Tag: طیارہ تباہ

  • قازقستان میں 100 مسافروں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ، 14 ہلاک

    قازقستان میں 100 مسافروں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ، 14 ہلاک

    الماتی: قازقستان میں ایک مسافر طیارہ الماتی ایئر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے، حادثے کے شکار طیارے میں 100 مسافر سوار تھے، حادثے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سو مسافروں کو لے جانے والا طیارہ بک ایئر آج صبح قازقستان میں الماتی ائیر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، قازقستان سول ایوی ایشن کمیٹی نے حادثے میں 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے جب کہ 22 کی حالت تشویش ناک ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بک ایئر کا طیارہ الماتی ایئر پورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوا، حادثے کے فوراً بعد ایمرجنسی سروس کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچا، طیارے میں زندہ بچ جانے والوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔

    طیارہ قازقستان کے سب سے بڑے شہر الماتی سے ملک کے دارالحکومت نور سلطان جا رہا تھا، الماتی ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طیارے میں 95 مسافر اور پانچ عملے کے ارکان سوار تھے۔

    رپورٹس کے مطابق طیارہ اڑان بھرنے کے بعد مطلوبہ بلندی حاصل نہ کر سکا اور ایک کنکریٹ بیرئیر سے ٹکراتے ہوئے ایک دو منزلہ مکان پر گر گیا۔ طیارے میں آگ نہیں لگی، جس کی وجہ سے اموات زیادہ نہ ہونے کا امکان ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے ایک خصوصی کمیشن قائم کیا جائے گا۔

  • سویڈن میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 9 افرا دہلاک

    سویڈن میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 9 افرا دہلاک

    ویسٹربوٹن: سویڈن کے شمالی علاقے میں پیراشوٹسٹس کو لے کر جانے والا ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیراشوٹ جمپ کے لیے پیراشوٹسٹس کو لے کر جانے والا چھوٹا طیارہ سویڈن کے شمالی ساحل پر گر کر تباہ ہو گیا جس میں تمام افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارہ سویڈن کے شہر اُمئے کے قریب دریا میں گر کر تباہ ہوا، حادثے کے شکار طیارے میں اسکائی ڈائیورز سوار تھے۔

    عینی شاہدین نے طیارہ گرتے ہوئے دیکھا، ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ طیارہ ناک کے بل دریائے امئے کی طرف آیا اور ایک زوردار آواز کے ساتھ گر گیا۔

    علاقے میں موجود ایک سولہ سالہ لڑکے نے طیارے کو گرتے ہوئے دیکھا تو اس کی ویڈیو بنا لی، تاہم وہ طیارے کے گرنے کے بعد بے حد خوف زدہ اور بد حواس ہو گیا تھا۔

    سویڈن حکام کے مطابق طیارہ امئے ایئر پورٹ سے پرواز کرنے کے تقریباً آدھا گھنٹے بعد دو کلو میٹر دوری پر واقع جزیرہ اسٹورسینڈسکر کے قریب دریا میں گرا۔

    عینی شاہدین نے یہ بھی دیکھا کہ طیارہ گرتے ہوئے کئی پیراشوٹسٹس نے طیارے سے چھلانگ لگائی لیکن ان میں سے کوئی نہیں بچا۔

  • روسی طیارے کی تباہی، پیوٹن کا اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ

    روسی طیارے کی تباہی، پیوٹن کا اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ

    ماسکو: شام میں روسی جنگی طیارے کی تباہی سے متعلق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز شام میں روسی جنگی طیارے کو مار گرایا گیا تھا جس کے باعث طیارے میں سوار 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے، روسی حکام نے اسرائیل پر حملے کا الزام عائد کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ولادی میر پیوٹن اور نیتن یاہو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم نے حملے کا الزام شام پر عائد کیا ہے۔

    نیتن یاہو نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے اسرائیل روس کے ساتھ بھرپور تعاون بھی کرے گا۔

    البتہ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت شام میں ایرانی عسکری عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی، جبکہ روسی طیارے کی تباہی پر تحقیقات ہوگی۔

    روسی طیارہ مار گرانے پر ماسکو میں اسرائیلی سفیر کی طلبی

    واضح رہے کہ طیارہ گزشتہ روز شام میں مشن سے واپس لوٹتے ہوئے لاپتہ ہوا تھا، روسی جنگی طیارے میں 14 افراد سوار تھے۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں بھی شامی شہر لتاکیا میں روس کا ایک فوجی طیارہ حميميم کے فوجی اڈے پر گر کر تباہ ہو گیا تھا، جہاں سے روس شام میں ہونے والی تمام فوجی کاررائیاں کرتا ہے۔

    فرروی 2018 میں باغیوں نے ادلب صوبے میں روس کا سخوئی 25 طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا تھا، جنگی طیارہ تباہ ہونے سے پہلے پائلٹ طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم پائلٹ جب زمین پرپہنچا تو اس کی باغیوں سے جھڑپ ہوئی اور وہ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

  • میکسیکو میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 85 افراد زخمی

    میکسیکو میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 85 افراد زخمی

    میکسیکو سٹی : براعظم امریکا کے وسط میں واقع ملک میکسیکو میں مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 85 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے شہر ڈورانگو میں ایرو میکسیکو نامی فضائی کمپنی کا مسافر بردار طیارہ اے ایم 2431 رن وے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد 10 کلو میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 85 افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں97 مسافروں سمیت 101 افراد سوار تھے، جائے حادثہ سے 85 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایرومیکسیکو کے ترجمان نے بتایا کہ جہاز اے ایم 2431 ڈورانگو شہر سے دارالحکومت میکسیکو سٹی جارہا تھا تاہم بد قسمتی سے طیارہ اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔

    فضائی کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک گئی تھی تاہم خوش قسمتی سے کوئی بھی مسافر آگ کی لپیٹ میں نہیں آیا اور بیشتر مسافر خود جہاز سے باہر نکل آئے تھے۔

    ترجمان کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ اس حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم دو افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔


    الجزائر کا مسافر طیارہ تباہ، مسافروں سمیت 116 ہلاک


    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ متاثرہ فضائی کمپنی کی جانب سے طیارہ حادثے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

    دوسری جانب عینی شاہدین کا مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حادثے کے بعد اطراف میں دھواں پھیل گیا تھا جس کے باعث علاقہ مکین کافی خوف زدہ ہوگئے تھے۔

    علاوہ ازیں حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی جانچ پرتال جاری ہے جبکہ لوگوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔