Tag: طیارہ حادثہ

  • ایران میں ہیلی کاپٹر گرکرتباہ، 5 افراد ہلاک

    ایران میں ہیلی کاپٹر گرکرتباہ، 5 افراد ہلاک

    تہران: ایران میں امداد کے دوران ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ ایران کے مغربی علاقے میں پیش آیا، ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے باعث پانچ افراد ہلاک ہوگئے، حکام نے تصدیق کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر ایک حاملہ خاتون کو لے جانے کے لیے محو پرواز تھا، اس خاتون کو ہنگامی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرنا تھا، بدقسمتی سے ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔

    اس حادثے کی اصل وجہ اب تک سامنے نہیں آئی، کہا یہ جارہا ہے کہ ہیلی کاپٹر دوران پرواز ٹرانسمشن ٹاؤر سے جاٹکرایا جبکہ دوسری جانب یہ بھی رائے ہے کہ ہیلی کاپٹر پہاڑ سے ٹکرانے سے تباہ ہوا۔

    حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی، مکمل حقائق تفتیش کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ قبل ازیں ایران میں گذشتہ چند عشروں کے دوران متعدد پرانے طیارے اور ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوئے۔

    ایران کو امریکی اقتصادی پابندیوں کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ دیگر ممالک سے نئے طیارے نہیں خریدسکتا اور نہ ہی پرزے منگاوا سکتا ہے۔

    ایران، مسافرطیارہ گر کر تباہ، تمام افراد ہلاک

    خیال رہے کہ گذشتہ سال فروری میں ایران کے صوبے اصفہان میں موسم کی خرابی کے باعث مسافر طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 66 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  • برطانیہ: ایئرپورٹ پر طیارے میں آگ لگ گئی

    برطانیہ: ایئرپورٹ پر طیارے میں آگ لگ گئی

    لندن: برطانیہ میں اسٹین اسٹیڈ نامی ایئرپورٹ پر طیارے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تمام پروازیں معطل کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں اسٹین اسٹیڈ ایئرپورٹ پر مسافر طیارے نے اڑان بھرنا شروع کی تو اچانک آگ لگ گئی، ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جہاز میں آگ رن وے پر اڑان بھرنے کے دوران لگی، ایئرپورٹ پر ایمرجنسی اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔

    انتظامیہ کے مطابق طیارہ اے 320 لندن سے آسٹریکا کے دارالحکومت ویانا جارہا تھا جبکہ حادثے کے باعث تمام پروازیں ہی روک دی گئیں۔

    اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تمام مسافروں کو بحفاظت جہاز سے نکال لیا گیا، ریسکیو اور انجینئرنگ عملے نے آپریشن شروع کردیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ایئرپورٹ کھول دی جائے گی اور پروازیں بھی بحال کردی جائیں گی۔

    برطانیہ: چھوٹا طیارہ گرکر تباہ، پائلیٹ ہلاک

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ برطانیہ کے جنوب مشرق میں واقع ملک ایسیکس میں چھوٹا طیارہ گرکر تباہ ہونے کے نتیجے میں پائلیٹ ہلاک ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں برطانیہ کےجنوب میں بکنگ ہمپشائر کے علاقے میں چھوٹے طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا۔

    طیارہ دوران پرواز ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر گرگیا تھا جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • آسٹریا: ایئرشو کے دوران حادثہ، طیارہ جھیل میں جاگرا

    آسٹریا: ایئرشو کے دوران حادثہ، طیارہ جھیل میں جاگرا

    ویانا: آسٹریا میں ایئرشو کے دوران حادثہ پیش آیا، طیارہ پھرتیلے انداز میں کرتب دکھاتے ہوئے جھیل میں جاگرا۔

    تفصیلات کے مطابق پرفارمنس کے دوران پائلٹ ایک سو اسی ڈگری پر اسٹنٹ کرنا چاہا تو طیارے پر قابونہ رکھ سکا اور سیدھا جھیل میں جا گرا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے پائلٹ حادثے میں محفوظ رہا، وولف گینگ نامی جھیل کے بجائے طیارہ اگر زمین پر گرتا تو جانی نقصان بھی ہوسکتا تھا۔

    حادثے میں پائلیٹ کو معمولی چوٹ آئی، پائلیٹ کا کہنا تھا کہ 180 ڈگری پر جہاز اڑانے اور کرتب کے باعث کنٹرول کھو بیٹھا اور طیارہ جھیل میں جاگرا۔

    بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے پائیلٹ کو ریسکیو کیا اور جہاز کو بھی نکال لیا گیا، انتظامیہ کے مطابق طیارہ معمولی مرمت کے بعد زیراستعمال ہوگا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال مئی میں آئر لینڈ کے علاقے بوگ لینڈ میں پیراشوٹ طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں سات سالہ بچے سمیت دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    انڈونیشیا طیارہ حادثہ، آخری خواہش پوری کرنے کے لیے منگیتر کا فوٹو شوٹ

    عینی شاہدین نے کہا تھا کہ طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے کچھ لمحے قبل ایئر کرافٹ میں سوار 16 چھاتہ برداروں نے طیارے سے چھلانگ لگادی تھی۔

    یاد رہے کہ سال 2017 میں جرمن ریاست بادن کے علاقے راونز برگ قصبے کے جوار میں "سیسنا سائٹیشن 510” ساخت کا ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

  • برطانیہ: چھوٹا طیارہ گرکر تباہ، پائلیٹ ہلاک

    برطانیہ: چھوٹا طیارہ گرکر تباہ، پائلیٹ ہلاک

    لندن: برطانیہ کے جنوب مشرق میں واقع ملک ایسیکس میں چھوٹا طیارہ گرکر تباہ ہونے کے نتیجے میں پائلیٹ ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ ایسیکس کے سرحدی علاقے بیلچھم والٹر میں پیش آیا جہاں چھوٹا طیارہ گرکر تباہ ہونے کے باعث پائلیٹ ہلاک ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ طیارہ کو حادثہ لینڈنگ کے دوران پیش آیا، طیارے میں صرف پائلیٹ ہی موجود تھا جو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موقع پر تحقیقاتی ٹیم موجود ہے جو حادثے کی وجہ اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے جانچ پرتال کررہی ہے۔

    ہلاک ہونے والے پچاس سالہ شخص کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جلد ورثہ کے حوالے کیا جائے گا۔

    لندن:چھوٹا طیارہ فضا میں ہیلی کاپٹرسے ٹکرا گیا،4 افرادہلاک، مزید ہلاکتوں کاخدشہ

    قریب رہائشی شخص نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ قریب ہی ہمیں دھواں اٹھتا دکھائی دیا، ہمیں لگا کہ کہیں لکڑیوں میں آگ لگی ہے بعد ازاں خبر ہوئی کے طیارہ گرکر تباہ ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں برطانیہ کےجنوب میں بکنگ ہمپشائر کے علاقے میں چھوٹے طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا۔

    طیارہ دوران پرواز ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر گرگیا تھا جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • ایران: فوجی طیارہ گرکر تباہ، پندرہ افراد ہلاک

    ایران: فوجی طیارہ گرکر تباہ، پندرہ افراد ہلاک

    تہران: ایران میں فوجی کارگو طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پندرہ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حادثہ ایرانی دارالحکومت تہران کے قریب پیش آیا، اس حادثے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ صرف ایک فلائٹ انجینیئر خوش قسمتی سے زندہ بچ نکلا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سولہ افراد سوار تھے جن میں سے صرف ایک فلائٹ انجینئیر زندہ بچا۔

    حکام کے مطابق طیارہ لینڈنگ کی کوشش میں پائلٹ کی غلطی سے گرکرتباہ ہوا، فوج کا یہ مال بردار طیارہ وسطی صوبے البرز میں قراج کے نزدیک فتح کے ہوائی اڈے کی حدود میں گر کر تباہ ہوا۔

    حادثے کے بعد جہاز کا بلیک باکس تلاش کرلیا گیا ہے، مال بردار طیارے بوئنگ 707 میں گوشت لدا ہوا تھا اور وہ کرغیزستان کے دارالحکومت بشکک سے آرہا تھا۔

    اس سے قبل گذشتہ سال فروری میں ایران میں ایک طیارہ حادثے نے 66 افرار کی جانیں نگل لی تھیں۔ علاوہ ازیں اگست 2014 میں بھی اسی نوعیت کے حادثے میں 40 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ امریکا کی سخت اقتصادی پابندیوں کے باعث ایران نئے جہاز خریدنے سے قاصر ہے، جبکہ طیارہ سازی کے لیے دیگرے ممالک سے پرزے بھی نہیں خرید سکتا۔

  • یوکرین میں 3 سال قبل ایم ایچ 17 طیارہ حادثے کی خوفناک ویڈیو

    یوکرین میں 3 سال قبل ایم ایچ 17 طیارہ حادثے کی خوفناک ویڈیو

    یہ 3 سال قبل 17 جولائی 2014 کی بات ہے۔ دنیا ابھی ملائیشین ایئر لائنز کے طیارے ایم ایچ 370 کی پراسرار گمشدگی سے خوف و ہراس میں مبتلا تھی کہ اسی بدقسمت ایئر لائن کا ایک اور طیارہ ایم ایچ 17 بدترین حادثے کا شکار ہوگیا۔

    یہ ایک معمول کی پرواز تھی جسے ایمسٹرڈیم سے کوالا لمپور جانا تھا، سب کچھ معمول کے مطابق تھا۔ جیسے ہی طیارہ یورپی ملک یوکرین کے مشرقی حصے میں داخل ہوا، جہاز میں ایک دھماکہ ہوا اور جہاز بدترین تباہی کا شکار ہوگیا۔

    حادثے میں جہاز میں موجود تمام 283 مسافر اور عملے کے 15 افراد ہلاک ہوگئے۔

    مزید پڑھیں: جہاز کے حادثے کی صورت میں ان اقدامات سے جان بچانا ممکن

    جیسا کے بعد کی تفتیش سے علم ہوا کہ اس طیارے کو روسی میزائل سے اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب یہ یوکرین میں روس کے حمایت یافتہ باغیوں کے علاقے کے اوپر سے گزر رہا تھا۔

    حادثے کی تحقیقات میں ڈچ سیفٹی بورڈ بھی شامل تھا اور اب اسی بورڈ نے حادثے کی ایک کمپیوٹر جنریٹڈ ویڈیو جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر کس طرح پیش آیا ہوگا۔

    ویڈیو میں جہاز کو نشانہ بنانے والے میزائل کی ساخت اور اس کے ممکنہ نقصانات کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔

    گو کہ گزشتہ برس مرنے والوں کے لواحقین نے یورپی عدالت برائے انسانی حقوق میں روس اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا، تاہم تاحال اس بھیانک حادثے کے ذمہ داران آزاد ہیں۔

    آپ بھی یہ خوفناک ویڈیو دیکھیں اور فیصلہ کریں کہ ان معصوموں کی اس دردناک موت کا ذمہ دار کون ہے اور انہیں کس طرح کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جنید جمشید پر بننے والی فلم ’خواب‘ بھارت میں بلاک

    جنید جمشید پر بننے والی فلم ’خواب‘ بھارت میں بلاک

    معروف موسیقار اور گلوکار سلمان احمد نے طیارہ حادثے میں شہید جنید جمشید کے ساتھ گزارے گئے لمحات پر مبنی شارٹ فلم ’خواب‘ جاری کردی۔ فلم کو بھارت میں یوٹیوب پر بلاک کردیا گیا۔

    سلمان احمد کی جانب سے جاری کی جانے والی فلم میں ان کے جنید جمشید کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو دکھایا گیا ہے۔

    فلم میں مختلف ویڈیوز اور تصاویر کو یکجا کیا گیا ہے جن میں جنید جمشید کا گلوکاری کا کیریئر جب انہوں نے دنیا بھر میں پرفارم کیا، ان کی مختلف شخصیات سے ملاقاتیں، اور سلمان احمد اور دیگر دوستوں کے ساتھ خوبصورت لمحات قید کیے گئے۔

    واضح رہے کہ سابق گلوکار اور معروف نعت خواں و سماجی کارکن جنید جمشید 7 دسمبر کو حویلیاں کے نزدیک ہونے والے فضائی حادثے میں شہید ہوگئے تھے۔

    فلم ’خواب‘ کے جاری ہوتے ہی بھارت میں یوٹیوب پر اس کے لنک کو بلاک کردیا گیا جس کی شکایت سلمان احمد کے بھارتی مداحوں نے ٹوئٹر پر کی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے بھارت میں اسے اس لیے بلاک کیا گیا ہو کیونکہ یہ فلم پاکستان کے ثقافتی ورثے کو ظاہر کرتی ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سلمان احمد لائن آف کنٹرول پر ہونے والی بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجاً بھارت میں اپنا کنسرٹ منسوخ کرچکے ہیں۔

    سلمان احمد کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک طرف تو بھارت معصوم پاکستانیوں کو اپنے جنگی جنون کا نشانہ بنائے اور دوسری طرف وہ وہاں جا کر گانے گائیں۔ وہ ایسی منافقت میں حصہ نہیں لے سکتے۔

  • طیارہ حادثہ: ملبے کی اسلام آباد منتقلی دوسرے روز بھی جاری

    طیارہ حادثہ: ملبے کی اسلام آباد منتقلی دوسرے روز بھی جاری

    اسلام آباد: حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے ملبے کی اسلام آباد منتقلی دوسرے روز بھی جاری ہے۔ طیارے کا ملبہ لکڑی کے باکسز میں اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔

    حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا ملبہ اٹھانے کا کام مکمل کرلیا گیا۔ تباہ شدہ طیارے کا ملبہ اٹھانے کے لیے ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ ملبہ اٹھانے کے لیے حادثے کی جگہ تک رسائی کے لیے پہلے سڑک تعمیر کی گئی۔

    جائے حادثہ سے جمع کیا جانے والا ملبہ لکڑی کے باکسز میں ڈال کر اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔ ملبہ پی آ ئی اے اور سول ایوی ایشن حکام کی نگرانی میں اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔

    اس سے قبل حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی میتیں شناخت کے صبر آزما مرحلے کے بعد ان کے ورثا کے حوالے کردی گئی تھیں۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ 7 دسمبر کی شام حویلیاں کے قریب حادثہ کا شکار ہوا تھا جس میں مذہبی اسکالر جنید جمشید سمیت 42 مسافر اور عملے کے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • طیارہ حادثہ: مزید 11 افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کرنے کا عمل مکمل

    طیارہ حادثہ: مزید 11 افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کرنے کا عمل مکمل

    اسلام آباد: طیارہ حادثے میں جاں بحق تمام پاکستانیوں کی میتیں ورثا کے حوالے کرنے کا عمل مکمل ہوگیا۔ آج مزید 11 میتیں سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے چترال منتقل کردی گئیں۔

    گیارہ روزہ طویل اور کرب دہ انتظار کے بعد طیارہ حادثے میں جاں بحق تمام 44 پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل ہوگیا۔

    اسلام آباد کی یخ بستہ صبح میں ٹھٹھرتے جاں بحق افراد کے لواحقین اپنے اپنے پیاروں کی میتیں گھر لے جانے آئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: شہدا کے لواحقین کا سپریم کورٹ سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    مزید گیارہ میتیں پمز اسپتال سے لواحقین کے سپرد کردی گئیں۔ 6 افراد کا تعلق چترال کے ایک ہی خاندان سے تھا۔ میتوں کو نور خان ائیر بیس لے جایا گیا جہاں سے انہیں سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے چترال پہنچایا گیا۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 3 غیر ملکیوں کی میتیں تاحال سرد خانے میں موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ 7 دسمبر کی شام چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حویلیاں میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ حادثے میں معروف نعت خواں جیند جمشید سمیت 47 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

  • طیارہ حادثہ: معاوضے کیلئے لوگوں کا تنہا لڑکی سے رشتہ داری کا دعویٰ

    طیارہ حادثہ: معاوضے کیلئے لوگوں کا تنہا لڑکی سے رشتہ داری کا دعویٰ

    چترال: طیارے حادثے میں چترال سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ لڑکی اپنے پورے خاندان سے محروم ہو گئی، اسے معاوضہ میں تین کروڑ روپے ملیں گے جس کے بعد کئی افراد ہمدردی یا رقم کے لالچ میں لڑکی سے رشتہ داری کا دعویٰ کررہے ہیں۔

    7 دسمبر کو حویلیاں طیارہ حادثے میں جہاں جنید جمشید سمیت 47 افراد لقمہ اجل بنے وہیں چترال سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ لڑکی حسینہ کا پورا خاندان حادثے کی نذر ہوا۔

    حادثے میں حسینہ کے ماں، باپ، دو بھائی اور دو بہنیں جاں بحق ہوئیں جن کی میتیں لینے اسے اسلام آباد آنا پڑا ۔

    14 سالہ حسینہ کو اپنے گھروالوں کے ساتھ سفر کرنا تھا مگر امتحانات کی وجہ سے سفر ملتوی کردیا تھا ۔

    دنیا میں تنہا رہ جانے والی حسینہ میتیں لینے تو اکیلی آئی لیکن اب اس کے گاؤں کے کئی افراد حسینہ کے خاندان سے تعلق کا دعویٰ کررہے ہیں۔

    یہ ہمدردی ہے یا امدادی رقم کی لالچ،میڈیا رپورٹس کے مطابق حسینہ کو امدادی رقم میں چھ افراد کے حادثے کا شکار ہونے کی وجہ سے تین کروڑ روپے ملیں گے۔

    پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق ابھی صرف 5 لاکھ روپے حسینہ کو دیئے جائیں گے جو تدفین کے لیے ہوں گے باقی رقم کی ادائیگی کا بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق حسینہ گل نے گاؤں جانے سے انکار کیا ہے اور تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور اس سلسلے میں حکومت سے مدد کی اپیل بھی کی ہے۔