روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایلیوشن Il-112V پروٹوٹائپ طیارے پر تین افراد سوار تھے، جن میں ایک روس کے ہیرو نکولائی کوئموف بھی شامل تھے، اور ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

    نکولائی کوئموف نے مارچ 2019 میں مذکورہ طیارے کی پہلی ٹیسٹ پرواز کامیابی سے اڑائی تھی، جس پر انھیں ہیرو کی حیثیت دی گئی تھی

    روسی محکمہ دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے، طیارہ حادثے کی ممکنہ ابتدائی وجوہ میں انجن میں آگ لگنا، پائلٹ کی غلطی، اور دیگر پرزوں کا کام نہ کرنا شامل ہیں۔

  • میکسیکو میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تصدیق

    میکسیکو میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تصدیق

    میکسیکو سٹی: شمالی امریکا کے ملک میکسیکو میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی شمالی ریاست نوویو لیون کے ڈیلنارٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گرنے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ریاست کے شہری تحفظ کے حکام نے جمعرات کو حادثے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹا طیارہ سینیگا ڈی فلورس کی میونسپلٹی میں ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے اندر گر کر تباہ ہوا، طیارے میں 6 افراد سوار تھے۔

    طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور 3 مرد شامل تھے، یہ طیارہ 1972 کا پائپر پی اے 32 چیروکی سکس تھا، جو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر لاریڈو سے رجسٹرڈ تھا۔

    امریکا میں‌ طیارہ گر کر تباہ، ہلاکت کی تصدیق

    ٹرانسپورٹ کمپنی کے اندر طیارہ کریش ہونے کے سبب کمپنی کا ایک ملازم بھی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    شہری ڈیفنس کے مطابق ٹرانسپورٹ لائن کے لیے کام کرنے والا شخص ایک ٹریکٹر ٹریلر آپریٹر تھا، جب جہاز ٹریکٹر پر آ کر کریش ہوا تو اس وقت وہ ٹریکٹر میں سوار تھا۔

  • امریکا: طیارہ گر کر تباہ، 2 افراد زخمی

    امریکا: طیارہ گر کر تباہ، 2 افراد زخمی

    ورمونٹ: امریکی ریاست ورمونٹ کے ایک علاقے میں طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو ریاست ورمونٹ کے علاقے مورس ٹاؤن میں پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنھیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    مقامی پولیس کے مطابق دونوں زخمیوں کا تعلق نیو یارک سے ہے، تاہم ان کی شناخت فی الحال چھپائی جا رہی ہے، کیوں کہ تاحال ان کے خاندانوں کے ساتھ رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔

    حادثے کے بعد زخمیوں کو ہیلی کاپٹر میں ورمونٹ یونی ورسٹی اسپتال پہنچایا گیا تھا، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں افراد طیارہ اڑا رہے تھے، اس دوران وہ ٹچ اینڈ گو لینڈنگ کی پریکٹس (رن وے پر اترنے کے فوراً بعد پھر اڑان بھرنا) کر رہے تھے، پولیس نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے جیسے وہ رن وے یا قریبی لان میں اترنا چاہ رہے تھے اور اس دوران طیارہ کریش ہو گیا۔

    پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو دونوں شدید زخمی تھے، فائر فائٹرز نے طیارے کی باڈی کاٹ کر دونوں کو باہر نکالا، اور زخمیوں کو حادثے کے محض 15 منٹ کے اندر اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا تھا کہ طیارہ سنگل انجن سیسنا 170 تھا، جسے مورس وِل اسٹو اسٹیٹ ایئرپورٹ پر رکھا گیا ہے۔

  • انتونیو گوتریس کا طیارہ حادثے پر شاہ محمود سے اظہار افسوس

    انتونیو گوتریس کا طیارہ حادثے پر شاہ محمود سے اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو ٹیلی فون کر کے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گفتگو کی، سیکریٹری جنرل نے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس بھی کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود نے یو این سیکریٹری جنرل کو فون کیا ہے، ٹیلی فونک گفتگو میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گفتگو کی گئی، انتونیو گوتریس نے اس موقع پر پی آئی اے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیر خارجہ نے یو این سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا، اور کہا کہ ڈومیسائل پر بھارتی قانون اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے۔

    شاہ محمود نے کہا بھارت نے لاک ڈاؤن کے ساتھ جعلی مقابلوں کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے، دوسری طرف بھارت ایک اور فالس فلیگ آپریشن کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہا ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان دنیا کو خبردار کر رہا ہے، اگر بھارت نے کوئی حرکت کی تو پاکستان منہ توڑ جواب دے گا۔

    بھارت کے حوالے سے امریکی کمیشن مذہبی آزادی کی رپورٹ پر بڑی پیش رفت

    وزیر خارجہ نے انتونیو گوتریس کو باور کرایا کہ بھارت کے بیانات سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ دریں اثنا، یو این سیکریٹری جنرل نے صورت حال سے آگاہ کرنے پر شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ بھارت کے حوالے سے امریکی کمیشن مذہبی آزادی کی رپورٹ پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، اس سلسلے میں بھارت کو بلیک لسٹ قرار دینے کی تجویز پر امریکی کانگریس میں بریفنگ دی گئی۔ امریکی کمیشن اور دیگر مندوبین نے امریکی کمیشن کی سفارشات پر فوری عمل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تشدد میں ملوث بھارتی ایجنسیوں اور اہل کاروں پر پابندی عائد کی جائے۔

  • بھارتی نیوی کا مگ 29 جنگی طیارہ گر کر تباہ

    بھارتی نیوی کا مگ 29 جنگی طیارہ گر کر تباہ

    نئی دہلی: بھارتی نیوی کا مگ 29 جنگی طیارہ گوا میں گر کر تباہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے خبر دی ہے کہ بھارتی نیوی کا مگ 29k جنگی طیارہ گوا میں گر کر تباہ ہو گیا، حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ تربیتی پرواز پر تھا۔

    بھارتی نیوی کا کہنا ہے کہ حادثے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے، طیارہ گوا کے ساحل پر روٹین کی تربیتی پرواز پر تھا کہ گر کر تباہ ہو گیا، پائلٹ نے بروقت طیارے سے چھلانگ لگا کر خود کو بچا لیا۔

    حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق دہرے انجن والے سنگل سیٹر طیارے میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کی وجہ سے وہ کریش کر گیا۔

    بھارت کا ایک اور جنگی طیارہ خود کو فضا میں برقرار نہ رکھ کر زمیں بوس ہو گیا

    یاد رہے کہ یہ واقعہ گزشتہ واقعے سے محض 3 ماہ بعد پیش آیا ہے، جب نومبر 2019 میں گوا کے ایک گاؤں کے باہر نیوی کا جنگی طیارہ مگ 29k گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں بھی پائلٹس بہ حفاظت طیارے سے نکل گئے تھے، اور وہ آبادی کو بچاتے ہوئے طیارے کو پہاڑی علاقے کی طرف لے گئے تھے۔

    اس سے قبل جنوری 2018 میں بھی گوا میں ایک مگ 29 کے طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، طیارے نے جیسے ہی رن وے سے اڑان بھری، فوراً بعد بیس ہی میں گر کر تباہ ہو گیا، ٹرینی پائلٹ نے اس بار بھی خود کو بچا لیا تھا۔

    گوا میں بار بار نیوی کے جنگی طیاروں کی تباہی نے بھارتی عوام کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اور سوشل میڈیا پر بھارتی نیوی کو طنز کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، متعدد صارفین نے مگ 29 کے کی تباہی پر لکھا کہ ایک اور پائلٹ نے کامیابی کے ساتھ جنگی طیارہ گرا کر تباہ کر دیا۔

  • امریکا نے فوجی طیارے کی تباہی کی تصدیق کر دی

    امریکا نے فوجی طیارے کی تباہی کی تصدیق کر دی

    واشنگٹن: امریکا کی جانب سے افغانستان میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے اپنے فوجی طیارے کی تباہی کی تصدیق کر دی ہے، امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ فوجی طیارہ افغان صوبے غزنی میں گر کر تباہ ہوا۔

    تاہم امریکی فوجی حکام نے طالبان کی جانب سے طیارے کو مار گرانے کے دعوے کی تردید کر دی ہے، حکام نے کہا کہ طیارے کے دشمن کے فائر سے تباہ ہونے کے کوئی اشارے نہیں ملے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے ملک کے مشرقی حصے میں امریکی فضائیہ کا طیارہ مار گرایا ہے جس کے نتیجے میں تمام سوار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    طالبان کا امریکی فضائیہ کا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

    افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا تھا کہ مشرقی حصے میں تباہ ہونے والا طیارہ امریکی فضائیہ کا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مقامی صحافی کا کہنا تھا کہ اس نے تباہ شدہ طیارے کا ملبہ دیکھا جس میں سے آگ نکل رہی تھی، ملبے کے ساتھ 2 جھلسی ہوئی لاشیں بھی جائے وقوع پر پڑی تھیں، طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا تھا اور اس کے ٹکڑوں پر امریکی فضائیہ کا مونوگرام نظر آ رہا تھا۔

    دوسری طرف ایک اعلیٰ ملٹری افسر نے طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے خبررساں ادارے کو بتایا کہ امریکی فضائیہ کا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔

  • ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ جاں بحق

    ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ جاں بحق

    صادق آباد: ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ باندھی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں موجود 2 پائلٹ جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افسوسناک حادثہ صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں چک نمبر 215 کے قریب پیش آیا جب اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ فنی خرابی کے باعث کریش کرگیا۔

    سول ایوی ایشن ترجمان کے مطابق طیارے نے رحیم یار خان ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی۔ طیارہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسپرے کے لیے منگوایا گیا تھا اور یہ طیارہ وفاق کی جانب سے اسپرے مہم کے لیے پنجاب حکومت کو دیا گیا تھا۔

    ترجمان کے مطابق طیارے میں موجود 2 پائلٹ جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں ٹڈی دل نے فصلوں پر حملہ کردیا تھا جس کے باعث چاول، مٹر اور کپاس سمیت متعدد فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

    شکارپور میں ٹڈی دل گھروں میں بھی داخل ہوگئے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ٹڈی دل کے حملوں کا سلسلہ گزشتہ برس جون سے شروع ہوا تھا جب خیرپور، سکھر اور گھوٹکی میں ٹڈیوں کے جھنڈ کے جھنڈ شہر میں داخل ہوگئے۔ ٹڈیوں کے حملوں کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کی فصلوں کو نقصان پہنچا تھا۔

  • ایرانی وزیر خارجہ نے آج کے دن کو افسوس ناک قرار دے دیا

    ایرانی وزیر خارجہ نے آج کے دن کو افسوس ناک قرار دے دیا

    تہران: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ آج کا دن افسوس ناک ہے، یہ بات انھوں نے یوکرین طیارے کے حادثے کے تناظر میں کہی۔

    تفصیلات کے مطابق آج جواد ظریف نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ آج ایک اداس دن ہے، ایران کو افواج کی ابتدائی تحقیقات سے اپنی غلطی کا پتا چلا۔

    ایرانی وزیر خارجہ ایک بار پھر حادثے کی ذمہ داری امریکا پر ڈالتے ہوئے کہا کہ امریکی ایڈونچرازم سے پیدا شدہ بحران کے دوران انسانی غلطی سے تباہی ہوئی، میں اپنے لوگوں، متاثرہ خاندانوں اور متاثرہ اقوام سے بہت معذرت خواہ ہوں اور ان سے تعزیت کرتا ہوں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ایک طرف ایران ان دعوؤں کی مسلسل تردید کرتا رہا کہ طیارہ کسی انسانی غلطی کے سبب نہیں گرا، دوسری طرف جواد ظریف نے طیارہ گرنے کا الزام امریکا پر لگایا تھا۔

    تازہ ترین:  مسلسل انکار کے بعد ایران کا بڑا اعتراف، یوکرین طیارہ میزائل کا نشانہ بنا

    ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی آج صبح ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین طیارے کی حادثاتی تباہی پر انھیں سخت افسوس ہے، تحقیقات کے مطابق میزائل کا یوکرین طیارے کو لگنا انسانی غلطی تھی، تاہم طیارے کی تباہی کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ ایران نے یوکرین کے مسافر طیارے کو غلطی سے نشانہ بنانے کا اعتراف کر لیا ہے، ایران کا کہنا ہے کہ یوکرین کا مسافر طیارہ غیر ارادی طور پر حملے کا نشانہ بنا۔ خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ ایران نے مسافر طیارہ حادثے کا سبب انسانی غلطی کو قرار دیا، طیارہ تباہ ہونے کے نتیجے میں 176 افراد ہلاک ہوئے تھے، طیارے میں ایرانی، کینیڈین اور دیگر ممالک کے شہری سوار تھے، زیادہ تر ایرانی تھے، یوکرین کے ماہرین کو تباہ طیارے کے بلیک باکس تک رسائی کے بعد اعتراف کیا گیا۔