Tag: طیارہ حادثہ

  • چین: دوران ٹیک آف مسافر طیارے کو بڑا حادثہ پیش آ گیا (ویڈیو)

    چین: دوران ٹیک آف مسافر طیارے کو بڑا حادثہ پیش آ گیا (ویڈیو)

    بیجنگ: چین سے تبت کے لیے اڑان بھرنے والا تبتی طیارہ رن وے پر اچانک حادثے کا شکار ہو کر خوف ناک شعلوں میں گِھر گیا، جس کے باعث 36 مسافر زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح جنوب مغربی چین میں چونگ چنگ ژیانگبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر تبت ایئر لائن کا طیارہ A319 ٹیک آف کی کوشش کرتے ہوئے رن سے اتر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

    چین کی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارے کے پائلٹس کو گڑ بڑ محسوس ہونے پر انھوں نے طریقہ کار کے مطابق ایمرجنسی میں ٹیک آف روک لیا، تاہم طیارہ رن وے سے اترنے کی وجہ سے انجن کو نقصان پہنچا اور اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔

    حادثے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیو فوٹیجز میں مسافروں کو چیختے ہوئے طیارے سے جان بچانے کے لیے بھاگتے دیکھا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں عملے کے 9 ارکان سمیت 122 افراد سوار تھے، جن میں 36 مسافروں کو معمولی زخم آنے پر انھیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حادثے کے بعد سے چونگ چنگ ژیانگبی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو عارضی بند کیا گیا، اور متعدد پروازوں کو بھی منسوخ کرنا پڑا۔

    تبت ایئر لائن کا یہ طیارہ چینی شہر چونگ چنگ سے تبت کے شہر نینگچی جا رہا تھا، پرواز میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی، جس پر پائلٹس نے ٹیک آف روکا تو اس کوشش میں طیارہ رن وے سے اتر گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔

    طیارے کو آگ لگنے سے شدید نقصان پہنچا ہے، جائے وقوعہ پر شہریوں کے بنائے گئے ویڈیو کلپس میں ایئر بس کی بائیں جانب آگ جلتی ہوئی دکھائی دیتی ہے، آگ لگتے ہی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    یہ واقعہ چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کے طیارے کے مہلک حادثے کے 2 ماہ سے بھی کم وقت کے بعد پیش آیا ہے، جس کی وجہ سے سی اے اے سی نے ممکنہ حفاظتی خامیوں کو تلاش کرنے کے لیے سیکٹر بھر میں معائنہ شروع کر دیا ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں‌ پھیل گیا

    کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں‌ پھیل گیا

    کراچی: کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں پھیل گیا، اور آگ کی بو محسوس کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے کے ساتھ حادثہ پیش آیا ہے، قومی ایئر لائن کی کراچی سے لاہور کی پرواز میں اچانک فائر وارننگ کے سبب مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

    ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 لاہور روانگی کے لیے تیار تھی، بوئنگ 777 طیارہ ٹیک آف کے لیے رن وے پر پہنچ گیا تھا، کہ اچانک طیارے کے ایئرکنڈیشنڈ ڈکس سے ہلکا دھواں نکلنے لگا، مسافروں نے آگ کی بو بھی محسوس کی۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ فائر انڈیکیشن ملنے پر پائلٹ نے طیارے کا ٹیک آف فوری طور پر منسوخ کر دیا، اور طیارے کو فوری طور پر واپس ٹرمینل کی طرف لے جایا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام مسافروں کو آف لوڈ کر کے طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی، جلد ہی پرواز پی کے 306 دوبارہ لاہور روانہ کی جائے گی۔

    ایئر پورٹ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ طیارے میں 328 مسافر سوار تھے، جن میں سے 64 مسافروں نے طیارے میں دوبارہ سوار ہونے سے انکار کر دیا ہے، جن کا سامان آف لوڈ کیا جا رہا ہے۔

  • امریکا: فضا میں ہیلی کاپٹر اور طیارے کے درمیان خوفناک ٹکراؤ، ہلاکتیں

    امریکا: فضا میں ہیلی کاپٹر اور طیارے کے درمیان خوفناک ٹکراؤ، ہلاکتیں

    ایریزونا: امریکا میں فضا میں ہیلی کاپٹر اور طیارہ ٹکرا گئے، اس حادثے کے سبب 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا کے علاقے چینڈلر میں جمعے کو فضا میں ایک ہیلی کاپٹر اور چھوٹے طیارے کے مابین ٹکراؤ ہو گیا، جس میں ہیلی کاپٹر میں سوار 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

    مقامی حکام کا کہنا تھا کہ حادثہ جمعے کی صبح کو پیش آیا، جب طیارہ اور ہیلی کاپٹر مقامی ایئر پورٹ پہنچے، فضا میں ٹکرانے کے بعد ہیلی کاپٹر سنبھل نہ سکا اور زمین پر گر گیا، جس کے باعث اس میں آگ لگ گئی۔

    مقامی فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ ٹکر کے بعد طیارہ لینڈنگ میں کامیاب ہو گیا، طیارہ اور ہیلی کاپٹر دونوں الگ الگ فلائٹ اسکولز سے تعلق رکھتے تھے۔

    حادثے کے کچھ ہی دیر بعد چینڈلر پولیس محکمے نے ایک ٹوئٹر پوسٹ میں کہا کہ پولیس افسر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں، اگر عینی شاہدین کے پاس حادثے سے متعلق کوئی فوٹیج ہو تو پولیس ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کر لیں۔

    طیارہ فکس ونگز اور سنگل انجن پائپر تھا، حادثے میں طیارے کے صرف لینڈنگ گیئر کو نقصان پہنچا، حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • کراچی: سیسنا طیارے میں‌ فنی خرابی، کپتان نے مے ڈے مے ڈے کی کال دے دی

    کراچی: سیسنا طیارے میں‌ فنی خرابی، کپتان نے مے ڈے مے ڈے کی کال دے دی

    کراچی: شہر قائد میں ایک تربیتی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر تربیتی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، سیسنا ساختہ طیارہ تربیتی پرواز پر تھا۔

    تربیتی طیارے میں اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کا سسٹم فریز ہونے کے باعث اس نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

    فنی خرابی کے باعث طیارے کا کنٹرول ٹرینی کپتان کے بس میں نہیں رہا، غیر معمولی صورت حال کی وجہ سے سیسنا طیارے کے کپتان کو مے ڈے مے ڈے کی کال دینی پڑی۔

    ذرائع کے مطابق مے ڈے کال پر ہنگامی صورت حال ڈیکلیئر ہونے کے بعد ایئر پورٹ پر فائر بریگیڈ عملے کو طلب کیا گیا، اور کنٹرول ٹاور کی معاونت سے کپتان نے تربیتی طیارے کو بہ حفاظت رن وے پر اتارا۔

    ترجمان سی اے اے نے بتایا کہ تربیتی طیارے میں دوران اڑان فنی خرابی پیدا ہوئی، طیارے کی بہ حفاظت لینڈنگ کی گئی، کپتان اور طیارہ دونوں محفوظ رہے۔

  • طیارہ حادثے میں مردہ قرار دیا گیا شخص 45 سال بعد زندہ لوٹ آیا

    طیارہ حادثے میں مردہ قرار دیا گیا شخص 45 سال بعد زندہ لوٹ آیا

    کیرالا: بھارت میں 45 سال قبل مردہ قرار دیا گیا ایک شخص زندہ لوٹ آنے پر لوگ حیران رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق 1976 میں حادثے کا شکار ہونے والے ایک طیارے میں مردہ قرار دیا جانے والے بھارتی شہری کے زندہ ہونے کی خبر سن کر ان کے اہل خانہ اور اہل محلہ حیران رہ گئے۔

    ساجد تھونگل کا تعلق بھارتی ریاست کیرالا کے ایک گاؤں سستھام کوٹا سے ہے، وہ اس وقت 70 برس کے ہیں، پینتالیس سال قبل انڈین ایئر لائن کا ایک جہاز ممبئی سے مدراس جاتے ہوئے انجن فیل ہونے کے سبب حادثے کا شکار ہوا تھا، اور اس میں سوار تمام 95 افراد ہلاک ہو گئے تھے، خیلج فارس میں روزگار کی تلاش کے لیے جانے والا ساجد تھونگل بھی اس جہاز میں سوار تھا۔

    رپورٹ کے مطابق جہاز حادثے کے بعد تمام مسافروں کو مردہ قرار دے دیا گیا تھا اور ساجد کے گھر والوں نے اسے بھی مردہ سمجھ کر تمام رسومات ادا کی تھیں، تاہم ساجد معجزاتی طور پر حادثے میں زندہ بچ گیا تھا، لیکن اس نے اپنے گھر والوں کو اپنے متعلق نہ بتانے کا فیصلہ کیا اور ابوظبی چلا گیا۔

    والدین، تین بھائیوں اورچار بہنوں کو یقین ہو گیا تھا کہ ساجد اب اس دنیا میں نہیں رہا، دوسری جانب اس نے ابوظبی میں بھارتی ثقافت کے فروغ کے لیے ہندوستانی فلموں کی تشہیر کا کام شروع کر دیا، ایک بار 1982 میں وہ ممبئی بھی آیا تاکہ اپنا کاروبار کر سکے، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکا، جس سے ساجد کے دل میں خوف پیدا ہو گیا کہ اگر وہ گھر گیا تو اہل خانہ اسے ایک ناکام شخص سمجھیں گے۔

    بقول ساجد وہ چاہتا تھا کہ ایک کامیاب کاروباری آدمی بن کر گھر واپس جائے اور اہل خانہ کو اپنے زندہ ہونے کا ثبوت دے، اس لیے اس نے کامیاب بزنس مین بننے تک گھر والوں سے نہ ملنے کا فیصلہ کیا۔

    2019 میں ساجد کی ملاقات کے ایم فلپ سے ہوئی جو بچھڑے ہوئے پیاروں کو آپس میں ملانے کا کام کرتے تھے، ساجد نے بتایا کہ اگر یہ لوگ مجھے تلاش نہ کرتے تو شائد میں اپنے خاندان سے ملے بغیر ہی حقیقی موت مر جاتا۔ فلپ کا کہنا تھا کہ جب وہ پہلی بار ساجد سے ملا تو وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور اسے راضی کرنے میں بڑی مشکل ہوئی۔

    کے ایم فلپ نے ساجد کو منانے کے بعد اپنے ایک کارکن کو اس کے گھر حالات معلوم کرنے کے لیے بھیجا، ساجد کے والد 2012 میں انتقال کر گئے تھے، لیکن ان کی والدہ، بیوی اور بھائی زندہ تھے، اہل خانہ کو جب ساجد کے متعلق بتایا گیا تو وہ یہ جان کر حیران رہ گئے کہ وہ زندہ اور دبئی میں رہائش پذیر ہے۔

  • طیارہ حادثہ: یوکرین نے ایرانی پیش کش ٹھکرا دی

    طیارہ حادثہ: یوکرین نے ایرانی پیش کش ٹھکرا دی

    کیف: یوکرین نے طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا کو معاوضے کی ایرانی پیش کش ٹھکرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران نے پی ایس 752 طیارے میں ہلاک ہونے والے ہر شخص کے لواحقین کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر معاوضہ ادا کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم یوکرین کی وزارت خارجہ اسے مسترد کر دیا۔

    عرب نیوز کے مطابق یوکرین کی وزارت خارجہ کا مؤقف ہے کہ معاوضہ بلاشبہ انصاف کی جانب اہم قدم ہے، تاہم اس سے قبل یہ پورا سچ سامنے لانا ضروری ہے کہ طیارہ کن حالات میں گرا، ترجمان اولیگ نیکولینکو نے کہا اس کے بعد معاوضے کی بات ممکن ہے، معاوضوں کی ادائیگی بھی یک طرفہ فیصلے کے تحت نہ ہو بلکہ ان تمام حکومتوں کے ساتھ معاہدے کے ذریعے ہو جن کے شہری ہلاک ہوئے۔

    یوکرین میں تعینات ایرانی سفیر منوچہر مرادی نے گزشتہ روز ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ایران لواحقین کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر ادا کرنے کو تیار ہے۔

    اس سے قبل کینیڈا، سویڈن، یوکرین اور برطانیہ کے وزرا پر مشتمل طیارہ حادثے کے متاثرین کے لیے بنائے گئے بین الاقوامی رابطہ اور رسپانس گروپ نے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ ایران گروپ میں شامل تمام ممالک کو معاوضہ ادا کر کے اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرے۔

    یاد رہے کہ 8 جنوری کو 2020 کو ایران کے پاسداران انقلاب نے یوکرین انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پرواز کو تہران میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔

  • مشہور ہالی ووڈ اداکار اہلیہ سمیت طیارہ حادثے میں ہلاک

    مشہور ہالی ووڈ اداکار اہلیہ سمیت طیارہ حادثے میں ہلاک

    نیویارک : معروف ہالی ووڈ فلم ’ٹارزن‘ کے مرکزی کردار جوئی لارا اہلیہ سمیت طیارہ حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طیارہ حادثہ امریکی ریاست ٹیننسی میں پیش آیا جہاں چھوٹا طیارہ سیسنا سی 501 روتھر فورڈ کاؤنٹی ایئرپورٹ سے پرواز کے کچھ دیر بعد حادثے کا شکار ہوگیا۔

    ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ طیارہ ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی فنی خرابی کے باعث جھیل میں جاگرا، جس کے نتیجے میں سوار تمام مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں میں معروف ہالی فلم ’ٹارزن‘ میں مرکزی کردار نبھانے والے 58 سالہ جوئی لارا اور ان کی 66 سالہ اہلیہ بھی شامل تھیں۔

    امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایجنسی اور پولیس نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں : امریکا میں خوفناک طیارہ حادثہ، تمام مسافر ہلاک

    خیال رہے کہ ماضی کی مقبول ترین فلم ’ٹارزن‘ کے ہیرو نے جوئی لارا نے اپنا آغاز بطور ماڈل کیا تھا لیکن پھر اپنی جاندار فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا بھی منوالیا۔

  • میکسیکو میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تصدیق

    میکسیکو میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتوں کی تصدیق

    میکسیکو سٹی: شمالی امریکا کے ملک میکسیکو میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی شمالی ریاست نوویو لیون کے ڈیلنارٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب ایک چھوٹا طیارہ گرنے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ریاست کے شہری تحفظ کے حکام نے جمعرات کو حادثے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹا طیارہ سینیگا ڈی فلورس کی میونسپلٹی میں ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے اندر گر کر تباہ ہوا، طیارے میں 6 افراد سوار تھے۔

    طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور 3 مرد شامل تھے، یہ طیارہ 1972 کا پائپر پی اے 32 چیروکی سکس تھا، جو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر لاریڈو سے رجسٹرڈ تھا۔

    امریکا میں‌ طیارہ گر کر تباہ، ہلاکت کی تصدیق

    ٹرانسپورٹ کمپنی کے اندر طیارہ کریش ہونے کے سبب کمپنی کا ایک ملازم بھی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    شہری ڈیفنس کے مطابق ٹرانسپورٹ لائن کے لیے کام کرنے والا شخص ایک ٹریکٹر ٹریلر آپریٹر تھا، جب جہاز ٹریکٹر پر آ کر کریش ہوا تو اس وقت وہ ٹریکٹر میں سوار تھا۔

  • طیارہ حادثہ: معاوضے کی ادائیگی کے سلسلے میں اہم فیصلہ

    طیارہ حادثہ: معاوضے کی ادائیگی کے سلسلے میں اہم فیصلہ

    کراچی: طیارہ حادثہ شہدا کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کے سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس کے لیے طریقہ کار پر قانونی رائے حاصل کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت طیارہ حادثہ شہدا کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کے ضمن میں فالو اپ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی سی اے اے، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے، کنسلٹنٹ وزارت قانون، این ڈی ایم اے و دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی وزارت قانون کو خط لکھ کر ان سے معاوضے کی ادائیگی کے طریقہ کار کے لیے قانونی رائے حاصل کرے گی۔ طیارہ حادثہ شہدا کے لواحقین نے اجلاس کے فیصلے پر اظہار اطمینان کیا۔

    گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ سی اے اے اس سلسلے میں جلد از جلد عمل درآمد یقینی بنائے، اور پی آئی اے حکام کراچی طیارہ حادثہ شہدا کے اہل خانہ کو معاوضہ ادائیگی کے عمل کو تیز کرے، کیوں کہ معاوضے کی ادائیگی میں غیر معمولی تاخیر باعث تشویش ہے۔

    کراچی طیارہ حادثہ : متاثرین نے شکایتوں کے انبار لگا دیئے

    انھوں نے کہا معاوضے کی رقم کو ملکی قانون اور بین الاقوامی ضابطہ کار کے مطابق یقینی بنایا جانا چاہیے، جن متاثرہ خاندانوں کے واحد کفیل حادثے میں شہید ہوئے وہ مالی طور پر پریشان ہیں۔

    گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ خدشات اور تحفظات کی روشنی میں تحریری جواب دیں، اے اے آئی بی کے نمائندے نے کہا اس معاملے کی تحقیقات کے لیے شفاف اور غیر جانب دارانہ طریقہ کار اپنایا گیا ہے، مکمل تحقیقات کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

  • امریکی طیارے کو خوف ناک حادثہ، باسکٹ بال ٹیم سوار تھی

    امریکی طیارے کو خوف ناک حادثہ، باسکٹ بال ٹیم سوار تھی

    یوٹاہ: امریکا میں ایک طیارہ پرندوں کا غول ٹکرانے کے باعث خوف ناک حادثے کا شکار ہوتے ہوتے رہ گیا، طیارے میں یوٹاہ جاز باسکٹ بال ٹیم سفر کر رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کے روز دوپہر کو ڈیلٹا ایئر لائن کے ایک بوئنگ 757 طیارے کو امریکی ریاست یوٹاہ کے سالٹ لیک سٹی سے پرواز کے فوراً بعد ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔

    طیارے کے انجن سے پرواز کے فوراً بعد ہی پرندوں کا غول ٹکرایا تھا، جس کے باعث انجن کو شدید نقصان پہنچا، طیارہ یوٹاہ جاز باسکٹ بال کی ٹیم کے لیے چارٹر کیا گیا تھا۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق امریکی شہر میمفس کے لیے طیارے نے ٹیک آف کیا ہی تھا کہ چند منٹ کے دوران پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے طیارے کے بائیں جانب کے انجن میں شدید گڑ بڑ کی نشان دہی کی، جس پر پائلٹ کو فوری طور پر جہاز واپس اتارنے کی ہدایت کی گئی۔

    پرندوں کا غول ٹکرانے سے طیارے کو شدید نقصان پہنچا، جب کہ ایک انجن ناکارہ ہو گیا، واقعے کے بعد پائلٹس طیارے کو بہ حفاظت واپس زمین پر اتارنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق واقعے میں جہاز کے بائیں انجن کی باڈی کئی فٹ تک اکھڑی ہوئی تھی، اس پر خون تھا اور پرندوں کی باقیات انجن کے اندر تک گھس چکی تھیں۔

    طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، بتایا گیا کہ واقعے کے وقت طیارہ 7800 فٹ کی بلندی پر اور 230 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر تھا۔