بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے علاقے جمشید پور میں ایک تربیتی طیارہ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد لاپتا ہو گیا ہے، جس میں 2 افرد سوار تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جھارکھنڈ کے شہر جمشید پور میں واقع سوناری ایئرپورٹ سے الکیمسٹ ایوی ایشن کا ایک دو سیٹوں والا تربیتی طیارہ منگل کے روز پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد لاپتا ہو گیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ طیارہ آمدا پہاڑی والے جنگلی علاقے میں حادثے کا شکار ہو گیا ہے، اس طیارے میں پائلٹ کے علاوہ ایک ٹرینی پائلٹ سوار تھا جن کی تلاش زور و شور سے جا رہی ہے۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق طیارے کا آخری لوکیشن جمشید پور کے ڈیم کے پاس ملا تھا۔ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے والے ایک سینئر افسر کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انھوں نے طیارے کو پانی میں گرتے دیکھا، ہو سکتا ہے کہ وہ چندیل ڈیم میں گر کر تباہ ہو گیا ہو اور گہرے پانیوں میں جا کر دھنس گیا ہو۔