Tag: طیارہ

  • سعودی محکمہ دفاع نے نجران میں حوثیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    سعودی محکمہ دفاع نے نجران میں حوثیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

    ریاض : سعودی عرب کے محکمہ دفاع کے حکام نے سرحدی علاقے نجران کی فضاء میں یمن کے حوثی باغیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ دفاع کے حکام نے یمن کی سرحد سے متصل علاقے نجران میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تاہم اس کارروائی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوںً کی طرف سے نجران میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا سعودی عرب کے اندر دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے اہم تنصیبات کو تباہ کرنے اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل سعودی عرب کی فضائی دفاعی افواج نے طائف کی فضاؤں میں حوثیوں کے داغے گئے میزائلوں کو مار گرایا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر 7 ڈرون حملے کیے، حوثی باغیوں کا دعویٰ

    عرب اتحادی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل یمنی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا جنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے۔

    عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے شہر نجران میں بھی دھماکا خیز مواد کے حامل ڈرون طیارے کے ذریعے ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوششش کی، اس مقام کو سعودی شہری اور غیرملکی مقیم افراد استعمال کرتے ہیں۔

  • چوہے نے نجی ایئر لائن کی پرواز روک کر طیارہ گراؤنڈ کروا دیا

    چوہے نے نجی ایئر لائن کی پرواز روک کر طیارہ گراؤنڈ کروا دیا

    لاہور: علامہ اقبال ائیر پورٹ پر نجی ایئر لائن کی پرواز میں چوہا گھس گیا، جس کی وجہ سے پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی تاہم فیومی گیشن کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر نجی ایئر لائن کے طیارے میں چوہا نکلنے کے معاملے پر طیارے کو گراؤنڈ کرنا پڑ گیا، نجی ائیر لائن کی پرواز پی اے 470 نے 3 بج کر 20 منٹ پر جدہ روانہ ہونا تھا۔

    ترجمان ایئر لائن نے کہا کہ مسافروں کو جدہ پہنچانے کے لیے اسلام آباد سے فیری فلائٹ لاہور پہنچے گی، مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے جدہ روانہ کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیواسلام آباد ایئرپورٹ مسائل کا گڑھ بن گیا، مسافروں کو پریشانی کا سامنا

    چوہا گھسنے کی وجہ سے تاخیر پر پرواز 8 بجے روانہ ہونے کا شیڈول جاری کیا گیا تاہم بعد میں پرواز کو ری شیڈول کر کے رات ساڑھے 12 بجے روانہ ہونے کا اعلان کیا گیا۔

    مذکورہ پرواز سے 218 مسافر روانہ ہونے تھے، تمام مسافر ائیر پورٹ لاؤنج میں جہاز سے چوہا نکلنے کا انتظار کرتے رہے، جہاز میں چوہے مار سپرے بھی کیا گیا، تاہم چوہا نہ نکالا جا سکا، جس کی وجہ سے پرواز پی اے 470 مزید تاخیر کا شکار ہوا۔

    اطلاعات کے مطابق ائیر لائن کا عملہ تا حال چوہے کو تلاش کرنے میں نا کام ہے، جس کی وجہ سے طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔

  • کئی ماہ سے جرمنی کے ایئرپورٹ پر کھڑا پی آئی اے کا طیارہ فروخت

    کئی ماہ سے جرمنی کے ایئرپورٹ پر کھڑا پی آئی اے کا طیارہ فروخت

    کراچی: بیرون ملک موجود قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ فروخت کردیا گیا، دو حصوں میں فروخت کیے جانے والے جہاز کا ایک حصہ پارکنگ چارجز کے عوض ایئرپورٹ انتظامیہ کے حوالے کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے لزپک ائی پورٹ پر موجود قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا ایئر بس 310 ساختہ طیارہ فروخت کر دیا گیا۔ اے پی بی ای کیو رجسٹریشن نمبر کے ایئر بس طیارے کی فروخت 2 حصوں میں کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انجن اور متعلقہ سامان 13 لاکھ 70 ہزار ڈالرز میں ایک غیر ملکی کمپنی کو فروخت کیا گیا، ایئر پورٹ پارکنگ چارجز کی مد میں لزپک ایئرپورٹ پر قائم میوزیم کو فروخت کیا گیا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے پارکنگ چارجز کی مد میں 2 لاکھ یورو سے زائد رقم طلب کی گئی تھی، مذاکرات کے بعد ایک لاکھ 30 ہزار یورو میں پارکنگ چارجز کے عوض جہاز کا بل میوزیم نے حاصل کیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے سابق سربراہ جرمن نژاد ہلڈن برینڈ کی منظوری سے جہاز ایک فلمساز کمپنی کے لیے بیرون ملک لے جایا گیا جہاں ہالی وڈ کی ایک متنازعہ فلم کی شوٹنگ میں استعمال کیے جانے کے بعد طیارہ کئی ماہ تک لزپک ائر پورٹ پر کھڑا رہا۔

    ترجمان پی آئی اے مشہورتاجور کا کہنا ہے کہ پیپرا قوانین کے مطابق طیارے کی فروخت سے ایئر لائن کے لیے معقول رقم حاصل کی گئی۔ بیرون ملک حاصل ہونے والی رقم پاکستان میں طیارے کے لیے دی گئی بولی سے کئی گنا زائد ہے۔

  • ناروے کے انجینئرز ناکام، پی آئی اے انجینئرز نے طیارہ 3 گھنٹے میں صحیح کردیا

    ناروے کے انجینئرز ناکام، پی آئی اے انجینئرز نے طیارہ 3 گھنٹے میں صحیح کردیا

    اوسلو/کراچی : ناروے کےانیجینئرز کے انکار کے بعد قومی ایئرلائن کے انجینئرز نے یورپ میں سخت سردی کے باوجود مسافر طیارے کی مرمت کرکے اڑان کے قابل بنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے میں اوسلو سے لاہور آنے والی پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 752 کے طیارے بوئنگ 777 کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے عملے نے ناروے کے مقامی انجینئرز سے انجن کی مرمت کی درخواست کی تاہم انہوں نے سخت سردی کے باعث مرمتی کام انجام دینے سے انکار کردیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی انجینئرز کے انکار کے بعد حکام نے پی آئی اے پرواز کے ذریعے قومی ایئرلائن کے انجینئرز کو اوسلو روانہ کیا تھا تاکہ طیارے کی مرمت کرکے اسے اڑان کے قابل بنایا جاسکے، اس دوران مسافروں کو وقتی  طور پر ہوٹل منتقل کردیا گیا۔

    پاکستانی انجینئرز نے اوسلو پہنچ کر غیر موافق موسم میں سخت سردی کے باوجود تین گھنٹے لگاتار محنت کرکے طیارے کے خراب انجن کی فنی خرابی دور کی اور اس کے بعد پرواز پی کے 752 کو لاہور روانہ کردیا۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے انجینئرز کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سخت سردی اور برفباری میں انجینئرز نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر پی آئی اے کے طیارے کو اڑان کے قابل بنا کر پاکستانیوں کو واپس پہنچایا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے انجینئرز کا کارنامہ، اے-320 جہازکا پہلا چیک اے مکمل

    خیال رہے کہ پی آئی اے کے انجینئرز اس سے قبل بھی کئی کارنامے انجام دے چکے ہیں، گزشتہ برس مارچ میں قومی ایئرلائن کے انجینئرز سے نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اے-320 جہاز کا پہلا چیک اے مکمل کیا تھا۔

    پی آئی اے

    پی آئی اے انجینئر کو داد دیتے ہوئے سابق مشیر ہوا بازی سردار مہتاب  کہا تھا کہ پی آئی اے کے انجینئیرز ہمارا اثاثہ ہیں، پی آئی اے کے انجینئرز نے  ہمیشہ کم وقت میں زبردست نتائج دئیے ہیں۔

  • کیلی فورنیا میں طیارہ گرکر تباہ‘ 2 افراد ہلاک

    کیلی فورنیا میں طیارہ گرکر تباہ‘ 2 افراد ہلاک

    کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں چھوٹا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا، حادثے میں دوافراد ہلاک اور دوزخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے رہائشی علاقے میں طیارہ گرنے سے ایک گھر میں آگ لگی گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    افسوس ناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور گھر میں لگی آگ پر قاپو پایا، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے کی وجوہات فوری طور پرسامنے نہیں آسکی ہیں تاہم واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

    امریکا میں طیارہ گرنے سے 6 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 11 اپریل کو امریکی ریاست ایریزونا میں پی جی ٹور کے گالف کورس کے قریب چھوٹا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق طیارے کو حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجکر 45 منٹ پرپیش آیا تھا، طیارے میں 6 افراد سوار تھے۔

    امریکا کا جنگی طیارہ ایف 35 حادثے کا شکار، پائلٹ محفوظ

    واضح رہے کہ 29 ستمبر2018 کو امریکی ریاست کیرولینا کے جنوبی علاقے میں بیوفورٹ کاؤنٹی میں امریکی فورسز کا جدید ترین جنگی طیارہ ایف 35 مرین ایئراسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا تھا، تاہم خوش قسمتی سے طیارے کا پائلٹ خوفناک حادثے میں محفوظ رہا تھا۔

  • اسپین میں طیارے کو حادثہ‘ 2 افراد ہلاک

    اسپین میں طیارے کو حادثہ‘ 2 افراد ہلاک

    میڈرڈ: اسپین کے شمالی پہاڑی علاقے میں طیارہ گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی نجی ایئرلائن کا طیارہ پی اے 28 پائپر اسپین بارڈر کے قریب فنی خرابی کے باعث پہاڑیوں سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

    جہاز میں پائلٹ اور کو پائلٹ سفر کررہے تھے، افسوس ناک حادثے میں دونوں پائلٹ جان کی بازی ہار گئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور پائلٹس کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق افسوس ناک حادثہ اسپین کے جنوبی علاقے باسکو ریجن میں پیش آیا۔

    اسپین : فضائی حادثے میں 3 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ سال مئی میں اسپین کے معروف سیاحتی شہرمالاگا کے قریب چھوٹا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق جرمنی سے تھا، تاہم ابھی تک اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

  • ہوا بازی کا عالمی دن: فضائی سفر کے دوران یہ احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں

    ہوا بازی کا عالمی دن: فضائی سفر کے دوران یہ احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں

    آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہوا بازی یعنی سول ایوی ایشن کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ آج سے 2 سال قبل چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس میں معروف نعت خواں جنید جمشید سمیت 47 افراد شہید ہوگئے تھے۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال کئی جہازوں کو حادثے پیش آتے ہیں۔ ان میں زیادہ تر حادثے معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں اور ان میں مسافر اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں جبکہ کچھ حادثوں میں طیارے زمین پر گر کر مکمل تباہ ہوجاتے ہیں۔

    فضا میں ہونے اور زمین پر گرنے کے سبب طیارہ حادثہ کسی ٹریفک حادثے سے بالکل مختلف ہوتا ہے اور اس میں بچنے کے امکانات بھی بے حد کم ہوتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ہوائی جہاز کے بارے میں 8 حیرت انگیز حقائق

    البتہ ہوا بازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاز میں کوئی ہنگامی صورتحال پیش آنے کی صورت میں کچھ حفاظتی اقدامات اپنا کر اپنی زندگی بچانے کا امکان پیدا کیا جاسکتا ہے۔

    آئیں آپ بھی جانیں کہ وہ حفاظتی اقدامات کیا ہیں۔


    کیا طیارے میں کوئی محفوظ سیٹ ہے؟

    لندن کی گرین وچ یونیورسٹی نے سنہ 2011 میں ایک ’پانچ قطاروں کے اصول‘ کا نظریہ پیش کیا۔

    اس نظریے کے مطابق اگر آپ ایمرجنسی ایگزٹ کے نزدیک 5 قطاروں میں موجود کسی سیٹ پر بیٹھے ہیں تو کسی حادثے کی صورت میں آپ کے بچنے کا امکان زیادہ ہو سکتا ہے۔

    تاہم امریکی ایوی ایشن کے ماہرین نے اس کو یکسر مسترد کردیا۔

    امریکا کے وفاقی ہوا بازی کے ادارے سے تعلق رکھنے والے ان ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاز میں کوئی بھی سیٹ محفوظ نہیں کہی جاسکتی۔ ’کسی حادثے کی صورت میں تمام مسافروں اور عملے کو یکساں خطرات لاحق ہوتے ہیں‘۔

    ان کا کہنا ہے کہ بچنے کا انحصار اس بات پر ہے کہ جہاز کو کس قسم کا حادثہ پیش آیا ہے۔ مثال کے طور پر اگر ایمرجنسی ایگزٹ کے قریب آگ بھڑک اٹھی ہے تو ظاہر ہے اس سے سب سے زیادہ خطرے میں وہی افراد ہوں گے جو اس ایگزٹ کے نزدیک بیٹھے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثے کی صورت میں جہاز کا ہر حصہ مختلف انداز سے متاثر ہوتا ہے لہٰذا یہ کہنا بالکل ناممکن ہے کہ جہاز کی کوئی سیٹ بالکل محفوظ ہے۔


    حفاظتی اقدامات غور سے سنیں

    جہاز کے اڑان بھرنے سے قبل کیبن کریو یا ویڈیو کے ذریعہ بتائی جانے والی حفاظتی اقدامات اور تراکیب یقیناً بوریت کا باعث بنتی ہیں، لیکن اگر آپ نے انہیں غور سے سنا ہو اور یاد رکھا ہو تو کسی ہنگامی صورتحال میں یہی آپ کے لیے کار آمد ثابت ہوتی ہیں۔


    سیفٹی کارڈ کو پڑھیں

    فضائی سفر کے دوران آپ کی آگے کی سیٹ کی پشت میں جیب میں ایک کارڈ رکھا ہے۔ اسے کھول کر پڑھیں۔

    یہ آپ کو بتاتا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں کیا کرنا ہے، اور جہاز میں موجود آلات و سہولیات کیسے آپ کی جان بچا سکتے ہیں۔


    مضبوطی سے بیٹھیں

    بعض اوقات جہاز کو لگنے والا معمولی سا جھٹکا بھی آپ کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اگر آپ آرام دہ حالت میں بیٹھے ہوں۔

    آپ آگے کی سیٹ سے ٹکرا کر زخمی ہوسکتے ہیں یا آپ کے سامنے رکھا سامان آپ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    آپ کو علم ہونا چاہیئے کہ ہنگامی صورتحال میں آپ کے پاس صرف چند سیکنڈز ہوتے ہیں جن میں آپ کو خود کو ہر ممکن حد تک محفوظ پوزیشن پر لانا ہوتا ہے۔ اس کا علم آپ کو دیے گئے حفاظتی کارڈ میں درج ہوتا ہے۔ بہتر ہے کہ اسے پہلے سے پڑھ اور سمجھ لیں۔


    ایمرجنسی ایگزٹ دیکھیں

    جہاز میں داخل ہو کر سب سے پہلے ایمرجنسی راستوں کو دیکھیں اور انہیں ذہن نشین کرلیں۔

    ہنگامی صورتحال میں ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں اور دماغ کام کرنا چھوڑ دیتا ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات آپ ایمرجنسی گیٹ کے قریب ہونے کے باوجود اسے نہیں دیکھ سکتے۔


    انتظار مت کریں

    کیا آپ جانتے ہیں جہاز کے کسی حادثے کا شکار ہونے کی صورت میں آپ کے پاس جہاز سے نکلنے کے لیے صرف 90 سیکنڈز ہوتے ہیں؟ اگر آپ کی زندگی لکھی ہوگی تو آپ انہی 90 سیکنڈز میں اپنی جان بچا سکتے ہیں وگرنہ نہیں۔

    ایسے موقع پر اگلے اٹھائے جانے والے قدم یا دیگر افراد کا انتظار کرنا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔


    لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران الرٹ رہیں

    ایک تحقیق کے مطابق جہاز کے اکثر حادثات لینڈنگ (زمین پر اترنے) اور ٹیک آف (زمین سے آسمان کی طرف بلند ہونے) کے دوران پیش آتے ہیں۔ ان دونوں مواقعوں پر سخت الرٹ رہیں۔ ذہن بھٹکانے والی چیزوں جیسے موبائل، کتاب وغیرہ کو بیگ میں رکھ دیں۔

    اگر آپ نے سارا سفر سوتے ہوئے گزارا ہے تب بھی ضروری ہے کہ لینڈنگ سے پہلے جاگ جائیں اور دماغ کو حاضر رکھیں۔

    اسی طرح جہاز کے سفر سے پہلے الکوحل کے استعمال سے بھی گریز کیا جائے۔ یہ آپ کی صورتحال کو سمجھنے اور فوری فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرے گی۔

    مزید پڑھیں: لینڈنگ کے وقت کھڑکی کا شیڈ کھلا رکھنے کی ہدایت کیوں کی جاتی ہے؟


    موزوں لباس پہنیں

    جہاز میں سفر کے لیے آرام دہ اور آسان کپڑے منتخب کریں۔ ہائی ہیلز سے بالکل اجتناب کریں۔ گھیر دار اور اٹکنے والے کپڑے بھی نہ پہنے جائیں۔

    ایسے آرام دہ کپڑے پہنیں جو ہنگامی حالات میں بھاگنے کے دوران آپ کے لیے رکاوٹ نہ پیدا کریں۔


    جسمانی حالت

    ہوا بازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو فربہ ہیں، یا سستی سے حرکت کرتے ہیں وہ ہنگامی صورتحال میں نہ صرف اپنے لیے بلکہ دوسروں کے لیے بھی مشکل کا باعث بن سکتے ہیں۔


    خراب ریکارڈ والی ایئر لائنز سے گریز

    بعض ایئر لائنز کا سیفٹی ریکارڈ بہت اچھا ہوتا ہے۔ گو کہ ناگہانی حادثہ تو کبھی بھی کسی کو بھی پیش آسکتا ہے، تاہم کچھ ایئر لائنز اپنی جانب سے مسافروں کو محفوظ سفر فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتیں۔

    فضائی سفر کے لیے ہمیشہ ایسی ہی ایئر لائن کا انتخاب کیا جائے جن کا سیفٹی ریکارڈ اچھا ہو۔

    اس کے برعکس ایسی ایئر لائنز جن کے طیاروں میں اکثر خرابی کی اطلاعات سامنے آتی ہوں، کوشش کی جائے کہ ان میں سفر سے گریز کریں۔


     

  • پنجگورایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ دوران لینڈنگ رن وے سے اتر گیا

    پنجگورایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ دوران لینڈنگ رن وے سے اتر گیا

    پنجگور: پی آئی اے کی کراچی سے جانے والی پرواز کو پنجگور ایئرپورٹ پر حادثہ پیش آیا، طیارہ دوران لینڈنگ رن وے سے اتر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی کراچی سے جانے والی پرواز پی کے 517 نے جیسے ہی پنجگور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تو طیارہ رن وے سے بے قابو ہوکر کچی زمین پراترگیا۔

    حادثے کے باعث طیارے کے ٹائروں کونقصان پہنچا تاہم طیارے میں سوارتمام مسافرمحفوظ رہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز پی کے517 کوپنجگورمیں رن وے سے ہٹ کرلینڈنگ کرنا پڑی جس کے باعث طیارے کے ٹائروں کو معمولی نقصان پہنچا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ طیارے میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے اور گھروں کو جا چکے ہیں، ٹائروں کونقصان کے باعث واپسی کی پرواز میں تاخیرمتوقع ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 9 مئی کو ڈیرہ غازی خان سے کراچی جانے والے اے ٹی آر طیارے کے انجن میں ٹیک آف کرتے ہی آگ لگ گئی تھی، پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت ڈی جی خان ایئرپورٹ پراتار لیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 21 اکتوبر کو ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ ایندھن فراہم کرنے والی گاڑی سے ٹکرا گیا تھا، حادثے میں طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔

  • جنوبی سوڈان میں طیارہ حادثے کا شکار، 17 مسافر ہلاک

    جنوبی سوڈان میں طیارہ حادثے کا شکار، 17 مسافر ہلاک

    جوبا : سوڈان میں 22 مسافروں ہمراہ اڑان بھرنے والے والا مسافر بردار طیارہ سوڈانی شہر یرول میں حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت جوبا کے عالمی ہوائی اڈے سے پرواز بھرنے والا مسافر بردار طیارہ جنوبی سوڈان میں اچانک حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں 17 مسافر ہلاک، 3 زخمی ہوگئے جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے مسافروں میں اٹلی سے تعلق رکھنے والا ڈاکٹر بھی شامل ہے جو سوڈان میں سماجی تنظیم کا ملازم ہے، اطالوی شہری کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    حادثے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارہ دریا میں گر کر حادثے کا شکار ہوا ہے، طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں دریا سے نکالی گئی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 22 مسافروں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سوڈان میں متعدد مرتبہ طیارے حادثے کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ سنہ 2017 میں خراب موسم کے باعث ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا جس کے نتیجے میں 4 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ سنہ 2015 میں بھی جوبا کے عالمی ہوائی اڈے سے پرواز کرنے والا روسی طیارہ فنی خرابی کے باعث گرکر تباہ ہوگیا تھا طیارہ حادثے میں درجنوں مسافر ہلاک ہوگئے۔

  • طیارہ اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ

    طیارہ اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ

    ٹورنٹو: جنوبی اونٹاریو میں چھوٹا طیارہ اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو کے جنوبی علاقے مارخام میں واقع بٹن ویلی ائیرپورٹ سے جمعرات کے روز اڑان بھرنے والا چھوٹا طیارہ اڑان بھرتے ہی تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔

    حکام کے مطابق اونٹاریو کے مقامی ہوائی اڈے سے اڑنے والا طیارے کا فضا میں جانے کے بعد رابطہ منقطع ہوا اور پھر مغربی علاقے کے شہریوں نے اس کے تباہ ہونے کی اطلاع دی۔

    مقامی انتظامیہ کے مطابق جہاز شہری علاقے میں تھا مگر پائلٹ نے اسے جنگل کی طرف موڑ دیا جس کے نتیجے میں کوئی بڑا نقصان تو نہیں ہوا البتہ پائلٹ دم توڑ گیا۔

    عینی شاہد خاتون کا کہنا تھا کہ جہاز تباہ ہونے کے نتیجے میں کوئی اور شخص زخمی تک نہیں ہوا۔ انتظامیہ نے فی الحال پائلٹ کا نام اور شناخت ظاہر نہیں کی۔

    دوسری جانب سول ایوی ایشن حکام اور ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔