Tag: طیارہ حادثہ

  • مسافر طیارے کو نشانہ بنا کر غلطی کی: ایرانی وزیر خارجہ کا اعتراف

    مسافر طیارے کو نشانہ بنا کر غلطی کی: ایرانی وزیر خارجہ کا اعتراف

    نئی دہلی: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اعتراف کرلیا کہ یوکرین کے طیارے کو گرا کر ہم نے غلطی کی، طیارے کو مار گرانے کا واقعہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک کانفرنس میں شرکت کی، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جواد ظریف نے اعتراف کیا کہ یوکرین کے طیارے کو گرا کر ہم نے غلطی کی۔

    ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ طیارے کو مار گرانے کا واقعہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا جنرل سلیمانی کو پسند نہیں کرتا تھا، جنرل سلیمانی کی فوج تھی جو داعش کے خلاف مؤثر کارروائی کر رہی تھی۔ ان کی موت کا جشن ٹرمپ، پومپیو اور داعش منا رہے ہیں۔

    جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا کو خطے میں کشیدگی ختم کرنے کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ میں نہیں جانتا برطانوی وزیر اعظم کی تجویز ٹرمپ ڈیل کب تک چلے گی۔

    ایرانی وزیر خارجہ اس وقت 3 روزہ دورے پر بھارت میں موجود ہیں جہاں وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔

    خیال رہے کہ 8 جنوری کی شب ایرانی دارالحکومت تہران کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والا یوکرین کا مسافر طیارہ ٹیک آف کے 8 منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا، المناک حادثے میں 176 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایرانی شہریوں سمیت یوکرین، کینیڈا، برطانیہ، افغانستان، سوئیڈن اور جرمنی کے شہری شامل تھے۔

    ابتدا میں ایرانی حکام اسے حادثہ قرار دیتے رہے تاہم جلد ہی ایران نے اعتراف کرلیا کہ مسافر طیارے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

    واقعے سے تھوڑی دیر قبل ہی ایرانی میزائلوں نے بغداد میں 2 امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا جس کے بعد امریکا ایران تعلقات میں خطرناک موڑ آگیا اور مشرق وسطیٰ میں سخت کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

  • یوکرینی طیارے پر مبینہ میزائل حملے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

    یوکرینی طیارے پر مبینہ میزائل حملے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

    تہران: یوکرین کے طیارے حادثے سے متعلق ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جہاز کو مبینہ طور پر میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین کا طیارہ حادثے کا شکار ہوا یا پھر اسے تباہ کیا گیا، ابھی تک معمہ حل نہ ہوا البتہ ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی ہے جس سے متعق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ جہاز پر حملے کی ویڈیو ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک میزائل نماہتھیار رات کی تاریکی میں فضا میں نمادار ہوا اور کسی چیز سے ٹکرایا جس کے باعث آگ کے شعلے بلند ہوئے اور زور دار دھماکے کی آواز آئی۔

    امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ وہی ویڈیو اور مقام ہے جہاں ایران نے اپنے میزائل سے یوکرین کے طیارے کو نشانہ بنایا جس کے باعث جہاز کا ٹرانسمیشن سگلنل بھی معطل ہوا۔ البتہ اب تک یہ گتھی سلجھ نہ سکی۔

    یوکرین طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہوا، بورس جانسن اور جسٹن ٹروڈو کا بھی دعویٰ

    خیال رہے کہ ایران میں یوکرین کا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے واقعے سے متعلق گزشتہ روز امریکی ہفتہ روزہ میگزین نیوز ویک نے دعویٰ کیا کہ طیارے کو ایران نے غلطی سے تباہ کیا تھا، طیارے کو اینٹی ایئر کرافٹ میزائل لگا تھا، پینٹاگون اور عراقی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے اس حادثے سے متعلق آگاہ کیا، طیارے کو جو میزائل لگا وہ روسی ساختہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل ٹی او آر ایم ون تھا۔

    ادھر برطانوی اور کینیڈین وزرائے اعظم نے بھی دعویٰ کر دیا ہے کہ یوکرین طیارہ ایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوا ہے۔

  • یوکرین، ایران اور امریکی کمپنی کے درمیان جھولتے بلیک باکس میں‌ ہے کیا؟

    یوکرین، ایران اور امریکی کمپنی کے درمیان جھولتے بلیک باکس میں‌ ہے کیا؟

    تہران کے ہوائی اڈے سے پرواز کرنے والا یوکرین کا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے آٹھ منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس میں سوار 176 افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

    ایران نے اس طیارے کا بلیک باکس بوئنگ کمپنی یا امریکا کو دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    یہی بلیک باکس اس فضائی حادثے کی وجوہ جاننے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

    بین الاقوامی قوانین ایران کو تحقیقات کی سربراہی کا حق تو دیتے ہیں، لیکن اس میں طیارہ بنانے والی کمپنی بھی شامل ہوتی ہے۔ امریکی بوئنگ کے تیار کردہ طیاروں سے متعلق تحقیقات میں اس ملک کی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ کا بھی کردار ہوتا ہے۔ یہ ایک عام بات ہے، مگر یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور امریکا کے مابین حالات شدید کشیدہ ہیں۔

    بلیک باکس کیا ہے؟

    تین تہوں پر مشتمل اس باکس کی تیاری میں خیال رکھا جاتا ہے کہ بلندی سے گرنے کے بعد اس میں موجود حساس آلات کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

    بلیک باکس کی بیرونی تہ مضبوط اسٹیل یا ٹائی ٹینیٹم دھات سے تیار کی جاتی ہے۔ یہ اس باکس کو شدید دھچکے اور دباؤ سے بچاتی ہے۔

    باکس کی دوسری تہ کو ایک انسولیشن خانہ کہا جاسکتا ہے۔

    تیسری تہ باکس کو آگ اور تپش سے محفوظ رکھتی ہے۔

    یہ تینوں تہیں فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ کو ضایع ہونے سے بچا لیتی ہیں۔

    بلیک باکس کو متعدد طریقوں سے جانچنے کے ساتھ آزمائشی مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ ان میں آگ اور حرارت پہنچانا، زیرِ آب رکھنا اور باکس پر مختلف معائعات آزمانا شامل ہے۔

    بلیک باکس کیا بتا سکتا ہے؟

    حادثہ سطحِ زمین پر ہو یا فضا میں، طیارہ کسی سمندر میں گرا ہو تب بھی بلیک باکس کے ریکارڈ شدہ ڈیٹا اور آوازوں سے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ طیارہ حادثے کے وقت کتنی بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔

    اسی طرح پرواز کی سمت اور رفتار کیا تھی۔ ماہرین اس باکس کی مدد سے جان سکتے ہیں کہ اس کے انجن کس حالت میں تھے۔

    ان بنیادی باتوں کے علاوہ کاک پٹ میں ہونے والی گفتگو سنی جاتی ہے۔ ریکارڈ شدہ آوازوں سے معلوم ہو جاتا ہے کہ حادثہ کے وقت طیارے کے عملے نے آپس میں یا کنٹرول ٹاور سے کیا بات کی تھی۔ اس سے حادثے کی وجوہ کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔

    محققین کو اہم ترین معلومات فراہم کرنے والا یہ آلہ طیارے کے پچھلے حصّے میں نصب کیا جاتا ہے تاکہ وہ محفوظ رہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عموماً کریش یا کسی دوسری افتاد کا سامنا کرنے کی صورت میں طیارے کا اگلا حصہ ہی کسی پہاڑ، زمین، عمارات وغیرہ سے ٹکراتا ہے۔

    ڈیوڈ وارن نے 1956 میں بلیک باکس کا پہلا نمونہ تیار کیا جو چار گھنٹے کی ریکارڈنگ کر سکتا تھا۔ اسے کئی سال بعد طیاروں کے لیے لازمی قرار دے دیا گیا۔

  • پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    کراچی: نئے سال کے پہلے ہفتے ہی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق طیارے سے پرندہ ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا۔ کوئٹہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 311 سے پرندہ ٹکرا گیا۔ تاہم طیارہ کسی حادثے سے بچ گیا۔

    سال 2019 میں کراچی ائیرپورٹ پر پرندہ ٹکرانے کے 19 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 311 سے پرندہ ٹکراگیا جس کے باعث طیارے کے پر کو نقصان پہنچا۔ طیارے کی مرمت کا کام جاری ہے تاہم کراچی سے پشاور جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    پی آئی اے کا ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    جہاز میں سوار 150 مسافر رل گئے۔ ترجمان پی آئی اے نے مسافروں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی سہولیات کا خیال رکھ رہے ہیں تاہم سی اے اے کے طرف سے پرندوں کو بھگانے کے اقدامات نہیں کیے گئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بچا تھا۔ طیارے کے لاہور ایئر پورٹ پر اترتے ہی انجن سے کوئی چیز ٹکرائی جس سے اس کا توازن بگڑا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • ایئرٹریفک کنٹرولر کی مہارت، غیر ملکی طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    ایئرٹریفک کنٹرولر کی مہارت، غیر ملکی طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    کراچی: کراچی میں ایئرٹریفک کنٹرولر نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیرملکی طیارے کو بڑے حادثے سے بچا لیا، جہاز میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر جےپور سے مسقط جانے والی غیرملکی پرواز(عمان ایئر) ڈبلیووائی276آسمانی بجلی کی زد میں آئی تاہم ایئرٹریفک کنٹرولر نے کمال مہارت کے ساتھ طیارے کے عملے سے رابطہ بحال رکھا اور کئی زندگیاں بچا لیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارہ بھارتی فضائی حدود سے ہوتا ہوا کراچی ریجن میں داخل ہوا اور سندھ کے علاقے چھور کے مقام پر طیارہ آسمانی بجلی کی زد میں آیا، ایئرٹریفک کنٹرولر نے مکمل رہنمائی کرتے ہوئے طیارے کو حادثے سے بچایا۔

    طیارہ 38ہزار فٹ بلندی پر کپتان سے بےقابو ہوگیا تھا، طیارہ کپتان سے بےقابو ہوکر 38ہزار بلندی سے 36ہزار بلندی پر آگیا تھا، کپتان نے ہنگامی بنیادوں پر اے ٹی سی کو میڈے میڈے کی کال دی، بعد ازاں ایئرٹریفک کنٹرولر نے کپتان کی رہنمائی کرکے طیارے کو دیگر طیاروں کے درمیان تصادم سے بچایا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق غیر ملکی ایئرلائن کے کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا تھا اور میڈے کی کال دی تھی جس پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو خراب موسم سے نکلنے میں مکمل طور پر رہنمائی کی تھی اور دوسرے طیاروں سے بھی بچایا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئر لائن کا طیارہ حادثے سے بال بال بچا تھا، ایئر پورٹ حکام کے مطابق سعودی ایئر لائن کے طیارے کا لینڈنگ کے دوران ٹائر پھٹ گیا تھا۔

  • راولپنڈی: پاک فوج کا طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ اور عملے کے پانچ ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق

    راولپنڈی: پاک فوج کا طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ اور عملے کے پانچ ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: آرمی ایوی ایشن کاطیارہ راولپنڈی کےقریب گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ اور عملے کے پانچ ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی ایوی ایشن کا طیارہ راولپنڈی کے قریب گرکر تباہ ہوا، حادثے میں2 پائلٹ سمیت عملے کے 5 ارکان شہید ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل ثاقب، لیفٹیننٹ کرنل وسیم، نائب صوبیدارافضل، حوالدارابن امین اور حوالدر رحمت بھی شامل ہیں۔

    پاک فوج کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک گرکر تباہ ہوگیا، طیارہ حادثے کے دوران شہری آبادی پر گرا جس سے 12شہری  جاں بحق اور 12زخمی بھی ہوئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے حادثے کے باعث طیارے میں آگ لگ گئی جس نے قریبی مکانات کو اپنے لپیٹ میں لیا تاہم فائر فائٹرز کے عملے نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔

    زخمیوں کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، ریسکیو1122 کی ٹیموں کی جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں، راولپنڈی کے تینوں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارہ گرنے سے 4 سے 5 گھروں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔

  • امریکا میں مسافر طیارہ گرکر تباہ، 10 افراد ہلاک

    امریکا میں مسافر طیارہ گرکر تباہ، 10 افراد ہلاک

    واشنگٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دس افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی کمپنی کا جہاز مقامی ایئرپورٹ کے ہینگر میں گرکرتباہ ہوا، کنگ ایئر350 کے دو انجن کےطیارے پر سوار کوئی شخص زندہ نہیں بچا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں پیش آیا، جہاں نجی آیئرلائن کا طیارہ ایئرپورٹ کے ہینگر میں ہی گرکر تباہ ہوگیا۔

    ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی، البتہ وفاقی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مل کر تفتیش کررہے ہیں جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد طیارے میں فوراً آگ بھڑک اٹھی، خوش قسمتی سے ایئرپورٹ کے ہینگر میں عملے کا کوئی شخص موجود نہیں تھا، مذکورہ جہاز اپنی نوعیت کا چھوٹا طیارہ ہے جس میں بہ یک وقت تیرہ افراد سوار ہوسکتے ہیں۔

    امریکی ریاست ٹیکساس کے حکام نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں امریکی ریاست ٹیکساس میں ڈبل انجن طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں نیویارک کے سابق میئر اور ان کی نواسی بھی شامل تھیں۔

    امریکی ریاست ٹیکساس میں طیارہ گر کر تباہ، 6 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں کولمبیا میں چھوٹا گیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا حادثے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • روس میں مسافر طیارہ ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران عمارت سے ٹکرا گیا، 2 افراد ہلاک

    روس میں مسافر طیارہ ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران عمارت سے ٹکرا گیا، 2 افراد ہلاک

    ماسکو: روس میں مسافر طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑ گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی علاقے سائبیریا میں ہنگامی حالات کے علاقائی وزارت کا کہنا ہے کہ آنٹونوف چوبیس طرز کا ایک مسافر ہوائی جہاز کو بوریاتیا کے خطے میں ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی اور وہ عمارت سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

    طیارے میں عملے کے 5 ارکان سمیت 48 افراد سوار تھے، دوران پرواز ایک انجن بند ہونے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارہ رن وے پر پھلستا ہوا ایک چھوٹی عمارت سے ٹکرا گیا۔

    اس دوران طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے سبب دو افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

    طیارہ حادثے کی تحقیقیات کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے بعد میڈیا کے ذریعے عوام کو تفصیل سے آگاہ کردیا جائے گا۔

  • کراچی سے لاہور جانے والا نجی ایئر لائن کا طیارہ حادثے سے بچ گیا

    کراچی سے لاہور جانے والا نجی ایئر لائن کا طیارہ حادثے سے بچ گیا

    کراچی: کراچی سے لاہور جانے والا نجی ایئر لائن کا طیارہ حادثے سے بچ گیا، نجی ایئر لائن کا طیارہ خراب موسم کے باعث بادلوں کی زد میں آ گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک پرائیویٹ ایئر لائن کی پرواز کراچی سے لاہور جاتے ہوئے حادثے سے بچ گئی، خراب موسم کے باعث طیارہ بادلوں کی زد میں آیا تھا۔

    طیارے کے کپتان نے مہارت سے پرواز کو ایئر پاکٹ سے نکالا، تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ کپتان طیارے کو لاہور ایئر پورٹ پر اتارنے کی کوشش میں کام یاب نہیں ہو سکا۔

    بعد ازاں طیارے کو موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔ ادھر مسافروں نے نجی پرواز کے خلاف شدید غصے کا اظہار کیا، ایک غیر ملکی مسافر نے بتایا کہ لاہور لینڈنگ کے دوران طیارہ بے قابو ہو گیا تھا، ہم ڈر گئے کہ طیارہ گر جائے گا، طیارہ بے قابو ہونے سے تمام مسافر ڈر گئے تھے۔

    مسافروں نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتارے جانے کے بعد بس کے ذریعے لاہور روانہ کیے جانے پر بھی احتجاج کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مانچسٹر: پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    دریں اثنا، جدہ سے اسلام آباد آنے والی سعودی ائیر لائن کی پرواز ایس وی 722 کو کراچی ائیر پورٹ اتارا گیا، ایئر پورٹ ذرایع کا کہنا ہے کہ راستے میں موسم کی خرابی کے باعث پرواز کا رخ موڑا گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 308 کو بھی موسم کی خرابی کے باعث لاہور ائیر پورٹ پر اتارا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ 8 جون کو اسلام آباد سے مانچسٹر پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی تھی، پی کے 702 کا دروازہ اچانک کھل گیا تھا جس کی وجہ سے طیارے کی ایمرجنسی سلائیڈنگ ایکٹو ہو گئی تھی۔

    طیارہ مانچسٹر ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد پارکنگ پر کھڑا ہوا تھا، جب ایک خاتون مسافر نے طیارہ کا دروازہ کھول دیا، سلائیڈنگ کھلنے کی وجہ سے پرواز 7 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔

    ضابطے کے مطابق طیارے کے جس حصے کی ایمرجینسی سلائیڈنگ کھل جائے، اس ایریا کو خالی رکھنا لازمی ہوتا ہے، ایریا کو خالی چھوڑنے کی وجہ سے مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑا تھا۔

    معلوم ہوا تھا کہ مذکورہ خاتون دروازے کو واش روم کا دروازہ خیال کر بیٹھی تھیں، تاہم خوش قسمتی سے اس وقت طیارہ فضا میں نہیں تھا، ورنہ بہت بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔

  • میکسیکو میں نیوی کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، پانچ اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک

    میکسیکو میں نیوی کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، پانچ اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک

    میسکیوسٹی: میکسیکو میں نیوی کا ہیلی کاپٹرگرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکاروں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو مں مغربی علاقے کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے دوران ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔ حادثے میں پانچ نیوی اہل کاروں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میکسیکو کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے میکسیکن نیوی کا ہیلی کاپٹر بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہے تھے کہ اسی دوران ہیلی کاپٹر آگ کے شعلوں کی لپیٹ اور گرم درجہ حرارت کے باعث حادثے کا شکار ہوا اور گر کر تباہ ہوگیا۔

    ہیلی کاپٹر کو حادثہ آبادی سے دور پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔ مرنے والوں میں جنگلات کمیشن کا نمائندہ بھی شامل ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے روسی ساختہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر نے ویلی ورڈی سے اڑان بھری تھی، جس میں دو ہزار پانچ سو لیٹر آگ بجھانے کیلئے پانی موجود تھا۔

    بڑے رقبے پر پھیلی آگ کے باعث حادثے کے بعد امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ واقعہ پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کے اظہار میں میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ کم بارشوں اور سخت موسمی حالات کے باعث میکسیکو کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے میں انتہائی دشواری کا سامنا ہے، جنگلات میں لگی آگ کے بادلوں اور دھوئیں سے قریبی آبادیوں اور شہر کی آب و ہوا بھی متاثر ہو رہی ہے۔

    دھوئیں کے باعث انتظامیہ اور طبی ماہرین نے لوگوں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات اور باہر نکلنے کی صورت میں ماسک پہنچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔