Tag: طیارہ

  • طیارہ 16 گھنٹے فضا میں گزار کر واپس اُسی ایئرپورٹ پر اتر گیا، مگر کیوں؟

    طیارہ 16 گھنٹے فضا میں گزار کر واپس اُسی ایئرپورٹ پر اتر گیا، مگر کیوں؟

    آکلینڈ: ایئر نیوزی لینڈ کی ایک پرواز کو 16 گھنٹے فضا میں گزارنے کے بعد واپس اُسی ایئرپورٹ پر اترنا پڑا جہاں سے اس نے اڑان بھری تھی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے نیویارک جانے والی پرواز کے مسافروں نے 16 گھنٹے ہوا میں گزارے، اور پھر واپس اسی ایئر پورٹ پر اترے جہاں سے ان کا سفر شروع ہوا تھا۔

    ایئر نیوزی لینڈ کی آکلینڈ سے نیویارک کی نان اسٹاپ پرواز جمعرات کو تقریباً 8 گھنٹے تک ہوا میں رہی تھی، اور یہ کیلیفورنیا سے تقریباً 2000 میل دور تھی، جب ایئر لائن کو یہ اطلاع ملی کہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر برقی آلات سے آگ لگنے کی وجہ سے ٹرمینل 1 بند کیا جا رہا ہے۔

    ایئر نیوزی لینڈ نے بتایا کہ آتش زدگی کی اطلاع کے بعد طیارے کو گھما کر واپس آکلینڈ لانے کا فیصلہ کیا گیا، جہاں اس نے روانگی کے تقریباً 16 گھنٹے بعد لینڈ کیا۔

    ایئر لائن کے ترجمان نے نیوزی لینڈ ہیرالڈ کو بتایا کہ اگر طیارہ کسی اور امریکی ایئرپورٹ کی طرف موڑا جاتا تو طیارہ کئی دنوں تک زمین پر رہتا، اور اس طرح اس کی دیگر متعدد طے شدہ فلائٹس متاثر ہو جاتیں۔

  • طیارے میں بچے کی معصومانہ حرکت نے مسافروں کے دل موہ لیے

    چھوٹے بچے فضائی سفر کے دوران بہت تنگ کرتے اور روتے ہیں کیونکہ وہ بے آرامی اور کانوں پر دباؤ محسوس کرتے ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک بچہ نہایت خوش مزاجی سے سب سے ہاتھ ملا رہا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو کس فلائٹ کی ہے یہ علم نہیں ہوسکا البتہ یہ بے حد تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچہ جہاز میں موجود ہے اور اپنی معصومیت میں جہاز میں سوار مسافروں سے مصافحہ کر رہا ہے۔

    بچے کے ہاتھ ملانے کے اس عمل نے مسافروں کا دل موہ لیا، وہ خوشی خوشی اس سے ہاتھ ملا رہے ہیں اور اسے پیار بھی کر رہے ہیں۔

  • جرمنی سے آنے والی پرواز میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی

    جرمنی سے آنے والی پرواز میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی

    کراچی: جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے دبئی آنے والی غیر ملکی ایئر لائن ’ایمریٹس ایئر‘ میں فنی خرابی کے باعث طیارہ اڑان نہ بھر سکا، اور پرواز 7 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پرواز ای کے 48 رن وے پر پہنچنے کے بعد ایئر بس 380 میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی، مسافر کئی گھنٹے تک پریشانی کے عالم میں طیارے ہی میں موجود رہے۔

    ذرائع کے مطابق انجنیئرز سے طیارے کی فنی خرابی دور نہ ہو سکی، جس کے بعد طیارے کے کپتان نے طیارہ خالی کرنے کا علان کیا اور مسافروں کو مختلف ہوٹلوں میں میں ٹھہرایا جا رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ کے نزدیک رہائش پذیر مسافروں کو بذریعہ ٹیکسی گھروں کو بھیج دیا گیا، دوسری طرف طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔

    پرواز میں موجود زیادہ تر مسافروں کو کنیکٹنگ فلائٹ کے ذریعے لاہور اور اسلام آباد پہنچنا تھا۔ ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق مسافروں کو جرمنی کے وقت کے مطابق شام 5 بجے متبادل پرواز کے ذریعے دبئی، لاہور اور اسلام آباد پہنچایا جائے گا۔

  • کیا 2 منٹ کی بھی کوئی پرواز ہوسکتی ہے؟

    کیا 2 منٹ کی بھی کوئی پرواز ہوسکتی ہے؟

    کیا آپ جانتے ہیں دنیا کی مختصر ترین پرواز کا دورانیہ کتنا ہے؟ آپ جان کر حیران ہوجائیں گے کہ دنیا میں ایک پرواز ایسی بھی ہے جس کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کی مختصر ترین پرواز کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے اور اگر ہوا کا بہاؤ موزوں ہو تو یہ فاصلہ محض 47 سیکنڈز میں بھی طے کیا جاسکتا ہے۔

    یہ دنگ کردینے والا دورانیہ اسکاٹ لینڈ کے دو جزائر کے درمیان چلنے والی پرواز کا ہے جو اسکاٹ لینڈ کے جزیرے ویس ٹرے سے پاپا ویس ٹرے کے درمیان چلتی ہے۔

    یہ پرواز محض 1.7 میل کا فاصلہ طے کرتی ہے۔

    اس پرواز کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی دنیا کی مختصر ترین کمرشل پرواز کے طور پر شامل کیا ہے۔

    اس روٹ پر اسکاٹ لینڈ کی فضائی کمپنی لوگن ایئر 1967 سے اپنی سروس فراہم کر رہی ہے جس سے لاکھوں افراد مستفید ہوچکے ہیں جس میں اسکول کے طالب علم، پولیس اہلکار سمیت ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جو اپنے روزمرہ کے معمولات کے لیے اس میں سفر کرتے ہیں۔

    بنیادی طور پر یہ پرواز اورکنے سے شروع ہوتی ہے جس کے بعد یہ جزیرے ویس ٹرے پر کچھ دیر رکنے کے بعد پاپا ویس ٹرے جاتی ہے جبکہ روزانہ 2 سے 3 پروازیں اس روٹ پر آپریٹ ہوتی ہیں۔

  • طیارے میں نیل پالش کی بُو نے حکام کی دوڑیں لگوا دیں

    طیارے میں نیل پالش کی بُو نے حکام کی دوڑیں لگوا دیں

    امریکا میں ایک مسافر طیارے میں پھیلنے والی غیر معمولی بو نے ایمرجنسی رسپانس سروس کی دوڑیں لگوا دیں، بعد ازاں وہ بو نیل پالش کی نکلی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکن ایئر لائنز کی مذکورہ پرواز نے فلاڈلفیا سے اڑان بھری اور اپنے وقت کے مطابق نارتھ کیرولینا کے شارلٹ ڈگلس ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی۔

    مسافروں کے طیارے سے اترنے تک سب کچھ معمول کے مطابق تھا، لیکن جیسے ہی عملے نے سامان نکالنے کے لیے کارگو کمپارٹمنٹ کھولا تو ایک نہایت تیز اور غیر معمولی بو ان کے نتھنوں سے ٹکرائی۔

    فوراً ہی ایمرجنسی الارمز بجا دیے گئے جس کے بعد 5 فائر فائٹرز کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے وہاں پہنچ گئے۔

    تاہم تفصیلی انسپکشن کے بعد پتہ چلا کہ ایک بیگ میں نیل پالش کی بوتل رکھی تھی جس کے ٹوٹنے سے اس کی بو کمپارٹمنٹ میں پھیل گئی تھی۔

  • اترتے طیارے نے یونانی ساحل پر سیاحوں کے دل دہلا دیے، ویڈیو وائرل

    اترتے طیارے نے یونانی ساحل پر سیاحوں کے دل دہلا دیے، ویڈیو وائرل

    ایتھنز: یونان کے ایک ساحل پر موجود ایئر پورٹ اسکیاتھوس پر لینڈنگ کے وقت طیارے کی اب تک کی سب سے نچلی پرواز نے سیاحوں کے دل دہلا دیے۔

    یونان کے اسکیاتھوس ایئرپورٹ پر عام طور سے طیاروں کی لینڈنگ کے وقت ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے، اور لوگ یہ نظارہ دیکھنے شوق سے چلے آتے ہیں۔

    اب ایک ایسی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں اس ایئرپورٹ پر کسی طیارے کی نچلی ترین پرواز والی لینڈنگ کو ریکارڈ کیا گیا ہے، فوٹیج دیکھ کر لوگوں کے دل دہل جاتے ہیں، کیوں کہ طیارہ لوگوں کے عین سروں پر کچھ ہی بلندی سے گزرتا ہے۔

    ویڈیو میں آپ بھی یہ دہل دہلا دینے والا نظارہ دیکھ سکتے ہیں، یونان کا اسکیاتھوس ہوائی اڈہ اپنے دلکش نظاروں کے لیے مشہور ہے جہاں سیکڑوں سیاح ہر روز ہوائی جہازوں کی لینڈنگ کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔

    بتایا جاتا ہے کہ 100 سے زائد لوگ لینڈنگ اسٹرپ کا دورہ کرتے ہیں،یہ ایئرپورٹ مختصر رن وے کی وجہ سے دوسرے بین الاقوامی ایئر پورٹس کی طرح بڑا نہیں ہے۔

    ویڈیو دیکھ کر لوگ سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں کہ پائلٹ کتنی مہارت سے یہاں روز طیارے اتارتے ہیں، نہ صرف یہ دیکھا جاتا ہے کہ لوگوں سے کتنی بلندی برقرار رکھنی ہے، بلکہ یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ فوراً بعد موجود رن وے کے جنگلے سے کتنی بلندی رکھ کر رن وے پر اترنا ہے۔

  • طیارہ عملے نے بیمار بچے کے خاندان کو جہاز سے اترنے پر مجبور کردیا

    طیارہ عملے نے بیمار بچے کے خاندان کو جہاز سے اترنے پر مجبور کردیا

    ایک امریکی خاندان تعطیلات پر جانے کے بعد مہینے بھر تک وہیں پھنس گیا جب ان کے آٹزم کا شکار بیٹے کی طبیعت خرابی کی وجہ سے انہیں طیارے سے اتار دیا گیا۔

    امریکی ریاست نیو جرسی کی رہائشی خاتون جیمی گرین اپنے شوہر اور 3 بچوں کے ساتھ نیدر لینڈز کے زیر تسلط ملک اروبا تعطیلات منانے گئیں۔

    ایک ہفتہ وہاں گزارنے کے بعد جب یہ خاندان واپس آرہا تھا تو ہوائی جہاز پر بیٹھتے ہوئے ان کا 15 سالہ بیٹا رونے اور چلانے لگا، بچہ اعصابی مرض آٹزم کا شکار تھا۔

    والدین نے اسے جیسے تیسے طیارے پر بٹھایا لیکن بچے نے سیٹ پر بیٹھنے سے انکار کردیا اور اس کے چلانے میں شدت آگئی جس کے بعد طیارے کے عملے نے خاندان کو جہاز سے اترنے کو کہا۔

    خاندان مجبورآ واپس اتر گیا، بعد ازاں انہوں نے گھر پہنچنے کے لیے ایک بحری جہاز سے طبی بنیادوں پر مدد کی درخواست کی لیکن انہیں وہاں بھی ناکامی ہوئی۔

    خاتون کا شوہر دو بچوں کو لے کر واپس نیو جرسی چلا گیا تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو، اس دوران خاتون نے فیس بک پر مدد کی اپیل کی۔

    ان کی اپیل پر ایک فلاحی ادارے نے دوسرے بحری جہاز کے ذریعے انہیں فلوریڈا پہنچانے کا بندوبست کیا، بعد ازاں اسی فلاحی ادارے نے فلوریڈا سے انہیں ان کے گھر نیو جرسی پہنچایا۔

  • حادثے کا شکار اے ٹی آر طیارے کی دوبارہ نیلامی کا فیصلہ

    حادثے کا شکار اے ٹی آر طیارے کی دوبارہ نیلامی کا فیصلہ

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے حادثے کا شکار اے ٹی آر طیارے کی دوبارہ نیلامی کا فیصلہ کیا ہے، پی آئی اے نے طیارے کو ناقابل مرمت قرار دے کر انجن سمیت تمام آلات نکال لیے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق 3 برس قبل حادثے کا شکار پی آئی اے اے ٹی آر طیارے کی پھر نیلامی کا فیصلہ کیا گیا ہے، طیارہ 20 جولائی 2019 کو لینڈنگ کے دوران کچے میں اتر گیا تھا۔

    پی آئی اے نے طیارے کو ناقابل مرمت قرار دے کر انجن سمیت تمام آلات نکال لیے تھے، گلگت ایئر پورٹ پر موجود طیارے کا ڈھانچہ پہلے بھی نیلامی کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔

    پہلی نیلامی ایک مقامی تاجر کی جانب سے 83 لاکھ روپے کی دی گئی تھی، پی آئی اے کی جانب سے نیلامی کے لیے کم از کم بولی 0.84 ملین رکھی گئی تھی۔

    اے ٹی آر طیارے کے ڈھانچے کی نیلامی 11 مئی کو ہوگی۔

  • لینڈنگ سے قبل طیارہ بے قابو، پائلٹ کے چلانے کی آڈیو نے سنسنی پھیلا دی

    لینڈنگ سے قبل طیارہ بے قابو، پائلٹ کے چلانے کی آڈیو نے سنسنی پھیلا دی

    نیویارک سے پیرس جانے والا ایئر فرانس کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کی مدد کے بغیر طیارے کو بحفاظت لینڈ کروایا۔

    نیویارک سے پیرس جانے والی ایئر فرانس کی پرواز بوئنگ 777 کے کاک پٹ آڈیو نے سنسنی پیدا کر دی ہے، اس میں طیارے کے پائلٹ کو اسٹاپ، اسٹاپ چیختے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

    فرانس کے بیورو آف انکوائری اینڈ اینالسس فار سول ایوی ایشن سیفٹی (BEA) نے چارلس ڈی گال ہوائی اڈے پر بوئنگ 777 کی لینڈنگ کو سنگین واقعہ قرار دیا ہے۔ آڈیو کے مطابق ایئر فرانس کا طیارہ بے قابو تھا اور غلط سمت میں گھومتا دکھائی دیا، دوسری کوشش میں طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا تھا۔

    ایئر لائن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔

    آڈیو کے مطابق پرواز اے ایف 011 کے پائلٹ نے پیرس میں طیارے کی لینڈنگ کے دوران کچھ دیر کے لیے کنٹرول کھو دیا، اس دوران پائلٹ نے کئی بار وارننگ دی اور وہ چیخنے بھی لگے تھے۔

    پائلٹ نے سنگین خطرے کی صورت میں صورتحال پر قابو پانے کی پوری کوشش کی اور تقریباً 1200 فٹ یا 370 میٹر کی کم اونچائی تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔

    ایئر فرانس کا کہنا ہے کہ پائلٹس نے جان بوجھ کر لینڈنگ کا ارادہ تبدیل کیا، اور مکمل موڑ لینے کے بعد، انہوں نے دوسری کوشش میں طیارے کو بحفاظت اتار لیا۔

    بے قابو طیارے کے کاک پٹ اور کنٹرول ٹاور کے درمیان ہونے والی بات چیت بھی اہم خیال کی جارہی ہے جس میں پائلٹ کی تناؤ زدہ آواز سنی جا سکتی ہے۔

    پائلٹ کنٹرول ٹاور کو بتاتا ہے کہ طیارے میں تکنیکی خرابی محسوس ہورہی ہے، کنٹرول ٹاور خاموش رہتا ہے۔ پائلٹ ایک بار پھر کہتا ہے کہ ہم ریڈار کی رہنمائی میں لینڈ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    اس پر ٹاور کہتا ہے کہ لگتا ہے آپ کا طیارہ بھٹک گیا ہے۔ اس کے بعد پائلٹ طیارے کو لینڈ کرنے کی پہلی کوشش چھوڑ دیتا ہے اور ایئرپورٹ کا چکر لگاتا ہے، اس کے بعد پائلٹ نے دوسری کوشش کی اور خوش قسمتی سے طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا۔

  • لاہور ایئرپورٹ: طیارہ بال بال حادثے سے بچ گیا

    لاہور ایئرپورٹ: طیارہ بال بال حادثے سے بچ گیا

    لاہور: انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت کارروائی سے غیر ملکی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کوگو راؤنڈ کرنے کے بعد بحفاظت اتار لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ٹریفک کنٹرول کی بروقت کارروائی سے طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر کی بروقت نشان دہی اور کپتان کو رہنمائی فراہم کرنے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا، بحرین سے لاہور پہنچنے والی گلف ایئر کی پرواز جی ایف 764 زیر تعمیر رن وے 18 Left پر اترنے کے لیے اپروچ پر تھا، تاہم رن وے 18 مرمتی کام کی وجہ سے بند تھا۔

    اپروچ اور ٹاور پر تعینات ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کپتان کو لینڈنگ کرنے سے فوری طور پر روکا، تاہم اس وقت طیارہ زمین سے 200 فٹ سے بھی کم بلندی پر تھا، اچانک ایئر ٹریفک کنٹرولر نے دیکھتے ہوئے فوری طور پر کپتان سے رابطہ کیا اور کپتان کو رہنمائی فراہم کی، گو راؤنڈ کی ہدایت پر کپتان طیارے کو واپس بلندی پر لے گیا۔

    ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر کپتان نے طیارے کو گو راؤنڈ کرنے کے بعد رن وے نمبر 18 Right پر بحفاظت اتار لیا۔

    ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 18 مارچ کو پیش آیا تھا، ایئر پورٹ منیجر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا، ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو حادثے سے بچایا۔