Tag: طیارہ کریش

  • پولینڈ میں ائیرشو کی تیاری کے دوران F-16 طیارہ تباہ، ویڈیو وائرل

    پولینڈ میں ائیرشو کی تیاری کے دوران F-16 طیارہ تباہ، ویڈیو وائرل

    پولینڈ میں ائیرشو کی ریہرسل کے دوران F-16 طیارہ کریش کرگیا، حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ کے وسطی علاقے میں ائیر شو کی ریہرسل چل رہی تھی کہ اس دوران F-16 طیارہ اچانک کریش کرگیا، حادثے میں طیارے کا پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔

    پولش خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ طیارہ پولش فضائیہ کا حصہ تھا۔ حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کا پائلٹ لوپ بنانے کی کوشش کر رہا تھا مگر اسے بلندی کا اندازہ نہ ہوسکا، طیارہ تیزی سے زمین کی جانب بڑھا اور ٹکرا کر دھماکے سے تباہ ہوگیا۔

    رپورٹس کے مطابق حادثے کے باعث آج سے پولینڈ میں ہونے والا ائیرشو منسوخ کر دیا گیا۔ ایونٹ میں 20 ملکوں کے 150 طیاروں کو حصہ لینا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا میں شمالی ایریزونا میں میڈیکل ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار چاروں افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، طیارے کے زمین پر گرتے ہی آگ بھڑک اٹھی اور ایئر کرافٹ جل کا خاکستر ہو گیا۔

    طیارہ حادثہ، خاتون پائلٹ کا موت سے قبل آخری پیغام وائرل

    رپورٹ کے مطابق حادثہ نیو میکسیکو کے البوکرک واقع سی ایس آئی ایوی ایشن کمپنی کا یہ طیارہ فلیگ اسٹاف سے 200 میل شمال مشرق میں چنلے ہوائی اڈے کے قریب اس وقت حادثے کا شکار ہوا جب وہ ایک مریض کو لینے کے لیے اسپتال جا رہا تھا۔ حادثے میں مرنے والے چاروں افراد کا تعلق طبی عملے سے تھا۔

  • امریکا میں طیارہ کریش ہونے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی

    امریکا میں طیارہ کریش ہونے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی

    ٹینیسی: امریکا میں طیارہ کریش ہونے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی۔

    امریکی ریاست ٹینیسی میں گزشتہ روز ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے، طیارہ کریش ہونے کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سنگل انجن والا طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ منٹوں بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا، طیارے میں پائلٹ سمیت پانچ افراد سوار تھے، جن میں سے کوئی بھی نہ بچ سکا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے میں گرنے کے بعد ایک دھماکے کے ساتھ زبردست آگ لگ گئی اور ملبہ ہائے وے تک پھیل گیا، بتایا جا رہا ہے کہ حادثے سے قبل ٹینیسی کے دارالحکومت نیش وِل کے ایئر پورٹ کنٹرول ٹاور کو پائلٹ کی طرف سے طیارے کے انجن میں خرابی اور ہنگامی لینڈنگ کا پیغام موصول ہوا تھا۔

    طیارے سے ملنے والی پائلٹ اور کنٹرول ٹاور کی گفتگو میں کنٹرول ٹاور نے پائلٹ سے ہنگامی لینڈنگ اور رن وے نظر آنے کے بارے میں سوال کیا تو پائلٹ نے جواب دیا کہ مجھے رن وے نظر آ رہا ہے، تاہم میں لینڈنگ نہیں کر سکوں گا، انجن فیل ہو چکا ہے، میں جارہا ہوں لیکن پتا نہیں کہاں۔

  • ویڈیو: طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گاڑی سے ٹکرا گیا، دل دہلا دینے والا حادثہ

    ویڈیو: طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گاڑی سے ٹکرا گیا، دل دہلا دینے والا حادثہ

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک ہائی وے پر طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گاڑی سے ٹکرا گیا، دل دہلا دینے والے حادثے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے حکام نے بتایا کہ جمعہ کی دوپہر فلوریڈا کی ایک شاہراہ پر اس وقت ایک چھوٹا مسافر طیارہ کریش لینڈنگ کے وقت گاڑی سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا جب اس کے دونوں انجن فیل ہو گئے تھے، اور پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔

    اس ہولناک حادثے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں، گاڑی سے ٹکرانے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، خوف ناک شعلے اور دھواں فضا میں میلوں دور تک دیکھا گیا، حکام کے مطابق نجی مسافر بردار طیارے میں 5 افراد سوار تھے۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے سروں پر نیچے کی طرف آتے ہوئے طیارے کو دیکھا، سڑک پر اترنے کے بعد اس کی زد میں ایک کار آئی، جسے گھسیٹتے ہوئے طیارہ سائیڈ کی دیوار سے ٹکرا گیا، جس کے باعث ایک دھماکے سے اس میں آگ بھڑک اٹھی، اور کچھ ہی دیر بعد اس میں زبردست دھماکا ہو گیا۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق طیارے کی شناخت بمبارڈیئر چینلجر 600 جیٹ کے طور پر کی ہے، طیارے نے کولمبس، اوہائیو میں واقع اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ہوائی اڈے سے دوپہر ایک بجے کے قریب اڑان بھری تھی۔ نیپلز ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق حادثے کے وقت طیارے نے نیپلز میں لینڈ کرنا تھا۔ ایک پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کرتے ہوئے ٹاور سے رابطہ کیا اور کہا کہ ان کے دونوں انجن ناکارہ ہو گئے ہیں۔

    کال ٹیپ کے حوالے سے میڈیا نے رپورٹ کیا کہ پائلٹ کو رن وے پر اترنے کی اجازت دے دی گئی تھی، لیکن پھر پائلٹ نے کہا کہ وہ رن وے تک نہیں پہنچ سکتے کیوں کہ دونوں انجن فیل ہو چکے ہیں۔

  • ویڈیو: طیارہ بجلی کی تاروں سے ٹکرا کر پھنس گیا

    ویڈیو: طیارہ بجلی کی تاروں سے ٹکرا کر پھنس گیا

    میری لینڈ: امریکا میں ایک چھوٹا طیارہ بجلی کے پول کے ساتھ جا ٹکرایا، اور تاروں میں پھنس کر تباہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک چھوٹا طیارہ بجلی کی تاروں میں کریش کر گیا، اور زمین سے تقریباً سو فٹ بلندی پر معلق ہو گیا۔

    طیارے میں پائلٹ کے علاوہ ایک مسافر بھی سوار تھا، دونوں اس حادثے کے نتیجے میں طیارے میں پھنس گئے تھے اور زخمی ہوئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    طیارے کے پول سے ٹکرانے کے نتیجے میں علاقہ بھر میں بلیک آؤٹ ہو گیا، جس سے تقریباً ایک لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ایک تجارتی علاقے کے قریب بارش کے دوران پیش آیا، واقعے کی اصل وجوہ معلوم کی جارہی ہیں۔

    میری لینڈ اسٹیٹ پولیس کے مطابق طیارے میں دو معمر افراد سوار تھے، جن میں ایک واشنگٹن ڈی سی کے 65 سالہ پیٹرک مرکل اور دوسرے لوزیانا کے 66 سالہ جان ولیمز تھے۔

    ریسکیو عملے کو طیارے سے افراد کو نکالنے اور پھر طیارے کو تاروں سے آزاد کر کے نیچے اتارنے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ایک بیان میں کہا کہ سنگل انجن والا طیارہ نیویارک سے روانہ ہوا تھا، اور شام چھ بجے کے قریب گیتھرسبرگ میں مونٹگمری کاؤنٹی ایئرپارک کے قریب بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا۔